Tag: ماہ رمضان

  • سحر و افطار میں گھر والوں کی بہت یاد آتی ہے، قیدی حال سناتے ہوئے رو پڑے

    سحر و افطار میں گھر والوں کی بہت یاد آتی ہے، قیدی حال سناتے ہوئے رو پڑے

    کراچی : ماہ رمضان میں جہاں لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سحر و افطار اور عبادات میں وقت گزارتے ہیں تو دوسری جانب جیل کی دیواروں کے اندر قیدی اس ماہ مقدس کے شب و روز کیسے گزارتے ہیں؟۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کی ٹیم  نے میزبان اقرار الحسن کی قیادت میں کراچی سینٹر جیل کا دورہ کیا اور ماہ رمضان کی مناسبت سے قیدیوں سے ان کے خیالات اور احساسات جاننے کی کوشش کی۔

    اس موقع پر کراچی سینٹرل جیل کے ایس ایس پی عبدالکریم عباسی نے ٹیم سرعام کو قیدیوں کیلیے سحر و افطار کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔

    سینٹرل جیل کا کچن دیکھ کر حیرت ہوئی 

    انہوں نے بتایا کہ عام طور پر مخیر حضرات سحر و افطار کا بندوبست کرواتے ہیں اور 7200 افراد کیلیے کھانا فراہم کیا جاتا ہے جس میں 400 قیدی غیر مسلم اور کچھ ضعیف لوگ ہیں جو روزہ نہیں رکھتے باقی سب روزے سے ہوتے ہیں۔

    ٹیم سرعام نے جیل کے کچن کا دورہ کیا تو وہاں صفائی ستھرائی کی صورتحال دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی جہاں گندگی نام کی کوئی چیز نہیں تھی اور تمام ایس او پیز کا ہر طرح سے خیال رکھا گیا تھا۔

    یہاں 36 عیدیں گزار چکا ہوں

    اس موقع پر عمر قید کاٹنے والے ایک قیدی نے بتایا کہ مجھے یہاں 18 سال ہوچکے ہیں اور اب تک یہاں 36 عیدیں گزار چکا ہوں ہر رمضان اور عید کے موقع پر گھر والے بہت یاد آتے ہیں۔

    ایک اور قیدی نے بتایا کہ میں 17 سال کی عمر میں جیل میں آیا تھا مجھے قتل کے الزام میں25 سال کی سزا ہوئی ہے اس نے بتایا کہ ماہ رمضان میں جب گھر والوں کی یاد آتی ہے تو دل اداس ہو جاتا ہے۔

    بیوی کہتے تھی کہ آپ تو قیمے کے پیچھے ہی پڑگئے ہو

    ایک اور قیدی کا روتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے یہاں پر گھر والوں کے ساتھ سحر و افطار کرنا بہت یاد آتا ہے مجھے قیمہ بہت پسند تھا تو میری بیوی مجھے کہا کرتی تھی کہ آپ تو قیمے کے پیچھے ہی پڑگئے ہو۔

    بچے بہت یاد آتے ہیں

    ایک قیدی نے بتایا کہ دس سال کی قید کاٹ رہا ہوں یہاں سے رہا ہونے بعد عزت اور شرافت کی زندگی گزاروں گا مجھے اپنے بچے بہت یاد آتے ہیں میری بیٹی 11 سال کی ہوگئی ہے،اکثر ملنے بھی آتی ہے۔

  • اسرائیل کی ماہ رمضان میں بدترین بمباری، 174 بچے شہید

    اسرائیل کی ماہ رمضان میں بدترین بمباری، 174 بچے شہید

    غاصب صہیونی ریاست اسرائیل نے غزہ میں ظلم کی انتہا کر دی اور ماہ رمضان میں بدترین بمباری کرتے ہوئے 174 بچوں کو شہید کر ڈالا۔

    غاصب صہیونی ریاست اسرائیل نے غزہ کے مظلوم عوام پر ظلم کی انتہا کر دی اور ماہ رمضان میں بدترین بمباری کرتے ہوئے 174 بچوں کو شہید کر دیا۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 400 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ ان میں بچوں کے ساتھ 89 خواتین بھی شامل ہیں۔

    آج صبح اسرائیلی طیاروں نے جنوبی غزہ میں بمباری کی جس سے 14 افراد جان سے گئے۔ اسرائیل نے شمالی غزہ میں ٹینک پہنچا دیے ہیں۔

    صیہونی فورسز نے حملوں کے دوران انسانی اور جنگی تمام اخلاقیات کو پیروں تلے روندتے ہوئے خیموں، اسکولز اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں پانچ منزل عمارت بھی زمین بوس ہوگئی۔

    جنگی جنون میں مبتلا اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یہ بمباری ابھی شروعات ہے۔ دوسری جانب حماس کے ترجمان اسامہ ہمدان کا کہنا ہے اگر اسرائیل کو لگتا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے معاہدہ بدل جائے گا، تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے معاہدے کو نقصان پہچایا۔ جو نتائج امریکا اور اسرائیل چاہتے تھے، اب وہ نہیں ہونگے۔

    https://urdu.arynews.tv/israeli-strikes-in-gaza-more-than-400-martyrs/

  • ماہ رمضان میں خواتین جِلد کو تر و تازہ کیسے بنائیں؟

    ماہ رمضان میں خواتین جِلد کو تر و تازہ کیسے بنائیں؟

    روزہ رکھنے کی وجہ سے عام طور پر جسمانی تبدیلی کے ساتھ جلد پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں،  ایسے میں خواتین جِلد کو تر و تازہ اور اس کی دیکھ بھال کیسے کر سکتی ہیں؟۔

    ماہ رمضان میں اپنی ڈائٹ میں ایسی کون سی غذائیں شامل کی جائیں، جو جِلد کو تر و تازہ رکھنے میں مدد کریں، پانی کی کتنی مقدار لی جائے؟

    اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس ماہ کے دوران جسم میں پانی کی کمی، نیند میں خلل اور ناقص غذا آپ کے جسم اور جِلد کو متاثر کرسکتی ہے، روزےمیں کئی گھنٹے بھوکے اور پیاسے رہنے کی وجہ سے عام دنوں کے مقابلے میں جلد کا زیادہ خیال رکھنا چاہیے۔ ،

    جِلد کو تر و تازہ رکھنے میں سب سے اہم کردار پانی کا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی دیکھنا ضروری ہے کہ سحر اور  افطار میں آپ کیا کھارہے ہیں اور کتنا پانی پی رہے ہیں؟

    ایسے ہی کئی سوالات آپ کے ذہن میں بھی ہوں گے، اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں روزے رکھنا نہ صرف روحانی فوائد رکھتا ہے بلکہ صحت پر بھی مثبت اثر ڈالتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق روزہ رکھنے سے جسم کے قدرتی شفایابی کے عمل متحرک ہوتے ہیں، جو جلد کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

    یہ عمل خلیوں کی مرمت، ہارمونز کا توازن اور آنتوں کی صحت میں بہتری لاتا ہے، جس سے جلد زیادہ تروتازہ اور چمکدار نظر آتی ہے۔

    روزے کے دوران، جسم آٹوفیجی کے عمل کو متحرک کرتا ہے، جس میں پرانے یا خراب خلیے ٹوٹ کر دوبارہ استعمال میں آتے ہیں۔

    یہ عمل جلد کے خلیوں کی مرمت اور تجدید میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جس سے جلد زیادہ صحت مند اور جوان نظر آتی ہے۔

    روزے کے دوران جلد کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    روزہ رکھنے کے دوران مناسب ہائیڈریشن اور غذائیت کا خیال رکھنا ضروری ہے، ورنہ جلد خشک اور بے رونق ہو سکتی ہے۔

    اس کیلیے کافی مقدار میں پانی پینا، سحری اور افطار میں زیادہ سے زیادہ پانی اور ہائیڈریٹنگ غذائیں جیسے کھیرے، تربوز، اور دہی کا استعمال کریں تاکہ جسم میں نمی برقرار رہے۔

    چکنائی اور چینی سے پرہیز، چکنائی اور زیادہ میٹھے کھانے انسولین لیول میں اضافہ کرکے جلد کے مسائل جیسے کیل مہاسے اور دانے پیدا کر سکتے ہیں۔

  • افطاری میں کتنی کھجوریں کھانا بہتر ہے؟اے آئی نے بتادیا

    افطاری میں کتنی کھجوریں کھانا بہتر ہے؟اے آئی نے بتادیا

    ماہ رمضان میں افطار کا آغاز عموماً کھجور سے کیا جاتا ہے، جو ایک اچھا عمل ہے تاہم افطاری میں کھجور کتنی تعداد میں کھانا صحت کیلئے بہتر ہے؟

    اس حوالے سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے کھجوروں کی تعداد کے بارے میں پوچھا گیا تو اس کا جواب کچھ یوں تھا۔

    رمضان میں افطاری کے دوران اور اس کے بعد کھجوروں کی تعداد ہر شخص کے لیے مختلف ہوسکتی ہے لیکن افطاری کے بعد تین سے پانچ کھجوریں کھانا بہتر ہے۔

    کھجور کے فوائد :

    کھجور میں قدرتی شکر ہوتی ہے جو طویل وقت تک روزے کے دوران جسم کو توانائی فراہم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ کھجور میں فائبر ہوتا ہے جو نہ صرف ہاضمے کو بہتر کرنے میں مدد کرتا ہے بلکہ اگلے دن کے روزے کے دوران بھوک کو کم کرنے میں کارآمد ہے۔

    اس کے علاوہ کھجور میں اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

    یاد رکھیں بوڑھے لوگوں کو افطاری میں کھجور کم کھانی چاہیے اور جو لوگ موٹاپے کا شکار ہوتے ہیں انہیں بھی کم کھجوریں کھانی چاہئیں۔

    افطاری میں کھجور پانی کے ساتھ کھانے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے دیگر کھانوں کے ساتھ کھجور کھانا بھی ہاضمہ کیلیے بہترین ہے۔

    زیادہ مقدار میں کھجور کھانے سے پرہیزکرنا چاہیے کیونکہ اس سے جسم میں کیلوریز کی مقدار میں اضافہ ہو سکتا ہے اور وزن بڑھ سکتا ہے۔

    کھجور غذائیت سے بھرپور اور صحت سب سے بہترین پھل ہے، خاص طور پر بھیگی کھجور ذیابیطس کے مریضوں کیلئے انتہائی مفید ہے۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کھجور کا باقاعدگی سے استعمال ہڈیوں کو مظبوطی اور جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔

    کھجور کا ذائقہ بے حد مزیدار ہوتا ہے، اس میں کیلوریز کی مقدار بھی دوسرے خشک میوہ جات جیسے کشمش اور انجیر کی طرح ہے۔ اس میں ریشہ، پروٹین، پوٹاشیم، میگنیشیم، آئرن اور وٹامن بی سکس کی بھرپور مقدار موجود ہے۔

  • کراچی: ماہ رمضان میں ڈکیتی مزاحمت پر 5 شہری جان کی بازی ہار گئے

    کراچی: ماہ رمضان میں ڈکیتی مزاحمت پر 5 شہری جان کی بازی ہار گئے

    کراچی میں رواں سال اب تک ڈکیتی مزاحمت پر ہلاکتوں کی تعداد 19 جبکہ رمضان المبارک کے دوران ہلاکتوں کی تعداد  5 ہوگئی ہے۔

    یکم مارچ کو رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں پولیس کو سیکیورٹی کے فل پروف اقدامات کی واضح ہدایت کے باوجود شہر میں دنداناتے ہوئے ڈاکوؤں نے رمضان میں پہلے عشرے کے صرف 5 روز میں 5 شہریوں کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔

    شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مزاحمت کے دوران شہری محمد عمران کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ چیف سیکیورٹی افسر محمد اسلم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا ہے۔

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 2 نوجوان قتل

    کراچی : پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں فائرنگ، سیکیورٹی گارڈ جاں بحق

    مقدمے کے متن کے مطابق اکاونٹنٹ محمد عمران سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور کیساتھ 51 لاکھ روپے بینک سے لیکر نکلے، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہائی روف گاڑی کے قریب آئے، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سیکیورٹی گارڈ قاسم سے اسلحہ چھینا۔

    جب محمد عمران نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کیا پیسے چھینے، محمد عمران اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

    فوٹیج میں مقتول محمد عمران کو مزاحمت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان کمپنی اکاؤنٹ سے 51 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔

    واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران شہری کو بے دردی سے قتل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، 2 مارچ کو اسکیم 33غازی گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار جاں بحق ہوا۔

    آج 6 جنوری کو پی ای سی ایچ ایس میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ساجد نامی سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا جب کہ گزشتہ روز سہراب گوٹھ اور قائد آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 شہری بابر اور وسیم جاں جاں بحق ہوگئے۔

  • ماہ رمضان میں کتنے گھٹنے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی؟  شیڈول جاری

    ماہ رمضان میں کتنے گھٹنے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی؟ شیڈول جاری

    نصیرآباد : ماہ رمضان میں کتنے گھٹنے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی ، اس حوالے سے شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے لیے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

    ایکسیئن گرڈاسٹیشن نے بتایا کہ شہری بجلی فیڈرز سے ساڑھے 13 گھنٹے بجلی فراہم ہوگی، جن میں ڈیرہ، ایکسپریس فیڈر،سٹی فیڈر، نیومیرحسن فیڈر شامل ہیں۔

    تینوں فیڈرز سے افطار اور تراویح کیلئے 6:30 سے رات 12:00 تک بجلی فراہم ہوگی جبکہ سحری کیلئے 3:30 سے صبح 6:00 بجے تک بجلی فراہم ہوگی۔

    صبح10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک بجلی فراہم کی جائے گی اور رمضان میں عوام کو2  گھنٹے بجلی کی بندش میں ریلیف دیا جائے گا۔

    شہری فیڈروں پر رمضان میں ساڑھے 10گھنٹے بجلی کی بندش  جاری رہے گی۔

    خیال رہے رمضان کے مقدس مہینہ میں سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی اورسوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ماہ رمضان :  گروسری اور دیگر اشیا کی نئی قیمتیں مقرر

    ماہ رمضان : گروسری اور دیگر اشیا کی نئی قیمتیں مقرر

    کراچی : کمشنر کراچی نے ماہ رمضان میں گروسری اور دیگر اشیا کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں، سرکاری قیمتیں ہر روز صبح جاری کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں گراں فروشی کی روک تھام کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں، کمشنر کراچی نے ماہ رمضان میں گروسری اور دیگر اشیا کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں۔

    گروسری اور دیگر اشیا کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ، سبزی اورفروٹس کی سرکاری قیمتیں ہر روز صبح جاری کی جائیں گی۔

    کمشنرکراچی دفتر میں شکایتی سیل کو فعال کر دیاگیا ہے، جس سے شہریوں کی شکایت سےگراں فروشی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

    ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پردکانداروں پر جرمانہ اورگرفتاری کریں۔

    کمشنر کا کہنا تھا کہ رمضان کے لئے مقرر کی جانے والی قیمتوں کو سختی سے نافذ کیا جائے گا اور قیمتوں کی فہرست آویزاں نہ کرنے پر جرمانہ اور گرفتار کیا جائے گا۔

    رمضان کے لئے بچھایا کےگوشت کی قیمت 1150 اور ہڈی والا گوشت 1000 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے جبکہ مٹن کا گوشت 2 ہزار روپے کلو میں فروخت ہوگا۔

  • ماہ رمضان میں وزن گھٹنے کے بجائے بڑھتا کیوں ہے؟ آسان علاج

    ماہ رمضان میں وزن گھٹنے کے بجائے بڑھتا کیوں ہے؟ آسان علاج

    ماہ رمضان میں بہت سے لوگوں کو یہ امید ہوتی ہے کہ ان کا وزن کم ہو جائے گا لیکن معاملہ اس کے برعکس ہوتا ہے۔

    روزے کی حالت میں پورے دن کچھ کھانا پیا نہیں جا سکتا پھر بھی کیا وجہ ہے جو ہر کسی کا وزن کم نہیں ہوتا بلکہ کچھ کا وزن تو پہلے سے بھی زیادہ ہو جاتا ہے؟

    اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ رمضان کے مہینے میں آخر کیا کھائیں اور کیا نہ کھائیں! اگر آپ رمضان کے مہینے میں اپنی صحت کو درست رکھنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وزن زیادہ نہ بڑھے تو ڈاکٹر بلقیس کے اس نسخے کا استعمال کرسکتے ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں معروف ہربلسٹ ڈاکٹر بلقیس شیخ نے وزن میں اضافے کی وجوہات اور اس پر قابو پانے سے متعلق مفید مشورے دیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزن بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ ہم سحر و افطار میں میٹھی اشیاء مثلاً کجھلا پھینی اور لال شربت اور جوسز جن میں بھرپور چینی شامل کی جاتی ہے بہت شوق سے اپنے دسترخوانوں پر سجاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس علاوہ افطار میں گھی اور تیل میں تیار کیے گئے پکوان جیسے پکوڑے سموسے، رول کچوری وغیرہ بھی وزن بڑھانے کی اہم وجوہات ہیں اور اس کے ساتھ زیادہ تر لوگ ورزش بھی نہیں کرتے۔

    ڈاکٹر بلقیس نے س مسئلے سے چھٹکارے کیلیے ایک نسخہ تیار کرکے بتایا ان کا کہنا ہے کہ یہ جادوئی نسخہ وزن میں کمی کیلیے بے حد مفید اور لاجواب ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 50گرام چھوٹی ہڑ کو دیسی گھی میں گرم کرکے پُھلا لیں، اور دوسری چیز ہے لونگ پیپر فلفل دراز۔ ان دونوں جڑی بوٹیوں کو ہم وزن لے کے اس کا پاؤڈر بنائیں اور رات کو سونے سے پہلے ایک چوتھائی چمچ پانی کے ساتھ لیں۔

    یہ بات بھی یاد رہے کہ یہ دوا اس وقت کھانی ہے جب رات کا کھانا کھائے ہوئے تین گھنٹے گزر چکے ہوں، اس نسخے کے استعمال سے حیرت انگیز طور پر آپ کا وزن بہت تیزی سے کم ہوگا۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔ 

  • سحر و افطار میں کون سی غذائیں کھانا ضروری ہیں؟ اے آئی نے بتادیا

    سحر و افطار میں کون سی غذائیں کھانا ضروری ہیں؟ اے آئی نے بتادیا

    رمضان المبارک میں سحر و افطار کی غذا کے معاملے میں ذرا سی احتیاط انسان کو صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے،

    ماہرین صحت کہتے ہیں کہ اس ماہ مقدس میں لذت اور ذائقے سے بھرپور پکوانوں سے ضرور لطف اندوز ہوں مگر احتیاط لازم ہے تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکے۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے العربیہ ڈاٹ نیٹ کی جانب سے مصنوعی ذہانت کی معروف ایپلی کیشن چیٹ جی پی ٹی سے ماہ رمضان میں خوراک کے استعمال اور بہترین غذائی نظام سے متعلق سوال کیا گیا۔

    جس کے جواب میں چیٹ جی پی ٹی نے بتایا کہ ماہ رمضان کے دوران سحر و افطار میں ایسی خوراک پر توجہ مرکوز کرنا اہم ہے جو جسم کو توانائی، نمی اور بھرپور غذائیت فراہم کرے تاکہ روزے کے دوران انسان کو سہارا مل سکے۔

    ماہ رمضان میں سحر و افطار کی خوراک سے متعلق بعض ہدایات مندرجہ ذیل سطور میں بیان کی جا رہی ہیں۔

    سحری میں کیا کھایا جائے؟

    سحری کو ایک متوازن خوراک ہونا چاہیے تاکہ انسانی جسم دن بھر چست رہے۔ ایسی غذاؤں کا انتخاب کریں جو توانائی فراہم کرے اور جسم کے اندر نمی برقرار رکھے تا کہ پیاس کے مسائل سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ سحری کی غذاؤں میں کمپلیکسڈ کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، صحت بخش چکنائی، ریشہ اور پانی و مشروبات شامل کریں۔

    سحری کا دسترخوان:

    اناج کا دلیہ جس کے ساتھ خشک میوہ جات ، بیج اور توت، گندم کی روٹی کے ساتھ ایواکاڈو اور ابلا ہوا انڈا، ایک گلاس پانی لیموں یا پودینے کے ساتھ ہو تو زیادہ بہتر ہے۔

    ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کا سادہ اور اچھا طریقہ سحری کے دوران مناسب مقدار میں پانی پینا ہے،اب یہ مقدار کتنی ہو، اس کے بارے میں فیصلہ آپ کو خود کرنا ہوگا مگر بہت زیادہ یا بہت کم نہ ہو۔

    افطاری کا اہتمام

    روزے میں پورا دن گزارنے کے بعد یہ بہت اہم ہے کہ ایسا افطار کیا جائے جو توانائی کی تجدید کرے اور جسم کو پھر سے پانی فراہم کرے۔ اس لیے افطار میں کھجور، پانی و مشروبات، سبزیوں، پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور صحت بخش چکنائی کا استعمال کیا جائے۔

    افطاری میں پر تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز کرنا چاہیے، اس سے وزن بڑھنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

    افطاری کی اشیاء

    کھجور اور ایک گلاس پانی سے روزہ کھولیں، کم تیل میں پکائی گئی مرغی کا شوربہ یا دال اور مکس سلاد جس پر زیتون کا تیل چھڑکا گیا ہو، براؤن رائس کے ساتھ بھنی ہوئی سبزیاں شمل کریں۔

    افطار اور سحری کے درمیان رات میں کیا کھایا جائے

    غذائی ماہرین کہتے ہیں کہ افطاری کے چند گھنٹے بعد کچھ ہلکا پھلکا کھا لیا جائے تاہم اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ وہ چیز ہلکی اور صحت بخش ہو جس میں میٹھے یا چکنائی کی بہتات نہ ہو اس موقع پر خشک میوہ جات، بیج، پھل، یونانی دہی اور قدرتی جوس لیے جا سکتے ہیں۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

  • لب شیریں بنا کر آج کے افطار کو یادگار بنائیں

    لب شیریں بنا کر آج کے افطار کو یادگار بنائیں

    ماہ رمضان الوادعی جمعہ کے ساتھ اپنی آخری ساعتوں میں داخل ہوچکا ہے تو کیوں نہ اس مقدس مہینے کی روحانی یادوں کو محفوظ کرلیا جائے۔

    آج کے افطار کیلئے ہم آپ کو مزے دار ’لب شیریں‘ بنانے کی ترکیب بتائیں گے جسے کھا کر آپ کے اہل خانہ آپ کی تعریف کیے بغیر رہ نہیں سکیں گے۔

    اجزاء:

    مزیدار لبِ شیریں کی تیاری میں جن اجزاء کی ضرورت ہے ان میں دودھ آدھا لیٹر، چینی 2 کپ، فریش کریم 1 کپ، ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور 3 کھانے کے چمچے، لال جیلی 1 پیکٹ۔

    اس کے علاوہ پیلی جیلی 1 پیکٹ، ہری جیلی 1 پیکٹ، ابلی رنگین سوئیاں 1 کپ، آم 2 عدد، کیلے 4 عدد، سیب 3 عدد، انگور 1 کپ، آڑو 1 عدد، پستے، بادام 1 کپ شامل ہیں۔

    ترکیب:

    ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور کو تھوڑے سے پانی یا پھر ٹھنڈے دودھ میں گھول لیں اب دیگچی میں دودھ اور چینی ڈال کے اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔

    جب چینی اچھی طرح حل ہو جائے تو اس میں پہلے سے حل شدہ کارن فلور یا پھر ونیلا کسٹرڈ کو اس گرم دودھ کے مکسچر میں شامل کرلیں اور اس دوران مسلسل چمچہ چلاتی رہیں کہ کسٹرڈ گاڑھا ہوجائے۔

    اب اس کو ٹھنڈا کرلیں اور تھوڑا سا کسٹرڈ پیالے میں نکالیں پھر اس میں کریم مکس کریں اور اس مکسچر کو فریج میں رکھ دیں۔

    اب جیلی کو پکا کے جمالیں اور جمنے کے بعد کیوب کی شکل میں کاٹ لیں، سارے پھلوں کو بھی چھیل کر کیوب کی شکل میں کاٹ لیں۔

    پھر ایک پیالے میں سارے پھل، جیلی، رنگین اُبلی ہوئی سویاں ڈال کے اوپر کسٹرڈ ڈال دیں۔ اسے پستے، بادام سے سجا کے ٹھنڈا کرکے دسترخوان پر سجائیں۔