Tag: ماڈل

  • معروف ماڈل آمنہ الیاس رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں

    معروف ماڈل آمنہ الیاس رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں

    کراچی: معروف ماڈل آمنہ الیاس رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں، انہوں نے معروف تھیٹر ڈائریکٹر داور محمود کو اپنا جیون ساتھی چن لیا۔

    آمنہ الیاس نے کچھ عرصہ قبل معروف میزبان عامر لیاقت کے پروگرام میں بتایا تھا کہ وہ جلد شادی کرنے والی ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کی زندگی کا ساتھی کون ہوگا۔

    اب ان کے معروف تھیٹر ڈائریکٹر داور محمود سے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی خبر سامنے آئی ہے، شادی کی تقریب نہایت سادہ اور خفیہ رکھی گئی جس میں معروف ادیب و افسانہ نگار انور مقصود نے شرکت کی۔

    تاحال دونوں کی جانب سے شادی کی باقاعدہ تصاویر جاری نہیں کی گئیں۔

    داور محمود نہ صرف ہدایتکار ہیں بلکہ کاپی کیٹ پروڈکشنز کے مالک بھی ہیں جہاں سے اکثر و بیشتر انور مقصود کے لکھے ہوئے ڈرامے پیش کیے جاتے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    When you’re flirting with the pretty lady and the fat man interrupts!!!

    A post shared by Dawar Mehmood (@dawar.mehmood) on

    آمنہ الیاس نے 17 برس کی عمر سے ماڈلنگ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور سنہ 2013 میں انہوں نے اداکاری کے شعبے میں بھی قدم رکھ دیا۔

    وہ اب تک کئی فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں سات دن محبت ان اور معروف فلمسٹار میرا کے ساتھ باجی فلم بھی شامل ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    Outfit @ninelines9 @9solutionspk MUA @shaziarashidmakeupartist #diamond #suits

    A post shared by Amna Ilyas (illy) (@aamnailyas) on

    نوبیاہتا جوڑے کی جلد ایک اسٹیج پیشکش بھی سامنے آنے والی ہے، سنہ 1982 میں پی ٹی وی سے نشر کیے جانے والے حسینہ معین کے مشہور ڈرامے ان کہی سے ماخوذ تھیٹر پلے رواں برس اکتوبر میں پیش کیا جائے گا۔

    پلے کی ہدایات داور محمود نے دی ہیں جبکہ آمنہ اس میں اہم کردار ادا کریں گی۔

  • کرونا وائرس کا خوف: معروف اداکارہ جہاز میں سوار ہونے کے بعد صفائی کرنے لگیں

    کرونا وائرس کا خوف: معروف اداکارہ جہاز میں سوار ہونے کے بعد صفائی کرنے لگیں

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کو اپنے خوف میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں ماڈلز اور اداکار بھی اس سے بچنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ سپر ماڈل اور اداکارہ نومی کیمبل بھی ایسے ہی کچھ اقدامات کرتی نظر آئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نومی نے اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ ایئرپورٹ جاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ نومی نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے مکمل حفاظتی لباس، گاگلز اور دستانے پہن رکھے ہیں۔

    بعد ازاں انہوں نے یوٹیوب پر اپنی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے دوران سفر اپنے معمولات کے بارے میں بتایا۔

    ویڈیو میں نومی جہاز میں سوار ہونے کے بعد اپنی سیٹ کو مکمل طور پر سینی ٹائزڈ وائپس سے صاف کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    وہ بیٹھنے کی جگہ، سائیڈ ٹرے، ٹچ اسکرین، ریموٹ، کھانے کی ٹرے غرض ہر وہ شے جسے وہ دوران سفر چھو سکتی ہیں وائپس سے صاف کرتی ہیں۔

    ویڈیو میں وہ بتا رہی ہیں کہ وہ ہر سفر میں ایسے ہی کرتی ہیں، ’مجھے کوئی پروا نہیں کہ لوگ مجھے یہ سب کرتے دیکھ کر کیا سوچتے ہوں گے۔ یہ میری صحت ہے اور میں یہ سب اپنی بہتری کے لیے کرتی ہوں‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چاہے آپ اپنے ذاتی طیارے میں سفر کریں یا کمرشل طیارے میں، آپ کہیں پر بھی بیمار ہوسکتے ہیں۔

  • معروف ماڈل آمنہ بابر کے گھر بیٹی کی پیدائش

    معروف ماڈل آمنہ بابر کے گھر بیٹی کی پیدائش

    معروف ماڈل آمنہ بابر کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، آمنہ رواں برس فروری میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

    26 سالہ ماڈل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی کی پیدائش کے بارے میں بتایا۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ بیٹی کا نام ناز آفرین رکھا گیا ہے۔

    آمنہ نے اپنی اور بچی کی خیریت کی اطلاع بھی دی جبکہ انہوں نے جلد ہی بیٹی کی تصویر جاری کرنے کا عندیہ بھی دیا۔

    آمنہ کی پوسٹ کے بعد انڈسٹری کے دیگر افراد اور مداحوں کی جانب سے انہیں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کا جوڑے نے جواب بھی دیا۔

    خیال رہے کہ آمنہ بابر نے سنہ 2010 میں ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا۔ ماڈلنگ میں اپنا نام بنانے اور کئی ایوارڈز جیتنے کے بعد رواں برس فروری میں انہوں نے اچانک شادی کرلی۔

     

    View this post on Instagram

     

    Love,laughter and happily ever after. 👰🏻🤵#Married

    A post shared by Amna Babar (@amnababer) on

    فی الوقت آمنہ شوبز انڈسٹری سے دور ہیں اور اپنی گھریلو مصروفیات میں مشغول ہیں۔

  • مہاجر کیمپ میں پیدا ہونے والی مسلمان ماڈل ووگ کے سرورق پر جلوہ گر

    مہاجر کیمپ میں پیدا ہونے والی مسلمان ماڈل ووگ کے سرورق پر جلوہ گر

    افریقہ کے مہاجر کیمپ میں پیدا ہونے والی حلیمہ عالمی فیشن میگزین ووگ کے سرورق کی زینت بن گئیں، وہ ووگ کے سرورق پر جلوہ گر چند باحجاب ماڈلز میں سے ایک ہیں۔

    حلیمہ عدن کینیا کے ایک مہاجر کیمپ میں پیدا ہوئیں، ان کے خاندان کا تعلق صومالیہ سے تھا جو سنہ 1992 میں ملک میں ہونے والی خانہ جنگی کے دوران اس وقت ہجرت پر مجبور ہوا جب فسادات کے دوران ان کا گھر جلا دیا گیا۔

    حلیمہ اسی پناہ گزین کیمپ بستی میں پلی بڑھیں جہاں 2 لاکھ کے قریب افراد کیمپوں میں رہائش پذیر تھے۔

    حلیمہ کے بچپن میں ہی اس کے والدین کسی طرح امریکا میں داخل ہوگئے اور امریکی ریاست منی سوٹا میں اپنا ٹھکانہ تلاش کرلیا۔ یہاں سے حلیمہ نے اپنی شناخت کا سفر شروع کیا اور سنہ 2016 میں وہ مس منی سوٹا مقابلے کی پہلی امیدوار بنیں جس نے حجاب اور برکنی کے ساتھ تمام ایونٹس میں حصہ لیا۔

    بعد ازاں حلیمہ نے ماڈلنگ شروع کردی، ماڈلنگ کے دوران بھی انہوں نے اپنی شناخت یعنی حجاب نہیں چھوڑا اور جلد ہی وہ اپنی منفرد پہچان بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔

    وہ بتاتی ہیں کہ جب 2016 میں انہوں نے پہلی بار برکنی کے ساتھ مقابلہ حسن کے لیے ریمپ پر واک کی تو امریکیوں کو تو اعتراض ہوا ہی، لیکن ان کی اپنی افریقی کمیونٹی نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا جن کا کہنا تھا کہ مسلمان لڑکیوں کو ماڈلنگ نہیں کرنی چاہیئے۔

    لیکن حلیمہ اپنی دھن کی پکی نکلیں، وہ تنقید کو ذرا بھی خاطر میں نہ لائیں اور اپنا سفر جاری رکھا۔ آج وہ دنیا بھر میں مختلف فیشن شوز میں حجاب کے ساتھ ماڈلنگ کرتی ہیں۔

    حلیمہ کہتی ہیں کہ انہیں دوہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ایک تو وہ سیاہ فام تھیں، پھر مسلمان بھی تھیں۔ ’لیکن میں اپنی ہم عمر لڑکیوں کے لیے ایک مثال بننا چاہتی تھی کہ وہ کچھ بھی کرسکتی ہیں‘۔

    وہ بتاتی ہیں کہ مہاجر کیمپ میں رہتے ہوئے وہ زندگی کی ناپائیداری کو کسی دوسرے انسان کی نسبت زیادہ سمجھ سکتی ہیں، ’آپ سے کبھی بھی کچھ بھی چھن سکتا ہے، آپ کا گھر، آپ کے پیارے یا آپ کی کوئی بھی عزیز شے۔ صرف وہی آپ کے ساتھ رہے گا جو آپ نے سیکھا اور سمجھا‘۔

    حلیمہ کہتی ہیں کہ کینیا کا یہ مہاجر کیمپ ان کا فخر ہے، کیونکہ آج وہ جو بھی ہیں اسی کیمپ کی وجہ سے ہیں۔

    وہ لوگوں کو پیغام دیتی ہیں، ’یہ آپ کی ذمہ داری ہے اور پہلی ترجیح ہونی چاہیئے، کہ آپ اپنا بیسٹ ورژن دنیا کے سامنے پیش کریں‘۔

  • کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی اشتہاری قرار، دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

    کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی اشتہاری قرار، دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

    راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیا گیا، ملزمہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت جج ارشدحسین بھٹہ نے کی، سماعت میں ایان علی کے وکیل آفتاب باجوہ، بیرسٹر سرفراز علی اور دونوں ضامن شوکت عباس اور محمد نواز پیش ہوئے۔

    دوران سماعت عدالت کی جانب سے کسٹمز افسران سے حلف لیا گیا۔ عدالت نے دریافت کیا کہ بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا یا نہیں؟ ملزمہ کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے۔

    سماعت میں وکلا اور پراسیکیوٹر سے ملزمہ کے کیس کی تفصیلات اکٹھی کرنے کا آغاز کردیا گیا۔ جج نے ایان علی کے وکیل سے کہا کہ ماڈل ایان علی کو مسلسل طلب کیا جاتا رہا مگر وہ نہیں آئیں، ماڈل نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے۔

    کسٹم انسپکٹر نے عدالت کو بتایا کہ کراچی گیا تو بتایا گیا ماڈل بہت عرصے سے یہاں آئی ہی نہیں۔ عدالت نے کہا کہ تمام گواہ بلائے جائیں تاکہ شہادت قلمبند کی جائے۔

    عدالت نے کہا کہ سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ مجسٹریٹ تعینات کیا جائے، مجسٹریٹ ملزمہ کے فلیٹ کی فروخت روکنے پر متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔

    عدالت نے ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ کرنسی اسمگلنگ کیس کی مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، کسٹم حکام نے جب ان کا سامان چیک کیا تو اس میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالرز برآمد ہوئے تھے۔

    ایان علی کو مقدمہ درج کرنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا، ان کے کیس کی سماعت کسٹم عدالت میں ہوئی اور عبوری چالان میں ملزمہ کو قصور وار قرار دیا گیا۔

    بعد ازاں ایان علی نے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا اور بیرونِ ملک جانے کی اجازت بھی دی تھی۔

  • اداکارہ متھیرا کار ایکسیڈنٹ میں شدید زخمی

    اداکارہ متھیرا کار ایکسیڈنٹ میں شدید زخمی

    دبئی: معروف پاکستانی ماڈل اور وی جے متھیرا دبئی میں کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں، متھیرا اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر پوسٹ کی جانے والی اسٹوریز میں متھیرا نے بتایا کہ وہ اپنی سرخ گاڑی میں دبئی روڈ پر سفر کر رہی تھیں جب ان کی گاڑی کا 2 ٹرکوں سے تصادم ہوا۔

    خوفناک حادثے میں متھیرا نے اپنے محفوظ رہنے پر خدا کا شکر ادا کیا، حادثے کے بعد اداکارہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے میں متھیرا کی دوست سارہ بھی زخمی ہوئی ہیں جن کی حالت اب بہتر ہے۔

    خیال رہے کہ زمبابوے میں پیدا ہونے والی متھیرا ویڈیو جاکی (وی جے) رہ چکی ہیں۔ انہوں نے سنہ 2013 میں دبئی کے ایک بزنس مین سے شادی کرلی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    گزشتہ برس متھیرا نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

  • فواد چوہدری کا لاہورمیں ماڈل انعم کےمبینہ قتل پردکھ اورافسوس کا اظہار

    فواد چوہدری کا لاہورمیں ماڈل انعم کےمبینہ قتل پردکھ اورافسوس کا اظہار

    اسلام آباد : وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے ماڈل انعم تنولی کے مبینہ قتل سے متعلق واقعے کی رپورٹ آئی جی پنجاب پولیس سے طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرفواد چوہدری نے لاہور میں ماڈل انعم تنولی کے مبینہ قتل پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سید امام کلیم سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ ایسے واقعات کوقتل کے بعد خودکشی کا رنگ دیکھنے میں آتا ہے، تفتیش میں تمام پہلو ملحوظ خاطررکھنے چاہئیں۔

    فواد چوہدری نے آئی جی پنجاب پولیس کو فنکاروں کی سیکیورٹی بہترکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آرٹسٹ پاکستانی قوم کا سرمایہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ اپنے فن سے ملکی ثقافت دنیا میں متعارف کراتے ہیں جبکہ اس طرح کے واقعات آرٹسٹ کمیونٹی میں تشویش کا سبب بنتے ہیں۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فنکاروں سے ایسے واقعات کی ترجیحی بنیادوں پرتفتیش ہونی چاہیے۔

    لاہور: ڈیفنس میں 26 سالہ ماڈل گرل کی پھندا لگی لاش برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ماڈل انعم تنولی کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی، متوفیہ دو ماہ قبل اٹلی سے واپس آئی تھی، پولیس قتل اور خود کشی کے پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔

  • ٹاک شو کے دوران ماڈل نے اینکر کی درگت بنا ڈالی، ویڈیو وائرل

    ٹاک شو کے دوران ماڈل نے اینکر کی درگت بنا ڈالی، ویڈیو وائرل

    قاہرہ: ٹی وی ٹاک شوز کے درمیان میزبانوں اور مہمانوں کے درمیان جھگڑے ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے، اسی طرح کا ایک واقعہ حال ہی میں پیش آیا جب مصری ماڈل نے براہ راست پروگرام میں میزبان کی پٹائی کر  ڈالی۔

    تفصیلات کے  مطابق ٹی وی ٹاک شو کی براہ راست کوریج کے دوران بعض اوقات جھگڑے یا دیگر ناخوشگوار واقعات پیش آتے ہیں، اسٹوڈیو ہو یا پھر کسی شاہرہ پر منعقد ہونے والا شو اس طرح کے واقعات کہیں بھی رونما ہوسکتے ہیں۔

    مصر کے نجی ٹیلی ویژن کے شو میں انتظامیہ کی جانب سے ماڈل کو بطور مہمان مدعو کیا گیا، میزبان نے سوالات کا سلسلہ شروع کیا تو انٹرویو خوشگوار ماحول نے جاری رہا مگر جب اینکر نے نجی زندگی سے متعلق سوال کیا تو خاتون یک دم  سیخ پا ہوئیں جس کے بعد دونوں کے  مابین تلخ کلامی شروع ہوئی۔

    تلخ کلامی جاری تھی کہ اچانک خاتون ماڈل نے اپنی نشست سے کھڑے ہوکر اینکر کی درگت بنا ڈالی، حالات اس قدر کشیدہ ہوئے کہ انتظامیہ کو پولیس طلب کرنا پڑی۔

    میزبان کی جانب سے سوالات پوچھنے کے بعد ماڈل نے سخت جواب دیا جس کے بعد دونوں میں تلخ کلامی ہوئی تو انتظامیہ نے شو کے دوران کئی بار نشریات بند کیں تاہم اس سارے واقعے کی فوٹیج فیس بک پر اپ لوڈ کی گئی جسے اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں۔

    ویڈیو دیکھیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارتی ماڈل کا گائے کے ماسک میں فوٹو شوٹ

    بھارتی ماڈل کا گائے کے ماسک میں فوٹو شوٹ

    نئی دہلی: بھارت میں گائیوں کے تحفظ کے لیے تشدد اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اسی رجحان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک بھارتی ماڈل نے گائے کا ماسک پہن کر فوٹو شوٹ کروایا جس پر انتہا پسندوں نے ایک بار پھر ہنگامہ کھڑا کردیا۔

    ایک پروجیکٹ کے تحت یہ تصاویر کھینچنے والافوٹو گرافر سجاتر گھوش اس وقت پورے بھارت کا موضوع گفتگو بن چکا ہے۔ اس کے جرات مندانہ اقدام پر ایک طرف تو اسے سراہا جارہا ہے تو دوسری طرف انتہا پسند اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔

    ان تصاویر کے ذریعے گھوش مودی سرکار سے پوچھ رہا ہے کہ کیا بھارت میں مال مویشی عورت سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں؟

    ایک انٹرویو میں اس نے کہا، ’کسی گائے کے ساتھ برا سلوک ہونے پر لوگ فوراً اس گائے کا بدلہ لینے کے لیے میدان میں اتر آتے ہیں۔ لیکن زیادتی کا شکار کسی عورت کو انصاف کے حصول میں سالوں لگ جاتے ہیں، پھر بھی وہ انصاف پانے میں ناکام رہتی ہے‘۔

    گھوش کی کھینچی گئی یہ تصاویر سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہورہی ہیں۔

    یاد رہے کہ مودی کے برسر اقتدار میں آنے کے بعد بھارت میں گائے کے تحفظ کے نام پر مسلمان دشمنی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ لاتعداد مسلمانوں کو گائے لانے لے جانے یا ذبح کرنے کے شبہ میں بے دردی سے قتل کیا جاچکا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں گائے محفوظ لیکن عورتیں غیر محفوظ ہیں، جیا بچن

    دوسری جانب ملک میں خواتین سے زیادتی اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوچکا ہے اور خود مودی سرکار نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ رونما ہوتا ہے۔

    اس بھیانک مسئلے کی طرف توجہ دلانے کی پاداش میں اب سجاتر گھوش کو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • وہیل چیئر پر بیٹھی ماڈل نے دنیا کو دنگ کردیا

    وہیل چیئر پر بیٹھی ماڈل نے دنیا کو دنگ کردیا

    دنیا بھر میں ماڈلنگ کے رجحانات بدلتے رہتے ہیں، کبھی جسامت اور کبھی رنگت کا تنوع ماڈلنگ کا معیار ہوتا ہے۔ لیکن ماڈلنگ کے لیے ماڈل کو جسمانی طور پر مکمل اور صحت مند ہونا ضروری ہے، البتہ یوکرین کی معذور ماڈل نے اس تصور کو بھی اپنی وہیل چیئر کے پہیوں تلے کچل دیا۔

    یوکرین کے دارالحکومت کیو میں منعقدہ ایک فیشن شو میں الیگزینڈرا کیوٹس نامی اس معذور ماڈل کی کیٹ واک نہ صرف اس کے خواب کی تکمیل ہے، بلکہ دنیا بھر میں معذور افراد کے لیے امید کی ایک روشن کرن بھی ہے۔

    model-4

    model-8

    اس فیشن شو میں الیگزینڈرا کو بانس کے ایک تخت پر رکھ کر لایا گیا جسے 4 افراد نے تھاما ہوا تھا۔ الیگزینڈرا اب دنیا کی وہ پہلی ماڈل بن گئی ہے جس نے جسمانی طور پر معذور ہونے کے باوجود ایک بڑے فیشن شو میں کیٹ واک کی۔

    تئیس سالہ الیگزینڈرا پیدائشی طور پر معذور تھی تاہم جب سے اس پر ماڈلنگ کے شعبہ کو اپنانے کی دھن سوار ہوئی، اسے امید تھی کہ اس کا خواب ضرور پورا ہوگا اور وہ کیٹ واک کرنے میں کامیاب ہوگی۔

    model-3

    البتہ خواب سے تکمیل تک کا سفر آسان نہیں تھا۔ الیگزینڈرا نے لاتعداد ماڈلنگ ایجنسیوں کو خطوط روانہ کر کے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے الیگزینڈرا کے حسن کی تعریف تو کی، تاہم وہ اسے بطور ماڈل پیش کرنے کا رسک لینے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھے۔

    الیگزینڈرا یوکرین کے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہے جہاں اس کے اہل خانہ اسے خصوصی سہولیات دینے سے قاصر تھے۔ اس نے ایک عام اسکول میں تعلیم حاصل کی جہاں اس کے والد یا دادا اسے کاندھوں پر اٹھا کر اس کی کلاس تک چھوڑ کر آتے تھے۔

    model-7

    اس وقت کو یاد کرتے ہوئے وہ کہتی ہے، ’ہاں وہ سب بے حد مشکل تھا، مگر وہ اس لیے مشکل تھا کیونکہ مجھے وہ خصوصی مراعات میسر نہیں تھیں جو کسی بھی ترقی یافتہ ملک میں معذوروں کو دی جاتی ہیں‘۔

    بہت عرصہ قبل الیگزینڈرا کی ملاقات اتفاقاً ایک فوٹو گرافر سے ہوئی تھی جو اس کی کچھ تصاویر بنانا چاہتا تھا۔ جب تصاویر بن کر آئیں تو اپنی معذوری سے قطع نظر الیگزینڈرا بالکل ایک خوبصورت ماڈل کی طرح سامنے آئی۔ وہیں سے الیگزینڈرا کو ماڈل بننے کا خیال آیا۔

    model-6

    اس نے فیشن کی دنیا پر نظر دوڑائی کہ شاید کہیں کوئی مرد یا خاتون ماڈل نظر آئے جس نے معذوری کو شکست دے کر ریمپ پر واک کی ہو۔ تب اس کی نظر سے سنہ 1999 میں ہونے والا ایک فیشن شو گزرا جس میں ایمی مولنز نامی ایک پیرالمپک ایتھلیٹ نے ریمپ پر واک کی تھی اور وہ اپنی مصنوعی ٹانگوں کی نمائش کرنے میں ذرا بھی نہ شرمائی۔

    وہ الیگزینڈرا کے لیے امید کی ایک کرن تھی۔ ’مجھے خیال آیا کہ جب آج سے کئی برس پہلے یہ ہوچکا ہے، تو آج کی ترقی یافتہ دنیا وہیل چیئر پر بیٹھی ایک ماڈل کو کیوں نہیں قبول کر سکتی‘۔

    اس کے بعد جب ایک اطالوی کمپنی نے معذوری کا شکار افراد کا فیشن شو منعقد کروانے کا سوچا تو الیگزینڈرا سمجھ گئی کہ اس کی منزل قریب آگئی ہے۔

    model-2

    model-5

    الیگزینڈرا اب نہ صرف ایک ابھرتی ہوئی ماڈل ہے، بلکہ وہ اپنے شہر کے میئر کی مشیر بھی بن چکی ہے جو شہر میں معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔

    دنیا کے لیے اس کا پیغام ہے، ’کچھ کر دکھانا، آگے بڑھنا اور ترقی کرنا ہمیشہ، ہر کسی کے لیے ممکن ہے۔ اہم چیز ان لوگوں کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جن کے اندر خداد صلاحتیں چھپی ہوئی ہیں‘۔