Tag: ماہ رمضان

  • ماہ رمضان میں نیند کو کیسے منظم کیا جائے؟

    ماہ رمضان میں نیند کو کیسے منظم کیا جائے؟

    ماہ رمضان المبارک میں یومیہ معمولات میں تبدیلی کے سبب نیند کا متاثر ہونا عام سی بات ہے، جس کے نتیجے میں صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

    مناسب وقت تک سونا ہماری صحت کے لیے بہت اہم ہے تاہم تراویح اور سحری کے اوقات کی وجہ سے نیند کا شیڈول بدل جاتا ہے جس سے جسمانی گھڑی پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    اکثر لوگ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں نیند کو پورا کرنا ایک چیلنج سمجھتے ہیں، اس کے لیے ایک نازک توازن کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے صحت مند نیند کے انداز کو برقرار رکھنا اور بھی اہم ہو جاتا ہے لیکن رمضان کی مصروفیات کی وجہ سے اس ربط کو برقرار رکھنا مشکل بھی ہوتا ہے۔

    ’ٹائمز آف انڈیا‘ ویب سائٹ کی طرف سے شائع کردہ ایک رپورٹ یہ واضح کرنے میں مدد کرتی ہے کہ رمضان کے باقی ماندہ مہینے میں آپ کی نیند کے چکر کو کیسے منظم کیا جائے۔

    یہاں نیند کو منظم کرنے کےلیے کچھ تجاویز ہیں جو کھانے کے انتخاب میں تبدیلی اور روزانہ کے نظام الاوقات کو بہتر بنانے پر منحصر ہیں، جو درج ذیل ہیں۔

     ایک مختصر جھپکی 

    اگر ممکن ہو تو اپنی توانائی کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد کے لیے دن کے وقت مختصر جھپکی لیں لیکن رات کے وقت آپ کی نیند میں خلل ڈالنے سے گریز کریں۔

     جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں

    پانی کی کمی کو روکنے کے لیے افطار (روزہ افطار) اور سحری کے درمیان وافر مقدار میں پانی پئیں جو آپ کی نیند کے معیار کو بہتر کر سکتا ہے۔

     کیفین اور شوگر کا استعمال کم کریں

    سونے کے وقت کے قریب کیفین اور شوگر پر مشتمل مشروبات پینے سے پرہیز کریں، کیونکہ وہ آپ کی سونے کی صلاحیت میں خلل ڈال سکتے ہیں۔

     دھوپ میں بیٹھیں

    اپنے جسم کی اندرونی گھڑی کو منظم کرنے میں مدد کے لیے دن کے وقت قدرتی سورج کی روشنی میں دھوپ میں بیٹھیں۔ اور شام کو روشنی کو مدھم کریں۔

    متوازن غذا لیں

    سحری اور افطار کے دوران متوازن غذا کھائیں، جس میں پروٹین، پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس اور صحت مند چکنائیاں شامل ہیں تاکہ دن بھر توانائی فراہم کی جاسکے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے کھانوں میں مختلف کھانوں جیسے پروٹین (گوشت، انڈے، یا دالیں جیسے کھانے سے)، پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس، اناج اور سبزیاں، صحت مند چکنائی جیسے کہ گری دار میوے میں پائی جاتی ہے کا ایک اچھا مکسچر ایک متوازن خوراک ہوسکتا ہے۔

    ہلکی پھلکی ورزش کریں

    رات کو بہتر نیند کو فروغ دینے میں مدد کے لیے روزہ نہ رکھنے کے اوقات میں ہلکی پھلکی ورزش کریں، لیکن سونے کے وقت کے قریب بھرپور ورزش سے گریز کریں۔

    سونے سے پہلے چند گہری سانسیں لیں

    اپنے دماغ کو پرسکون کرنے اور اپنے جسم کو سونے کے لیے تیار کرنے کے لیے سونے سے پہلے آرام کی تکنیکوں کی مشق کریں جیسے گہری سانس اور مراقبہ۔ ان حکمت عملیوں کو اپنے معمولات میں شامل کر کے آپ رمضان کے دوران اپنے نیند کے چکر کو بہتر طریقے سے منظم کر سکتے ہیں اور پورے مہینے میں مجموعی صحت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔

  • کراچی کے بہادر شہری نے ڈاکو کو پکڑ کر درگت بنا ڈالی، ویڈیو دیکھیں

    کراچی کے بہادر شہری نے ڈاکو کو پکڑ کر درگت بنا ڈالی، ویڈیو دیکھیں

    کراچی میں ماہ رمضان کے دوران ڈاکو دندناتے پھررہے ہیں روزانہ کی بنیاد پر ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو قتل کردیا جاتا ہے جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    گزشتہ روز بھی کراچی کے 2 مختلف علاقوں میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، پہلا واقعہ کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں بہادر شہری نے ڈاکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ڈاکو کو پکڑلیا، موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے جب شہری کو لوٹنے کی کوشش کی۔

    اس ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو جیسے ہی رکے تو شہری نے ایک ڈاکو کو قابو میں کر لیا جبکہ ڈاکو کا دوسرا ساتھی صورتحال دیکھ کر موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قریب  موجود لوگ موقع پر پہنچے اور ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنایا، ڈاکو کو تشدد کے بعد شاہراہ نور جہاں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    اسی طرح دوسرا واقعہ ملیر رفع عام میں پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے شہری پر تشدد کیا اور سامان چھین لیا، اس واردات میں ڈاکوؤں نے  فائرنگ بھی کی اور شہری کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

  • ماہ رمضان : کراچی کی لڑکیوں میں نائٹ کرکٹ کھیلنے کا جنون

    ماہ رمضان : کراچی کی لڑکیوں میں نائٹ کرکٹ کھیلنے کا جنون

    کراچی : ماہ رمضان میں شہر قائد کی سڑکوں اور محلّوں میں اکثر رات کے اوقات میں نوجوانوں کی ٹولیاں کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں۔

    وقت گزرنے کے سارتھ ساتھ نائٹ کرکٹ کا جنون صرف میں ہی نہیں لڑکیوں میں بھی پایا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اب لڑکیوں نے بھی ماہ رمضان میں مکمل تیاری کے ساتھ نائٹ کرکٹ کھیلنا شروع کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن کی رپورٹ کے مطابق مقامی تنظیم کی جانب سے کراچی میں رمضان ویمنز نائٹ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں لڑکیوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔

    تنظیم کی عہدیدار حدیل عبید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس ایونٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور فیملیز لڑکیوں کو بہت سپورٹ کررہی ہیں۔

    اے آر وائےی نیوز سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تو ٹیپ بال سے آغاز کیا ہے امید ہے ہارڈ بال سے بھی رمضان کے ایونٹ کرائیں گے۔

  • ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش 25 فیصد سستی

    ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش 25 فیصد سستی

    لاہور کے وحدت روڈ ماڈل بازار میں حکومت پنجاب کی جانب سے سستے بازار کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں شہریوں کو مناسب دام میں مختلف اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بازار کے منیجر محمد عثمان نے بتایا کہ یہاں پر کسی بھی چیز کی قیمت بازار سے 15 سے 25 فیصد تک سستی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ دس کلو آٹے کا تھیلا 40 روپے کم میں دستیاب ہے جبکہ گوشت کی قیمت 25 روپے کم رکھی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس ماڈل بازار میں غیر معیاری کوئی چیز موجود نہیں ہے اس کیلئے سخت نگرانی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی شہری پیکج کے تحت 3ہزار روپے کی خریداری کرے گا تو اسے 500 روپے کا ڈسکاؤنٹ دیا جارہا ہے۔

  • روزے میں سر درد کا علاج کیا ہے؟ جان کر حیران رہ جائیں گے

    روزے میں سر درد کا علاج کیا ہے؟ جان کر حیران رہ جائیں گے

    ماہ رمضان میں اکثر روزہ داروں کو مختلف وجوہات کی بنا پر سر درد کی شکایات ہوتی ہیں، جس کی بڑی وجہ خون میں شوگر یا پانی کی کمی سمیت کیفین اور نیند کی کمی شامل ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حکیم امجد اسماعیل نے روزے کی حالت میں ہونے والے درد سر اور اس کے علاج سے متعلق اہم باتیں بتائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ روزے کے دوران جسم میں پانی کی کمی، شوگر اور نمکیات کی کمی بے شمار مسائل کا سبب بن سکتی ہے جن میں سر درد، سستی، پٹھوں میں کمزوری، چکر آنا، بلڈ پریشر میں کمی، دل کی دھڑکن میں اضافہ، بخار اور دیگر شدید وجوہات میں آپ بے ہوش بھی ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان کے ابتدائی روزوں میں عموماً دوپہر سے پہلے یا افطار سے قبل اور بعد میں بھی سر درد شروع ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے انسان اپنی توجہ کام پر مرکوز نہیں کر سکتا اور وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران سر درد کا امکان جسم میں لیکوڈز یا پانی کی کمی، شریانوں میں تناؤ کے ساتھ شوگر کی نمایاں کمی اور کم کیفین کی وجہ سے بڑھ جاتا ہے، یہ سب اس درد کے دورے میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ افطار کے بعد ہونے والے سر درد کی بڑی وجہ خالی پیٹ ایک دم بہت زیادہ ٹھنڈا پانی پی لینا ہے۔ اگر سر درد سے بچنا چاہتے ہیں تو افطار میں پانی اعتدال کے ساتھ پئیں۔

  • ماہ رمضان میں پیٹ کے امراض سے کیسے بچیں؟

    ماہ رمضان میں پیٹ کے امراض سے کیسے بچیں؟

    ماہ رمضان میں کھانے پینے میں بے احتیاطی کرنے سے سینکڑوں افراد گیسٹرو کی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں جس کیلیے ضروری ہے کہ سحر و افطار میں زیادہ اور بے ترتیب کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

    افطاری ہو یا سحری کھانے پینے میں احتیاط نہ برتنے سے ڈائریا، گیسٹرو اور معدے کے دیگر امرض بڑھنے کا قوی امکان ہوجاتا ہے جس سے مریضوں کو شدید مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر، شوگر اور گردوں کے مریضوں کو پانی کا زیادہ استعمال اور سحری و افطاری میں تازہ پھل اور سبزیوں کے ساتھ دہی کا استعمال کرنا چاہئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ روزے کے دوران قبض، ہاضمے کی خرابی اور تیزابیت ہو جانا عام سی بات ہے۔ ان مسائل سے بچنے کے لیے یہ اہم ہے کہ جو لوگ کسی سنگین مرض کا شکار ہیں تو ماہ رمضان میں اپنے معالج سے غذا کا چارٹ اور طریقہ استعمال بنوائیں۔

    اس کے علاوہ ادویات سے متعلق خود سے کوئی فیصلہ نہ کریں اور اپنی ادویات کو معالج کے مشورے سے باقاعدہ استعمال کریں تاکہ بہترین طریقے سے رمضان کے روزے رکھ سکیں۔

  • ماہ رمضان میں صحت بخش مشروبات کون سے ہیں؟

    ماہ رمضان میں صحت بخش مشروبات کون سے ہیں؟

    روزے کی حالت میں روزہ دار کو بھوک سے زیادہ پیاس کا احساس ہوتا ہے اور افطار کے وقت کوشش یہی ہوتی ہے کہ جلد سے جلد پانی یا شربت پیا جائے۔

    ماہ رمضان میں کولڈ ڈرنکس کا استعمال زیادہ بڑھ جاتا ہے جو انسانی صحت کیلیے کسی طور بھی درست نہیں خاص طور پر معدے کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔

    اس حوالے سے حکماء نے ماہ رمضان میں کچھ ایسے مشروبات کو پینے کی ہدایات کی ہیں جو خصوصاً ماہ رمضان میں آپ کی صحت کیلئے بہترین ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمیں ایسی غذاؤں اور مشروبات پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو ہمیں فائدہ پہنچاتے ہیں۔

    طویل روزے رکھنے کی وجہ سے بہت سے روزہ دار بدہضمی یا قبض اور معدے اور بڑی آنت سے متعلق دیگر مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں لہٰذا صحت بخش خوراک اور مناسب مشروبات کا انتخاب ایک اہم ترین چیز ہے۔

    مندرجہ ذیل سطور میں ایسے مشروبات سے متعلق حکماء کے مشورے کی روشنی میں تفصیل سے آگاہی فراہم کی گئی ہے جنہیں غذائی ماہرین روزہ داروں کے لیے بہترین مشروبات کے طور پر تجویز کرتے ہیں۔

    مشروبات

    پانی

    یہ مشروبات کا بادشاہ ہے کیونکہ یہ جسم کو ہائیڈریشن فراہم کرتا ہے، توانائی فراہم کرتا ہے اور ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔

    کھجور اور دودھ

    یہ ان بہترین مشروبات میں سے ایک ہے جس کا استعمال افطار کے لیے یقینی بنانا چاہیے۔ ہم چند کھجوروں کو ایک کپ ملائی والے دودھ میں بھگو کر تقریباً 12 گھنٹے کے لیے چھوڑ سکتے ہیں، پھر اس فائدہ مند اور بھرپور مشروب سے افطار شروع کریں، جو ہمیں توانائی دیتا ہے اور بلڈ شوگر کی معتدل سطح کو برقرار رکھتا ہے، جو عام طور پر روزے کے اوقات میں کم ہو جاتی ہے۔

    خوبانی کا رس

    یہ ان مشہور رسوں میں سے ایک ہے جس کا نام رمضان کے مہینے سے جڑا ہوا ہے۔ عرب ممالک میں اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے سال بہ سال رمضان کا انتظار کرتے ہیں۔ خوبانی فائبر اور وٹامن اے سے بھرپور ہوتی ہے۔ خوبانی میں ریٹینول بھی ہوتا ہے جو کہ جسم میں آسانی سے جذب ہونے والا مادہ ہے اور ہاضمے کے عمل کو بڑھاتا ہے۔

    پودینہ لیمونیڈ

    لیموں، پانی اور پودینے کے پتوں سے بنا یہ ایک بہت مفید مشروب ہے جسے افطار کے دوران پیا جا سکتا ہے۔ یہ وٹامن سی اور فائبر سے بھرپور مشروب ہے اور آپ اس مرکب میں ایک چمچ شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔ اس مشروب کا ایک گلاس دن بھر کے روزے کے بعد آپ کو صحت یابی اور توانائی دینے کے لیے کافی ہے۔

    کیلے کا ملک شیک

    کیلے پوٹاشیم، فائبر اور وٹامن سی اور بی 6 سے بھرپور ہوتے ہیں۔ آپ ایک کپ سکم دودھ کے ساتھ ایک سے دو کیلے ملا کر ناشتے کے دوران اس مزیدار شیک کا ایک گلاس پی سکتے ہیں، یہ آپ کو زبردست توانائی دے گا اور اگلے دن روزہ رکھنے میں آپ کی مدد کرے گا۔

    بادام کا ملک شیک

    اس مشروب کو تیار کرنے کے لیے آپ 10 سے 12 بادام کو ایک کپ پانی میں رات بھر بھگو دیں، پھر بادام کو چھیل لیں۔ اس کے بعد ہم ایک کپ سکمڈ دودھ کو بھگوئے ہوئے بادام، ایک چمچ شہد، اور الائچی کے ساتھ شیک کر لیں۔ یہ مشروب غذائی فوائد سے بھرپور ہے جو آپ کو اگلے دن روزہ رکھنے کے لیے درکار توانائی فراہم کرتا ہے۔

    ٹماٹر اور سیب کا جوس

    یہ مشروب وٹامنز، آئرن اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ آپ چھلے ہوئے سیب کو ٹماٹر کے ساتھ ملا کر اس میں تھوڑا سا پانی، کچھ لیموں کے قطرے اور ایک چمچ شہد شامل کر سکتے ہیں۔ غذائی فوائد سے بھرپور مشروب حاصل کرنے کے لیے اچھی طرح شیک کریں اور افطار میں پیش کریں۔

  • عاطف اسلم کا ماہ رمضان کی مناسبت سے روح پرور کلام، ویڈیو دیکھیں

    عاطف اسلم کا ماہ رمضان کی مناسبت سے روح پرور کلام، ویڈیو دیکھیں

    بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اس سال ماہِ صیام کے حوالے سے ’اللہ ہو اللہ‘ کے کلام کے ساتھ جلوہ گر ہو گئے۔

    پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنے موسیقی کیریئر کے دوران اب تک کئی طرح کے گانے گائے اور تقریباََ ان کے سب گانے ہی ان کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند بھی کیے جاتے ہیں۔

    تاہم عاطف اسلم گانوں کے ساتھ حمد اور نعتیں بھی پڑھتے ہیں اسی طرح سوشل میڈیا پر گردش کرتی کلام کی ویڈیو میں عاطف اسلم کی جادوئی آواز اور تاریخی بادشاہی مسجد کے خوبصورت مناظر نے دیکھنے والوں کے دلوں کو چھو لیا۔

    ’اللہ ہو اللہ‘ ریلیز ہوتے ہی عوام میں مقبول ہوگیا ہے، محض چند گھنٹے میں ویڈیو کو دیکھنے والوں کی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عاطف اسلم کی ایسے کلام عوام میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرتے رہے، ’وہی خدا ہے‘ ’اسماءالحسنیٰ‘ ’ اذان‘ ہو یا تاجدارِ حرم، عاطف اسلم اپنی آواز میں مداحوں کو تحفے دیتے رہتے ہیں۔

  • ماہ رمضان میں نظام ہاضمہ کی خرابی کا آسان حل

    ماہ رمضان میں نظام ہاضمہ کی خرابی کا آسان حل

    رمضان کا بابرکت مہینہ شروع ہوچکا ہے اس میں زیادہ تر لوگوں کو اکثر نظامِ ہاضمہ کے مسائل کا سامنا رہتا ہے جبکہ افطاری اور سحری میں پراٹھے اور تلی ہوئی اشیاء کھانے سے بھی معدے میں تیزابیت اور جلن کی سی کیفیت رہتی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر امراض معدہ و جگر پروفیسر ڈاکٹر زاہد اعظم نے ناظرین کو افطار تا سحری کھانے پینے سے متعلق اہم مشورے دیئے۔

    انہوں نے کہا کہ معدے کی مثال ایک گرینڈر جیسی ہے اگر اس میں زیادہ غذا ڈال دی تو یقیناً اس پر بوجھ پڑے گا لہٰذا متوازن اور صحت مند غذا ہماری صحت اور معدے کی بہتری کے لئے بہت اہم ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان میں بہت سے لوگوں کو ہاضمے کا مسئلہ ہوجاتا ہے اس کی وجہ معدے کو خوراک کو ہضم کرنے کے لئے انرجی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسی غذائیں جو ہضم ہونے میں مشکل پیدا کرے اس کا استعمال ترک کردینا چاہیئے تاکہ ہم اپنے ہاضمے کو تندرست بنا سکیں۔

    انہوں نے بتایا کہ معدے کی تیزابیت دور کرنے کے لیے افطار میں تربوز، خربوزہ، پپیتہ اور گرما زیادہ کھائیں، ان سے معدے اور آنتوں کی صفائی ہوتی ہے۔

    سحری اور افطار میں انجیر کا استعمال کریں، دہی یا دودھ میں پانی ملا کر استعمال کرنے سے بھی تیزابیت دور ہوتی ہے۔

    سالن میں لیموں ڈال کر کھائیں یہ بھی ہاضمے کے لیے بہترین ہے۔ تیزابیت دور کرنے کے لیے ایک کپ دودھ میں چار کپ پانی ملا کر وقفے وقفے سے استعمال کریں۔

  • ماہ رمضان سے قبل مہنگائی  کے طوفان نے  عوام کی چیخیں نکال دیں

    ماہ رمضان سے قبل مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکال دیں

    کراچی : ماہ رمضان سے پہلے مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکال دیں ، ڈیڑھ سو روپے ملنے والی پیاز 280 روپے کی ہوگئی جبکہ ٹماٹر اور ہری مرچ کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک سے پہلے ہی ملک بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، ےمنافع خوربےلگام ہے ، جس کے باعث عوام پریشان ہیں کہ روزہ افطار کیسے کریں گے۔

    پھل اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں اور گوشت کی قیمتیں بھی قابو سے باہر ہوگئیں۔

    کراچی میں پیازکی قیمت دوسو پچاس روپے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ ادرک پانچ سواورلہسن چھ سو پچاس میں فروخت ہورہا ہے، ہری مرچ تین سو پچاس روپے کلو مل رہی ہے اور بھنڈیوں نے ٹرپل سنچری عبورکرلی ہے۔

    لاہور میں ٹماٹروں نے ڈبل سنچری بنالی ہے اور لیموں بھی اسی روپے مہنگے ہوکر دو سوروپےکلوہوگئے۔

    ملتان میں سبزیوں اورپھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، کوئٹہ میں بھی شدید مہنگائی ہوگئی، پشاورمیں بھی پیاز دو ساٹھ اور آلو اسی روپے پر پہنچ گئے جبکہ ہری مرچ بھی تین سو روپے کلو ہوگئی ہے، عوام کہتے ہیں نئی حکومتیں مہنگائی اورہماری مشکلات میں کمی کیلئے اقدامات کرے۔

    پورے ملک کی طرح اسلام اباد میں بھی مہنگائی نے رمضان سے پہلے ہی ڈیرے ڈال لیے ہیں، پیاز کا ریٹ ڈیڑھ سو روپے کلو مہنگا ہو کر 380 اور ٹماٹر 40 روپے کلو مہنگا ہو کر 180 سے 200 روپے کلو تک جا پہنچا۔

    انڈے 40 روپے درجن مہنگے ہو کر 250 روپے درجن ہو گئے جبکہ کیلا 120 روپے درجن مہنگا ہو کر 260 جبکہ سیب 60 روپے کلو مہنگا ہو کر 330 روپے کلو ہو گئے ہیں۔

    مہنگائی اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے، عوام کا کہنا ہے کہ نگران حکومت نے بجلی اور گیس کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے ان کی زندگی اجیرن کیے رکھی اب منتخب حکومت کے دور کے میں ہی مہنگائی کے نئے طوفان نے دہری اذیت کا شکار کر دیا ہے۔

    عوام نے شکوہ کیا کہ ملک بھر میں ناجائز منافع خور بے لگام ہو گئے ہیں، اور من مانے ریٹ وصول کر رہے ہیں اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات نظر نہیں آتے۔