Tag: ماہ اپریل

  • پاکستانی سفارت کاری : اس مہینے کیا خاص ہونے والا ہے؟

    پاکستانی سفارت کاری : اس مہینے کیا خاص ہونے والا ہے؟

    اسلام آباد : پاکستانی سفارت کاری کیلئے رواں ماہ اپریل انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ملک کی سیاسی و معاشی ترقی میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

    اس حوالے سے سفارتی ذرائع  نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ رواں ماہ اپریل میں اہم سرکاری دورے، کانفرنسوں اور ملاقاتوں کیلئے شیڈول فل ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات و سرمایہ کاری میکائیل جباروف کل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان بھی کل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

    اس کے علاوہ ای سی او سیکرٹری جنرل و سابق سیکرٹری خارجہ 10 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کررہے ہیں، سیکرٹری جنرل 12 تا 14 اپریل لاہور میں ای سی او مستقل نمائندوں کی کونسل اجلاس میں شرکت کرینگے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل سے اسلام آباد میں 2روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد بھی ہورہا ہے، فورم میں متعدد غیرملکی وفود، وزراء بھی شرکت کررہے ہیں۔

    امریکی کانگریس کا ایک وفد بھی10سے15اپریل تک پاکستان کا دورہ کرے گا، امریکی کانگریس میں جیک بریگمین اور ٹام سوزی وفد کی قیادت کریں گے۔

    اس کے علاوہ امریکہ کا ایک بین الاداراتی وفد بھی10اپریل تک اسلام آباد میں موجود رہے گا، وفد کی قیادت بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز ایرک مائر کررہے ہیں۔

    وفد کل شروع ہونے والی پاکستان منرلزانویسٹمنٹ فورم میں شرکت کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کےہمراہ 10 اپریل کو منسک, بیلاروس کا دورہ کرینگے۔ اپریل میں ہی اوورسیز پاکستانیوں کی کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ وسط اپریل کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ کریں گی، آمنہ بلوچ 17اپریل کو ڈھاکہ میں پاک بنگلہ دیش سیاسی مشاورتی اجلاس میں شرکت کرینگی۔

    رواں ماہ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان بھی افغانستان کا دورہ کرینگے، صادق خان کی پاک افغان مشترکہ کوارڈنیشن کمیٹی اجلاس میں شرکت پر غور جاری ہے۔

    اپریل میں ہی افغان وزیر تجارت نورالدین عزیزی کا بھی دورہ پاکستان متوقع ہے، نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا دورہ بنگلہ دیش22 سے24ا پریل تک متوقع ہے۔

    سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آذربائیجان کے صدرالہام علئیوو بھی 26 سے 27 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے، اس کے علاوہ اگلے ماہ مئی میں وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف سید عاصم منیر ملائشیاکا دورہ کریں گے۔

  • ماہ اپریل کے دوسرے ہفتہ میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    ماہ اپریل کے دوسرے ہفتہ میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد : نئے مالی سال 2017-18ء کے دسویں ماہ ( اپریل2018ء ) کے دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.36 فیصدکا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.22 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق14 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، چینی، گڑ، نمک ،ویجی ٹیبل گھی ،بیف، مٹن، ایل پی جی، چنے کی دال ، دال ماش، اری چاول، سرخ مرچ ،مسٹرڈ آئل، چائے، کپڑے سمیت21اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    لہسن ، ٹماٹر، گندم، آٹا، کیلے، آلو، انڈے، دال مسور، دال مونگ، پیاز ،سمیت دس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول ،ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل ، بجلی کے نرخ ،گیس نرخ ،خوردنی تیل، تازہ دودھ ،دھی ،ملک پاؤڈر، باسمتی چاول ،صابن ،سمیت 22 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا،۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.28، 0.33 ،0.37 اور 0.43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔