Tag: ماہ ربیع الاوّل

  • ماہ ربیع الاوّل کا چاند نظر آگیا

    ماہ ربیع الاوّل کا چاند نظر آگیا

    کراچی: رویت ہلال کمیٹی نے ماہ ربیع الاوّل 1441 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، سائنسی اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے شرکت کی۔

    مرکزی اجلاس کے علاوہ پاکستان کے بڑے شہروں میں بھی رویت ہلال کمیٹی کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ ملک بھر سے شہادتیں موصول ہونے اور تصدیق کے بعد چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے ربیع الاوّل کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔

    رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق یکم ربیع الاول 30 اکتوبر بروز بدھ اور اسی طرح 12 ربیع الاول 10 نومبر بروز اتوار کو ہوگی۔ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ اتوار کے روز مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ماہ ربیع الاوّل اسلامی سال کا تیسرا مہینہ ہے جس میں آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت ہوئی جس کے بعد دنیا سے جہالت کا خاتمہ شروع ہوا۔

    پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ والٰہ وسلم پوری دنیا کے لئے عملی نمونہ بن کر آئے اور وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی قیامت تک آسکتا ہے۔

    یکم ربیع الاول سے ہی مساجد اوردیگرمقامات پرمیلاد النبیﷺ اورنعت خوانی اور مدحِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محافل شروع ہو جاتی ہیں جن میں علمائےکرام آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت، آپ کی ذات مبارکہ اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پرروشنی ڈالتے ہیں، اسی طرح مختلف شعرا اورثنا خوانِ رسول آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان اقدس میں نعتیہ گلہائے عقیدت اوردرودوسلام پیش کرتے ہیں۔

  • ماہ ربیع الاوّل : کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی مدت میں کمی کا اعلان

    ماہ ربیع الاوّل : کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی مدت میں کمی کا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے ماہ ربیع الاوّل کے موقع پر کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر دس روز کی پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا، اب صرف تین دن پابندی رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی اب دس روز سے کم کرکے تین روز کردی گئی ہے، نئے حکم نامے کے تحت پابندی اب دس ربیع الاوّل سے13ربیع الاوّل تک ہوگی۔

    شہر میں قیام امن اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے اسلحہ لے کر چلنے اور لاؤڈ اسپیکر کےاستعمال پر پابندی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: ماہ ربیع الاوّل ،حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10روز کی پابندی لگا دی

    اس پابندی کا اطلاق جشن عید میلادالنبی کی محافل، ریلیوں اور جلوسوں پر نہیں ہوگا، اس کے علاوہ لائسنس یافتہ اسلحہ لے کرچلنے پر بھی پابندی ہوگی۔

  • ماہ ربیع الاوّل : حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10روز کی پابندی لگا دی

    ماہ ربیع الاوّل : حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10روز کی پابندی لگا دی

    کراچی : حکومت سندھ نے ماہ ربیع الاوّل کے موقع پر صوبے بھر میں دفعہ144نافذ کردی ہے، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10روز کی پابندی لگا دی گئی، محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ماہ محرم کے بعد ایک بار پھر امن و امان کے پیش نظر ماہ ربیع الاوّل میں صوبے بھر میں میں دفعہ144نافذ کردی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ حکم نامہ میں دفعہ144کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی اور اس کا اطلاق ربیع الاوّل کی10تاریخ سے 20تاریخ تک ہوگا۔

    سندھ میں دس روز تک12ربیع الاوّل کی محافل نعت، اور جلوسوں کے علاوہ5سے زائد افراد کے ایک جگہ اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، دفعہ 144کانفاذ 20ربیع الاول تک ہوگا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کانوٹی فکیشن کے مطابق نفرت انگیز تقاریر پر مبنی آڈیو اور ویڈیو بیانات چلانے پر پابندی ہوگی، اس کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر پر پابندی اور اسلحہ لے کر چلنے کے تمام اجازت نامے بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔