Tag: ماڈل کورٹ

  • کچہری سے قیدیوں کا فرار: 11 قیدی فرار ہوئے، قتل میں ملوث 2 دوبارہ گرفتار

    کچہری سے قیدیوں کا فرار: 11 قیدی فرار ہوئے، قتل میں ملوث 2 دوبارہ گرفتار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماڈل ٹاؤن کچہری سے قیدیوں کے فرار کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت احکامات جاری کیے ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق 11 قیدی فرار ہوئے جن میں سے 2 کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماڈل ٹاؤن کچہری سے قیدیوں کے فرار کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے قیدیوں کے فرار کے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ فرار ہونے والے قیدیوں کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے تادیبی کارروائی کی جائے۔

    ابتدائی رپورٹ تیار

    واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے جو وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی گئی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کوٹ لکھپت جیل سے 90 اور کیمپ جیل سے 76 ملزمان کو ماڈل ٹاؤن کچہری لایا گیا۔ کوٹ لکھپت سے لائے گئے ملزمان میں سے 3 اور کیمپ جیل سے لائے گئے ملزمان میں سے 8 فرار ہوئے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے بخشی خانے میں ہنگامہ آرائی کی اور بخشی خانے کی اینٹیں اکھاڑ کر پولیس پر حملہ کیا۔ بعد ازاں ملزمان بخشی خانے کا دروازہ توڑ کر فرار ہوگئے۔

    آئی جی پنجاب کا سخت ایکشن کا حکم

    دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) جی پنجاب راؤ سردار نے واقعے پر سخت ایکشن کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    آئی جی پنجاب نے ڈیوٹی پر معمور ذمہ داران کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دیا ہے، آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دوران ڈیوٹی غفلت پر کوئی بھی رعایت کا مستحق نہیں۔

    انہوں نے فرار ہونے والے قیدیوں کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے۔

    فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی جاچکی ہیں، ترجمان آپریشنز ونگ کا کہنا ہے کہ قتل اور سنگین جرائم میں ملوث 2 ملزمان کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج دوپہر میں لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں مختلف مقدمات میں جیل سے قیدیوں کو پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔

    قیدیوں کو بخشی خانے میں بند کرنے کے بعد سیکیورٹی اہلکار پیشیوں پر عدالتوں میں حاضر ہوئے تو سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیدیوں نے بخشی خانے کا دروازہ توڑا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔

    ہنگامہ آرائی کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری کی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور فرار نہ ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ بخشی خانے میں بند کیا۔

  • ملک بھر کی ماڈل کورٹس میں کیسز کی تعداد صفر ہوگئی

    ملک بھر کی ماڈل کورٹس میں کیسز کی تعداد صفر ہوگئی

    اسلام آباد: ملک بھر کی ماڈل کورٹس میں کیسز کی تعداد صفر تک جا پہنچی، ماڈل کورٹس میں 18 مجرمان کو سزائے موت اور 40 مجرمان کو عمر قید کی سزا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل کورٹس کی کارکردگی کی 15 روزہ رپورٹ جاری کردی گئی، رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع کی ماڈل کورٹس میں کیسز کی تعداد صفر تک جا پہنچی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ قتل کے مقدمات 7 اضلاع میں ختم ہوچکے، ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹس نے قتل کے 158 مقدمات جبکہ منشیات کے 535 مقدمات کے فیصلے کیے۔

    صوبہ پنجاب میں قتل کے 65 اور منشیات کے 153 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ میں قتل کے 47 اور منشیات کے 196 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں قتل کے 45 اور منشیات کے 177 مقدمات جبکہ بلوچستان میں قتل کے ایک اور منشیات کے 9 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق 18 مجرمان کو سزائے موت اور 40 مجرمان کو عمر قید کی سزا دی گئی۔

  • بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو سزائے موت سنا دی گئی

    بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو سزائے موت سنا دی گئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو عدالت نے سزائے موت سنا دی، عدالت نے 5 لاکھ روپے دیت کی رقم مقتولہ کے لواحقین کے حوالے کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ماڈل کورٹ میں شوہر کے ہاتھوں 55 سالہ بیوی کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

    ملزم جبار پر اپنی 55 سالہ بیوی کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہوگیا جس کے بعد عدالت نے ملزم عبد الجبار کو بیوی کو قتل کرنے پر پھانسی کی سزا سنا دی گئی۔

    عدالت نے ملزم کو اسلحہ رکھنے کے جرم میں 10 سال مزید سزا کا حکم بھی دیا جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران عطا سومرو نے ملزم پر 5 لاکھ جرمانہ عائد کیا ہے۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ 5 لاکھ کی رقم دیت کی صورت میں مقتولہ کے لواحقین کو دی جائے۔