Tag: ماں

  • بے رحم ماں 3 بچوں کو دور دراز مقام پر چھوڑ کر بھاگ گئی!

    بے رحم ماں 3 بچوں کو دور دراز مقام پر چھوڑ کر بھاگ گئی!

    امریکا میں ایک ماں اپنے 3 بچوں کو ایک دور دراز ویران مقام پر چھوڑ کر دوست کے ساتھ فرار ہوگئی تاہم پولیس نے جلد ہی بچوں کو ڈھونڈ نکالا اور ماں کو بھی گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق بچوں کو جنوبی کیرولینا کی سرحد پر واقع معروف تفریحی مقام سے برآمد کیا گیا، یہ ایک سنسان جزیرہ تھا جہاں جنگ آزادی میں حصہ لینے والے سپاہیوں کی قبریں ہیں اور اسے قبرستان والا جزیرہ کہا جاتا ہے۔

    بچوں کو وہاں سے گزرنے والی ایک کشتی میں سوار چند افراد نے دیکھا اور پولیس کو مطلع کیا۔

    بچوں کی ماں کورٹنی ٹیلر نے سوموار کی شام اپنے 12، 13 اور 15 سال کے بچوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔

    پولیس کے پہنچنے پر سب سے بڑے بچے نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ اور اس کے دوست کے ساتھ اتوار کی شام یہاں پر کیمپنگ کے لیے آئے۔ پیر کی صبح دونوں پانی لانے کا کہہ کر نکلے اور پھر واپس نہیں آئے۔

    پولیس نے اگلے ہی دن بچوں کو ڈھونڈ نکالا اور اسی شام ماں کو گرفتار کرلیا، تاہم پولیس کے مطابق ماں نے خطیر رقم بطور زر ضمانت دے کر رہائی حاصل کرلی۔

    کورٹنی کا دوست پولیس کو منشیات کی فروخت اور استعمال کے دیگر مقدمات میں بھی مطلوب ہے لہٰذا اس کی تلاش جاری ہے، واقعے کے اگلے روز سے وہ فرار ہے۔

  • بیٹیوں نے ماں کا بہیمانہ قتل کر کے سر تن سے الگ کردیا

    بیٹیوں نے ماں کا بہیمانہ قتل کر کے سر تن سے الگ کردیا

    کویت سٹی: کویت میں اپنی ماں کو بہیمانہ طریقے سے قتل کر کے سر تن سے جدا کرنے والی دو بہنوں کو گرفتار کرلیا گیا، تاحال قتل کے اسباب معلوم نہیں ہوسکے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کویت کے دارالحکومت کے علاقے الدوحہ میں پولیس نے دونوں خواتین کو اسی گھر سے گرفتار کیا ہے جہاں انہوں نے مبینہ طور پر اپنی ماں کو قتل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد دونوں خواتین پر جنونی کیفیت طاری ہوگئی جس کے باعث ان سے تفتیش مؤخر کردی گئی، ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا کہ قتل کے اسباب کیا تھے۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کی عمر 67 سال ہے جبکہ قاتل بہنوں میں سے ایک کی عمر 40 سال جبکہ دوسری کی عمر 33 سال ہے۔

    پولیس کو مقتولہ کا سر ایک تھیلی میں بند ملا جسے کچن میں چھپایا گیا تھا۔

  • تھیلیسمیا کا علاج کروانے سے قاصر ماں نے 3 ماہ کے بیٹے کو قتل کردیا

    تھیلیسمیا کا علاج کروانے سے قاصر ماں نے 3 ماہ کے بیٹے کو قتل کردیا

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے شہر مردان میں ماں نے اپنے 3 ماہ کے بچے کو قتل کردیا، ملزمہ کے 2 بیٹے تھیلیسمیا کے باعث کچھ عرصہ قبل انتقال کر گئے تھے اور اسے شک تھا کہ تیسرا بیٹا بھی اس مرض کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مردان کے علاقے خٹ کلی عمر آباد میں ماں نے اپنے 3 ماہ کے بچے کو قتل کردیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو شک تھا کہ بچہ تھیلیسمیا میں مبتلا ہے، چند ماہ قبل ملزمہ کے 2 بیٹے تھیلیسمیا کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

    بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، بچے کا باپ روزگار کمانے کے لیے سعودی عرب میں مقیم ہے۔

  • ننھی بچی کو ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے والی ماں گرفتار

    ننھی بچی کو ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے والی ماں گرفتار

    ازبکستان میں 3 سالہ بچی کو جان بوجھ کر ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے کے بعد ایک ماں کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ ازبک دارالحکومت تاشقند کے ایک چڑیا گھر میں پیش آیا جو سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں بچی کو گود میں لیے ریچھ کے احاطے کے قریب جنگلے کے پاس کھڑی ہے، اچانک بچی اس کے ہاتھ سے نیچے جا گرتی ہے۔

    بچی کو نیچے گرتا دیکھ کر ریچھ تیزی سے اس کے قریب جاتا ہے لیکن خوش قسمتی سے وہ اسے کوئی نقصان نہیں پہنچاتا اور صرف سونگھ کر دور ہوجاتا ہے۔

    اسی دوران چڑیا گھر کا عملہ بھی وہاں پہنچ جاتا ہے، کچھ افراد ریچھ کو قریب موجود احاطے میں ہنکاتے ہیں جس کے بعد اس کے احاطے سے بچی کو بحفاظت ریسکیو کرلیا جاتا ہے۔

    نیچے گرنے سے بچی کے دماغ پر چوٹ لگی ہے جبکہ جسم پر بھی خراشیں آئی ہیں۔

    وہاں موجود افراد کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ ماں کچھ گڑبڑ کرنا چاہتی ہے اور وہ اسے روکنا چاہتے تھے لیکن پھر پلک جھپکتے میں ہی یہ ناخوشگوار واقعہ ہوگیا۔

    پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا ہے اور اس پر اقدام قتل کا مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

  • اس تصویر میں بچے کی ماں کون سی ہے؟

    اس تصویر میں بچے کی ماں کون سی ہے؟

    انٹرنیٹ پر اکثر اوقات ایسی تصاویر وائرل ہوجاتی ہیں جن میں کوئی گڑبڑ یا معمہ چھپا ہوتا ہے۔

    یہاں موجود تصویر بھی ایسی ہی ہے جسے دیکھ کر آپ کو یہ بتانا ہے کہ بچے کی ماں کون سی ہے۔

    تصویر میں 2 خواتین ہیں اور درمیان میں ایک بچہ فرش پر بیٹھا کھیل رہا ہے۔

    کیا آپ جان سکے کہ کون سی خاتون بچے کی ماں ہیں؟ اگر آپ کا جواب ہے کہ بائیں جانب والی خاتون کیونکہ بچے کا منہ ان کی طرف ہے تو آپ کا جواب بالکل غلط ہے۔

    درست جواب ہے، بائیں جانب بیٹھی خاتون بچے کی ماں ہے، اس حوالے نے تصویر بنانے والے نے نہایت ٹھوس وضاحت پیش کی ہے۔

    بائیں جانب بیٹھی خاتون خاصی مشکل اور پریشانی کے عالم میں اپنے پاؤں بچا کر بیٹھی ہیں جبکہ بائیں جانب بیٹھی خاتون کافی پرسکون ہیں اور بچے کی طرف متوجہ ہیں۔

  • کام میں مصروف ماں نے بچے کو چوٹ لگنے سے کیسے بچایا؟ دل پگھلا دینے والی ویڈیو

    کام میں مصروف ماں نے بچے کو چوٹ لگنے سے کیسے بچایا؟ دل پگھلا دینے والی ویڈیو

    ماں اپنے بچے کے لیے دنیا کے محفوظ ترین گھونسلے کی طرح ہوتی ہے، جہاں بچہ ہر خوف سے آزاد ہوتا ہے۔

    دنیا بھر میں مائیں اپنے کاموں میں مصروف رہ کر بھی بچوں کی دیکھ بھال سے غافل نہیں ہوتیں، بلکہ ان کا دھیان مسلسل بچے کی طرف رہتا ہے۔

    اس کی ایک مثال حال ہی میں چین میں ایک ایسی ہی ماں نے فراہم کی ہے، جو پانی پی رہی تھی لیکن اس دوران بھی دھیان اپنے بچے ہی کی طرف تھا۔

    اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں یہ خوب صورت منظر دیکھا جا سکتا ہے، جس نے دیکھنے والوں کے دل جذبات سے پگھلا دیے۔یہ واقعہ شمالی چین کے صوبے جیلین میں پیش آیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 9 ماہ کا ننھا بچہ بینچ پر بیٹھا کھیل رہا ہے، اور اس کی ماں کچن سے پانی کا گلاس لے کر اس کی طرف آتے ہوئے پانی پی رہی ہیں، لیکن اس دوران بچہ کنارے کی طرف پھسلنے لگتا ہے۔

    ماں کو پہلے ہی سے احساس ہوتا ہے کہ بچہ گر سکتا ہے، وہ اس کے قریب آ جاتی ہیں، عین اسی لمحے جب بچہ پھسل کر گرتا ہے، ماں نے جلدی سے پیر آگے کر کے اس کے سر کو فرش سے ٹکرانے سے بہت مہارت سے بچا لیا۔

    اپنے پیر سے بچے کو چوٹ لگنے سے بچانے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، اور دیکھنے والوں نے اسے بہت پسند کیا، اور ماں کے عمل کو سراہا۔

  • بچوں کے ساتھ جاتی ماں کی بائیک پٹریوں پر پھنس گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بچوں کے ساتھ جاتی ماں کی بائیک پٹریوں پر پھنس گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    انڈونیشیا میں ایک ماں اپنے 2 بچوں کے ساتھ موٹر بائیک پر جاتے ہوئے اس وقت بال بال بچ گئی جب بائیک ریل کی پٹریوں پر پھنس گئی اور ٹرین سر پر پہنچ گئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں بائیک پر ایک بچی اور چھوٹے بچے کے ساتھ جارہی ہے، ریلوے ٹریک پار کرتے ہوئے بائیک کے پہیے پٹریوں میں پھنس جاتے ہیں۔

    ماں اسے نکالنے کی کوشش کرتی ہے لیکن ناکام رہتی ہے، اتنے میں سامنے سے ٹرین آتی دکھائی دے جاتی ہے۔ ماں کی ہدایت پر دونوں بچے جلدی سے بائیک سے اتر کر دور ہوجاتے ہیں اور ماں خود بھی اتر کر بائیک کو ہٹانے کی کوشش کرتی ہے۔

    اس دوران بچی بھی ماں کی مدد کرتی ہے لیکن ٹرین سر پہ پہنچ جاتی ہے جس کے بعد ماں بچی کو لے کر پیچھے ہٹتی ہے، اور اسی لمحے ٹرین زناٹے سے گزرتی ہے اور بائیک اس سے ٹکرا کر اڑتی ہوئی جھاڑیوں میں گرتی ہے۔

    حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں، پولیس نے مقامی حکام کو ریلوے لائن کی جانچ کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے خاتون سے پوچھ گچھ کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔

    وہ حادثے کے بعد بہت خوفزدہ ہیں۔ حکام نے مذکورہ ریلوے ٹریک کو مزید محفوظ بنانے کے لیے کام شروع کردیا ہے۔

  • اسکول سے واپس آئے بچوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    اسکول سے واپس آئے بچوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک گھر میں ہونے والی ڈکیتی اس وقت خونریز واردات میں بدل گئی جب ڈاکوؤں نے گھر میں موجود خاتون کو قتل کردیا، بچے اسکول سے گھر لوٹے تو ماں کو مردہ حالت میں پا کر ان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ غازی آباد میں پیش آیا جہاں 35 سالہ خاتون اپنے 3 سالہ بیٹے کے ساتھ گھر پر اکیلی تھی۔ ان کا شوہر کام پر گیا ہوا تھا جبکہ 13 سالہ بیٹی اور 10 سالہ بیٹا اسکول گئے ہوئے تھے۔

    دن میں کسی وقت ڈکیت گھر میں داخل ہوئے اور خاتون اور بچے کو یرغمال بنا کر گھر میں موجود 70 ہزار روپے مالیت کے زیورات اور 50 ہزار روپے نقد اپنے ساتھ لے گئے، خاتون نے ممکنہ طور پر مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بچے جب اسکول سے گھر پہنچے تو انہوں نے ماں کو بے حس و حرکت صوفے پر پڑا ہوا پایا جبکہ چھوٹا بھائی فرش پر بیٹھا رو رہا تھا۔

    خاتون کے شوہر دلشاد کو پڑوسی کی جانب سے فون کیا گیا جس کے بعد وہ فوری طور پر گھر پہنچا۔

    دلشاد نے پولیس کو بتایا کہ اس نے قرض کی واپسی کے لیے کچھ رقم گھر میں جمع کر رکھی تھی جو ڈاکو اپنے ساتھ لے گئے۔

    پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی، اب تک پولیس آس پاس کے 30 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرچکی ہے لیکن تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے ممکنہ طور پر خاتون کے منہ پر تکیہ رکھا اور دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جس سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

  • میرے بیٹے کو سر عام پھانسی دی جائے: ماں کا مطالبہ

    میرے بیٹے کو سر عام پھانسی دی جائے: ماں کا مطالبہ

    قاہرہ: مصر میں ایک ماں نے اپنے ہی بیٹے کو سرِعام پھانسی دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    مصری میڈیا کے مطابق ایک مصری خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے کو انسانیت سوز جرم کی پاداش میں سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کر کے پورے معاشرے کو سخت حیرانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

    مصری جریدے ’الاہرام‘ سمیت ملک کے تمام اخبارات و رسائل اور ذرائع ابلاغ نے اس واقعے کی تفصیلات جاری کی ہیں، خاتون کے بیٹے نے اپنی بہن کا سر تن سے جدا کر دیا تھا۔

    نیوز رپورٹس کے مطابق ملزم نشے کا عادی ہے، واردات کے دن وہ اپنی بہن کے گھر گیا اور قرض کے طور پر رقم طلب کی، بہن کو معلوم تھا کہ وہ نشے کے لیے رقم مانگ رہا ہے، پہلے بھی مانگتا رہا تھا، اس لیے اس نے پیسے دینے سے انکار کر دیا۔

    طیش میں آ کر ملزم نے اپنی بہن پر حملہ کیا اور اس پر تشدد کرنے لگا، بہن کو زد و کوب کر کے وہ باورچی خانے سے چھری لے آیا اور اس کی گردن اور پیٹ پر تابڑ توڑ وار کیے، رپورٹس کے مطابق بہن امید سے تھی، وہ خون میں لت پت ہو کر گر گئی اور جان کی بازی ہارگئی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان محلے کے تمام لوگوں میں نشئی کے طور پر مشہور تھا، وہ ہمیشہ بہن سے نشے کے لیے رقم مانگتا رہتا تھا۔ ماں کو جیسے ہی واردات کا علم ہوا انھوں نے سوشل میڈیا پر مطالبہ کیا کہ ان کے بیٹے کو سرعام پھانسی دے دی جائے۔

    واضح رہے کہ قاہرہ سیکیورٹی فورس کے اہل کاروں نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اب اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

  • خونخوار شیر کا بچے پر حملہ، ماں نے مکے اور لاتیں مار کر شیر کو مار بھگایا

    خونخوار شیر کا بچے پر حملہ، ماں نے مکے اور لاتیں مار کر شیر کو مار بھگایا

    امریکا میں ایک ماں اپنے بچے کو بچانے کے لیے شیر سے لڑ گئی اور بغیر کسی ہتھیار کے مکوں اور لاتوں کی مدد سے خونخوار شیر کو مار بھگایا۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جہاں ایک پہاڑی شیر رہائشی علاقے میں نکل آیا اور ایک گھر کے اندر لان میں کھیلتے 5 سالہ بچے پر حملہ کردیا۔

    بچے کی چیخ و پکار پر ماں گھر سے باہر نکلی، تب تک شیر بچے کو گھسیٹتا ہوا لان سے باہر لے جاچکا تھا، ماں نے بغیر کچھ سوچے سمجھے شیر پر حملہ کردیا اور بچے کو اس سے بچانے کی کوشش شروع کردی۔

    بہادر ماں بغیر کسی ہتھیار کے شیر سے لڑتی رہی، اس دوران نہ صرف وہ اپنے بچے کو اس سے دور کرنے میں کامیاب رہی بلکہ مکے اور لاتیں برسا کر شیر کو بھی وہاں سے بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    بعد ازاں خاتون اور ان کے شوہر بچے کو فوری قریبی اسپتال لے کر گئے، بچے کے سر اور سینے پر زخم آئے تھے جن کی ٹریٹمنٹ شروع کردی گئی، میڈیا رپورٹ کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    مذکورہ واقعہ امریکی محکمہ برائے جنگلی حیات کو رپورٹ کیا گیا جنہوں نے میڈیا کو اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پہاڑی شیر کم از کم 30 کلو گرام وزنی تھا لیکن بہادر خاتون، جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، اس سے اپنے بیٹے کو بچانے میں کامیاب رہی۔

    یاد رہے کہ پہاڑی شیر کو شیر کی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے جو ہر وقت اپنے شکار کی تلاش میں رہتا ہے اور نہایت چالاکی اور پھرتی سے دبے قدموں پیچھے سے شکار پر حملہ کرتا ہے۔