Tag: ماں

  • بچوں کی ذہانت ماں سے منتقل ہوتی ہے

    بچوں کی ذہانت ماں سے منتقل ہوتی ہے

    ذہانت ایک تحفہ خداوندی ہے اور اگر کوئی شخص اپنی ذہانت کو محنت، مستقل مزاجی اور دور اندیشی کے ساتھ ملا کر استعمال کرے تو ایسے شخص کو کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

    ایک عمومی خیال ہے کہ ذہانت موروثی ہوسکتی ہے اور یہ خاندان کے مختلف افراد سے منتقل ہوسکتی ہے، تاہم حال ہی میں ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ بچوں کی ذہانت انہیں ان کی ماں کی طرف سے ملنے والا تحفہ ہوتا ہے۔

    جرمنی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کسی بچے کی ذہانت کا انحصار اس بات پر ہے کہ اس کا والدہ کتنی ذہین ہیں، یعنی ذہانت والد یا کسی اور سے نہیں بلکہ ماں سے منتقل ہوتی ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ ذہانت کے جینز کروموسوم ایکس میں واقع ہوتے ہیں اور خواتین میں 2 ایکس کروموسومز موجود ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بچوں میں ماں کی جانب سے ذہانت کی منتقلی کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔

    اس کے برعکس مردوں میں صرف ایک ایکس کروموسوم ہوتا ہے لہٰذا والد سے ذہانت کی منتقلی کا امکان کم ہوتا ہے، تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ باپ کے ذہانت کے جینز غیر فعال ہو جاتے ہیں۔

    سنہ 1994 میں کی جانے والی ایک تحقیق سے علم ہوا کہ بچوں کی ذہانت یا آئی کیو کی پیشگوئی ماں کے آئی کیو سے کی جاسکتی ہے۔

    جینیاتی عوامل کے علاوہ بھی دیکھا جائے تو بچوں کی زندگی کا وہ وقت جب ان کا دماغ نشونما پارہا ہوتا ہے، یعنی بچپن کا وقت، زیادہ تر ماں کے ساتھ گزرتا ہے۔ ایسے میں ماں کی ذہانت، عادات و فطرت بچوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔

    چنانچہ ایک ذہین ماں بچوں کی پرورش بھی نہایت دانشمندانہ انداز میں کرتی ہے۔ بچوں کی شخصیت و دماغ کی تعمیر والدہ کی ذہانت کا عکس ہوتی ہے۔

  • غذائی قلت کا شکار بچوں اور ماؤں کے لیے خصوصی پروگرام

    غذائی قلت کا شکار بچوں اور ماؤں کے لیے خصوصی پروگرام

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ ایک خصوصی غذا کے حوالے سے پروگرام بنایا گیا ہے جس کے تحت غذائی قلت کا شکار بچوں اور ماؤں کو غذائی ڈبے دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے انسداد غربت ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خصوصی غذا کے حوالے سے پروگرام بنایا گیا ہے۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ غذائی قلت کی وجہ سے بچوں کا وزن کم اور قد چھوٹا رہ جاتا ہے، غذائی قلت بچوں کی ذہنی نشونما پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔ غذائی قلت کا شکار بچوں اور ماؤں کو غذائی ڈبے دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی بار اس شعبے کو ترجیح دے کر جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے، اس پروگرام میں بلوچستان کے 3 اضلاع بھی شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں 2 لاکھ 21 ہزار بینفشریز ہیں، سہ ماہی خرچ کے علاوہ آنے جانے کا 500 روپے خرچ بھی دیں گے۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ملک کے 9 ڈسٹرکٹ کے 33 سینٹرز میں پروگرام شروع کیا گیا ہے، 15 ماہ تک خواتین اس پروگرام سے مستفید ہوں گی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ احساس ایمرجنسی کیش کا دوسرا راؤنڈ ہوگا یا نہیں اس کا فیصلہ کابینہ کرے گی، کابینہ نے فیصلہ کیا کہ سیکنڈ راؤنڈ ہونا چاہیئے تو پھر ہم تیاری کریں گے۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نے پناہ گاہوں پر میٹنگ کال کی تھی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پناہ گاہوں کا اسٹینڈرڈ اچھا رکھنا ہے۔ غریب اور مسکین کو اچھا کھانا اور بستر نہ بھی دیں تو وہ شکایت نہیں کرتے، اسی لیے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہمیں غریبوں کا خود سے خیال رکھنا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ثانیہ نشتر نے قبائلی ضلع خیبر کے نشونما مرکز کی تصاویر ٹویٹر پر شیئر کی تھیں جس کی تیاریاں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس نشونما پروگرام کے ذریعے حاملہ، دودھ پلانے والی خواتین اور ان کے کمزور بچوں کو اسٹنٹنگ کے مرض سے بچاؤ کے لیے صحت بخش اضافی غذا کے پیکٹ فراہم کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ احساس نشونما پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کی آگاہی کے لیے ان کی اور ان کے بچوں کی خوراک اور صحت و صفائی کے حوالے سے خصوصی معلوماتی چارٹ اور پوسٹر بھی مرتب کیے گئے ہیں۔

  • بیٹے کو جیل سے چھڑانے کے لیے ماں نے گہری سرنگ کھود ڈالی

    بیٹے کو جیل سے چھڑانے کے لیے ماں نے گہری سرنگ کھود ڈالی

    یوکرین میں ایک ماں نے اپنے سزا یافتہ بیٹے کو قید سے چھڑانے کے لیے 35 فٹ گہری سرنگ کھود ڈالی، تاہم سرنگ پولیس کی نظروں میں آگئی جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    یوکرینی میڈیا کے مطابق 51 سالہ خاتون کا بیٹا جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔ ماں نے اسے جیل سے نکالنے کے لیے پہلے ایک قریبی علاقے میں گھر کرائے پر لیا۔

    اس کے بعد اس نے پھاؤڑے اور کدال حاصل کیے اور گھر کے قریب سے سرنگ کھودنی شروع کردی، 51 سالہ ماں رات کے وقت اسکوٹر پر نکلتی اور اپنا کام شروع کردیتی۔

    دن کے وقت وہ اپنا زیادہ تر وقت گھر کے اندر گزارتی تاکہ کم سے کم لوگ اس سے واقف ہوں۔

    سرنگ کھودنے کے بعد مٹی اٹھانے کے لیے وہ ایک چھوٹی ٹرالی بھی استعمال کر رہی تھی۔ بالآخر وہ ایک 35 فٹ گہری سرنگ کھودنے میں کامیاب ہوئی جو جیل تک پہنچ رہی تھی تاہم جلد ہی وہ پولیس کی نظروں میں آگئی۔

    پولیس نے خاتون کے حوالے سے آس پاس کے لوگوں سے دریافت کیا تو کوئی بھی اسے نہیں پہچان سکا، تاہم لوگ اس کی ہمت سے بے حد متاثر ہوئے۔

    ایک مقامی شہری کا کہنا تھا کہ جس مہارت سے عورت نے یہ سرنگ کھودی ہے اس سے یوں لگتا ہے جیسے یہ کسی کان کن کی بیٹی ہو، ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ اصل ماں یہ ہے، وہ نہیں جو اپنے بچوں کو چھوڑ جاتی ہے۔

    عدالت کی جانب سے ماں کو سزا بھی سنائی گئی جسے اب وہ جیل میں پوری کر رہی ہے۔

  • بیوی کے اکسانے پر بیٹے کا والدہ پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    بیوی کے اکسانے پر بیٹے کا والدہ پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    راولپنڈی: جائیداد کے تنازع نے بیٹے کا خون بھی سفید کر دیا، راولپنڈی میں سنگ دل بیٹے نے اپنی ماں کو تھپڑوں اور گھونسوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی حدود میں ارسلان نامی شخص نے پیسے کی لالچ اور بیوی کے اکسانے پر والدہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، بہن کی دہائیاں بھی وحشی انسان کو نہ روک سکیں، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔

    بہن زوبیہ امیر نے موبائل سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی، جو بڑی تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    وڈیو سامنے آنے پر پولیس بھی حرکت میں آ گئی، بیٹے اور بہو پر مقدمہ درج کر لیا، تاہم والدہ پر تشدد کے بعد بیٹا اور بہو گھر سے فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل چیک اپ کرا لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بدبخت بیٹا ماں کو زمین پر گرا کر لاتوں گھونسوں سے تشدد کر رہا ہے، چند سیکنڈ کی اس ہول ناک ویڈیو نے سب کو لرزا دیا ہے۔ معلوم ہوا کہ راولپنڈی کے رہائشی ارسلان نے بیوی کے کہنے پر ماں کے چہرے پر تھپڑ مارنا شروع کیے تو ظالم کا ہاتھ نہ کانپا۔

    ناخلف اولاد ماں کو مغلظات بھی بکتی رہی، ویڈیو میں بہن دہائیاں دیتی سنائی دیتی ہے، مگر وحشی انسان پھر بھی نہیں رکا، سوتیلی بہن زوبیہ امیر نے ایک ویڈیو میں بھائی اور بھابھی پر یہ الزام بھی لگایا ہے کہ گھر سے قیمتی سامان اور کاغذات غائب ہیں۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس ایکشن میں آئی اور ملزم ارسلان اوراس کی اہلیہ کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا، سی پی او نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔

    زوبیہ کے موبائل فون سے بنی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے کی کچھ دیر بعد ہی وائرل ہو گئی اور زوبیہ امیر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے، صارفین کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد سزا دی جائے۔

  • فلسطینی نوجوان کی تصویر نے سب کو رلا دیا

    فلسطینی نوجوان کی تصویر نے سب کو رلا دیا

    مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی نوجوان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ اسپتال کی کھڑکی سے اپنی ماں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کوشش کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی نوجوان کی ماں کرونا کا مقابلہ کرتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملی،اسی دوران سوشل میڈیا پر اس کے بیٹے کی تصویر وائرل ہوگئی جس میں وہ اسپتال کی کھڑکی سے ماں کی جھلک دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    فلسطینی نوجوان السویطی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ہزاروں افراد نے اس سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

    السویطی نے قدس نیٹ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ کی عمر 75 سال تھی انہوں نے حج کیا ہوا تھا اور وہ کرونا میں مبتلا تھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اسپتال کی جانب سے حفاظتی تدابیر کے تحت ملاقات پر پابندی ہونے کے بعد میں روزانہ دفتر سے فارغ ہوتے ہی سیدھا الخلیل سرکاری اسپتال جاتا اور عقبی دیوار سے چڑھ کر ماں کے کمرے کی کھڑکی پر بیٹھ کر انہیں دیکھا کرتا تھا۔

    السویطی کا کہنا تھا کہ والدہ دنیا سے چلی گئی ہیں ہر لمحہ میری دعا یہی ہے کہ خدا ہر مریض کو شفا دے۔فلسطینی نوجوان کا کہنا تھا کہ بظاہر کھڑکی اور والدہ کے درمیان فاصلہ نہ ہونے کے برابر تھا لیکن مجھے یہ زمین اور آسمان جتنا فاصلہ لگتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ والدہ کو تکلیف میں دیکھ کر میں دکھی ہوجاتا تھا، میری ماں زندگی کی آخری سانسیں لے رہی تھی اور میں کچھ بھی نہیں کرسکتا تھا۔

    فلسطینی نوجوان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی تصاویر وائرل ہونے کے بارے میں علم نہیں، لوگوں نے مجھے بتایا کہ تمہاری تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں، مجھے یہ لگتا ہے کہ اللہ نے یہ تصویر اس لیے وائرل کی ہو تا کہ جو لوگ بھی اسے دیکھیں وہ میری ماں کے لیے دعا کریں۔

  • بدبختی مقدر ہو گئی، بیٹوں نے ماں پر تشدد کر کے ٹانگ توڑ ڈالی

    بدبختی مقدر ہو گئی، بیٹوں نے ماں پر تشدد کر کے ٹانگ توڑ ڈالی

    لاہور: تھانہ غازی آباد کے علاقے میں بد بخت بیٹوں نے گھریلو تنازع پر سگی ماں پر بدترین تشدد کر کے اس کی ٹانگ توڑ دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے غازی آباد میں 3 سگے بیٹوں کا خون سفید ہو گیا، انھوں نے اپنی بیویوں کے ساتھ مل کر بزرگ ماں پر بدترین تشدد کیا، جس سے اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔

    ماں کا ساتھ دینے والے 2 بیٹوں کو بھی باقی تین بھائیوں نے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا، بیٹوں نے زخمی ماں کو اسپتال لے جا کر پلستر چڑھوایا۔

    پولیس بھی ماں پر تشدد کرنے والے ملزمان کے ساتھ مل گئی، یہ واقعہ 5 دن قبل پیش آیا، متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس کو بھائیوں کے تشدد کے بعد درخواست دی گئی لیکن پانچ دن گزر گئے اور تھانہ غازی اباد پولیس نے تاحال ایف آئی آر درج نہیں کی۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے شقی القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ بزرگ خاتون کی عمر اور تکلیف کا بھی خیال نہ کیا، پولیس روزانہ انھیں تھانے بلاتی ہے اور بٹھا کر واپس بھجوا دیتی ہے۔

    متاثرین نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ پولیس زخمی ماں کے خلاف ہی مقدمہ درج کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ متاثرین نے انصاف کے لیے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • ذہنی مرض میں مبتلا ماں نے 4 بچوں اور پڑوسن لڑکی کو گولی ماردی

    ذہنی مرض میں مبتلا ماں نے 4 بچوں اور پڑوسن لڑکی کو گولی ماردی

    لوزیانا: ایک امریکی ماں نے پڑوسن لڑکی کو گولی مارنے کے بعد اپنے 4 بچوں کو بھی گولی مار دی اور آخر میں خود کشی کر لی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست لوزیانا کے علاقے مونرو میں ایک افسوس ناک واقعے میں ایک خاتون نے چار بچوں اور پڑوسن کو مارنے کے بعد خود کو بھی گولی مار دی۔

    مونرو پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا، برٹنی ٹکر نامی خاتون نے اپنی 20 سالہ پڑوسن انتشا لاگ ووڈ سے استفسار کیا کہ تم کیوں ہنس رہی ہو، اور یہ کہہ کر اس نے اسے گولی مار دی۔

    پولیس کے مطابق برٹنی ٹکر اس کے بعد اپنے گھر میں داخل ہوئی اور اپنے چار بچوں کو بھی گولیاں مار دیں، تمام بچے 12 سال سے کم عمر کے تھے، جن کی شناخت 12 سالہ ٹریمائن ٹکر، 8 سالہ ٹریشل ٹکر، 5 سالہ ٹریزر ٹکر اور 5 ماہ کی بچی گلوریا ٹکر کے ناموں سے کی گئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون ذہنی مسائل کا شکار تھی، واقعے سے قبل وہ اپارٹمنٹ کے آس پاس پستول لہراتے گھومتی دیکھی گئی تھی، افسوس ناک واقعے میں استعمال ہونے والی پستول کچھ عرصہ قبل قانونی طور پر خریدی گئی تھی۔

    مونرو پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ کسی نے بھی پولیس سے رابطہ نہیں کیا، ورنہ اس افسوس ناک واقعے کو روکا جا سکتا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ ان کے علم میں کوئی ایسا شخص ہو جو ذہنی مسائل کا شکار ہو تو پولیس سے ضرور رابطہ کریں۔

  • ننھے بچے گھر پر اکیلے چھوڑ کر ماں کئی گھنٹوں کے لیے سیلون روانہ

    ننھے بچے گھر پر اکیلے چھوڑ کر ماں کئی گھنٹوں کے لیے سیلون روانہ

    امریکا میں ایک ماں سیلون میں اپنے اپائنمنٹ کے لیے 4 چھوٹے بچوں کو گھر میں اکیلا چھوڑ گئی، پولیس نے پڑوسیوں کی شکایت پر ماں کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی ریاست ٹیکسس میں 28 سال ماں گبریئل سائمن سیلون میں اپنے بالوں کی اپائنمنٹ کے لیے ننھے بچوں کو گھر میں اکیلا چھوڑ گئی، بچوں میں 3 ماہ کے 2 جڑواں بچے، 1 سال کا بچہ اور 7 سال کا بچہ شامل تھا۔

    پولیس کے مطابق 7 سالہ بچے کو ماں نے چھوٹے بچوں کی نگرانی کے لیے کہا تھا تاہم وہ خود بھی جزوی طور پر معذور تھا۔

    بعد ازاں پڑوسیوں نے گھر پر بچوں کو اکیلا پا کر پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس نے گھر پر پہنچ کر ماں سے رابطہ کیا تو اسے گھر سے گئے کئی گھنٹے گزر چکے تھے اور پولیس کی کال کے مزید ایک گھنٹے بعد وہ گھر پہنچی۔

    پولیس نے اسے گرفتار کر کے اس پر بچوں کی طرف لاپرواہی اور غفلت کے الزمات عائد کیے ہیں۔ بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن سروس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

  • ماں کی غفلت، ہولناک حادثے میں جڑواں بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں

    ماں کی غفلت، ہولناک حادثے میں جڑواں بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں

    سڈنی: آسٹریلیا میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، ماں کی غفلت کے باعث جڑواں بچیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی ریجن ’بٹلو‘ میں گھر میں آگ لگنے کے خطرناک حادثے نے دو کمسن بچیوں کی جانیں لی لیں، ماں دونوں بچیوں کو گھر میں اکیلے چھوڑ کر باہر گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ایشا اور لیلانی نامی دونوں جڑواں بچیاں آتشزدگی کے ہولناک حادثے میں ہلاک ہوگئیں، ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچیوں کی موت آگ لگنے کے بعد دم گھٹنے سے ہوئی۔

    ہلاک ہونے والی بچیوں کی عمریں 3 سال تھی، اور دونوں گھر میں بستر پر تکیے سے کھیل رہی تھیں، حادثے کے بعد دونوں بچوں کے پاس سے جلا ہوا تکیہ بھی برآمد ہوا، اس واقعے سے ماں پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں آگ تقریباً 5 منٹ تک لگی رہی بعد ازاں ریسکیو عملے نے فوری طور پر آگ پر قابو پایا اور کولنگ کا عمل شروع کیا بدقسمتی اس وقت تک بچیاں ہلاک ہوچکی تھیں۔

    پولیس کے مطابق ’مس فورڈ‘ نامی ماں آتشزدگی کے دوران سوائے گھر کو جلتا دیکھنے کے اور کچھ نہ کرسکی۔

  • ماں نے ننھے بچے کو گاڑی میں بند کر کے اسے آگ لگا دی

    ماں نے ننھے بچے کو گاڑی میں بند کر کے اسے آگ لگا دی

    کولمبیا: امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے ایک علاقے میں شقی القلب ماں نے اپنے ننھے بچے کو گاڑی میں بند کر کے گاڑی کو آگ لگا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کیرولینا کے علاقے کولمبیا میں 23 سالہ خاتون کیلن ایلس واٹسن نے اپنے 14 ماہ کے بیٹے کو کار میں بند کر کے اسے آگ لگا دی، پولیس نے اسے اقدام قتل کے جرم میں گرفتار کر لیا۔

    کولمبیا پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون نے کار کو قصداً آگ لگائی جب کہ اس وقت اس کا بیٹا بھی اندر موجود تھا، پولیس نے خاتون کو گرفتار کر کے اقدام قتل، فرسٹ اور تھرڈ ڈگری آتش زنی، بدسلوکی، اور بچے کو جسمانی طور پر شدید چوٹ پہنچانے کے الزامات میں جیل بھجوا دیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو پیش آیا تھا، اس وقت چار راہ گیروں نے کار کو آگ لگتے دیکھ کر فوراً 911 پر کال کی اور بچے کو کار سے نکالنے میں مدد کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ شدید طور پر جل گیا ہے، اور جارجیا کے اسپتال میں اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

    چوروں کی حیرت انگیز حکمت عملی، نقاب کی جگہ تربور ‘اوڑھ’ لیے

    واقعے میں بچے کی ماں واٹسن بھی معمولی جل گئی تھی، تاہم طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے جیل بھجوا دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس بات کا ثبوت ملا کہ آگ قصداً لگائی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق ماں کی جانب سے کار کو آگ لگانے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ کیلن ایلس واٹسن کے ساتھ اسکول میں پڑھنے والی ایک خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ میرے لیے صدمے سے کم نہیں تھا، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ کوئی سمجھ دار شخص ایک بچے کے ساتھ ایسا کر سکتا ہے۔