Tag: متاثرہ علاقے

  • ترکیہ نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نئے مکانات کی تعمیر مکمل کرلی

    ترکیہ نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نئے مکانات کی تعمیر مکمل کرلی

    تباہ کن زلزلے کے محض ایک سال بعد ہی ترکیہ نے متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر مکمل کرلی، متاثرین کو گھروں کی چابیاں بھی فراہم کردی گئیں۔

    حالیہ ادوار میں ترکیہ کو اپنے ملک میں سب سے تباہ کن زلزلے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 6 فروری 2023 کو جنوبی ترکیہ میں طاقتور زلزلوں کے سبب 11 صوبوں میں 50 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔

    ترک حکام نے جانفشانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کافی کم وقت میں متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر ممکن بنائی ہے۔ بے گھر ہونے والوں میں سے کچھ افراد کو ہفتے کے روز نئے مکمل ہونے والے مکانات کی چابیاں دی گئیں۔

    زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہاتائے میں ایک تقریب کے دوران صدر طیب اردگان نے کہا کہ آج ہم ہاتائے میں سات ہزار 275 مکانات متاثرین کو فراہم کر رہے ہیں، 40 ہزار مکانات کی تعمیر مکمل ہوتے ہی بتدریج انھیں بھی لوگوں کو فراہم کیا جائے گا۔

    ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ اگلے دو مہینوں میں تقریباً 75 کے قریب مکانات فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت نے اس سال مجموعی طور پر متاثرین کو دو لاکھ گھروں کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے۔

    شہری وزیر مہمت اوزہاسیکی نے صحافیوں کو بتایا کہ اس خطے میں آنے والے زلزلے کے سبب تقریباً 6 لاکھ 80 ہزار کے قریب گھر تباہ ہوئے، 3 لاکھ 90 ہزار خاندانوں نے وہاں تعمیر کیے جانے والے مکانات کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دو لاکھ اپارٹمنٹس کے لیے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ کی تعمیر جاری ہے۔ ان میں سے کچھ مکانات مکمل ہو چکے ہیں جو جلد ہی ڈیلیور کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ پچھلے سال تباہ کن زلزلوں کے بعد ترکیہ کے صدر اردگان نے فروری 2024 تک تین لاکھ 19 ہزار نئے مکانات اور ایک سال بعد کُل 6 لاکھ 80 ہزار مکانات دینے کا وعدہ کیا تھا۔

  • سیلاب متاثرہ علاقوں میں کتنی ادویات پہنچائی گئیں؟

    سیلاب متاثرہ علاقوں میں کتنی ادویات پہنچائی گئیں؟

    لاہور: صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثر اضلاع میں 60 سے زائد اقسام کی کروڑوں ادویات پہنچائی گئیں، فراہم کردہ ادویات کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جون سے 5 ستمبر تک سیلاب سے متاثرہ اضلاع کو فراہم کردہ ادویات کےاعداد و شمار جاری کردیے گئے، 4 اضلاع میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے 69 مختلف ادویات فراہم کی گئیں۔

    راجن پور ضلع کے ایک ڈی ایچ کیو، 2 ٹی ایچ کیو اسپتالوں، 7 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 32 بنیادی مراکز صحت میں ادویات فراہم کی گئیں۔

    وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا ہے کہ راجن پور میں 5 کروڑ 91 لاکھ 66 ہزار ادویات پہنچائی گئی ہیں۔

    ضلع لیہ کے ایک ڈی ایچ کیو، 6 ٹی ایچ کیو اسپتالوں، 6 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 36 بنیادی مراکز صحت میں 6 کروڑ 9 لاکھ ادویات فراہم کی گئیں، ڈیرہ غازی خان کے 2 ٹی ایچ کیو اسپتالوں، 9 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 53 بنیادی مراکز صحت میں 4 کروڑ 2 لاکھ ادویات دستیاب کی گئیں۔

    ضلع مظفر گڑھ کے 1 ڈی ایچ کیو، 4 ٹی ایچ کیو، 14 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 71 بنیادی مراکز صحت میں 6 کروڑ 81 لاکھ ادویات پہنچائی گئیں۔

    ڈاکٹر اختر ملک کا مزید کہنا تھا کہ فراہم شدہ ادویات میں ٹائیفائڈ، ملیریا، ہیضہ، پیچش اور گلے کی خرابی کی ادویات موجود ہیں جبکہ کتے کے کاٹے اور سانپ کے کاٹے سے بچاؤ کی ویکسین بھی شامل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ادویات کا اسٹاک وافر مقدار میں موجود ہے۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان کا کل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کرنے کا اعلان

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کرنے کا اعلان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کل کل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کل صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مون سون بارشوں کی تیاری پہلے سے کی گئی تھی،نصیرآباد،جھل مگسی،سبی،لسبیلہ میں توقع سے زیادہ بارش ہوئی،توقع سے زیادہ بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہوئی۔

    جام کمال خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج،صوبائی حکومت سے مل کر ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

    ریلوے کا سیلاب میں پھنسے مسافروں کی سہولت کے لیے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ

    اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سیلاب میں پھنسےمسافروں کی سہولت کے لیے 10 اگست کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے سبی کے لیے شٹل ٹرین چلےگی،10اگست کو شام 4 بجے سبی سے کوئٹہ کے لیےشٹل ٹرین چلےگی۔

    واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے شکارپور سے کوئٹہ آنے والی 2 گیس پائپ لائنیں بہا کر لے گئے۔

    صوبے میں سیلابی صورت حال کے باعث محکمہ صحت نے صوبے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

  • وزیراعظم کل آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

    وزیراعظم کل آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کے بعد اپنی تمام سیاسی مصروفیات ترک کر دی ہیں، وزیراعظم کل آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر امور کشمیرعلی امین گنڈاپور بھی وزیر اعظم کے ہمراہ دورہ کریں گے وزیراعظم عمران خان متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے۔ وزیراعظم متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔

    آزاد کشمیر میں شدید برفباری، 62 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے 62 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے، 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں برفباری وبارشوں سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں آزاد کشمیر میں ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

    این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔

  • وزیر اعظم آزاد کشمیر کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے جاتلاں اور ملحقہ علاقوں میں شہریوں سے ملاقات کی۔

    راجہ فاروق حیدر نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں، انہوں نے متاثرین کی شکایات سن کر اس کے ازالے کے احکامات بھی دیے۔

    راج فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آج رات تک متاثرین کو ہر صورت ٹینٹ فراہم کیے جائیں۔ عورتوں اور بچوں کو ترجیحی بنیاد پر امداد فراہم کی جائے گی۔ زلزلہ بڑی آزمائش ہے، متاثرین کو مکمل طور پر بحال کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  • سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیاہے‘ عثمان بزدار

    سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیاہے‘ عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیا ہے، متاثرہ لوگوں کی تکلیف میری اپنی تکلیف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا ہے کہ قصور، اوکاڑہ ، بہاولنگر اور پاکپتن کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں-

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کا انتظام کیاگیا ہے اور متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور امدادی کام ہمہ وقت جاری وساری ہے-

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ میڈیکل کیمپس میں ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے چارے اور ونڈے کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے-

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی یا تکلیف کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے، متاثرہ لوگوں کی تکلیف میری اپنی تکلیف ہے اور اس مشکل گھڑی میں پنجاب حکومت متاثرہ دیہات کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے-

    وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور امدادی ادارے بڑھ چڑھ کر متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وقت گھر یا دفتر بیٹھنے کا نہیں بلکہ متاثرہ دیہات میں بہن بھائیوں کی مدد کا ہے۔