اسلام آباد : سپریم کورٹ میں مبینہ آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت آج پھر ہوگی، عدالت نے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں مبینہ آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت آج بارہ بجے ہوگی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربینچ سماعت کرے گا، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر ،جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بنچ میں شامل ہیں۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کئے تھے۔
درخواست گزارحنیف راہی نے کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔
وفاقی حکومت نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال ،جسٹس اعجاز الاحسن اور ،جسٹس منیب اختر پر اعتراض کیا ہوا ہے جبکہ آڈیو لیکس کمیشن نے سپریم کورٹ میں سیکرٹری کے ذریعے جواب جمع کرادیا تھا۔