Tag: مبینہ پولیس مقابلہ

  • کراچی : مبینہ مقابلے کے بعد 5 خطرناک ڈاکو گرفتار

    کراچی : مبینہ مقابلے کے بعد 5 خطرناک ڈاکو گرفتار

    کراچی : پولیس نے شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کے قریب مبینہ مقابلہ کے بعد 5 خطرناک ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    اس حوالے سے پاک کالونی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے موٹر سائیکلوں پر سوار ڈکیت گینگ کو رکنے کااشارہ کیا۔

    ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تو اہلکاروں نے ان کا کافی دور تک تعاقب کیا اور انہیں حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے 3عدد پستول، چھینے ہوئے 8موبائل فونز اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں۔

    گرفتار شدگان ڈاکوؤں میں نوید، شوکت، ناصر، جاسم اور زاہد شامل ہیں۔ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ڈیڑھ گول گراؤنڈ کےقریب ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو زخمی کردیا۔

    اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ کاشف کے نام سے ہوئی ہے جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں گزشتہ روز ناظم آباد نمبر 3 سے چھینی گئی کار کورنگی سے برآمد کرلی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کار ڈرائیور کو ملیر ہالٹ میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے، مسروقہ کار کورنگی دارالعلوم کے قریب سے برآمد کی گئی ہے، فی الحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

    مزید پڑھیں : مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار دوسرا فرار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکپتن میں دیہاتیوں کے ساتھ واردات کر کے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو پولیس نے مبینہ مقابلے میں گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔

    ون فائیو پر کال موصول ہونے پر قبولہ پولیس نے مسلح ڈاکوؤں کا تعاقب کیا، تو مسلح ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

  • مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

    مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

    فیصل آباد: ماہلاں میں مبینہ پولیس مقابلے میں 30 سے زائد وارداتوں میں مطلوب 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے عالاقے ماہلاں میں مبینہ پولیس مقابلے میں 30 سے زائد وارداتوں میں مطلوب 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ٹھیکریوالہ پولیس ملزم شاہد اور لیاقت کو برآمدگی کیلئے لے جارہی تھی، موٹرسائیکل سوار 6 ملزمان نے ساتھیوں کو چھڑوانے کیلئے فائرنگ کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم  اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زیرحراست دونوں ڈاکو مارے گئے، حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

  • مبینہ پولیس مقابلے میں زیرحراست 3 ملزمان ہلاک

    مبینہ پولیس مقابلے میں زیرحراست 3 ملزمان ہلاک

    لاہور میں مبینہ پولیس مقابلوں میں تین زیر حراست ملزمان ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان اسد اور شفیق کو رائیونڈ کے علاقے میں ریکوری کیلئے لے جایا جا رہا تھا، ملزمان کے نامعلوم ساتھیوں نے فائرنگ کردی، زیرحراست ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    دوسری جانب لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں بھی آرگنائزڈ کرائم یونٹ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی وجہ سے زیر حراست ملزم رفیق اوڈ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارا گیا۔

    اس کے علاوہ راولپنڈی گاڑی چوری وارداتوں میں ملوث اسد نامی ملزم مقابلے میں مارا گیا، ہلاک ملزم اسد کا ایک ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگیا، ہلاک ملزم جڑواں شہروں اور اٹک میں متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے برآمد کار چند روز قبل کراچی کمپنی اسلام آباد سے چرائی گئی تھی، ہلاک ملزم اسد درجنوں مقدمات میں ملوث تھا، دوران اسنیپ چیکنگ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کی، ملزمان کی فائرنگ سے ایک گولی اہلکار کو لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہا۔

  • کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 اغوا کار ہلاک، شہری بازیاب

    کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 اغوا کار ہلاک، شہری بازیاب

    کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس سے مقابلے میں 2 اغوا کار ہلاک ہوگئے اور شہری کو بازیاب کرالیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقابلے کے دوران 2 اغوا کار فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے جبکہ ہلاک ملزمان سے گاڑی، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ڈیفنس فیز سیون میں فائرنگ کے تبادلے میں دو اغوا کاروں کو ہلاک کیا گیا، مارے گئے اغوا کاروں نے شہری کو اغوا کیا تھا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ مغوی کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا، ہلاک ملزمان سے کار، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    دوسری جانب سخی حسن پل پر فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو عامر اور نواب زخمی حالت میں گرفتار کر لئےگئے، جن سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

  • کراچی میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، 7 گرفتار

    کراچی میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، 7 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک اور سات گرفتار کر لئے گئے ۔

    پولیس کے مطابق پرانا گولیمار میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک اسٹریٹ کرمنل مارا گیا ملزم سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا، رضویہ سوسائٹی مجاہد گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں زخمی سمیت تین ملزمان خالد، جاوید اور طارق کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جوہر آباد بلاک نائین میں فائرنگ کے تبادلے میں ملزم اللہ داد اور آصف کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

    حکام کے مطابق نیو کراچی الیون آئی میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ کورنگی چکرا گوٹھ نظر شاہ مزار کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ملزم سمیر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

  • کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک متعدد گرفتار

    کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک متعدد گرفتار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک اور متعدد ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا، ڈاکو شہری کو لوٹنے کی کوشش کررہا تھا، ہلاک ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    کراچی کے سیکٹر الیون ڈی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، پولیس کا کہنا ہے ڈاکو صابر اپنے ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے، ڈاکو سے پستول، تین موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مائی کلاچی روڈ پر پولیس نے مبینہ مقابلہ کے بعد دو ملزم گرفتار کرلیے، گرفتار ملزمان سے دو پستول، دو موبائل فون، رقم اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

    ہاکس بے مشرف کالونی میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈاکو عابد علی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ گاڑی برآمد کرلی، سولجر بازار پولیس نے افغان ڈاکوؤں کے گروہ کے دو کارندے ظلمی اور احسان اللہ کو گرفتار کرلیا، ان سے دو پستول، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

  • کراچی: رات گئے پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: رات گئے پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی میں رات گئے 2 مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جن میں 4 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر ڈھائی کے مقام پر زمان ٹاؤن پولیس کا ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ ہوا، پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ڈاکوؤں سے اسلحہ، 4 موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد ہوا۔

    پولیس نے کہا کہ ڈاکو کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب شہری سے لوٹ مارکررہے تھے۔ پیٹرولنگ پولیس پارٹی کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔

    پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ڈاکوؤں کی شناخت حریرہ اور طارق کے نام سےہوئی جنھیں طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دریں اثنا ڈیفنس فیز 8 خیابان جامی کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔

    پولیس نے بتایا کہ 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے اسلحہ، لوٹا ہوا سامان اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ڈاکوؤں کی شناخت ریحان اور شاہد کے ناموں سے ہوئی۔

  • مبینہ پولیس مقابلہ : پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی جاں بحق، اسپتال میں رقت آمیزمناظر

    مبینہ پولیس مقابلہ : پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی جاں بحق، اسپتال میں رقت آمیزمناظر

    کراچی : شاہراہ فیصل پر صبح سویرے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگیا، پولیس نے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پہلے انتظار پھر نقیب اور اب پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی مقصود پولیس کی گولیوں کا نشانہ بن گیا، کراچی کی اہم شاہراہ شارع فیصل پر صبح کے اوقات میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں لائنز ایریا کا رہائشی بے گناہ نوجوان مارا گیا۔

    پولیس نے دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔  جاں بحق ہونے والے نوجوان مقصود کو پولیس نے پہلے دہشت گرد اور پھر ڈاکو قرار دیا، جب بات نہ بنی تو پھر یوٹرن لے لیا اور کہا کہ نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مارا گیا ہے۔

    جناح اسپتال میں مقصود کی بہنیں زخمی ڈاکو پرٹوٹ پڑیں، غم سے نڈھال مقتول کی بہن نے اسٹریچر پر لیٹے زخمی ڈاکو کی جوتیوں سے پٹائی کردی، اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

    مذکورہ مبینہ پولیس مقابلے میں رکشہ ڈرائیور بھی گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہوا ہے، آئی جی سندھ نے تحقیقات کی یقین دہانی کرادی۔

    عینی شاہد کا بیان

    مقصود کے ساتھ رکشے میں ایک اور بھی نوجوان تھا جسےخراش تک نہ آئی، نوجوان نے بتایا کہ ان کے رکشے کو پولیس یونیفارم جیسی پینٹ پہنے ہوئے ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر گولی چلادی، رکشہ ڈارئیور کو گولی لگی تو رکشہ الٹ گیا، جس کے بعد برسٹ چلنے کی آواز آئی۔

    بھائی کو شیروانی پہنانی تھی، کفن کیسے پہنائیں؟ بہنوں کی دہائیاں

    مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق نوجوان کی پچیس دن بعد شادی تھی، لائنز ایریا میں مقصود کے گھر صف ماتم بچھ گئی، جس گھر میں شادیانے بجنے تھے وہاں بہنیں اکلوتے بھائی کے جانے پر بین کر رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مقصود کو پولیس والوں نے مارا انہوں نے ہمارا بھائی ہی نہیں بلکہ خوشیاں بھی چھین لی ہیں، بہنوں کا کہنا تھا کہ اکلوتے بھائی کو شیروانی پہنانی تھی، کفن کیسے پہنائیں؟

    میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ خبر ملنے پر اسپتال پہنچے تو پولیس نے بھائی پر دہشت گرد ہونے کا الزام لگادیا، اکلوتے بھائی کی پانچ بہنوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اسلام آباد : مبینہ پولیس مقابلہ، ایک شخص ہلاک، اہلکاروں سے تفتیش

    اسلام آباد : مبینہ پولیس مقابلہ، ایک شخص ہلاک، اہلکاروں سے تفتیش

    اسلام آباد : مبینہ پولیس مقابلے میں کار سوار جاں بحق ہوگیا، اہلکاروں کے بدلتے بیانات نے معاملہ الجھا دیا، چار پولیس اہلکاروں سے تھانہ شہزادٹاؤن میں تفتیش کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے راول ٹاﺅن میں مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے ہاتھوں پراسرار قتل پر اہلکاروں نے پہلے کہا کہ ناکے پر نہ رکنے پر کارسواروں پر فائرنگ کی۔ بعد ازاں بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ کارسواروں نے پہلے فائرنگ کی تھی، جس کے جواب میں فائرنگ کرنا پڑی۔

    فائرنگ کرنے والے اہلکاروں نے کہا کہ جوابی فائرنگ سے عنایت نامی شخص مارا گیا، اس کا تعلق راولپنڈی کے علاقے ٹینچ بھاٹہ سے بتایا جاتا ہے۔

    پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے اعجاز حسین شاہ زخمی ہوا جسے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیاہے، واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی ناکے پر رکی تھی لیکن پھر بھی پولیس نےفائرنگ کی، گاڑی پر گولیوں کے نشانات بھی موجود ہیں۔

    بعد ازاں پولیس نے ڈیوٹی پر موجود چار اہلکاروں کو شامل تفتیش کر لیا گیا ہے جس میں جاوید،جمیل ولی قیوم ستی اور موبائل وین کا ڈرائیورشامل ہیں، قائم مقام ایس ایس پی ملک مطلوب اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کررہےہیں۔

  • کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں معصوم نوجوان ہلاک

    کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں معصوم نوجوان ہلاک

    کراچی: کراچی کے علاقے سندھی مسلم سوسائٹی فیروز آباد تھانے کی حدود میں کار پر مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی جانب کی گئی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سندھی مسلم سوسائیٹی میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں ایک نوجوان ہلاک جب کہ گاڑی چلانے والا زخمی ہو گیا ہے، دونوں کو فیروزآباد پولیس نے جناح اسپتال منتقل کیا جہاں ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت ابرار کے نام سے ہوئی ہے جب کہ دوسرے زخمی کی شناخت دلنواز کے نام سے ہوئی ہے،مشکوک زخمی شخص دلنوازسے تحقیقات جا ری ہیں،اُس کی گاری پر لگی نمبر پلیٹ بھی جعلی ہے۔

    جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ابرار کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے، ابرار کو 3 گولیاں لگیں،ایک گولی سر پر لگی اور 2 گولیاں جسم کے آر پار ہو گئیں۔

    پولیس کے مطابق کارروائی پولیس اہلکاروں کی جانب سے کی گئی تا ہم ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے کہ پولیس موبائل کس تھانے کی تھی اور اس میں سوار اہلکار کون تھے اسی طرح اسلحہ سرکاری تھا یا نہیں اس کا پتہ بھی فارنزک رپورٹ آنے کے بعد ہی چل سکے گا۔


    Mobile by arynews

    عینی شاہدین کے مطابق متعلقہ کار کی کھڑکی پر ایک نوجوان لٹکا ہوا تھا اور ذور ذور سے چلا رہا تھا جب کہ گاڑی میں سوار شخص گاڑی کو تیزی سے دوڑائے جا رہا تھا کہ وہاں موجود پولیس موبائل نے کار پر فائرنگ کی جس سے گاڑی کی کھڑکی پر لٹکا نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تا ہم پولیس وین پر نہ تونمبر پلیٹ آویزاں تھی نہ کسی تھانے یا کسی ذیلی محکمے کا نام تحریر تھا۔

    عینی شاہدین کا کہناہے کہ سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے خود کو سی ٹی ڈی کے اہلکار بتا کر موقعہ سے فرار ہو گئے،پولیس اہلکاروں کی وین میں نہ تو نمبر پلیٹ آویزاں تھی نہ ہی کسی تھانے کا نام درج تھا۔

    ایس ایچ او تھانہ فیروز آباد کینسن ڈین کا کہنا ہے کہ پولیس موبائل سے کار پر فائرنگ کی گئی جس سے ابرار حسین نامی نوجوان ہلاک جبکہ دلنواز نامی شخص زخمی ہو گیا۔ تاہم ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ وہ فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو نہیں جانتے۔

    پولیس نے زخمی و ہلاک ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں بتایا کہ دونوں افراد ڈاکو ہیں اور مقابلے میں ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب ہلاک ہونے والے نوجوان ابرار کے دوست شہریار کی جانب سے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیان نے واقعہ کا رخ ہی بدل دیا ہے، شہریار کے مطابق ہلاک ہونے والا نوجوان ابرار کوئی ڈاکو نہیں معصوم شہری اور اس کا قریبی دوست ہے۔

    ابرار کے دوست شہریار نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا کہ ابرار نے موبائل فون فروخت کرنے کے لیے ویب سائیٹ پر اشتہار دیا تھا جس پر ایک خریدار نے فون کر کے موبائل خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی جس کے بعد ہم دونوں مقررہ وقت اور مقام پر خریدار سے ملنے پہنچے اُ س شخص نے ابرار کو اپنے گاڑی میں بٹھایا اور موبائل پسند کرنے کے بعد نقد رقم کے بجائے پرائز بانڈ دینا چاہا

    ابرار گاڑی سے اتر کر میرے ہاس آیا اور بتایا کہ خریدار نقد رقم کے بجائے پرائز بانڈ دینا چاہتا تھا میں نے کہا کہ لے لو ابرار جیسے ہی گاڑی کے قریب پہنچا اُس نے گارٰ چلا دی اور ابرار گاڑی کی کھڑکی پر لٹک گیا اس کے بعد ابرار اور گاڑی میری نظروں سے اوجھل ہو گئے۔

    بعد ازاں مجھے پولیس مقابلے کی اطلاع ملی تو میں جناح اسپتال پہنچا جہاں بتایا گیا کہ وہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے حا لانکہ ہم موبائل بیچنے گئے تھے چھننے نہیں۔

    واقعے کے خلاف مقتول ابرار کے اہل خانہ نے جناح اسپتال کے باہر احتجاج کیا۔ ابرار کے چچا کا کہنا ہے کہ پولیس نے ابرار کے 2 دوستوں کو تھانے میں بند کر دیا ہے۔ انصاف دلایا جائے۔

    تحقیقات میں نیا رخ آنے کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے بارے میں معلوم کیا جا رہا ہے جب کہ زخمی شخص دلنواز کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس کے خلاف کئی تھانوں میں دھوکہ دہی اور نوسربازی کے مقدمات درج ہیں۔