Tag: ماڈل تھانہ

  • شاہراہ فیصل تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کا فیصلہ، ماہر آرکیٹیکٹ کو بلوا لیا گیا

    شاہراہ فیصل تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کا فیصلہ، ماہر آرکیٹیکٹ کو بلوا لیا گیا

    کراچی: ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا نے شاہراہ فیصل تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے ایک ماہر آرکیٹیکٹ کو تھانے بلوایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے شاہراہ فیصل پر قائم تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے عرصے میں تھانے کی شکل تبدیل کر دی جائے گی۔

    ترجمان ایسٹ ڈسٹرکٹ کے مطابق تھانے کی ابتر صورت حال کو بدلنے کے لیے ایک خاتون آرکیٹیکٹ کو تھانے بلوایا گیا، آرکیٹکیٹ نے ایس ایس پی اور ایس پی کے ہمراہ عمارت کا جائزہ لیا، اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ رضا نے آرکیٹیکٹ کو مکمل بریفنگ دی، اور تھانے کو جاذب نظر اور ماڈل بنانے کے لیے مشاورت کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ آرکیٹیکٹ نے گراؤنڈ سے پہلی منزل تک تمام کمرے دیکھے، جدل ہی اب تھانے کی تزئین و آرائش کا کام شروع کر دیا جائے گا، ابتدائی کام شروع کے پانچ دن میں مکمل کیا جائے گا، جب کہ کوشش ہوگی کہ ایک ماہ میں تھانے کی شکل تبدیل ہو جائے، اور سائلین کو تھانے میں اچھا ماحول فراہم ہو۔

    ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی عمارت پرانی اور بڑی ہے، تھانے کی دیوار کے ساتھ بھی کیس پراپرٹی موجود ہے، جب کہ اندر کی جانب بھی کاریں اور موٹر سائیکلیں موجود ہیں۔ تھانے کی اہمیت کا اس سے بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ روزانہ لاکھوں شہری شاہراہ فیصل پر سفر کرتے ہیں۔

  • پنجاب میں تھانہ کلچر بدلنے کا بڑا آغاز، پہلا جدید پولیس اسٹیشن قائم

    پنجاب میں تھانہ کلچر بدلنے کا بڑا آغاز، پہلا جدید پولیس اسٹیشن قائم

    اسلام آباد: پنجاب پولیس میں اصلاحات کی جانب اہم قدم کے طور پر سیالکوٹ میں پاکستان کا پہلا سرٹیفائیڈ پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب میں تھانہ کلچر بدلنے کا بڑا آغاز ہو گیا ہے، پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پہلا جدید پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار نے اس سلسلے میں ایک ماڈل پولیس اسٹیشن کی ویڈیو جاری کر دی، اس پولیس اسٹیشن میں جدید انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے، تھانے میں بینک کی طرز پر خصوصی کاؤنٹرز اور دیگر سہولتیں بھی موجود ہیں۔

    ایس ایچ او کا دفتر

    عثمان ڈار نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا یہ پاکستان کا پہلا پولیس اسٹیشن ہے جسے آئی ایس او 9001 سرٹیفکیٹ ملا ہے، پولیس کا نظام عالمی معیار کے مطابق بدلنے کا ہمار خواب اب حقیقت بنے گا۔

    ان کا کہنا تھا پنجاب میں تھانہ کلچر بدلنے کا با ضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، ماڈل پولیس اسٹیشنز کا دائرہ کار صوبے بھر میں پھیلایا جائے گا، پولیس اسٹیشن میں شہریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی گئی ہے، شہریوں کو دعوت دیتا ہوں کہ خود اس مثبت تبدیلی کا مشاہدہ کریں۔

    معاون خصوصی کے مطابق ماڈل تھانے میں ’’ڈسپیوٹ ریزولوشن‘‘ کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، سیالکوٹ کے باقی 8 پولیس اسٹیشنز کو بھی ماڈل تھانوں میں بدلا جائے گا۔ عثمان ڈار نے خصوصی تعاون پر ڈی پی او سیالکوٹ اور ان کی ٹیم کو مبارک باد بھی دی۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ ایف آئی آر اندراج سے تفتیش مکمل ہونے تک سب کچھ ریکارڈ ہوگا، پولیس تشدد سے ملزمان کی ہلاکت کے واقعات میں کمی آئے گی، پولیس انٹرنیشنل ایس او پیز کے تحت تفتیش کا طریقہ کار اپنائے گی، سائلین اور پولیس افسران کی تھانے میں نقل و حرکت کا ویڈیو ریکارڈ ہوگا۔