Tag: مبینہ مقابلہ

  • ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے مبینہ مقابلے کی ایف آئی آر درج

    ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے مبینہ مقابلے کی ایف آئی آر درج

    ساہیوال: صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے کی ایف آئی آر مقتول کے بھائی جلیل کی مدعیت میں درج کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جی ٹی روڈ پر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ مقابلے کی ایف آئی آر جاں بحق خلیل کے بھائی جلیل کی مدعیت میں سی ٹی ڈی کے 16 نامعلوم اہلکاروں کے خلاف درج کی گئی۔

    پولیس کے مطابق ایف آئی آرمیں اہلکاروں کے خلاف قتل کی دفعہ 302 اوردہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    ساہیوال واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کے خلاف درج کیے جانے کے بعد ورثا نے جی ٹی روڈ پر دیا جانے والا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    ساہیوال واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں‘ وزیراعظم

    وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ ساہیوال واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پریشان ہوں، بچوں کی آنکھوں کے سامنے والدین کوگولیاں ماری گئیں، صورت حال انتہائی تکلیف دہ ہے۔

    ساہیوال واقعہ: ملزمان کو سزا دے کر مثال قائم کریں گے‘ وزیرِاعلیٰ پنجاب

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بچوں کی کفالت ریاست کے ذمے ہوگی اور اس واقعے کو مثال بنائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف ضرور ملے گا کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی اور انصاف ہوتا نظر آئے گا۔

    سردارعثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے کی تحقیقات کے لیے پہلے ہی جے آئی ٹی تشکیل دی جا چکی ہے جسے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    ساہیوال: مبینہ جعلی مقابلے میں دوخواتین سمیت 4 افراد ہلاک، بچہ زخمی

    جی ٹی روڈ پر ساہیوال کے قریب گزشتہ روز سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے۔

    عینی شاہدین کے مطابق کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی، گاڑی سے اسلحہ نہیں بلکہ کپڑوں کے بیگ ملے۔

  • ڈولفن فورس سے ڈاکوؤں کا مبینہ مقابلہ، فائرنگ سے 14سالہ لڑکا جاں بحق

    ڈولفن فورس سے ڈاکوؤں کا مبینہ مقابلہ، فائرنگ سے 14سالہ لڑکا جاں بحق

    لاہور : ڈولفن فورس اور مشکوک افراد کے درمیان مبینہ فائرنگ کی زد میں آکر  چودہ سالہ لڑکا جاں بحق ہو گیا، اہلکار مشکوک گاڑی کا تعاقب کررہے تھے، پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاد باغ میں ڈولفن پولیس کے اہلکاروں نے ایک مشکوک کار کا تعاقب کیا، اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو اہلکار گرے رنگ کی گاڑی کا تعاقب کر رہے ہیں۔

    موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے اہلکار نے گاڑی پر فائر کیے، اسی دوران ایک گولی سڑک کنارے پانی بھرنے والے 14سالہ سلیم نامی لڑکے کو جا لگی اور وہ نیچے گر گیا۔

    ڈولفن فورس کے اہلکاروں کے خلاف تو کوئی کارروائی نہ ہوئی البتہ پولیس نے کار سوار پانچ ملزمان گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا دعویٰ کردیا۔

    مقتول سلیم کے والد امیرعلی نے بادامی باغ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد ملزمان کو نامزد کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    مزید پڑھیں: لاہور، ڈولفن اسکواڈ نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

    اس حوالے سے ایس پی ڈولفن ندیم کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملزمان کرائے کی گاڑی میں واردات کیلئے لاہور آئے تھے جنہوں نے پولیس کے روکنے پر فائرنگ کردی اور ملزمان شیخو پورہ، چینوٹ اور لاہور میں متعدد مقدمات میں بھی مطلوب ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔