Tag: مال گاڑی

  • پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    پڈعیدن: صوبہ سندھ کے علاقے پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، ریلوے کا اپ اورڈاؤن ٹریک بلاک، ٹرینوں کومختلف اسٹیشنزپرروک لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے پڈعیدن کے قریب مال گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث کراچی سے لاہور جانے والی متاثرہ ٹرین کے کنٹینرز الٹ گئے۔

    پڈعیدن میں ابراہیم شاہ کے مقام پر مال گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے بعد کراچی سے لاہور اور پشاور جانے اور وہاں سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا ہے۔

    متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے کوٹری سے امدادی ٹرین طلب کرلی گئی ہے جبکہ اپ اور ڈاؤن ٹریک بند کردیے گئے ہیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق گرین لائن ایکسپریس کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پر جبکہ خیبرمیل کو باندھی ریلوے اسٹیشن پرروک لیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ملت ایکسپریس کو رانی ریلوے اسٹیشن اور کراچی سے سکھر آنے والی سکھر ایکسپریس کو نواب شاہ میں روک لیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 6 مارچ کو سکھر اسٹیشن کے قریب گڈانی پھاٹک پرسلیپر سے بھری ہوئی مال گاڑی کے دو ڈبے پٹڑی سے اتر گئے تھے، مال گاڑی سکھر سے روہڑی جا رہی تھی۔

  • سکھر: مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اترگئی، ٹریک مکمل بلاک

    سکھر: مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اترگئی، ٹریک مکمل بلاک

    سکھر: روہڑی اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اتر گئی جس کے باعث ٹریک مکمل طور پر بلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق روہڑی اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اترنے کے نتیجے میں کراچی سے لاہور جانے والا اپ ٹریک مکمل بلاک ہے۔

    ریلوے ٹریک بند ہونے کی وجہ سے ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے مرمتی کام جاری ہے، جلد ٹریک بحال کردیا جائے گا۔

    حادثے کے بعد گرین لائن، فرید ایکسپریس اور خیبرمیل ٹرین کو مختلف اسٹیشنز پر روکا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل مئی 2016 میں حیدرآباد سے کراچی آنے والی مال گاڑی پٹری سے اترگئی تھی۔

    حیدرآباد میں مال گاڑی کے 5 ڈبے پٹری سے اتر گئے

    حیدرآباد سے کراچی جانے والی مال گاڑی کے 5 ڈبوں کے پٹری سے اترجانے کی وجہ سے حیدر آباد ڈاؤن ٹریک پر ریل کی آمدو رفت معطل ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ جون 2016 میں گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی میں مال گاڑی ریلوے ٹریک سے اترگئی تھی جس کے سبب ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ ملک میں مال گاڑی سمیت مسافر ٹرین بھی متعدد بار حادثات کا شکار ہوچکی ہے جس کے باعث کئی جانوں کا ضیاع ہوا۔

  • ملک بھرمیں آج ٹرینیں وقت پرنہیں پہنچیں گیں

    ملک بھرمیں آج ٹرینیں وقت پرنہیں پہنچیں گیں

    لاہور: ملک بھر میں ٹرینیں آج اپنے مقررہ وقت پرنہیں پہنچیں گیں جس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے مسافروں کو آدھا کرایہ واپس کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے رحیم یار خان کے قریب مال گاڑی کے پٹڑی سے اترنے کے بعد ریلیف آپریشن میں غیر معمولی تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے ہیڈ کواٹرز میں اجلاس طلب کیا۔

    اجلاس میں سکھر ڈویژن میں مال گاڑی کے حادثے کے بعد ریلیف آپریشن میں غیرمعمولی تاخیر پربات ہوئی، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسافرہمارے مہمان ہیں۔

    وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بارہ گھنٹے یا اس سے زیادہ تاخیر کا شکار ہونے والی ٹرینوں کے مسافر اپنی منزل پر پہنچ کرریلوے بکنگ آفس میں اپنے ٹکٹ دکھا کر آدھا کرایہ وصول کرسکتے ہیں۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ رحیم یارخان میں مال گاڑی کوحادثےکے باعث کراچی سے جانے اورآنے والی تمام ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر نہیں چل سکتیں، لہذا عوام کو تمام ٹرینوں کا وقت الیکٹرونک میڈیا سے دیا جا رہا ہے۔


    کالاشاہ کاکوکےقریب ٹرین کی تین بوگیاں پٹڑی سےاترگئیں


    خیال رہے کہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو شیخوپورہ کے علاقے کالاشاہ کاکو کے قریب مسافرٹرین کی تین بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں تھیں، تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مال گاڑی کی مسافربس کوٹکر،4افراد جاں بحق

    مال گاڑی کی مسافربس کوٹکر،4افراد جاں بحق

    پتوکی: صوبہ پنجاب کے شہر قصور کے نواح میں مال گاڑی کی مسافر بس کو ٹکر کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق اور 15 سے زائدافراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قصور کے نواح میں حادثہ پھاٹک کھلاہونےکی وجہ سے اس وقت پیش آیا جب مسافر بس پتوکی لنڈاپھاٹک پر ٹریک کے بیچ میں آگئی اور لاہور سے کراچی جانے والی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔

    حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4افرادجان کی بازی ہار گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 19 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ملتان: مسافر ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ملتان میں بچھ ریلوے اسٹیشن پر مسافر ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

    وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے اور میتیں منتقل کرنے کے انتظامات کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے بھی ملتان ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • ملتان: مسافر ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق

    ملتان: مسافر ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق

    ملتان: ملتان میں بچھ ریلوے اسٹیشن پر مسافر ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار ٹرین پشاور سے کراچی جارہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سے چلنے والی عوام ایکسپریس رات گئے ملتان کے قریب بچھ ریلوے اسٹیشن پر مین لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے باعث مسافر ٹرین کا انجن مال گاڑی پر چڑھ گیا۔ عوام ایکسپریس کی مسافروں سے بھری 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ مال گاڑی کے ڈبے بھی ٹریک سے نیچے اترے۔

    حادثے کے بعد اندھیرے کی وجہ سے امدادی کام تاخیر کا شکار ہوگیا جس کے باعث سینکڑوں مسافر بوگیوں میں پھنس گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے بوگیاں کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور نشتر اسپتال منتقل کیا۔ پاک فوج کے افسران اور اہلکار بھی امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے بھی بچھ ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئے۔

    Train-Post

    ڈی سی اوملتان کے مطابق مال گاڑی کو خلاف شیڈول روکنا حادثے کی وجہ بنا جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

    حادثے کے بعد ملتان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ نشتر اسپتال انتظامیہ نے زخمی اور جاں بحق افراد کی لسٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی۔

    دوسری جانب ریلوے اسٹیشن پر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق ٹریک کو 6 سے 8 گھنٹے میں آمد و روفت کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے اور میتیں منتقل کرنے کے انتظامات کی ہدایت کردی۔

    انہوں نے حادثے کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی جس کا سربراہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر ریلوے محمد ارشد کو مقرر کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے بھی ملتان ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہمکرنے کی ہدایت کی۔

  • مال گاڑی کی زد میں آکر دو افراد جاں بحق دس زخمی

    مال گاڑی کی زد میں آکر دو افراد جاں بحق دس زخمی

    شیخوپورہ : مال گاڑی کی بوگی شیخوپورہ میںریلوے لائن کراس کرنے والے شہریوں پر چڑھ گئی، دو افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہو گئے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے کوئلہ لے کر لاہورآنے والی مال گاڑی شیخوپورہ کے علاقہ فاروق آباد کے قریب پہنچی توفنی خرابی کے باعث مال گاڑی کی ایک بوگی مال گاڑی سے الگ ہو گئی۔

    مال گا ڑی ریلوے پھاٹک سے گزری تو گیٹ کیپر نے پھاٹک کھول دیا اس غفلت کے باعث بوگی پیچھے سے آئی اور ریلوے لائن کراس کرنے والے تانگہ اور موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ گئی بوگی کی زد میں آکر دو افراد جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہو گئے ۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹوکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فاروق آباد اور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت  تشویشناک ہے۔

  • رن پٹھانی: دو ٹرینوں میں تصادم، اسسٹنٹ ڈرائیورجاں بحق

    رن پٹھانی: دو ٹرینوں میں تصادم، اسسٹنٹ ڈرائیورجاں بحق

    کراچی: رن پٹھانی کے مقام پر خوفناک ٹرین حادثہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی بزنس ٹرین رن پٹھانی کے مقام پر مین لائن پر کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی ، جس کے نتیجے میں ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق ہو گیا ۔

    کراچی سے بروقت روانہ ہونے والی بزنس ٹرین نے ابھی سفر شروع کیا ہی تھا کہ اسے حادثہ پیش آگیا،کراچی چھاؤنی جنکشن سے روانہ ہونے والی بزنس ٹرین کو تمام سگنل کھلے ملتے گئے اور اس نے اسپیڈ پکڑ لی لیکن کسے خبر تھی کہ رن پٹھانی پر سگنل کی منتظر مال گاڑی اس کا راستہ روک لے گی ۔

    بزنس ٹرین کے ڈرائیور نے مال گاڑی دیکھ کر ٹرین کو روکنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا اور بزنس ٹرین سامنے کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی،جی ایم ریلویز کا کہنا ہے کہ ٹرین کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ، لیکن خوش قسمتی سے کسی مسافر کی جان ضائع نہیں ہوئی.

    انکا کہنا تھا کہ دونوں ٹرینوں کے ایک ٹریک پرآنے کی تحقیقات شرو ع کر دی گئی ہیں ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹرین رن پٹھانی روانہ کر دی گئی ، جبکہ ٹرین کے مسافروں کو کراچی اور حیدر آباد روانہ کر دیا گیا۔

    حادثےکےباعث کراچی سےاندرون ملک ٹرینوں کی آمدودرفت معطل ہو گئی اور قراقرم ایکسپریس کوبن قاسم ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا ، جبکہ کراچی سے روانہ ہونے والی ،ملت ایکسپریس ۔کراچی ایکسپریس ،شالیمار،تیزگام اورنائٹ کوچ کی کینٹ اسٹیشن سے روانگی موخر کر دی گئی ۔

    وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثہ کی رپورٹ چوبیس گھنٹے میں طلب کر لی ہے۔