مانسہرہ: آسمانی بجلی اورسیلابی ریلے میں ایک ہی خاندان کے 20 افراد ملبے تلے دب کرجاں بحق ہوگئے ، جس میں سے 17 لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دور افتادہ پہاڑی علاقے ہلکوٹ ڈھیری، حلیم نیل بند میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلے نے قیامت ڈھا دی۔
واقعے میں ایک ہی خاندان کے 20 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 7 خواتین، 3 بچے اور 10 مرد شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے اب تک 17 لاشیں ملبے تلے سے نکال لی ہیں جبکہ 2 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے تاہم مزید لاشوں کی تلاش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف حادثہ کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ نقصانات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متاثرہ خاندان کے واحد زندہ بچ جانے والے شخص جانس محمد سے ملاقات کی، جس کی بیوی اور پانچ بچے بھی حادثے میں جاں بحق ہوئے۔
سردار محمد یوسف نے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات انسان کے بس کی بات نہیں ہوتیں، تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20،20 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ انہوں نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور این ڈی ایم اے چیئرمین سے رابطہ کیا ہے اور ریسکیو و ریلیف ٹیموں کو فوری روانہ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رابطہ سڑکوں کی بحالی اور ریلیف آپریشن میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مقامی افراد کے کردار کو سراہا جنہوں نے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر لاشوں کی تلاش اور متاثرین کی مدد میں بھرپور تعاون کیا۔