Tag: ماں نے بیٹی کو قتل

  • بھارت: خاتون نے شوہر سے نجات اور دوسری شادی کے لیے بیٹی کو مار دیا

    بھارت: خاتون نے شوہر سے نجات اور دوسری شادی کے لیے بیٹی کو مار دیا

    ہریانہ: بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک علاقے میں خاتون نے اپنے شرابی شوہر سے نجات اور دوسری شادی کے لیے اپنی ہی بیٹی کو جان سے مار دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ کے ضلع کیتھل کے ایک گاؤں میں ایک خاتون راجکماری نے دوسری شادی کی خواہش اور پہلے شوہر سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے دو بیٹیوں میں سے ایک کو قتل کر دیا۔

    20 جون کو واقع ہونے والے اس حادثے سے متعلق ابتدائی رپورٹ تھی کہ راجکماری نے شوہر سے جھگڑے کے بعد غصے میں آ کر 2 سالہ بیٹی کا خون کر دیا ہے، تاہم مقامی پولیس نے واقعے کے بعد تفتیش کی تو انکشاف ہوا کہ خاتون نے بیٹی کو سوچ سمجھ کر قتل کیا۔

    معلوم ہوا کہ 25 سالہ راجکماری کے بھائی نے اسے یقین دلایا تھا کہ اگر وہ اپنے 2 میں سے ایک بچی کو مار دے تو وہ اسے شرابی شوہر سے چھٹکارا دلا کر اس کی دوسری جگہ شادی بھی کرا دے گا۔

    بھارت: سالگرہ تقریب کے بعد تاجر کی کرونا سے موت، پارٹی شرکا میں خوف

    پولیس نے بیٹی کے قتل میں راجکماری کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ مَنت نامی دو سالہ بچی کی ماں کو جھارکھنڈ سے گرفتار کیا گیا، ملزمہ نے اعتراف جرم بھی کر لیا، اس نے بتایا کہ واردات میں اس کا بھائی اشوک بھی شامل ہے، جس پر پولیس نے اشوک کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

    ملزمان کی عدالت میں پیشی بھی ہو چکی ہے، عدالت نے راجکماری کو 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جب کہ اس کے بھائی کو ایک دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق کاکوت گاؤں کے رہائشی راجکماری کے شوہر سریندر سنگھ نے تھانے میں شکایت درج کرائی کہ 19 جون کی رات کو دو سالہ منت نے دودھ گرا دیا تھا جس پر بیوی اور اس کے درمیان جھگڑا ہوا، صبح اس نے منت کو سوئے دیکھا تاہم راجکماری 4 ماہ کی بیٹی کے ساتھ غائب تھی، بعد ازاں معلوم ہوا کہ منت مر چکی تھی، جب کہ پولیس نے راجکماری کو اس کے گاؤں پالامو سے گرفتار کیا۔

    خاتون نے اعتراف کیا کہ بھائی اشوک نے اس سے کہا تھا کہ وہ بڑی بیٹی کا منہ دبا کر اسے مار دے، کیوں کہ دو بیٹیوں کی موجودگی سے شادی میں پریشانی ہو سکتی ہے، واردات کی رات 2 بجے وہ کار میں اسے لینے آیا تھا۔

  • کراچی میں ماں نے بیٹی کو، لاہور میں بیوی نے شوہر کو قتل کر دیا

    کراچی میں ماں نے بیٹی کو، لاہور میں بیوی نے شوہر کو قتل کر دیا

    کراچی/لاہور: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں ایک ماں نے اپنی بیٹی کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا، دوسری طرف لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں دوسری بیوی نے داماد کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں 55 سالہ خاتون وقار النسا نے اپنی بیٹی نزہت امبرین کو چھری کے وار کر کے زخمی کر دیا، جو کچھ دیر بعد دم توڑ گئی، بیٹی کو مارنے کے بعد ماں نے بھی اسی چھری سے خود کشی کی کوشش میں خود کو شدید زخمی کر دیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ خود کشی کی کوشش کرنے والی خاتون کو تشویش ناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر واقعہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ لگتا ہے، واقعے کے وقت گھر میں کوئی اور شخص موجود نہیں تھا، گھر سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    ادھر لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں دوسری بیوی نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا، یہ واقعہ لین دین کے تنازع پر پیش آیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں بھابھی کشور اور داماد کے خلاف درج کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق مقتول کے سوتیلے داماد ملزم خالد نے 12 لاکھ روپے دینے تھے، مقتول ظہیر کے رقم کے تقاضے پر دوسری بیوی اور سوتیلے داماد نے اس پر تشدد کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔