Tag: متحدہ عرب امارات

  • متحدہ عرب امارات جانے والوں کے لئے اہم خبر

    متحدہ عرب امارات جانے والوں کے لئے اہم خبر

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات کی ایک اور ایئر لائن کو پروازوں کی اجازت دے دی، کابینہ نے "ویز” ایئر ابوظہبی کو پاکستان اور ابوظہبی روٹ پر نامزد کرنے کی منظوری دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے یو اے ای کی ایک اور ائیر لائن کو نامزد کرنے کا مطالبہ مان لیا اور پروازوں کی اجازت دے دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ فیصلہ یو اے ای کی درخواست اور موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا، کابینہ نے "ویز” ایئر ابوظہبی کو پاکستان اور ابوظہبی روٹ پر نامزد کرنے کی منظوری دے دی۔

    وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دے، اتحاد، ایمریٹس، ایئر عریبیا، ایئر عریبیا ابودہبی یو اے ای کی نامزد کردہ ایئر لائنز ہیں۔

    خیال رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے بتایا تھا کہ معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، بہت جلد ایمریٹس کی ایئر بس اے 380 کی کمرشل پروازیں پاکستانی ایئر پورٹس پر اتریں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اے380 میں مسافروں کی اضافی گنجائش سے کرائے کم کرنے میں مدد ملے گی، دیگر شعبوں سمیت پاکستانی ایوی ایشن میں بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں

  • یوکرین جنگ: عرب امارات کا بچوں کی فلاح کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا اعلان

    یوکرین جنگ: عرب امارات کا بچوں کی فلاح کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے یوکرین جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے 40 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان صدر شیخ محمد بن زائد نے یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا سے ملاقات کے دوران کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد سے منگل کو یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا نے، جو فاونڈیشن آف چیرٹیبل آرگنائزیشن کی چیئر پرسن بھی ہیں، قصر البحر میں ملاقات کی۔

    یوکرینی صدر کی اہلیہ 7 سے 10 مارچ تک ہونے والی فوربز کانفرنس میں شرکت کے لیے ابو ظہبی میں موجود ہیں۔

    اماراتی صدر سے ملاقات میں اولینا زیلسنسکا نے عام شہریوں اور خصوصاً بچوں پر یوکرینی بحران کے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔

    اماراتی صدر نے بحران سے متاثرہ بچوں کی نگہداشت کے لیے 40 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی ہدایت کی، یہ رقم 100 یتیم بچوں کے لیے 10 عمارتوں کی تعمیر میں لگائی جائے گی۔

    شیخ محمد بن زائد کا کہنا تھا کہ امارات عام شہریوں خصوصاً بچوں پر یوکرین بحران کے منفی اثرات سے باہر نکالنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کے ساتھ ہے، اس حوالے سے جو بھی علاقائی یا عالمی کوشش ہوگی اس میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

    یوکرینی صدر کی اہلیہ نے بحران کے آغاز سے اب تک انسانیت نواز کردار اور امارات کی جانب سے یوکرین کے پناہ گزینوں کو دی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    اولینا زیلسنسکا امارات میں مقیم یوکرین کی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گی، اس موقع پر امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان اور وزیر ماحولیات بھی موجود تھیں۔

  • امارات میں سونے کے نرخ گر گئے

    امارات میں سونے کے نرخ گر گئے

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کے نرخ کم ہو گئے، ویلنٹائن ڈے کی آمد پر زیورات کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں سونے کے نرخوں میں کمی اور ویلنٹائن ڈے کی آمد پر سونے کے زیورات کی طلب بڑھ گئی ہے، گولڈ مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کا سلسلہ ایک ہفتے قبل شروع ہوا تھا۔

    دو ہفتوں کے دوران ایک گرام سونے کی قیمت میں 9 درہم کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، نرخوں میں کمی اور 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے کی آمد پر سونے کے زیورات کی طلب میں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

    الامارات الیوم کے مطابق 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 225.75 درہم ہو گئی ہے، ایک گرام میں پونے تین درہم کی کمی ہوئی ہے، جب کہ 22 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت ڈھائی درہم کم ہو کر 209 درہم ہو گئی ہے۔

    21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت ڈھائی درہم کم ہو کر 202.25 درہم ہو گئی، اور 18 قیراط ایک گرام کی قیمت میں سوا دو درہم کی کمی ہوئی ہے، اب اس کی قیمت 173.25 درہم ہے۔

  • شادی کے صرف 12 دن بعد جوڑے کے درمیان طلاق

    شادی کے صرف 12 دن بعد جوڑے کے درمیان طلاق

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں گزشتہ برس طلاق کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، ایک جوڑے کے درمیان شادی کے صرف 12 دن بعد طلاق ہوگئی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت انصاف نے مملکت میں مقیم غیر ملکی اور مقامی جوڑوں کے درمیان طلاق کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ شارجہ، عجمان، ام القوین اور الفجیرہ کی وفاقی عدالتوں کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال ایک غیر ملکی جوڑے کی شادی کو ابھی 12 دن بھی نہ گزرے تھے کہ ان میں طلاق ہوگئی، یہ سب سے جلدی طلاق کا پہلا واقعہ ہے۔

    وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 کے دوران یہاں مقیم غیر ملکیوں میں طلاق کے 194 واقعات ریکارڈ پر آئے جبکہ 2022 کے دوران ان کی تعداد کم ہو کر 176 ہو گئی۔

    وزارت انصاف کے مطابق ایک غیر ملکی جوڑے کی طلاق شادی کے 13 دن بعد، ایک اور جوڑے کی طلاق 14 دن، ایک کی 16 دن، ایک کی 17 دن اور ایک جوڑے میں طلاق شادی کے 25 دن بعد ہوئی۔

    ایک اور مقامی جوڑے نے 36 سال تک شادی کے بندھن میں رہنے کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

  • حکومت کی متحدہ عرب امارات کو 5 بڑی کمپنیوں کی فروخت کی پیشکش

    اسلام آباد : حکومت نے متحدہ عرب امارات کو پانچ بڑی کمپنیوں کی فروخت کی پیشکش کردی، جن میں اوجی ڈی سی ایل، پی پی ایل، نیشنل بینک، پی آئی اے اور پی این ایس سی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت نے یو اے ای کی دو بڑی کمپنیوں کو ریاستی اداروں کے حصص کی پیشکش کردی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت یواے ای سے ایک ارب ڈالر لینے کیلئے اوجی ڈی سی ایل۔ پی پی ایل۔ نیشنل بینک۔ پی آئی اے اور پی این ایس سی کے حصص فروخت کرسکتی ہے۔

    اس سلسلے میں ابوظبی ڈیولپمنٹ ہولڈنگ کمپنی اور انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کو پیشکش کی گئی ہے، مذکورہ دونوں یواےای کمپنیوں کے پاس تین سوارب ڈالرکے سرمایہ کاری فنڈزکا پورٹ فولیو ہے۔

    دونوں کمپنیوں نے پاکستان میں منافع بخش عوامی اداروں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بھی ظاہرکی ہے۔

    اس سلسلے میں صدرمملکت ڈاکٹرعارف الرحمان علوی وزیراعظم شہبازشریف کی ایڈوائس پر پیرکو ریاستی کمپنیوں کےحصص کی فروخت کیلئےگورننس اینڈ آپریشنز بل دوہزاربائیس کی منظوری دے چکے ہیں۔

  • عرب امارات: خاتون کو پڑوسن کی صفائی سے پریشانی، مقدمہ دائر کردیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون نے اپنی پڑوسن پر مقدمہ دائر کردیا کہ وہ ان کے گھر کے سامنے صفائی کے لیے جو محلول استعمال کرتی ہیں اس سے ان کی صحت خراب ہورہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں العین اپیل کورٹ نے پڑوسن سے 60 ہزا درہم ہرجانہ دلانے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے پرائمری کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

    مذکورہ خاتون نے اپنی پڑوسن کے خلاف عدالت میں کیس دائر کیا تھا۔

    خاتون نے پرائمری کورٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کی پڑوسن گھر کے سامنے والے حصے کی صفائی کے لیے کلورکس استعمال کررہی ہے جس کی بو بہت زیادہ ہے، اس سے اس کی صحت پر برا اثر پڑ رہا ہے۔

    خاتون نے دعویٰ کیا کہ انہیں پڑوسن سے 60 ہزار درہم کا معاوضہ دلایا جائے۔

    پرائمری کورٹ نے دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسن نے صفائی کے لیے جو کلورکس استعمال کیا اس کا مقصد نقصان پہنچانا نہیں تھا۔

    بعد ازاں خاتون نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا تھا، اپیل کورٹ نے بھی پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ صحت پر برا اثر پڑنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

    اس دوران مقامی میڈیا میں اس دعوے کی خبر آنے پر اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہونے کی وجہ سے لوگ اس میں دلچسپی لے رہے تھے۔

  • کتنے خوش نصیبوں کو گولڈن اقامہ دیا گیا؟

    کتنے خوش نصیبوں کو گولڈن اقامہ دیا گیا؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا، علاوہ ازیں آمد و رفت کے 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی میں اقامہ اور غیرملکیوں کے امور کے سرکاری ادارے نے کہا ہے کہ سنہ 2022 کے دوران 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا گیا۔

    سرکاری ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ 2022 میں 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے، ان میں سے بری، بحری اور فضائی راستوں سے 46 ملین افراد کی آمد و رفت کی کارروائی انجام دی گئی۔

    علاوہ ازیں گزشتہ برس 2022 کے آخر تک تمام گروپوں کو گولڈن اقامے جاری کیے گئے، ان کی تعداد 79 ہزار 617 رہی جبکہ 2021 کے دوران 47 ہزار 150 گولڈن اقامے جاری کیے گئے تھے۔

    دبئی میں اقامہ اور غیر ملکیوں کے امور کے سرکاری ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد المری کا کہنا ہے کہ محکمے سے رجوع کرنے والوں کو سہولتوں کی فراہمی ہمارا بڑا ہدف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اچھی منصوبہ بندی کی گئی ہے، ہمارے ادارے نے حسن کارکردگی پر متعدد ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں۔

  • وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں وہ یواے ای کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف متحدہ عرب امارات کے دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے، ابو ظبی میں یواے ای کے وزیراقتصادی امورنے استقبال کیا۔

    اعلیٰ سطح کا وفد بھی شہبازشریف کے ہمراہ ہیں، وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم کا یو اے ای کا تیسرا دورہ ہوگا۔

    دورے کے دوران وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمدبن زیدالنہیان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کریں گے۔

    یواے ای قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات سمیت اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے پر بات چیت ہو گی جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کےمعاہدوں میں پیشرفت پربھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور یو اے ای میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

    دورے کے دوران وزیراعظم کی اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، متحدہ عرب امارات تقریباً 1.7 ملین پاکستانیوں کا گھر ہے۔

  • پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے بینکوں کو قرضہ لوٹا دیا، زرمبادلہ ذخائر خطرناک حد تک کم

    کراچی : پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے بینکوں کو  1.2 ارب کا قرضہ لوٹا دیا، جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں خطرناک حد تک گر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے بینکوں کو قرضہ لوٹا دیا، جمعہ کو امارت کے این بی ڈی بینک کو600 ملین ڈالر جبکہ دبئی اسلامک بینک کو 420 ملین ڈالر واپس کئے۔

    جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائرچار ارب پچاس کروڑ ڈالر کے رہ گئے جبکہ پاکستان کے پاس مجموعی ذخائر اب تقریبا دس ارب ڈالر ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تیس دسمبر دوہزار بائیس تک اسٹیٹ بینک کے پانچ اعشاریہ چھ ارب ڈالر جبکہ مجموعی ذخائر 11.42 ارب ڈالر پرتھے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ چائنیز ڈیولپمنٹ بینک سےسات سو ملین اور سعودی عرب سے تین ارب ڈالررواں ہفتے متوقع ہیں۔

    وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جنیوا کانفرنس میں غیرملکی امداد کا سہارا درکار ہے، جنیوا کانفرنس میں ایک اعشار پانچ ارب ڈالر کی فراہمی کی کوششیں کی جائیں گی۔

  • یو اے ای وزٹ ویزہ پر پابندی؟ اماراتی قونصل جنرل کا رد عمل جاری

    کراچی: متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی شہری پر یو اے ای کے ویزے کے حصول کی پابندی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی نے پاکستان کے بیش تر شہروں میں ویزہ کی پابندی کی اطلاعات کو ’فیک نیوز‘ قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

    یو اے ای سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اماراتی حکومت کی جانب سے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کے شہری بلا تفریق متحدہ عرب امارات کے وزٹ یا دیگر کسی بھی ویزہ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور انھیں ویزے دیے جا رہے ہیں۔

    ’یو اے ای نے پاکستان کے مزید 2 شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی عائد کر دی‘

    متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے کہا کہ وہ خود اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ کراچی قونصلیٹ سے بھی مذکورہ شہروں کے رہائشی پاکستانی بھائیوں کے لیے ویزے لگا کر دے رہے ہیں۔

    قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی نے افسوس کا اظہار کیا کہ نہ جانے ایسا کیوں کیا جا رہا ہے کہ ہر کچھ عرصے بعد مختلف قسم کی افواہیں پھیلا دی جاتی ہیں، نہ جانے کون لوگ اس طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، اور کیوں؟