Tag: ماں‌ قتل

  • بلوچستان میں ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ : بیٹوں نے غیرت کے نام پر ماں کو قتل  کردیا

    بلوچستان میں ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ : بیٹوں نے غیرت کے نام پر ماں کو قتل کردیا

    نصیر آباد : بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں بیٹوں نے والد کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر ماں کو قتل کرڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق نصیرآباد سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں غیرت کے نام پر ماں کو قتل کردیا گیا.

    واقعہ تھانہ شہید نذیر احمد عمرانی منگولی کی حدود میں پیش آیا تاہم نصیرآباد کے تھانہ شہید نذیر احمد عمرانی منگولی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ماں کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا۔

    ملزمان خادم اور بخت علی جت نے اپنے والد کے ساتھ مل کر سیاہ کاری کے الزام میں اپنی ماں کو گلا دبا کر بے دردی سے قتل کیا۔

    ایس ڈی پی او محمد طیب اقبال اور ایس ایچ او محمد عمر اعوان کی زیر نگرانی ٹیم نے کامیاب چھاپہ مار کر دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، واقعے میں ملوث باپ کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج، اہم انکشافات

    یاد رہے بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تھی۔

    بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا اور سردار کے فیصلے کے بعد کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔

    بعد ازاں خاتون اور مرد کے قتل کے واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنہ اورڈک میں درج کیا گیا تھا۔

  • جائیداد کی تقسیم، ناخلف بیٹے نے ماں کو چھریاں مار کر قتل کر دیا

    جائیداد کی تقسیم، ناخلف بیٹے نے ماں کو چھریاں مار کر قتل کر دیا

    لاہور : نجی سوسائٹی میں جائیداد کی تقسیم پر ناخلف بیٹے نے ماں کو چھریاں مار کر قتل کر دیا جبکہ بھائی زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سندر میں نجی سوسائٹی میں ناخلف بیٹے نے ماں کو چھریاں مار کر قتل کر دیا۔

    پولیس نے بتایا دو بھائیوں محمد احمد اور محمد علی حسین میں جائیداد کے بٹوارے پر جھگڑا چل رہا تھا کہ جائیداد کی تقسیم پر چھری سے حملے میں بھائی کو زخمی کیا۔

    پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم علی حسین نے بھائی محمد احمد کو چھری ماری تو ماں چھڑانے آئی تو اسے بھی زخمی کردیا۔

    70 سالہ رضوانہ بی بی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ، جہان وہ دم توڑ گئی تاہم زخمی محمد احمد کی اسپتال میں حالت تشویشناک ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم فرار ہو چکا ہے ، جس کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

  • کچرا گھر کے باہر پھنکنے سے منع کیوں کیا؟  بدبخت بیٹے نے  بیوی کے ساتھ مل کر ماں کو قتل کرڈالا

    کچرا گھر کے باہر پھنکنے سے منع کیوں کیا؟ بدبخت بیٹے نے بیوی کے ساتھ مل کر ماں کو قتل کرڈالا

    حیدر آباد: :باہر کچرا پھینکنے سے منع کرنے پر بدبخت بیٹے نے اپنی ماں کو قتل کر دیا، واقعے میں مقتولہ کا چھوٹا بیٹا سجاد علی زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے تھانہ ٹنڈویوسف کی حدود میں دل دہلا دینے واقعہ سامنے آیا ، جہاں بیٹے نے بیوی کیساتھ ملکر ماں کو قتل کردیا۔

    پولیس نے بتایا گجراتی محلے میں 65 سالہ خاتون پر اس کے بیٹے نے حملہ کیا ، کچرا پھینکنے سے منع کرنے پر بیٹے نے طیش میں آکر بیوی کے ساتھ ماں پر تشددکیا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ واقعے میں مقتولہ کا چھوٹا بیٹا سجاد علی زخمی ہوا تاہم خاتون کی لاش اور زخمی بیٹے کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، خاتون کی شناخت کلثوم کے نام سے ہوئی۔

    خاتون کے بیٹے سجاد نے بتایا کہ جھگڑا ساس کی جانب سے بہو کو کچرا پھینکنے سے روکنے پر ہوا, جس پر بڑے بھائی محمد علی اور اس کی بیوی نے ماں کو دھکا دیا اور تشدد کیا۔

    مزید پڑھیں : جائیداد کی لالچ میں ماموں کے ساتھ مل کر ماں کو قتل کرنے والا بیٹا گرفتار

    بیٹے کا کہنا تھا کہ بڑے بھائی اور بھابی نے پہلے بھی والدہ کو تشدد کانشانہ بنایا تھا۔

    اس سے قبل ایک واقعے میں جائیداد کی لالچ میں بیٹے نے ماموں کے ساتھ مل کر ماں کو قتل کردیا تھا، بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

    ملزم نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ میری ماں نے دو سے تین مرتبہ مجھے پولیس کےحوالےکرایا، دونوں ماموں اورکزن بھی شریک جرم ہیں، سعودی عرب میں تھا، والد کے انتقال پرپاکستان آیا، مجھے پتہ چلا میرے والد کو مارنے میں میری ماں کا ہاتھ تھا ، میری والدہ عدالت میں مکان کا کیس جیت چکی تھی اور ماں کو ملنے والی جائیداد میں ڈھائی کروڑ کیش اور 22تولہ سونا تھا۔

  • بدبخت بیٹے نے 78 سالہ ماں کو موت کی نیند سُلادیا

    بدبخت بیٹے نے 78 سالہ ماں کو موت کی نیند سُلادیا

    ممبئی : نہ زمین پھٹی نہ آسمان گرا، بدبخت بیٹے نے ذرا سی بات پر اپنی ضعیف ماں کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا۔

    قتل کا یہ دلخراش واقعہ بھارتی شہر ممبئی کے ایک علاقہ میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی ماں کا محض اس لیے قتل کردیا کہ اس کی نیند پوری نہیں ہوئی تھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس نے 78 سالہ ماں رمابائی ناتھو پسل کے قتل میں ملوث ملزم اس کے 64 سالہ بیٹے سبھاش واگھ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سبھاش اپنی ماں کے ساتھ ایک فلیٹ کی تیسری منزل پر رہائش پذیر ہے، گزشتہ کافی عرصے سے وہ بے روزگاری کی زندگی گزار رہا ہے جس کی وجہ سے اس کی بیوی اور بچے بھی اس سے الگ رہتے ہیں۔

    نیند میں خلل

    کوئی کام کاج نہ کرنے کی وجہ سے وہ دن بھر سوتا رہتا تھا، ملزم سبھاش کی مقتولہ والدہ رما بائی نے دو شادیاں کررکھی تھیں سبھاش پہلے شوہر کی اولاد ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے تمام اخراجات اس کی ماں اٹھاتی تھی، زائد العمری کے باعث مقتولہ رما بائی کو نیند کی کمی کا عارضہ لاحق تھا جس کی وجہ سے وہ رات کو جاگ کر گھر کے کام کیا کرتی تھی۔

    اس دوران کوئی بھی آواز پیدا ہونے کی وجہ سے سبھاش کی نیند میں خلل پڑتا تھا جو اسے ناگوار گزرتا تھا اور اسی بات پر دونوں مان بیٹے میں کئی بار جھگڑا بھی ہوا تھا۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ روز ملزم سبھاش نے صبح غصے میں آکر تیز دھار آلے سے اپنی ماں کو قتل کیا اور اپنے کمرے میں جاکر سوگیا، بعد ازاں اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔

  • جنگل میں خاتون کا قتل، والدہ نے داماد اور اس کے دوست کو قاتل قرار دے دیا

    جنگل میں خاتون کا قتل، والدہ نے داماد اور اس کے دوست کو قاتل قرار دے دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں سنسان جنگل میں معصوم بیٹی کے سامنے گولی مار قتل کی جانے والے خاتون کی ماں نے اپنے داماد اور اس کے دوست سمیع کو بیٹی کا قاتل قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات کو منگھوپیر کے علاقے میں ایک خاتون ممتاز بی بی کو سر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، مقتولہ کی ماں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پوری رات ممتاز بی بی کی لاش جنگل میں پڑی رہی، اور پوری رات چار سال کی معصوم بچی ماں کی لاش کے ساتھ بیٹھی روتی رہی۔

    مقتولہ کی ماں نے داماد یاسر اور اس کے دوست سمیع کو قاتل قرار دے دیا، انھوں نے کہا کہ 4 سال کی بچی سمیع کو پہلے ہی اپنی ماں کا قاتل بیان کر چکی ہے۔

    اس کیس میں مقتولہ کی گمشدگی میں مبینہ طور پر پولیس کی لاپرواہی بھی سامنے آ گئی ہے، لواحقین خاتون کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے تھانےوں کے چکر لگاتے رہے، لیکن پولیس نے رپورٹ درج نہیں کی۔

    والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی اتوار کی رات 8 بجے بچی کو لے کر، بچوں کو عمران نامی شخص سے کچھ رقم لینے کا کہہ کر نکلی تھی، جب کافی دیر تک بیٹی کا کچھ پتا نہ چلا تو ہم تھانے میں رپورٹ کرانے گئے، لیکن پولیس نے بیٹی اور نواسی کی گمشدگی کی درخواست وصولی سے انکار کر دیا، پولیس نے دوسرے تھانے بھیجا، وہاں بھی درخواست وصول نہیں ہوئی۔

    کراچی میں قتل کی گئی خاتون سے متعلق اہم حقائق سامنے آگئے

    والدہ نے روتے ہوئے بتایا کہ اگلے روز بیٹی کے قتل کی اطلاع انھیں ٹی وی چینل کے ذریعے ملی، صبح ریسکیو ادارے اور پولیس کی طرف سے بھی ممتاز بی بی کے قتل کی خبر دی گئی، مقتول کی ماں کے مطابق اس کا داماد اور اس کا دوست ممتاز کے قتل میں ملوث ہیں، داماد یاسر اکثر اپنے دوست سمیع کو لے کر گھر آتا تھا اور دونوں مل کر ایک ساتھ نشہ کرتے تھے۔

    والدہ نے مزید بتایا کہ دو روز قبل ممتاز کا اپنے شوہر یاسر کے ساتھ نیپا چورنگی کے قریب جھگڑا ہوا تھا، جھگڑے کے دوران یاسر نے ممتاز کے کپڑے پھاڑ دیے تھے، شور شرابے پر روڈ پر موجود لوگوں نے میری بیٹی کو اس کے چنگل سے بچایا، تاہم یاسر نے ممتاز بی بی کو سنگین نتائج کی دھمکی دی۔

    مقتول کی ماں کے مطابق انھوں نے بیٹی کے قتل کا مقدمہ درج کرا دیا ہے، مقتول کی ماں کے سرد خانے پہنچنے پر چھیپا انتظامیہ نے بچی ان کے حوالے کی۔

    انھوں نے بتایا کہ قتل کے وقت 4 سال کی بچی اپنی ماں کے ساتھ موجود تھی، ممتاز بی بی کو قتل کے لیے منگھوپیر کے سنسان جنگل میں لے جایا گیا، جہاں ممتاز بی بی کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، پوری رات ممتاز بی بی کی لاش جنگل میں پڑی رہی اور پوری رات چار سال کی معصوم بچی ماں کی لاش کے ساتھ بیٹھی روتی رہی۔