Tag: ماڈل قندیل بلوچ

  • ماڈل قندیل بلوچ کو قتل کرنے والا ملزم بری

    ماڈل قندیل بلوچ کو قتل کرنے والا ملزم بری

    ملتان : ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کے مرکزی ملزم بھائی  وسیم کو بری کردیا گیا ، عدالت نے ملزم وسیم کو عمرقید کی سزا سنائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں مرکزی ملزم کی والدہ نے عدالت میں راضی نامہ جمع کرایا۔

    جس پر لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم بھائی وسیم کو بری کردیا۔

    یاد رہے 27 ستمبر کو ملتان کی عدالت نے اداکارہ قندیل بلوچ قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم اورمقتولہ کے بھائی وسیم کو عمرقید کی سزا سنائی تھی جبکہ مفتی عبدالقوی سمیت چارملزمان کوعدم ثبوت کی بناپربری کر دیا تھا۔

    خیال رہے قندیل بلوچ قتل کیس میں والد عظیم بلوچ نے اپنے دونوں سگے بیٹوں مرکزی ملزمان وسیم اور اسلم شاہین کو معاف کرکے عدالت میں معافی کا بیان حلفی جمع کرایا تھا لیکن عدالت نے والدین کی بیٹوں کو معاف کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل کیس کا فیصلہ گواہوں کی شہادتوں کے بعد کیا جائے گا۔

    واضح رہے معروف ماڈل اور ممتاز شوبز شخصیت قندیل بلوچ کو اُن کے گھر واقع ملتان میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔

    قندیل بلوچ اپنے والدین سے ملنے گھر آئی ہوئیں تھیں کہ رات سوتے ہوئے اُن کے بھائی نے وسیم نے گلا دبا کر قندیل بلوچ کو ہلاک کرکے گاؤں فرار ہو گیا، جہاں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • قندیل بلوچ قتل کیس میں والدین کی بیٹوں کو معاف کرنے کی درخواست مسترد

    قندیل بلوچ قتل کیس میں والدین کی بیٹوں کو معاف کرنے کی درخواست مسترد

    ملتان: قندیل بلوچ قتل کیس میں عدالت نے والدین کی بیٹوں کو معاف کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 اگست تک کے لیے ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت میں سماعت کے دوران قندیل بلوچ کے والدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بیٹی قندیل بلوچ کے قتل کیس میں صرف اپنے بیٹوں کو معاف کیا ہے جبکہ باقی ملزمان کو معافی نہیں دی ہے۔

    عدالت نے والدین کی بیٹوں کو معاف کرنے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی، عدالت کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل کیس کا فیصلہ گواہوں کی شہادتوں کے بعد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ قندیل بلوچ قتل کیس میں گزشتہ روز اس وقت نیا موڑ سامنے آیا تھا جب قندیل کے والدین نے اپنے بیٹوں کو معاف کرنے کا بیان حلفی عدالت میں جمع کروایا تھا۔

    قتل کیس میں قندیل کے والد عظیم بلوچ نے اپنے دونوں سگے بیٹوں مرکزی ملزمان وسیم اور اسلم شاہین کو معاف کرکے عدالت میں معافی کا بیان حلفی جمع کرایا اور عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ ان کے بیٹوں کو باعزت بری کردے۔

    عدالت میں جمع کرایے گئے بیان حلفی کے مطابق قندیل بلوچ کے قتل میں غیرت کی کہانی بنائی گئی تھی جو حقائق کے منافی ہے۔

    قندیل کے والد کا بیان حلفی میں کہنا تھا کہ بیٹی کے قتل کا مقدمہ 16 جولائی 2016 کو درج ہوا جبکہ غیرت کے نام پر قتل کے قانون میں ترمیم 22 اکتوبر 2016 میں ہوئی، غیرت کے نام پر قتل کے قانون 311 میں ترمیم بعد میں ہوئی ہے لہٰذا اس کیس پر نئے قانون کا اطلاق نہیں ہوتا ضابطہ فوجداری کے زیر دفعہ 345 کے تحت ملزمان کو بری کیا جائے۔

    یاد رہے کہ جب قندیل بلوچ کو تین سال قبل قتل کیا گیا تھا تو اس وقت مقتولہ کے والد اور مقدمے کے مدعی محمد عظیم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ قطعی طور پر ملزمان کو معاف نہیں کریں گے۔