Tag: متحدہ عرب امارات

  • ونڈر وومن برج خلیفہ پہنچ گئیں!

    ونڈر وومن برج خلیفہ پہنچ گئیں!

    دبئی: دنیا کی طویل ترین عمارت برج خلیفہ ونڈر وومن کے رنگوں سے سج گئی، برج خلیفہ پر ونڈر وومن کے ٹریلر کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔

    متحدہ عرب امارات میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ ہالی ووڈ فلم ونڈر وومن کے رنگوں اور روشنیوں سے سج گئی، برج خلیفہ پر پہلے ونڈر وومن کی جھلملاتی تصاویر اور پھر اس کی آنے والی فلم کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔

    ونڈر وومن کا دوسرا حصہ یعنی ونڈر وومن 1984 دنیا بھر میں 17 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا تاہم امریکا میں اسے کرسمس کے روز 25 دسمبر کو تھیٹرز اور ایچ بی او میکس پر ریلیز کیا جائے گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Burj Khalifa (@burjkhalifa)

    ونڈر وومن 1984 کو رواں برس جون میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم کوویڈ 19 اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے سینما گھر بند ہونے کے باعث اسے ریلیز نہ کیا جاسکا۔

    اس کی پہلی فلم ونڈر وومن سنہ 2017 میں سامنے آئی تھی جو جنگ عظیم اول کے زمانے کی تھی، فلم میں ڈیانا (ونڈر وومن) کو اپنی صلاحیتوں کا ادراک ہوتا ہے جس کے بعد وہ دنیا کو بچانے والے افراد کی پہلی صف میں جا کھڑی ہوتی ہے اور اپنی صلاحیتوں سے سب کو دنگ کردیتی ہے۔

    اس فلم کا دوسرا حصہ اب سنہ 1984 کے زمانے کا ہے، جہاں دور تو نیا ہے تاہم ونڈر وومن پہلے سے بھی زیادہ مستعد اور حیران کن ہے اور بجلی کی سی تیزی سے اپنی راہ میں آنے والے دشمنوں کو پچھاڑ رہی ہے۔

    فلم میں ونڈر وومن کا مرکزی کردار گال گیڈٹ نے ادا کیا ہے جبکہ امریکی اداکار کرس پائن بھی فلم میں موجود ہیں۔

  • چینی کرونا ویکسین کے حوالے سے یو اے ای کا اہم قدم

    چینی کرونا ویکسین کے حوالے سے یو اے ای کا اہم قدم

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے کرونا ویکسین سے تحفظ فراہم کرنے والی چین کی تیار کردہ ویکسین کا اندراج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اماراتی وزارت صحت نے بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کی انسداد کو وِڈ 19 ویکسین کے باضابطہ اندراج کا اعلان کر دیا ہے۔

    یو اے ای میڈیا کے مطابق سینوفرم سی این بی جی کی جانب سے درخواست کی گئی تھی، جس پر یو اے ای میں ویکسین کا اندراج کیا گیا، اس عمل سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صحت حکام ویکسین کی محفوظ افادیت کے حوالے سے پُر اعتماد ہیں۔

    واضح رہے کہ اس اعلان سے وزارت صحت نے محکمہ صحت ابوظبی کے تعاون سے سینوفرم سی این بی جی کے تیسرے مرحلے کے تجربات کا جائزہ بھی لیا تھا، واضح رہے کہ ٹرائلز میں بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کی یہ ویکسین کرونا انفیکشن کے خلاف 86 فی صد مؤثر ثابت ہوئی تھی۔

    یو اے ای کے نائب صدر نے کرونا ویکسین لگوا لی

    ٹرائلز سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ اس ویکسین میں اینٹی باڈی کو نیچرلائز کرنے کی 99 فی صد اور بیماری کی روک تھام میں 100 فی صد تاثیر موجود ہے۔

    یاد رہے کہ اس ویکسین کو ستمبر سے ایمرجنسی استعمال کی اجازت بھی دی گئی تھی تاکہ کو وِڈ 19 کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے، ویکسین کے استعمال سے طبی عملے کی مؤثر طریقے سے حفاظت ممکن ہوئی۔

  • دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافہ متوقع

    دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافہ متوقع

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں اقتصادی قوانین میں حالیہ اصلاحات کے باعث دبئی کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دبئی اقتصادیہ کے ڈائریکٹر جنرل سمیع القامزی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کمرشل کمپنیوں کے قانون میں ترمیم کے سبب دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا رحجان پایا جاتا ہے۔

    اقتصادی قوانین میں حالیہ اصلاحات کے باعث دبئی کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

    القامزی کا کہنا ہے کہ حالیہ ترامیم سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہاؤ اور معیار کے ساتھ ساتھ امارات کی مجموعی معاشی نمو پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    نئی اصلاحات جو اس ماہ کے آغاز میں عمل میں لائی گئی ہیں ان کے پیش نظر غیر ملکی شہریوں کو امارات کے اندر کمرشل کمپنیوں کے لیے 100 فیصد ملکیت کی اجازت دے دی جائے گی۔

    القامزی کا کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں سے متحدہ عرب امارات میں مسابقت اور کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں مزید سرمایہ کاری لانے اور نئی ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی شہریوں کو کمرشل کمپنیوں کی 100 فیصد ملکیت کی اجازت دینے سے نہ صرف غیر ملکی و ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ ان ترامیم سے سرمایہ کاروں کو اپنے کاروبار کو سنبھالنے اور چلانے کی مکمل آزادی بھی حاصل ہوگی۔

    ڈائریکٹر جنرل نے یہ بھی امید کی ہے کہ نیا قانونی فریم ورک انفرادی سرمایہ کاروں اور رہائشیوں کو خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دے گا۔

    متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ان نئی اصلاحات کا مقصد مینو فیکچرنگ، ہائی ٹیک صنعتوں، ڈیجیٹل معیشت، تفریح، انجینئرنگ اور قانونی مشاورتی خدمات میں طویل مدتی سرمایہ کاری لانا ہے۔

    اس پروگرام سے غیر ملکیوں کو مکمل ملکیت دینے اور اس کے بعد آنے والی سرمایہ کاری سے نہ صرف نجی شعبے بلکہ مجموعی معیشت میں بھی آپریشنل اور انتظامی اہلیت میں اضافہ ہوگا۔

    القامزی نے مزید کہا کہ ان ترامیم کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات مسابقت میں اضافے سے فائدہ اٹھائے گا جس سے ورلڈ بینک کی ڈوئنگ بزنس رپورٹ میں بھی امارات کی پوزیشن مزید بہتر ہوگی۔

  • ابو ظہبی: 144 منزلہ عمارت 10 سیکنڈ میں ملبے کا ڈھیر بن گئی، ویڈیو وائرل

    ابو ظہبی: 144 منزلہ عمارت 10 سیکنڈ میں ملبے کا ڈھیر بن گئی، ویڈیو وائرل

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں 144 منزلہ عمارت کو 10 سیکنڈ کے اندر مسمار کردیا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ابو ظہبی میں مینا بندرگاہ کے علاقے میں قائم 144 منزلہ مینا پلازہ ٹاور کو منہدم کردیا گیا، کارروائی میں صرف 10 سیکنڈ کا وقت لگا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    اس دوران بندرگاہ کے علاقے میں قائم تمام دکانوں اور مارکیٹس کو شام 4 بجے تک عارضی طور پر بند رکھا گیا۔

    حکام کے مطابق عمارت کا انہدام بندرگاہ کی تعمیر نو و آرائش کے پروجیکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔

    تعمیر نو کی ذمہ دار تعمیراتی کمپنی نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ عمارت کو غیر پرائمری دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا ہے، اور اس سے ہونے والی آلودگی کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے گئے ہیں۔

    عمارت کو منہدم کرنے کی کارروائی کے دوران مقامی پولیس، ایمرجنسی رسپانس ٹیم، سول ڈیفنس اتھارٹی، ایمبولینسز اور ہنگامی حالات و قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں کی جاسکیں۔

  • یو اے ای، جزیرہ کوراساؤ کے درمیان فضائی سروس کا اہم معاہدہ

    یو اے ای، جزیرہ کوراساؤ کے درمیان فضائی سروس کا اہم معاہدہ

    دبئی: متحدہ عرب امارات اور نیدرلینڈ کے ایک جزیرے کوراساؤ کے درمیان فضائی سروس کا معاہدہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای اور نیدر لینڈ کی آئینی کاؤنٹی جزیرہ کوراساؤ نے اپنی حدود کے درمیان اور اس سے آگے فضائی سروس کے قیام و آغاز کی خاطر ایئر سروس ایگریمنٹ پر دستخط کر دیے۔

    اس معاہدے پر جنرل سول ایوی ایشن کے دفتر میں دستخط کیے گئے جس پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے سیف محمد السویدی نے اور نیدرلینڈ کے سفیر لودی امبریختس نے دستخط کیے۔

    جنرل سول ایوی ایشن کی جانب سے یہ قدم کیریبئن خطے میں یو اے ای کے وسیع فضائی مواصلاتی رابطے استوار کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران یو اے ای ہوابازی اتھارٹی نے اسی طرح کے معاہدے جمیکا، دولت مشترکہ بہاماس، انتیگوا اینڈ باربوڈا، جمہوریہ ہیٹی اور سینٹ لوسیا کے ساتھ بھی کیے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات نے بڑی شرط ختم کردی، 100 فیصد ملکیتی حق دینے کا اعلان

    یاد رہے کہ چند دن قبل متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر عائد ہونے والی پابندی ختم کرتے ہوئے انھیں بغیر کفیل کے کاروبار کرنے کی اجازت دے دی ہے، یو اے ای کے صدر خلیفہ بن زاید آل نہیان نے خلیجی ممالک میں قائم غیر ملکی کمپنیوں کے قیام کے حوالے سے قانون میں ترمیم کر کے شاہی فرمان جاری کیا۔

  • یو اے ای کے نائب صدر نے کرونا ویکسین لگوا لی

    یو اے ای کے نائب صدر نے کرونا ویکسین لگوا لی

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی۔

    عرب میڈیا کے مطابق نائب صدر یو اے ای شیخ محمد بن راشد المکتوم نے آج ٹویٹر بیان میں کہا کہ انھوں نے کو وِڈ نائنٹین کی ویکسین لگوا لی ہے، ان کا بیان تھا ’آج میں نے کرونا کی ویکسین لگوائی ہے۔‘

    شیخ محمد کا کہنا تھا کہ وہ سب کے لیے اس وبا سے حفاظت اور صحت کے لیے دعاگو ہیں، انھوں نے ویکسین کی دستیابی کے لیے ٹیم پر فخر کا بھی اظہار کیا۔

    نائب صدر نے کہا ’مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جس کی ان تھک محنت سے یو اے ای میں ویکسین دستیاب ہوئی۔‘

    انھوں نے اس موقع پر امارات کے روشن مستقبل کا بھی ذکر کیا، کہا یو اے ای کا مستقبل ہمیشہ روشن رہےگا۔

    واضح رہے کہ شیخ راشد نے کرونا کی ٹرائل ویکسین لگوائی ہے، انھوں نے اس سلسلے میں اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ویکسین لگوانے کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔

    گزشتہ ماہ یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان نے بھی ٹرائل کرونا وائرس ویکسین لگوائی تھی، انھوں نے بھی اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا ویکسی نیشن معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے کا راستہ ہے۔

    ستمبر میں یو اے ای نے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے کو وِڈ 19 کی ویکسین ٹرائل کے لیے ایمرجنسی منظوری دی تھی۔

  • متحدہ عرب امارات کا نیا مصنوعی سیارہ تیار کرنے کا اعلان

    متحدہ عرب امارات کا نیا مصنوعی سیارہ تیار کرنے کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے نیا مصنوعی سیارہ تیار کرنے کا اعلان کیا ہے، سیارہ سیٹلائٹ پروگرام اور نیشنل اسپیس پروگرام کا حصہ ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ وہ نیا مصنوعی سیارہ ایم بی زیڈ سیٹ تیار کرے گا۔ اس نئے مصنوعی سیارے کا نام ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زید النہیان کے نام پر رکھا گیا ہے۔

    دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ اماراتی ٹیم خطے میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مصنوعی سیارہ تیار کرے گی۔

    شیخ محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ یہ مصنوعی سیارہ شہری اور تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    محمد بن راشد سینٹر برائے گورنمنٹ انوویشن کے سینیئر ڈائریکٹر عامر الصایغ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایم بی زیڈ سیٹ، جو متحدہ عرب امارات کے سیٹلائٹ پروگرام اور نیشنل اسپیس پروگرام کا ایک حصہ ہے، کا مقصد خلائی اعداد و شمار کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے۔

    عامر الصایغ کے مطابق مصنوعی سیارے کی تیاری 2023 میں مکمل ہونے کی امید ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات اس وقت مصنوعی سیارے کے آغاز کے لیے ممکنہ شراکت داروں سے بات چیت کر رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس مصنوعی سیارے کی لائف سائیکل 5 سے 7 سال تک ہوگی۔

  • دبئی میں دنیا کا منفرد ترین میوزیم تکمیل کے قریب

    دبئی میں دنیا کا منفرد ترین میوزیم تکمیل کے قریب

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں بنایا جانے والا میوزیم آف دی فیوچر تکمیل کے قریب ہے، میوزیم کو رواں برس ہی کھول دیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دبئی کے شیخ زائد روڈ کے ساتھ نمایاں نظر آنے والا بیضوی نما، میوزیم آف دی فیوچر تکمیل کے قریب ہے۔ اس ہفتے اس کے بیرونی حصے میں آخری پیس بھی نصب کردیا گیا۔

    میوزیم 30 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے اور اس کی اونچائی 77 میٹر ہے، میوزیم کے بیرونی حصے میں مستقبل کے جمالیاتی اسٹیل پر روشن عربی خطاطی کی گئی ہے۔ یہ کام روبوٹ سے تیار کردہ ایک ہزار 24 ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔

    میوزیم آف دی فیوچر میں نمائش کے لیے 7 منزلیں ہوں گی اور اس کے ڈیزائن میں کوئی ستون نہیں ہے، اسے شمسی توانائی سے 4 ہزار میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ یہ میوزیم اربن انجینئرنگ کا سنگ میل ثابت ہوگا۔

    امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کا کہنا ہے کہ میوزیم آف دی فیوچر گلوبل آرکیٹکچرل آئیکون ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ انسانی معجزات ممکن ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ میوزیم ہماری عربی ثقافت اور عزائم کا ملاپ ہے، یہ انجینئرنگ کا ایک عالمی نمونہ ہے جس میں عربی زبان کی جھلک ملتی ہے۔

    میوزیم کو رواں برس ہی کھول دیا جائے گا۔

  • 45 منٹ میں رپورٹ دینے والی کرونا وائرس ٹیسٹ کٹ تیار

    45 منٹ میں رپورٹ دینے والی کرونا وائرس ٹیسٹ کٹ تیار

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی ایسی کٹ تیار کرلی گئی جو 45 منٹ کے اندر رپورٹ دے سکتی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں خلیفہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی نے پورٹیبل کرونا ٹیسٹنگ کٹ تیار کی ہے جس کا حجم اسمارٹ فون کے برابر ہے۔

    خلیفہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے اسکالرز کی تیار کردہ پورٹیبل کرونا ٹیسٹنگ کٹ 45 منٹ کے اندر رپورٹ دیتی ہے۔

    کٹ میں پی سی آر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، یہ ٹیکنالوجی مؤثر اور برق رفتار ہے۔ نئی ٹیسٹنگ کٹ صرف 45 منٹ میں وائرس کا پتہ لگا لیتی ہے۔

    پی سی آر ٹیسٹنگ ہمیشہ انتہائی درست ہوتی ہے اور وائرس کا پتہ لگانے کے لیے اعلیٰ ترین معیار میں اس کا استعمال پیچیدہ ہو سکتا ہے۔

    خلیفہ یونیورسٹی کے ماہرین نے کرونا وائرس کا تیز اور حساس پتہ چلانے کے لیے نیا طریقہ استعمال کیا، یہ طریقہ روایتی پی سی آر کے طریقہ کار سے تیز ہے۔

    ٹیسٹنگ کٹ کے لیے کسی قسم کے جدید آلات کی ضرورت نہیں کیونکہ کٹ مریض میں براہ راست کرونا وائرس کا پتہ لگاتی ہے۔ فی الحال یہ کٹ کلینیکل توثیق کے مرحلے میں ہے۔ اس سے نہ صرف تیز رفتار ٹیسٹنگ کی جا سکتی ہے بلکہ یہ سستی بھی ہے۔

  • خلا کی تسخیر کے لیے متحدہ عرب امارت کا اہم اقدام

    خلا کی تسخیر کے لیے متحدہ عرب امارت کا اہم اقدام

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے خلا کی تسخیر کے لیے امریکی خلائی ادارے ناسا سے معاہدہ کرلیا، اماراتی خلا نورد ناسا کے تحت عالمی تجربہ اور مہارت حاصل کریں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں محمد بن راشد خلائی مرکز اور ناسا نے اماراتی خلا نوردوں کی ٹریننگ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ نئے معاہدے کے تحت اماراتی خلا نورد ناسا کے تحت عالمی تجربہ اور مہارت حاصل کریں گے۔

    معاہدے کے مطابق ناسا میں 4 اماراتی خلا نوردوں کو تربیت دی جائے گی، ابتدا ھزاع المنصوری اور سلطان النیادی سے کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں دیگر 2 خلا نوردوں کو امریکا بھیجا جائے گا۔

    انہیں سنہ 2021 کے لیے خلا نوردوں کے ناسا پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

    اماراتی خلا نورد وہی جسمانی اور ذہنی تربیت حاصل کریں گے جو ناسا کی جانب سے اپنے خلا نوردوں کو دی جاتی ہے۔

    ناسا کا جانسن سینٹر خلا نوردی کے شعبے میں نصف صدی سے کہیں زیادہ سے کام کررہا ہے، یہ سینٹر سائنسی اور ٹیکنالوجی معلومات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

    سنہ 1961 کے دوران ہیوسٹن میں قائم کیا جانے والا ی ادارہ تقریباً 10 ہزار افراد کو تیار کر چکا ہے۔

    خیال رہے کہ امارات کے خلا نورد ھزاع المنصوری اور سلطان النیادی ستمبر 2018 کے دوران ماسکو کی سٹارز سٹی میں یوری گگارین سینٹر میں بھی ٹریننگ حاصل کر چکے ہیں۔