Tag: متحدہ عرب امارات

  • دبئی سیاحت میں یورپ کو بھی پیچھے چھوڑ گیا

    دبئی سیاحت میں یورپ کو بھی پیچھے چھوڑ گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی سیاحت میں مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کو بھی پیچھے چھوڑ گیا، ایک سال میں غیر ملکی سیاحوں نے دبئی میں اربوں ڈالر خرچ کر ڈالے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ماتحت عالمی ادارہ سیاحت نے کہا ہے کہ گزشتہ سال غیر ملکی سیاحوں نے دبئی میں 80 ارب درہم خرچ کیے، ڈالر میں یہ رقم 21 ارب 800 ملین بنتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر ملکی سیاحوں نے سنہ 2018 کے دوران 21 ارب 375 ملین ڈالر (78.6 ارب درہم) خرچ کیے تھے، سیاحت کے شعبے میں دبئی مشرق وسطیٰ کے تمام ملکوں پر سبقت لے گیا ہے۔

    مشرق وسطیٰ کے دس ممالک میں غیر ملکی سیاحوں نے جتنا خرچ کیا اس کا 27 فیصد دبئی میں خرچ کیا گیا۔

    عالمی ادارہ سیاحت نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ دبئی گزشتہ برسوں کے دوران غیر ملکی سیاحوں کا پسندیدہ ترین شہر بنتا جارہا ہے۔ یہاں غیر ملکی سیاح گزشتہ سال کے مقابلے میں آنے والے سال میں زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 16.7 ملین غیر ملکی سیاح دبئی پہنچے جبکہ اس سے ایک سال قبل 2018 میں دبئی آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 15.9 ملین تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ دبئی مشرق وسطیٰ ہی نہیں بلکہ جنوبی کوریا، پرتگال، یونان، سنگا پور، ہالینڈ، سوئیڈن، روس، بیلجیئم اور ڈنمارک جیسے ملکوں کو بھی پیچھے چھوڑ گیا ہے۔

  • ابو ظہبی: طلبہ کا ہر 2 ہفتے بعد کرونا وائرس ٹیسٹ ہوگا

    ابو ظہبی: طلبہ کا ہر 2 ہفتے بعد کرونا وائرس ٹیسٹ ہوگا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں اسکول آنے والے طلبہ کا کرونا وائرس ٹیسٹ ہر 2 ہفتے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امارات میں نیا تعلیمی سال 5 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی میں وزارت تعلیم و تربیت نے اسکولوں کے طلبہ کا کووڈ 19 (پی سی آر) ٹیسٹ 2 ہفتے میں ایک بار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت تعلیم و تربیت کے ماتحت اسکول آپریشن ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لبنی الشامسی نے بتایا کہ ابو ظہبی کے طلبہ کا ٹیسٹ اسکولوں میں ہوگا جبکہ دیگر ریاستوں کے طلبہ کے بارے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے ٹیسٹ سینٹر کے حوالے سے مطلع کیا جائے گا۔

    ڈائریکٹر کے مطابق ایس ایم ایس ان کے سرپرستوں کے نام بھیجے جائیں گے، پی سی آر ہر 2 ہفتے میں ایک بار ضرور ہوگا۔

    الشامسی نے بتایا کہ طلبہ کی تدریجی واپسی کے فیصلے کی بدولت کرونا وائرس ٹیسٹ آسانی سے ممکن ہوسکے گا۔۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 5 ستمبر سے نیا تعلیمی سال شروع ہو رہا ہے، اسکول 12 برس سے کم عمر طلبہ یعنی تیسری سے چھٹی جماعت تک کے لیے اتوار سے کھلیں گے۔

    اسی روز سے طلبہ کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی بھی شروعات کردی جائیں گی۔

  • متحدہ عرب امارات: کار سوار پر لاکھوں درہم کا جرمانہ۔۔۔مگر کیوں؟

    متحدہ عرب امارات: کار سوار پر لاکھوں درہم کا جرمانہ۔۔۔مگر کیوں؟

    ریاض: متحدہ عرب امارات میں عدالت نے کار ڈرائیور کو حکم دیا کہ وہ انشورنس کمپنی کو 4 لاکھ 96 ہزار 429 درہم ہرجانے کے طور پر ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ڈرائیور نے نشے میں ڈرائیونگ کے دوران ایک شخص کو ہلاک کر دیا تھا،ٹریفک حادثے میں ایک زخمی اور گاڑی تباہ ہوگئی تھی۔انشورنس کمپنی نے ڈرائیور کی طرف سے رقم ہرجانے کے طور پر ادا کی تھی۔

    بعدازاں انشورنس کمپنی نے عدالت سے رجوع کر کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔کمپنی کا کہنا تھا کہ اسے ڈرائیور سے 5 لاکھ 24 ہزار درہم دلائے جائیں اور مقدمے کے اخراجات بھی ڈرائیور سے وصول کیے جائیں کیونکہ اس نے ٹریفک حادثہ نشے کی حالت میں کیا تھا۔

    انشورنس کمپنی نے ڈرائیور سے مطلوب ہرجانہ کار کی مالک متاثرہ کمپنی کو 28 ہزار درہم کی صورت میں ادا کیے۔متوفی کے ورثا کو 3 لاکھ 72 ہزار 910 درہم اور زخمی کو ایک لاکھ 23 ہزار 519 درہم کی ادائیگی کی۔

    ابوظبی پرائمری کورٹ نے ڈرائیور کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انشورنس کمپنی کو 4 لاکھ 96 ہزار 429 درہم ادا کرے۔عدالت نے مقدمے کے اخراجات بھی ڈرائیور کو ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کمپنی کے دیگر مطالبات مسترد کر دیے۔

  • امارات: دھوکے باز نے تاجر سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے

    امارات: دھوکے باز نے تاجر سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک دھوکے باز نے ایک تاجر کو دھوکہ دے کر اس سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک دھوکہ باز نے خلیجی سرمایہ کار سے 14 لاکھ درہم اینٹھ لیے، دھوکے باز نے تاجر کو ایک میدان میں کھڑی ہوئی گاڑیاں دکھا کر سودا کرلیا۔

    مذکورہ دھوکے باز نے خلیجی سرمایہ کار کو یہ تاثر دیا کہ رینٹ اے کار کا شوروم اور گاڑیاں اس کی اپنی ہیں۔

    مذکورہ نظارے کے بعد خلیجی تاجر دھوکے باز کے جھانسے میں آگیا۔ اس نے اتنی زحمت بھی گوارا نہ کی کہ گاڑیاں اور رینٹ اے کار ایجنسی کے کاغذات دیکھ لیتا۔

    خلیجی تاجر نے رینٹ اے کار ایجنسی کا سودا ہونے پر اسے 11 لاکھ درہم کیش دیے اور دھوکے باز کو اپنی رینجروور گاڑی یہ کہہ کر دی کہ اسے 3 لاکھ درہم میں فروخت کر سکتے ہو۔

    بعد ازاں خلیجی تاجر نے پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کی رپورٹ درج کروائی جس پر پولیس نے دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا، ملزم ایک عرب شہری ہے جسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

    ملزم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسے دراصل رقم کی ضرورت تھی، اب وہ مذکورہ شخص کو قسطوں میں رقم دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اچھی خبر

    متحدہ عرب امارات سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اچھی خبر

    کراچی : متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کردیا ، وفاقی وزیر سے ملاقات میں پاکستانی بندرگاہوں کے ترقیاتی منصوبے گفتگو کا محور رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیربحری امورعلی زیدی سے متحدہ عرب امارات کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ بھی شریک ہوئے۔

    وفدمیں محمدالمعلم،سی ای اوڈی پی ورلڈاوروائس پریزیڈنٹ گورنمنٹ افیئرز ، سیکریٹری میری ٹائم افیئرز رضوان احمداورچیئرمین پورٹ قاسم نے بھی شرکت کی، پاکستانی بندرگاہوں کے ترقیاتی منصوبے گفتگو کا محور رہے۔

    ملاقات میں دبئی گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور پاکستانی بندرگاہوں کےترقیاتی منصوبےپر تفصیلی گفتگو ہوئی، وفد نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

    وفاقی وزیر سمندری امور اور متحدہ عرب امارات کے وفد کے درمیان ملاقات میں بندرگاہوں سے متعلق باہمی تعاون کے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

  • متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی وطن واپسی

    متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی وطن واپسی

    اسلام آباد: متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کو لے کر پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز ملتان پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز یو اے ای سے پاکستانیوں کو لے کر ملتان پہنچ گئی، دوسری خصوصی پرواز رات 8 بجے اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی۔

    وطن واپسی کے انتظامات یو اے ای کی کاروباری شخصیت سہیل گلداری نے کیے۔خلیج ٹائمز کے مالک سہیل گلداری نے 200 پاکستانیوں کو مفت ٹکٹس دیے تھے۔

    معاون خصوصی اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے سہیل گلداری سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی واپسی کا وعدہ پورا کرنے پر سہیل گلداری کے شکرگزار ہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کرونا کے مشکل وقت پر پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزید ہم وطنوں کی واپسی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: لاک ڈاؤن میں شادیوں کی شرح میں اضافہ

    متحدہ عرب امارات: لاک ڈاؤن میں شادیوں کی شرح میں اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں لاک ڈاؤن کے دوران شادیوں کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا، لاک ڈاؤن میں مقامی شہری اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 2 ہزار 354 شادیوں کا اندراج ہوا ہے۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ نکاح کا سب سے زیادہ اندراج فروری کے مہینے میں ہوا ہے جس کے دوران 327 افراد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، اپریل میں صرف 26 شادیاں ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق دبئی میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران بھی نکاح کا اندراج جاری رہا۔

    دبئی کی عدالتوں سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2020 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 810 اماراتی جوڑوں نے شادیاں کی ہیں۔ اماراتی شوہر اور غیر اماراتی دلہن پر مشتمل 414 جوڑوں کے نکاح ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق غیر ملکیوں میں شادیوں کی تعداد 1 ہزار 130 ریکارڈ کی گئی جو کہ کل نکاح ناموں کا 48 فیصد ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں طلاقوں کی شرح میں بھی اضافہ دیکھا گیا، سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 466 طلاقیں ہوئیں تاہم اپریل اور مئی کے دوران کوئی طلاق نہیں ہوئی۔

  • متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں نجی اسکولوں نے اپنی فیسوں میں کمی کردی، اس کا مقصد مشکل معاشی دور میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی کے نجی اسکولوں نے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے 30 فیصد تک رجسٹریشن فیس اور آن لائن تعلیم کی صورت میں 50 فیصد تک فیس کم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

    ابو ظہبی میں ایک اسکول کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی تعداد کم ہے، بہت سارے طلبہ کے والدین نرسری میں بچوں کو داخل کروانے سے خوفزدہ ہیں۔

    ان کے مطابق ایک اور رجحان یہ بھی سامنے آرہا ہے کہ والدین اپنے بڑے بچوں کو ایسے اسکولوں میں داخلہ دلانے کی تگ و دو میں لگ گئے ہیں جہاں فیسیں کم ہوں۔

    چنانچہ نجی اسکولوں نے داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سوشل میڈیا پر مختلف ترغیباتی پیکجز کی تشہیر شروع کی ہے، سرپرستوں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر اسکول میں بھائی اور رشتہ دار داخلہ لیں گے تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

    اسکولوں نے کہا ہے کہ وہ رجسٹریشن فیس معاف کردیں گے جبکہ تعلیمی فیس میں بھی رعایت دی جائے گی، تعلیم مکمل آن لائن ہونے کی صورت میں مزید رعایتیں پیش کی جائیں گی۔

  • ابو ظہبی: ڈیزل کے ٹینکر میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ابو ظہبی: ڈیزل کے ٹینکر میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، نسوار ڈیزل ٹینکر کے ذریعے اسمگل کی جارہی تھی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی میں پولیس نے ڈیزل ٹینکر کے ذریعے بڑی مقدار میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم پیٹرول سپلائی کرنے والی کمپنی میں ڈیزل ٹینکر کا ڈرائیور تھا جو 750 کلو گرام نسوار ٹینکر میں چھپا کر اسے ابو ظہبی لانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ابو ظہبی کرائم برانچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ بڑی مقدار میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    نسوار لائے جانے کی اطلاع پر کرائم برانچ کی ٹیم بڑے پیمانے پر تفتیش شروع کرتے ہوئے اسمگلر تک پہنچی، ملزم کو اسمگل کی جانے والی 750 کلو گرام نسوار کے ساتھ حراست میں لے کر ممنوعہ مواد اسمگل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ابو ظہبی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نسوار ممنوعہ اشیا میں شامل ہے جس کی تجارت یہاں ممنوع ہے۔

    ابو ظہی پولیس کے شعبہ انسداد جرائم کے ریجنل ڈائریکٹر کرنل محمد سہیل الراشدی کا کہنا تھا کہ نسوار کی اسمگلنگ کی کارروائی کو ناکام بنانے کے لیے کرائم برانچ کے ساتھ بلدیہ ابو ظہی اور دیگر ادارے کے اہلکار بھی شامل تھے جن کی جامع کارروائی کے نتیجے میں نسوار کی بڑی کھیپ کو ضبط کرلیا گیا۔

  • متحدہ عرب امارات واپس آنے والوں کے لیے کرونا وائرس ٹیسٹ ضروری قرار

    متحدہ عرب امارات واپس آنے والوں کے لیے کرونا وائرس ٹیسٹ ضروری قرار

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک موجود افراد کے لیے امارات واپسی سے قبل کرونا ٹیسٹ کی شرط لازمی ہے، ٹیسٹ امارات پہنچنے سے زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے قبل تک کیا گیا ہو۔

    اماراتی خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ واپس آنے والے غیر ملکی جن کے اقامے یکم مارچ 2020 تک کارآمد تھے وہ کرونا ٹیسٹ (پی سی آر) واپسی کی منظوری ملنے کے بعد کروائیں۔

    حکام کے مطابق امارات واپس آنے والے غیر ملکیوں کے لیے کرونا ٹیسٹ لازمی ہے جس کے ضوابط بیان کرتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ 12 برس سے کم عمر بچے اور مخصوص افراد اس ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہوں گے، تاہم عام افراد کے لیے کرونا ٹیسٹ کیے جانے کا دورانیہ امارات پہنچنے سے زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے قبل تک کا مقرر کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ امارت سے گئے ہوئے وہ غیر ملکی جو اب واپس آنے کے خواہشمند ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ ان کا اقامہ کارآمد اور کینسل شدہ نہ ہو، جس وقت واپسی کے لیے پرمٹ کی درخواست دی جائے اس وقت غیر ملکی امارات سے باہر مقیم ہو جس کا ثبوت پیش کرنا لازمی ہے۔

    حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ امارت واپسی کے لیے جاری کردہ پرمٹ 21 روز تک کارآمد ہوتا ہے، اس دورانیے میں امارات پہنچنا لازمی ہے۔

    امارات آنے کے لیے کرونا ٹیسٹ کے لیے 40 ممالک میں 500 لیبارٹریز کو مخصوص کیا گیا ہے جہاں کا ٹیسٹ قابل قبول ہوگا، مزید ممالک میں منظور شدہ لیبارٹریز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد 60 ممالک کے لیے 1 ہزار لیبارٹریوں کو مخصوص کیا جائے گا۔