Tag: ماں‌ بیٹے کا قتل

  • کنویں سے ماں بیٹے کی لاشیں ملنے والے کیس میں تکلیف دہ حقائق سامنے آ گئے

    کنویں سے ماں بیٹے کی لاشیں ملنے والے کیس میں تکلیف دہ حقائق سامنے آ گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد، مجاہد کالونی میں ایک گھر کے کنویں سے ماں بیٹے کی لاشیں ملنے والے کیس میں تکلیف دہ حقائق سامنے آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے ناظم آباد کے علاقے مجاہد کالونی میں گھر کے کنویں سے ملنے والی ماں بیٹے کی لاشوں کے سلسلے میں مزید معلومات تک رسائی کر لی ہے، جن کی بنیاد پر قتل کے واقعے میں ملوث تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق انویسٹگیشن پولیس نے ٹیکنیکل سپورٹ کی مدد سے ملزم کی لوکیشن ٹریس کر لی ہے، اس واقعے میں ملوث 2 ملزمان کو پہلے گرفتار کیا جا چکا ہے، اور کیس کی تفتیش کے دوران چوری کی گئی گاڑی کو شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں فروخت کیے جانے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

    پولیس نے ایک گاڑی شیر شاہ کباڑی مارکیٹ اور دوسری موچکو کے علاقے سے لاوارث حالت میں برآمد کر لی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ شائستہ بی بی اور اس کے بیٹے عبدالہادی نے گھر میں کیٹرنگ کا کاروبار شروع کر رکھا تھا، عبدالہادی کاروبار کے سلسلے میں دبئی بھی آتا جاتا تھا، ابتدائی تحقیقات میں واقعہ کاروبار ہتھیانے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

    کراچی میں گھر کے کنویں سے کیٹرنگ کے کام سے وابستہ ماں بیٹے کی لاشیں برآمد

    واضح رہے کہ اس کیس میں گرفتار ملزمان نے گھر سے 18 ہزار روپے لوٹنے کا بھی اعتراف کر لیا ہے تاہم یہ رقم تاحال برآمد نہیں کی جا سکی ہے۔

  • کراچی:‌ کم عمر لڑکے نے ماں‌ بیٹے کا بے دردی سے قتل کیوں‌ کیا؟ سنسنی خیز انکشاف

    کراچی:‌ کم عمر لڑکے نے ماں‌ بیٹے کا بے دردی سے قتل کیوں‌ کیا؟ سنسنی خیز انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں ایک بیوہ خاتون اور ان کے بچے کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، تاہم مرکزی ملزم فرار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد، گوشت گلی میں گزشتہ ماہ بیوہ خاتون اور ان کے 2 سالہ بیٹے کے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خلد آباد میں چھاپا مارا گیا۔

    تفتیشی پولیس کے مطابق قتل میں ملوث ملزم عبدالحفیظ کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم اس کا ساتھی رافع فرار ہو گیا، ملزم عبدالحفیظ کو مقتولہ کے موبائل فون کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    تفتیشی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ فرار ملزم رافع کم عمر اور مقتولہ کے شوہر کے دوست کا بیٹا ہے، ملزم رافع مقتولہ کے گھر میں پیسے دیکھ کر لالچ میں آ گیا تھا، وہ بہانے سے گھر پر آیا اور پھر ساتھی عبدالحفیظ کو بھی بلا لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے تیز دھار آلے سے خاتون کو قتل کیا اور پھر بچے کو بھی پانی کے ٹینک میں ڈبو کر مار دیا، واردات کے بعد ملزمان گھر سے رقم، سونا اور موبائل فون لے کر فرار ہو گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نشے کے عادی ہیں، جب کہ ملزم رافع کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔