Tag: متحدہ رابطہ کمیٹی

  • متحدہ رابطہ کمیٹی کے سابق رہنما شاہد پاشا کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

    متحدہ رابطہ کمیٹی کے سابق رہنما شاہد پاشا کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا نے کہا ہے کہ فاروق ستار کو جعلی دوتہائی اکثریت سے ہٹایا گیا، انہوں نے متحدہ ورکرز ایکشن کمیٹی کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرے اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، شاہد پاشا نے کہا کہ آج کارکنان کی ایم کیوایم الگ ہے اور رابطہ کمیٹی کی الگ، ایم کیو ایم کے8شہری وڈیرے ارب پتی ہیں، جوان8کے ٹولے سے سوالات کرتا ہے تو بغیر نوٹس دیئے اسے پارٹی سے نکال دیا جاتا ہے۔

    شاہد پاشا نے بتایا کہ کامران ٹیسوری نے ان شہری وڈیروں سے سوالات کیے تھے، ٹوٹی ہوئی چپلوں اور موٹرسائیکل پر آنے والے رہنما آج ارب پتی بن گئے ہیں۔

    سابق ڈپٹی کنوینئر نے کہا کہ خواجہ اظہارالحسن، عامر خان اور امین الحق بتائیں وہ مالدار کیسے ہوئے؟ عادل صدیقی اور بابرغوری لوٹ مار کرکے بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں، یہاں لوگ کرپشن کرتے اورملبہ لندن پر ڈالتے تھے.

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ایم کیوایم رہنما شاہد پاشا کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ32سال سے ایم کیو ایم کا کارکن رہا، مجھے5مرتبہ گرفتار بھی کیا گیا اور اس دوران میں نے اپنی کوئی جائیداد نہیں بنائی۔

    مجھے بغیر کسی قصور کے معطل کیا گیا، اس ساری سازش کے پیچھے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامر خان کا ہاتھ ہے، ہم رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ موجودہ رابطہ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے۔

    شاہد پاشا کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو جعلی ٹو تھرڈ مجورٹی سے ہٹایا گیا، خالد مقبول صدیقی کنونیئر ہیں تو پارٹی کو آئین کے تحت چلائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • میئرو ڈپٹی میئر کے انتخابات ملتوی، متحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب

    میئرو ڈپٹی میئر کے انتخابات ملتوی، متحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی اورسندھ میں میئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات ایک بار پھرملتوی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اوراس معاملے پرآئندہ کا لائحہ عمل تیارکرنے کیلئے رابطہ کمیٹی کاہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات ہوئے سات ماہ ہوچکے ہیں لیکن اب تک میئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات نہیں کرائے گئے ہیں اوران انتخابات کوایک سازش کے تحت مختلف بہانے بنا کر مسلسل ٹالا جارہا ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کے انعقاد کے لئے خود 9 جون کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا لیکن آج الیکشن کمیشن کے چارارکان کی ریٹائرمنٹ کو بھونڈا جواز بنا کر ایک بار پھر الیکشن کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

    اس طرح نہ صرف منتخب بلدیاتی نمائندوں کوان کے آئینی وقانونی حق سے محروم کیا جارہا ہے بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات اورآئین وقانون کی بھی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی اورسندھ میں میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کو روکنے کیلئے جس طرح بار بار التواء میں ڈالاجارہا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے ارباب اختیار کراچی اور شہری سندھ کو حق حکمرانی دینے کے لئے تیار نہیں ہیں بلکہ انہیں ان کے اس بنیادی حق سے جان بوجھ کر محروم رکھنا چاہتے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی اورسندھ کے شہری اوردیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی صورتحال انتہائی خراب بلکہ ناگفتہ بہ ہے۔

    اس صورتحال کی روشنی میں میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات بہت ضروری ہیں تاکہ منتخب نمائندے شہری مسائل کے حل کے لئے کام کرسکیں لیکن اسٹیبلشمنٹ میں موجود متعصب ارباب اختیار کراچی اورسندھ کو مسائل میں گھرا رکھنا چاہتے ہیں اسی لئے ایک بارپھر میئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات ملتوی کئے جارہے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ کراچی اورسندھ دشمنی بند کی جائے اورمیئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات فی الفورکرائے جائیں۔