Tag: ماں بیٹا

  • بدبخت بیٹے نے ماں کو کالج کی عمارت سے نیچے پھینک دیا

    بدبخت بیٹے نے ماں کو کالج کی عمارت سے نیچے پھینک دیا

    کیلیفورنیا: امریکا میں ایک بدبخت بیٹے نے ماں کو کالج کی عمارت سے نیچے پھینک کر مار دیا، بعد ازاں خود بھی چھلانگ لگا دی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ایک سابق طالب علم نے اپنی ماں کو کیمپس کی عمارت سے پھینک کر خود بھی اپنی موت کی طرف چھلانگ لگا دی۔

    عمارت سے گرنے کے نتیجے میں دونوں ماں بیٹا ہلاک ہو گئے، پولیس کے تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ یہ قتل اور خود کشی تھی۔

    اروائن پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کو پیش آیا، جب پولیس یونیورسٹی کیمپس پہنچی تو انھیں سوشل سائنس پلازہ بی میں زمین پر 77 سالہ تھاؤ تھائی گوین اور اس کے بیٹے 36 سالہ اینڈریو گوین ڈوان کی لاشیں ملیں۔

    پولیس نے بیان میں کہا کہ تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ڈوان نے ماں گوین کو اٹھایا اور انھیں ایک کثیر المنزلہ عمارت سے نیچے پھینک دیا، اس کے بعد ڈوان نے بھی وہیں سے چھلانگ لگا کر موت کو گلے لگا لیا۔

    معلوم ہوا کہ ڈوان کو ذہنی مسائل کا سامنا تھا اور اروائن پولیس کو 2019 میں بھی اس سے رابطہ کرنا پڑا تھا، اورنج کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے مطابق ڈوان نے 2020 میں ایک ذہنی اسپتال میں اپنے روم میٹ کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے جرم کا بھی اعتراف کیا تھا۔

    ڈوان کو 156 دن کی جیل کی سزا بھی ہوئی تھی اور تین سال اسے پروبیشن پر بھی گزارنے پڑے تھے، جس کا عرصہ جولائی میں ختم ہوا تھا۔

    یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق ڈوان نے 2017 سے 2019 تک حیاتیاتی علوم کی تعلیم حاصل کی، لیکن گریجویشن نہیں کیا، جب کہ اس کی والدہ کا اسکول سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

  • بیٹے کی ماں سے 73 سال بعد ملاقات، جذباتی لمحات

    بیٹے کی ماں سے 73 سال بعد ملاقات، جذباتی لمحات

    افریقی ملک الجزائر میں ایک دوسرے سے بچھڑے ہوئے ماں اور بیٹے کی بالآخر 73 سال بعد ملاقات ہوگئی، جذبات سے بھرے ان لمحات کی ویڈیو سوشل ویڈیو پر وائرل ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق الجزائر سے تعلق رکھنے والے 73 سالہ بیٹے عبد الرحمٰن کی اپنی ماں کی تلاش کے لیے دہائیوں کی محنت رنگ لے آئی اور انہوں نے اپنی 93 سالہ ماں کو فرانس کے ایک اولڈ ہوم میں ڈھونڈ نکالا۔

    یمینہ نامی خاتون نے اپنے شوہر کی مار پیٹ اور بدسلوکی سے تنگ آ کر 2 ماہ کے بیٹے کو دادی کے حوالے کر کے گھر چھوڑ دیا تھا جس کے بعد سے ماں اور بیٹے کے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

    عبد الرحمٰن جب 14 سال کے ہوئے تو دادی نے باپ کے ظلم اور ماں کے چھوڑ جانے سے متعلق تفصیل بتائی جس پر انہوں نے ماں کی تلاش شروع کردی۔ وہ اپنی ایک خالہ سے بھی ملے لیکن ان سے بھی کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

    ماں کی محبت کا متلاشی 14 سالہ لڑکا ماں کو ڈھونڈتے ڈھونڈتے 73 سال کی عمر تک پہنچ گیا لیکن ماں کا پتہ نہیں چل سکا۔ ایک روز عبد الرحمٰن کو پتہ چلا کہ ماں فرانس کے اولڈ ہوم میں موجود ہیں۔ وہ خود اس وقت بیلجیئم میں تھے جہاں سے وہ فرانس پہنچے اور اپنی ماں سے ملے۔

    93 سالہ ماں یمینہ فالج کا شکار ہو کر ذہنی طور پر مفلوج ہیں لیکن بیٹے کو دیکھ کر وہ بھی کھل اٹھیں، ماں بیٹے کی 73 سال بعد ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔