Tag: ماں

  • ماں کا ڈیڑھ سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو بھی بناتی رہی

    ماں کا ڈیڑھ سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو بھی بناتی رہی

    بھارت میں ایک ماں کی اپنے ڈیڑھ سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا پر طوفان آگیا، سوشل میڈیا صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔

    مذکورہ واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں ڈیڑھ سالہ بچے کو اس قدر تشدد کا نشانہ بناتی ہے کہ بچے کے ناک اور منہ سے خون بہنے لگتا ہے۔

    اس دوران ماں موبائل فون سے اپنی ویڈیو بھی بنا رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 22 سالہ ماں کی شادی دوسرے گاؤں میں ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے تھے تاہم دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا جس کے بعد شوہر انہیں اہلیہ کے والدین کے گھر چھوڑ آتا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ماں اکثر و بیشتر چھوٹے بچے کو تشدد کا نشانہ بناتی رہتی ہے اور اس دوران اس عمل کو موبائل فون میں ریکارڈ بھی کرتی رہتی ہے۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو رشتے داروں کی جانب سے دیکھے جانے پر بچے کے والد کو مطلع کیا گیا جو بعد ازاں وہاں آکر بچوں کو اپنے ساتھ لے گیا۔

    22 سالہ خاتون کے والدین نے ان واقعات سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

  • کرونا وائرس: موت سے قبل ماں کی بچوں کے لیے آخری خواہش کیا تھی؟

    کرونا وائرس: موت سے قبل ماں کی بچوں کے لیے آخری خواہش کیا تھی؟

    امریکا میں ویکسین سے منحرف ماں کرونا وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئی، مرنے سے پہلے اس نے اپنے اہلخانہ کو تاکید کی کہ اس کے بچوں کو کووڈ ویکسین ضرور لگوائی جائے۔

    امریکی ریاست ٹیکسس میں 42 سالہ لیڈیا روڈرگز کے شوہر بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔ شوہر میں کووڈ 19 کی تشخیص ہونے کے 2 ہفتے بعد وہ خود بھی وائرس کا شکار ہوگئیں۔

    کچھ دن بعد دونوں یکے بعد دیگرے چل بسے۔

    اہلخانہ کے مطابق دونوں میاں بیوی کووڈ 19 کی ویکسین لگوانے سے انکاری تھے، لیکن بالآخر جب انہیں احساس ہوا کہ وہ غلطی پر ہیں تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔

    لیڈیا کی بہن کے مطابق ڈاکٹرز جب انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر رہے تھے تب انہوں نے اپنی بہن سے آخری بات یہی کہی کہ ان کے بچوں کو کووڈ 19 ویکسین ضرور لگوائی جائے، جوڑے کے 4 بچے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں کووڈ ویکسی نیشن کی مہم زور و شور سے جاری ہے تاہم چند قدامت پسند ریاستوں میں اس کی مخالفت کی جارہی ہے اور ٹیکسس بھی انہی میں سے ایک ہے۔

    دوسری جانب ٹیکسس ہی وہ ریاست ہے جو کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

    امریکی طبی حکام کی جانب سے حال ہی میں ویکسین کی تیسری بوسٹر خوراک لگوانے کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔

  • فٹبال میچ کے دوران خاتون نے ٹانگ اڑا کر کسے روکا؟

    فٹبال میچ کے دوران خاتون نے ٹانگ اڑا کر کسے روکا؟

    امریکا میں ہونے والے سوکر میچ کے دوران دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ایک ننھا بچہ فیلڈ میں آگیا اور اس کی ماں کو بھاگ کر اسے روکنا پڑا۔

    مذکورہ امریکی خاتون اپنے 2 سالہ بیٹے کو لے کر میجر لیگ سوکر کا میچ دیکھنے پہنچی تھیں۔

    میچ کے 70 ویں منٹ میں بچہ اچانک اپنی جگہ سے اٹھا اور میدان میں بھاگنے لگا، ماں نے بھی اس کے پیچھے دوڑ لگائی اور دونوں سوکر پچ کے اندر آگئے۔

    ماں نے بچے کو روکنے کے لیے سلائیڈ ماری جس کے بعد وہ بچے کے آگے جا گری اور اس کے بعد تیزی سے بچے کو اٹھا کر واپس اپنی نشست کی طرف چلی گئی۔

    یہ سارا منظر کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا جسے ٹی وی پر براہ راست دیکھا گیا۔

    بعد ازاں ماں کا کہنا تھا کہ جس وقت اس نے سلائیڈ ماری اسے وقت تو اسے کسی تکلیف کا احساس نہیں ہوا لیکن اگلے روز اسے تکلیف ضرور محسوس ہوئی۔

  • امریکا: ماں اپنے بچے کو ریت، کنکر، لکڑی کے ٹکڑے کھلانے لگی (ویڈیو)

    امریکا: ماں اپنے بچے کو ریت، کنکر، لکڑی کے ٹکڑے کھلانے لگی (ویڈیو)

    ایریزونا: امریکا میں ایک ماں نے اپنے 8 ماہ کے بچے کو ریت، کنکر، خاک اور لکڑی کے ٹکڑے کھانے کی کھلی آزادی دے رکھی ہے، اپنے اس طرز عمل کے دفاع میں ان کا کہنا ہے کہ اس سے بچے کی قوت مدافعت مضبوط ہوگی۔

    22 سالہ ماں ایلس بینڈر کا تعلق امریکی ریاست ایریزونا کے علاقے فینکس سے ہے، انھوں نے اپنے آٹھ ماہ کے بیٹے فرن کو ریت اور کنکر کھانے کی کھلی آزادی دے رکھی ہے، ان کا کہنا ہے کہ جب تک بچے ماں کا دودھ پیتے ہوں، انھیں جراثیم سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا، اور اس طرح بچے کا امیون سسٹم مستحکم ہو جاتا ہے۔

    ایلس بینڈر کو اس بات پر مضبوط یقین ہے کہ جب تک بچوں کو ماں کا دودھ پلایا جاتا ہے، تب تک انھیں بیکٹیریا کا سامنا کرنا چاہیے، کیوں کہ ماں کا دودھ ان کی حفاظت کرتا ہے۔

    عام طور سے نوزائیدہ بچوں کے حوالے سے ماؤں سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ بہت زیادہ محتاط رہیں اور صفائی کا بہت خیال رکھیں، اور اپنے بچوں کو نقصان دہ بیماریوں اور الرجیز سے بچائیں۔

    تاہم بائیس سالہ ایلس بینڈر کا نقطہ نظر عام طبی مشوروں سے بالکل مختلف ہے، ہائجین کی ہدایات کے برعکس وہ اپنے 8 ماہ کے بچے کو کنکر چبانے دیتی ہیں، وہ ریت بھی کھاتا ہے اور لکڑی کے چھوٹے ٹکڑے بھی چوستا رہتا ہے۔

    خاتون نے اپنے بچے کی ویڈیوز بھی بنا رکھی ہیں جن میں وہ مزے اور پوری آزادی سے ریت کھاتا اور پتھر چوستا ہوا نظر آتا ہے، ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں خاتون کہتی ہیں کہ وہ بچے کو اپنا دودھ پلا رہی ہیں لیکن اس کو وہ سب کچھ کھانے کے لیے بھی چھوڑتی ہوں جو وہ کھانا چاہتا ہے۔

    بچے کو پالنے کے اس انداز کا دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ہمیں جراثیموں سے نہیں ڈرنا چاہیے، انھوں نے کہا کہ ہمیں بیکٹیریا سے ڈارانے کے لیے مغربی ادویات کے سلسلے میں اربوں ڈالر کی اشتہار سازی کا بڑا ہاتھ ہے، میں نہیں ڈرتی بلکہ میں انھیں دعوت دیتی ہوں کیوں کہ مجھے فطرت اور اپنے بچے پر اعتماد ہے۔

    انھوں نے کہا یہ کوئی اتفاق نہیں ہے کہ بچے دودھ پینے کے عرصے کے دوران اپنی جبلت کے مطابق ہر چیز کھاتے ہیں، اس لیے جب تک وہ ماں کا دودھ پیتے رہیں، انھیں بیکٹیریا کا سامنا کرتے رہنا چاہیے۔

    انٹرنیٹ پر صارفین نے ایلس بینڈر کے بچے پالنے کے طریقے پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے، کسی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچے کی زندگی خطرے سے دوچار کر رہی ہے، اور کوئی ان کی حوصلہ افزائی کرتا دکھائی دیتا ہے۔

  • بھارت: ماں انجیکشن کے لیے منتیں کرتی رہی، بیٹا زندگی کی بازی ہار گیا

    بھارت: ماں انجیکشن کے لیے منتیں کرتی رہی، بیٹا زندگی کی بازی ہار گیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان لڑکا کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد انجیکشن نہ ملنے کے سبب زندگی کی بازی ہار گیا، اس کی ماں انجیکشن کے لیے روتی اور بلکتی رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ درد ناک واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں پیش آیا ہے، ماں کرونا وائرس سے متاثر اپنے 24 سالہ بیٹے کو لے کر نجی اسپتال میں پہنچی جہاں اسے انجیکشن کی عدم دستیابی کا بتایا گیا۔

    ماں شام تک سی ایم او آفس میں انجیکشن کا انتظار کرتی رہی، ادھر جوان بیٹا اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا۔ شام کو جب ماں خالی ہاتھ اسپتال پہنچی تو بیٹے کی موت کی خبر سن کر دروازے پر بے ہوش ہوگئی۔

    رنکی دیوی نے بعد ازاں میڈیا کو بتایا کہ ان کا اکلوتا بیٹا کچھ دن پہلے کرونا وائرس سے متاثر ہوا تھا جس کے بعد سے وہ نوئیڈا کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھا۔ ڈاکٹروں نے انجیکشن کے لیے کہا تھا۔

    ان کے مطابق وہ انجیکشن کے لیے سی ایم او آفس پہنچیں جہاں وہ منتیں کرتی رہیں اور گڑگڑاتی رہیں لیکن انہیں انجیکشن نہیں ملا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سی ایم او آفس میں متعدد افراد انجیکشن کے انتظار میں ہیں، ان کے پیارے شہر کے مختلف اسپتالوں کے کرونا وارڈز میں زیر علاج ہیں۔

  • کیمرے سے آتی پراسرار اور خوفناک آواز، ماں کے رونگٹے کھڑے ہوگئے

    کیمرے سے آتی پراسرار اور خوفناک آواز، ماں کے رونگٹے کھڑے ہوگئے

    اکثر والدین اپنے بچوں کے کمرے میں کیمرے لگا دیتے ہیں تاکہ ان کے بارے میں باخبر رہ سکیں، لیکن بعض اوقات ان کیمروں کی وجہ سے نہایت خوفناک واقعات سامنے آجاتے ہیں۔

    امریکا میں ایسے ہی ایک واقعے نے ماں کے رونگٹے کھڑے کر دیے جب اس نے بے بی کیم سے پراسرار آوازیں سنیں۔ ماں نے بے بی کیم کی یہ ویڈیو ریڈ اٹ پر ڈالی ہے اور کہا ہے کہ اس کا خیال ہے کہ کیمرا ہیک ہوچکا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ننھی بچی فرش پر کھیل رہی ہے جبکہ ماں آئینے کے سامنے کھڑی موبائل پر ٹیکسٹ کر رہی ہے، اچانک کیمرے سے کسی کی گہری سانس لینے کی آواز آتی ہے اور کوئی واضح آواز میں سرگوشی کرتا ہے، میری مدد کرو۔

    اس وقت ماں نے اس پر توجہ نہیں دی لیکن کچھ دیر بعد اسے ان آوازوں کا احساس ہوا، اس نے کیمرے کی ویڈیو دوبارہ دیکھی تو اس پر ان پراسرار آوازوں کا انکشاف ہوا۔

    سب سے خوفناک بات بچی کا ردعمل ہے جو اپنا کھیل چھوڑ کر اچانک کیمرے کی جانب اس طرح بڑھتی ہے جیسے اسے وہاں کوئی دکھائی دیا ہے، کیمرے کے قریب آ کر وہ اس طرح ہاتھ بھی ہلاتی ہے جیسے کسی کو دیکھ رہی ہے۔

    اس ویڈیو نے ماں کو بے حد خوفزدہ کردیا، ریڈ اٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے اس نے لکھا کہ اس کا خیال ہے کہ کیمرے کو کسی نے ہیک کرلیا، اس طرح کے واقعات معمول کی بات ہیں۔

    تاہم اسے دیکھنے والے صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں واضح طور پر محسوس ہورہا ہے کہ وہاں کوئی ہے۔

    یہی نہیں اسی رات ماں کے ساتھ ایک اور خوفناک واقعہ پیش آیا، اس رات جب وہ سونے کے لیے اپنے کمرے میں جارہی تھی تو اس کے کمرے کا لائٹ بلب اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

    ان واقعات نے خاتون کو بے حد خوفزدہ اور ذہنی طور پر پریشان کردیا ہے۔

    دوسری جانب کیمرا کمپنی نے رابطہ کرنے پر یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کے کیمرے کو ہیک کیے جانا ناممکن ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا سیکیورٹی نظام بے حد مضبوط ہے جسے ہیک نہیں کیا جاسکتا۔

    کمپنی کے مطابق وہ اپنے کیمروں میں اعلیٰ معیار کا انکرپشن میتھڈ استعمال کر رہے ہیں جو صارف کا ڈیٹا محفوظ رکھتا ہے۔

    کمپنی کی یقین دہانی کے بعد ماں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے اور اس کی راتوں کی نیند اڑ گئی ہے۔

  • سعودی عرب: بیمار بیٹے کی وجہ سے ماں کامیاب کاروباری خاتون بن گئی

    سعودی عرب: بیمار بیٹے کی وجہ سے ماں کامیاب کاروباری خاتون بن گئی

    ریاض: سعودی خاتون کو بیمار بیٹے کی تیمار داری نے کامیاب کاروباری خاتون بنا دیا، بیٹے کے لیے بنائے جانے والے آرگینک صابن نے انہیں فیکٹری کی مالک بنا دیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی خاتون صیبحہ السویج بیمار بیٹے کی تیمار داری کرتے کرتے کامیاب تاجر بن گئیں۔

    ایک ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے صبیحہ کا کہنا تھا کہ بیٹا بیمار اور جلد کی بیماری میں مبتلا تھا۔ اسے عام صابن اور مختلف قسم کی کریمز سے الرجی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ امریکا میں قیام کے دوران میرے علم میں ایک آرگینک صابن سامنے آیا، یہ خیال آتے ہی سوچا کہ کیوں نہ اس قسم کا صابن مملکت میں متعارف کروایا جائے۔ اس کے بعد انہوں نے صابن کی تیاری کے لیے کورس کیا اور مملکت واپسی کے وقت سامان خریدا اور اس کے ذریعے آرگینک صابن تیار کیا۔

    صبیحہ کا کہنا ہے کہ یہ صابن کیمیکل اور فلیور سے مکمل طور پر صاف ہے، اس کے استعمال سے میرے بیٹے کو کسی قسم کی کوئی الرجی نہیں ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے یہ صابن بڑے پیمانے پر تیار کرنا شروع کردیا، جو بھی اسے استعمال کرتا ہے اسے یہ صابن بہت پسند آتا اس طرح یہ یہ مقبول ہوتا چلا گیا۔

    سعودی خاتون کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی نمائشوں میں حصہ لیا ہے، سعودی عرب کی قومی کمپنیوں، سیاحتی اداروں اور دستکاری والے اداروں کو صابن کا آئیڈیا اچھا لگا، سب نے اس کی حوصلہ افزائی کی۔ اب انہوں نے آرگینک صابن کی فیکٹری بنا لی ہے اور بڑے پیمانے پر یہ کاروبار کر رہی ہیں۔

  • بدبخت بیٹے کا ماں کو طمانچہ، ماں چل بسی

    بدبخت بیٹے کا ماں کو طمانچہ، ماں چل بسی

    نئی دہلی: بھارت میں بدبخت بیٹے کے ماں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر پورا ملک غم و غصے کی کیفیت میں آگیا، ناہنجار بیٹے نے ماں کو اتنی زور سے طمانچہ مارا کہ وہ چل بسی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ دارالحکومت نئی دہلی میں پیش آیا جو سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق جھگڑا 76 سالہ خاتون اور ان کے پڑوسی کے درمیان موٹر سائیکل کی پارکنگ کے معاملے پر ہوا جو اتنا بڑھا کہ پولیس کو بلانا پڑا۔ تاہم پولیس کے پہنچنے پر بتایا گیا کہ دونوں پڑوسیوں نے آپس میں معاملہ رفع دفع کرلیا ہے۔

    بعد ازاں 76 سالہ بزرگ خاتون کا بے روزگار بیٹا باہر آیا اور اس بات پر ماں سے جرح کرنے لگا کہ اس نے پڑوسی سے جھگڑا کیوں کیا۔ خاتون کی بہو بھی باہر نکل آئیں اور دونوں میاں بیوی بزرگ خاتون سے بحث و تکرار کرنے لگے۔

    اس دوران اچانک ناعاقبت اندیش بیٹے نے غصے میں بے قابو ہو کر ماں کے چہرے پر زوردار طمانچہ مار دیا جس کے بعد خاتون زمین پر گر گئیں۔

    خاتون کو بے ہوش دیکھ کر انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ان کی موت ہوچکی تھی۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، نیشنل کمیشن فار ویمن کی سربراہ ریکھا شرما نے ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا اور کہا کہ وہ دہلی پولیس کو کارروائی کی ہدایت کر رہی ہیں۔

    دہلی پولیس نے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر لوگ اس ویڈیو پر سخت غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں ماں کو ہلاک کرنے والے بیٹے کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

    یاد رہے کہ بھارت میں بزرگوں پر جسمانی و نفسیاتی تشدد بے حد عام ہوتا جارہا ہے، بھارت کی 8 فیصد سے زائد آبادی 60 سال سے زائد عمر کے افراد پر مشتمل ہے جو سنہ 2050 تک 20 فیصد ہوجائے گی۔

  • کینسر کا شکار بچی کی حوصلہ مند ماں نے امید کا پیغام دے دیا

    کینسر کا شکار بچی کی حوصلہ مند ماں نے امید کا پیغام دے دیا

    اولاد کی تکلیف ماں باپ کو دگنی محسوس ہوتی ہے، ایسے ہی کینسر کا شکار ایک بچی کے ماں باپ بھی نہایت اذیت کا شکار ہوگئے تاہم انہوں نے اس کڑے وقت کو نہایت حوصلے کے ساتھ گزارا۔

    امریکا کی رہائشی کرسٹن بوڈن اور ان کے شوہر پر اس وقت غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جب انہیں علم ہوا کہ ان کی 3 سالہ بچی کینسر کا شکار ہے۔

    کرسٹن کا کہنا تھا کہ اس کی چھٹی حس کھڑک رہی تھی کہ کافی دن سے بیمار بچی کا بخار صرف بخار نہیں، لیکن ان کے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ یہ کینسر ہوگا۔

    ڈاکٹرز نے 3 سالہ بچی میں گردے کا کینسر تشخیص کیا جو اسٹیج 2 پر تھا، ایک تکلیف دہ سرجری کے بعد بچی کا گردہ نکال دیا گیا جس کے بعد اگلے 22 ہفتوں تک اس کی کیموتھراپی ہوئی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kristin Bowden (@kris_bowden)

    اس دوران والدین نے اپنے جیسے دیگر لوگوں کو ہمت دینے کے لیے اس تمام سفر کو تصاویر میں قید کرنا شروع کردیا۔

    وہ بچی کی کینسر تشخیص ہونے کے بعد، اس کی سرجری کے بعد اور کیمو تھراپی کے دوران کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کرتے رہے۔

    کیموتھراپی کے دوران جب بچی کے بال اترنا شروع ہوئے تو اس کے ننھے بھائی نے بھی اپنے بال کٹو لیے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kristin Bowden (@kris_bowden)

    والدین کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کو پیغام دینا چاہتے تھے کہ مشکل ترین وقت بھی گزر جاتا ہے اور اچھا وقت آجاتا ہے۔

    آج یہ بچی 4 سال کی ہے اور کینسر فری ہے، اگلے 4 سال تک ہر 3 ماہ بعد اس کے اسکین کیے جائیں گے اور اس کی صحت کو مانیٹر کیا جائے گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kristin Bowden (@kris_bowden)

    والدین کا کہنا ہے کہ ان کا سب کے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ کبھی امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

  • ’آسیب سے چھٹکارے‘ کے لیے ماں کا خوفناک اقدام، بچی کی موت

    ’آسیب سے چھٹکارے‘ کے لیے ماں کا خوفناک اقدام، بچی کی موت

    سری لنکا میں ایک ماں نے اپنی بچی کو خود ساختہ آسیب سے نجات دلانے کے لیے جلاد عاملہ کے حوالے کردیا جس نے بہیمانہ تشدد کرکے بچی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں پیش آیا، بچی کی ماں جو اب پولیس کی حراست میں ہے، کا خیال تھا کہ اس کی 9 سالہ بچی کو کسی آسیب نے جکڑ لیا ہے۔

    اس سے نجات دلانے کے لیے وہ اسے علاقے کی ایک عورت سے پاس لے گئی جو جادو ٹونا کرنے کے لیے مشہور تھی۔

    پولیس کے مطابق جعلی عاملہ نے بچی کو چھڑی سے نہایت بے دردی سے پیٹا اور اس دوران ماں سامنے کھڑی دیکھتی رہی۔

    بہیمانہ تشدد کے دوران بچی ہوش و حواس سے بیگانہ ہوگئی جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اسپتال عملے نے بچی کی موت کی تصدیق کردی۔

    پولیس کے مطابق بچی کو نہایت بہیمانہ طریقے سے پیٹا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، پولیس نے جادو ٹونا کرنے والی عورت اور ماں دونوں کو گرفتار کرلیا تاہم اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکا کہ دونوں پر کن جرائم کی دفعات عائد ہوں گی۔

    پولیس کے مطابق اس سے پہلے بھی اس نوعیت کے کئی واقعات ہوچکے ہیں، پولیس نے عوام کو ایسے ڈھونگی عاملوں سے محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔