Tag: متحدہ عرب امارات

  • کرونا وائرس: متحدہ عرب امارات میں بھی پلازمہ تھراپی کی منظوری

    کرونا وائرس: متحدہ عرب امارات میں بھی پلازمہ تھراپی کی منظوری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں بھی کرونا وائرس کے علاج کے لیے صحت یاب مریضوں کے خون کا پلازمہ استعمال کرنے کی منظوری دے دی گئی، حکام جلد اس طریقہ علاج کو شروع کردیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دبئی میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کے خون سے پلازمہ لے کر دیگر مریضوں کا علاج کریں گے۔

    محکمہ صحت کے حکام نے یہ اعلان اس وقت کیا جب متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کے شکار افراد کے لیے اس طریقہ علاج کی منظوری دی ہے۔ یہ طریقہ علاج جو کنوالسنٹ پلازمہ تھراپی کہلاتا ہے، اسی ہفتے کسی بھی وقت شروع کردیا جائے گا۔

    دبئی ہیلتھ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر یونس کاظم کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے دبئی کے اسپتالوں میں اس طریقہ علاج کے پروٹوکول متعارف کروا دیے ہیں تاکہ وائرس کی روک تھام کی جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ دبئی محکمہ صحت کے اسپیشلائزڈ ڈاکٹروں نے پلازمہ تھراپی کے لیے عالمی معیار کے مطابق طریقہ کار اختیار کیا ہے۔

    ڈاکٹر کاظم کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بھی قواعد و ضوابط وضع کر لیے گئے ہیں کہ کون پلازمہ عطیہ کر سکتا ہے اور کس مریض کو اس طریقہ علاج کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ دبئی محکمہ صحت نے یہ اقدام عالمی میڈیکل نتائج کی بنیاد پر اٹھایا جن میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کے خون میں کرونا کے خلاف اینٹی باڈی پیدا ہوتے ہیں جو اس وائرس کو روکتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق کرونا وائرس سے مکمل صحتیاب ہونے والے مریضوں کے خون میں وائرس کے خلاف لڑنے والے اینٹی باڈی زیادہ تعداد میں ہوتے ہیں، جب وائرس کے شکار مریضوں کے جسم میں یہ پلازمہ شامل کیا جاتا ہے تو وہ کورونا کے جراثیم کی شناخت کر کے اس پر حملہ کرتا ہے۔

    ڈاکٹر کاظم نے مزید بتایا کہ امریکی محکمہ خوراک و صحت نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پلازما تھراپی کے طریقہ علاج سے مریضوں کے صحتیاب ہونے کی رفتار میں تیزی آئی اور ان کو اسپتال میں بہت کم دن رکھنا پڑا۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 123 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 22 اموات ہوچکی ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات حکومت کا بے روزگار غیر ملکیوں کے لئے بڑا اعلان

    متحدہ عرب امارات حکومت کا بے روزگار غیر ملکیوں کے لئے بڑا اعلان

    ابو ظہبی:متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث بے روزگار ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے بڑا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کی وجہ سے ملازمتوں سے محروم ہونے والے افراد کے لیے 19 شعبوں میں ہنگامی اسامیوں کے اشتہارات دیے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں آن لائن مارکیٹ کو مطلوب ملازمین کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے جس کے مطابق 19 شعبوں میں بیشتر ایسے شعبے ہیں جن میں غیر ملکیوں کی خدمات درکار ہیں۔

    ویب سائٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق ان میں کچھ اسامیاں وہ ہیں جنہیں مستقل ملازم درکار ہیں اور کچھ ایسی ہیں جن پر 6 ماہ کے لیے ملازم مطلوب ہیں، تنخواہیں ماہانہ 3 ہزار درہم سے لے کر 10 ہزار درہم تک کی ہیں۔

    وزارت افرادی قوت کی جاری کردہ اطلاعات کے مطابق تعمیرات کے شعبے میں مکینیکل انجینیئر، گوداموں کے انچارج، منصوبہ بندی انجینیئر، مینٹیننس انچارج، سول انجینیئر، تعمیراتی مزدور،لوہار کے پیشوں کی اسامیاں خالی ہیں۔

    خوارک کے شعبے میں اسسٹنٹ شیف کی اسامی خالی ہے اور آن لائن بزنس کے شعبے میں رابطہ مرکز اور جنرل اسٹور کی مارکیٹنگ کے پیشوں کی اسامیاں خالی ہیں۔

    اسپتالوں اور میڈیکل کلینکس میں نرسوں، ٹرانپسورٹ کے شعبے میں ڈرائیور، لوڈر آپریٹر اور افرادی قوت کے شعبے میں متعدد ملازمتیں خالی ہیں۔

  • حجامت کے لیے ہوم سروس کے اشتہارات پر اماراتی حکام کا ایکشن

    حجامت کے لیے ہوم سروس کے اشتہارات پر اماراتی حکام کا ایکشن

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی وجہ سے باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند ہیں تاہم صارفین کو ان کے ہوم سروس یعنی گھر پر خدمات کے اشتہارات وصول ہورہے ہیں جس کے بعد حکام حرکت میں آگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز کو بند کیا گیا ہے، تاہم صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں مختلف باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کی طرف سے ہوم سروس کے اشتہارات موصول ہورہے ہیں۔

    صارفین کے مطابق انہیں ایس ایم ایس کے ذریعہ ہوم سروس کے اشتہارات موصول ہوئے ہیں۔

    دبئی اور الفجیرہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کی طرف سے ہوم سروس کے اشتہار کرونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کے لیے سخت نقصان دہ ہیں۔

    میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے باربر شاپس یا بیوٹی پارلرز کے خلاف کارروائی ہوگی اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہوم سروس کے اشتہارات چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے، ایسا کرنا جرم ہے۔ یہ دوسروں کو قانون توڑنے پر اکسانے کے زمرے میں آتا ہے جس پر 5 لاکھ درہم جرمانہ ہوسکتا ہے۔۔

    میونسپلٹی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبائی قوانین میں واضح ہے کہ جس نے بھی خود اپنی یا دوسری کی جان خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی تو اسے قید اور جرمانہ ہوگا۔

    دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ باربر شاپس اور بیوٹی پارلر بند کرنے کا مقصد یہ ہے کہ یہاں کرونا وائرس پھیلنے کے زیادہ امکانات ہیں، جو کام دکانوں میں کرنے کی اجازت نہیں اسے گھروں میں کرنے کی اجازت کیسے ہوسکتی ہے۔

    حکام کے مطابق حجام اور گاہک کے درمیان کام کے دوران فاصلہ بہت کم رہتا ہے جس کے باعث دونوں کو خطرہ لاحق ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں تنخواہ سمیت چھٹی کن ملازمین کو دی گئی ہے؟

    متحدہ عرب امارات میں تنخواہ سمیت چھٹی کن ملازمین کو دی گئی ہے؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں بعض شعبوں کے سرکاری ملازمین کے لیے مخصوص حالات میں تنخواہ سمیت ہنگامی چھٹی کی منظوری دے دی گئی۔

    بین الاقومی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لیے خاص حالات میں تنخواہ سمیت ہنگامی چھٹی کی منظوری دے دی، فیصلہ نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ہے۔

    اماراتی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی ادارے کے شادی شدہ ملازم مرد یا خاتون کو 16 برس سے کم عمر کے بچوں کی نگہداشت کے لیے تنخواہ سمیت ہنگامی چھٹی دی جا سکتی ہے۔

    اس سہولت سے وہ ملازم بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن میں سے کسی ایک کی بیوی یا شوہر کسی اہم صحت کے ادارے میں ملازم ہو، مثال کے طور پر ڈاکٹر، نرسیں، طبی عملہ اور ایسے کارکنان جو اپنی ڈیوٹی کے تحت کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج شامل ہوں، یا قرنطینہ سینٹر کے کارکنان ہوں۔

    یہ سہولت امارات میں ہنگامی صورتحال کے دوران مؤثر ہوگی۔ اماراتی حکومت کے رابطہ دفتر کے مطابق ہنگامی چھٹی سے مندرجہ ذیل افراد کو فائدہ ہوگا۔

    اگر گھریلو قرنطینہ یا ہیلتھ قرنطینہ کی وجہ سے ماں باپ میں سے کوئی ایک موجود نہ ہو تو ایسی صورت میں ہنگامی چھٹی تنخواہ سمیت دی جائے گی۔

    ہنگامی چھٹی ان لوگوں کو بھی دی جا سکے گی جب میاں بیوی میں سے کوئی ایک کرونا وائرس کے متاثرین کے علاج کے سلسلے میں لمبی مدت تک کسی اسپتال میں ڈیوٹی دے رہا ہو۔

    ہنگامی چھٹی ان لوگوں کو بھی دی جائے گی جو کرونا وائرس کے مریضوں کی تیمار داری میں مصروف ہوں۔

    رابطہ دفتر کے مطابق چھٹی لینے والا کسی وزارت یا متحدہ عرب امارات کے کسی سرکاری ادارے میں ملازم ہونا چاہیئے، دوسری شرط یہ ہے کہ وہ شادی شدہ ہو اور اس کی اولاد کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہو،

    تیسری شرط یہ ہے کہ شوہر یا بیوی کی ملازمت پر 3 شرائط پوری ہو رہی ہوں، دونوں میں سے کوئی ایک گھریلو قرنطینہ میں ہو یا وزارت صحت نے اسے قرنطینہ بھیجا ہو یا پھر شوہر یا بیوی ڈاکٹر یا نرس یا امدادی طبی عملے سے منسلک ہوں۔

  • ابو ظہبی: نجی اسکول فیسیں کم کریں اور والدین سے رعایت برتیں

    ابو ظہبی: نجی اسکول فیسیں کم کریں اور والدین سے رعایت برتیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کے محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ نجی اسکول فیسیں کم کریں اور حالات کے پیش نظر والدین سے رعایت برتیں۔

    غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی کے محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں سے کہا ہے کہ وہ فیس کم کریں اور بسوں کے زر اشتراک پر نظر ثانی کریں، دیگر فیسیں بھی کم کی جا سکتی ہوں تو ضرور کریں تاہم اساتذہ کی تنخواہوں میں کمی سے گریز کیا جائے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر اساتذہ کی تنخواہوں میں کمی ناگزیر ہو تو ایسی صورت میں ایسا حل نکالا جائے جو فریقین کے لیے قابل قبول ہو۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق آئندہ ہفتوں کے دوران تعلیم کے معاملات انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے برتے جائیں، تعلیمی فیس سے متعلق طلبہ کے والدین کے استفسارات کے جواب حکمت اور فراست سے دیے جائیں۔ ان سے رابطے کر کے ان کا تعاون حاصل کیا جائے۔

    محکمے نے ہدایت کی ہے کہ ہر اسکول طلبہ کے سرپرستوں کے سوالوں کے جواب دینے کے لیے رابطہ افسر مقرر کرے، یہ افسر تجاویز اور شکایات بھی ریکارڈ کرے۔ اسکول مختلف فیسیں کم کرنے کی اسکیمیں بنائے، یہ کام مختلف اخراجات کم کر کے کیا جاسکتا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض طلبہ کے سرپرست ان دنوں مشکل میں ہیں، انہیں سکول فیس دینا بھاری پڑ رہا ہے، کسی کی ملازمت چلی گئی ہے، کسی کو بغیر تنخواہ چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ ان تمام انسانی حالات کا لحاظ کیا جائے اور بچوں کی تعلیم میں خلل نہ ڈالا جائے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نجی اسکول غیر تدریسی عملے سے تنخواہوں میں عارضی کمی کے لیے مذاکرات کر سکتے ہیں تاہم اس بات کو مدنظررکھا جائے کہ وہ بھی گھر چلا رہے ہیں۔

    خیال رہے کرونا وائرس کے باعث ابو ظہبی میں کئی اسکول پہلے ہی فیس میں 20 فیصد رعایت کا اعلان کر چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس: دنیا کا دوسرا بڑا شاپنگ مال بند

    کرونا وائرس: دنیا کا دوسرا بڑا شاپنگ مال بند

    دبئی: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دنیا کے دوسرے بڑے شاپنگ مال دبئی مال کی تفریحی سہولیات کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

    دبئی مال کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ کہ ہمارے لیے ہمارے مہمانوں اور عملے کی صحت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔

    ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور متحدہ عرب امارات حکام کی ہدایات کے تحت دبئی مال، دبئی اوپرا اور دبئی مرینا مال 31 مارچ تک بند رہیں گے۔

    دبئی اوپرا نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 31 مارچ تک کے تمام پروگرامز منسوخ کردیے گئے ہیں اور جن لوگوں نے ٹکٹس خرید رکھے تھے، ان کو ان کی رقم واپس کردی جائے گی۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ آن لائن ٹکٹ خریدنے والوں کی رقم آٹو میٹکلی ان کے اکاؤنٹ میں واپس آجائے گی البتہ اس عمل میں کچھ روز لگیں گے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے تحت متحدہ عرب امارات کے تعلیمی اداروں کو پہلے ہی 4 ہفتوں کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 98 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں نوزائیدہ بچوں سے متعلق نئی پالیسی سامنے آگئی

    متحدہ عرب امارات میں نوزائیدہ بچوں سے متعلق نئی پالیسی سامنے آگئی

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی کایبنہ نے ملک میں نوزائیدہ بچوں سے متعلق نئی پولیسی کی منظوری دے دی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تمام نوزائیدہ بچوں کے لیے کسی بھی حالیہ یا پھر مستقبل کی بیماریوں کی نگرانی کے لیے ایک جامع طبی معائنے کے نظام کی منظوری دے دی گئی۔

    اس طبی معائنے کے نظام کے تحت نوازئیدہ بچوں کے خصوصی ٹیسٹ اور اسکریننگ کی جائے گی جس کے ذریعے حال اور مستقبل کی بیماریوں کی تشخیص کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ نئے طبی سسٹم کی منظوری آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت اماراتی وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المختوم نے کی۔

    نئے ضابطے کے تحت ملک میں تمام نوزائیدہ بچوں کی اسکریننگ کی جائے گی جہاں صحت سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے اور ان کو قابو پانے کے لئے ایک موثر حکمت علمی تیار کی جائے گی۔

    یو اے ای: محکمہ صحت نے مزید 6 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی

    غیرملکی میڈیا نے خیال ظاہر کیا ہے کہ یو اے ای کا یہ فیصلہ کروناوائرس کے پیش نظر سامنے آیا ہے۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم شہریوں نے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے حفاظتی ماسک کا استعمال شروع کردیا ہے جبکہ کرونا وائرس کے حوالے سے ہوائی اڈوں پر بھی سکریننگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • دفتری اوقات کار ،  خواتین  کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    دفتری اوقات کار ، خواتین کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں ملازمت پیشہ ماؤں کو ان کے اوقات کار میں بڑی چھُوٹ دے دی گئی اور کہا وہ صبح دفتر 2 گھنٹے دیر سے آ سکتی ہیں یا پھر مقررہ وقت سے دو گھنٹے پہلے دفتر سے واپس گھر جا سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں فیڈرل انویسٹی گیشن فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز کی جانب سے ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے ، جس میں ایسی ملازمت پیشہ خواتین کو دفتری اوقات میں رعایت دی گئی ہے، جو اپنے بچوں کو نرسری میں چھوڑ کر ملازمت کرنے آتی ہیں۔

    سرکلر میں کہا گیا کہ یہ رعایت سرکاری محکموں اور اداروں میں کام کرنے والی خواتین کے لئے ہیں، ایسی ملازمت پیشہ خواتین صبح دفتر دو گھنٹے دیر سے آ سکتی ہیں یا پھر مقررہ وقت سے دو گھنٹے پہلے دفتر سے واپس گھر جا سکتی ہیں۔

    فیڈرل انویسٹی گیشن فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز کی جانب سے یہ فیصلہ ملک بھر میں موجود نرسریوں کی عارضی بندش کے بعد کیا گیا ہے اور کہا گیا خواتین کو یہ رعایت اس وقت تک کیلئے دی گئی ہے جب تک بچوں کے لیے تمام نرسریاں دوبارہ کھول نہیں دی جاتیں۔

    خیال رہے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر وزارت تعلیم نے مملکت میں موجود نرسریوں کو عارضی طور پر بچوں کے لیے بند کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ملازمت پیشہ خواتین کو اپنی دفتری مصروفیات کے باعث بچوں کو گھروں پر دیکھ بھال میں خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • کروناوائرس: وہ 5 ممالک جہاں اماراتی شہریوں کے جانے پر پابندی عائد

    کروناوائرس: وہ 5 ممالک جہاں اماراتی شہریوں کے جانے پر پابندی عائد

    ابوظہی: متحدہ عرب امارات نے کروناوائرس کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو ایسے پانچ ممالک کا دورہ کرنے سے منع کردیا جہاں مہلک وائرس پایا جاتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اماراتی شہریوں پر جن ممالک کے دورے پر پابندی ہے ان میں جنوبی کوریا، اٹلی، چین، ایران اور تھائی لینڈ شامل ہے۔

    اماراتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے خطرے کے باعث اپنے اٹلی میں پھنسے شہریوں کو واپس لانے کے لیے بھی خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے، ممکنہ طور پر آج جعرات کو خصوصی پرواز چلائی جائے گی۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی مقامی ہوائی کمپنیوں نے ایران کے لیے تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔

    کروناوائرس: 12 مارچ تک اسکولز بند رکھنے کا اعلان

    محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا تھا کہ وقتی طور پر بحرین کے لیے بھی پروازیں معطل کی جارہی ہیں، جن مسافروں کے پاس معطل کی جانے والی پروازوں کی ٹکٹیں ہیں وہ واپس کرسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں جان لیوا کروناوائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جبکہ مذکورہ وائرس پاکستان میں بھی منتقل ہوچکا ہے۔

    واضح رہے دو ماہ کے دوران چین میں وائرس 2700 سے زائد افراد ہلاک جبکہ اٹہتر ہزار افراد متاثر ہوئے جبکہ 38ممالک میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد81ہزار ہے۔

  • اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان

    اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں مختلف اسکولوں میں موسم بہار کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ، 29 مارچ 12 اپریل تک اسکول بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے ملک بھر کے مخصوص  اسکولوں کے لئے موسم بہار کی چھٹیوں کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزارت نے کہا کہ سرکاری اور نجی اسکولوں میں تعطیلات کا آغاز   29 مارچ سے ہوگا اور12 اپریل  2020 کو اسکول کھلیں گے جبکہ  اساتذہ اور انتظامی عملے کی چھٹیاں 5 اپریل کو ختم ہوجائیں گی۔

    یاد رہے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے اسکولوں میں 4 ہفتوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا ،  چھٹیوں کا آغاز 15 دسمبر سے اور اختتام 9 جنوری 2020 ہوا۔