Tag: متحدہ عرب امارات

  • دمشق میں 7 سال بعد یو اے ای کا سفارت خانہ آج سے دوبارہ کھولا جائے گا

    دمشق میں 7 سال بعد یو اے ای کا سفارت خانہ آج سے دوبارہ کھولا جائے گا

    دمشق: شام کے دارالحکومت دمشق میں 7 سال بعد متحدہ عرب امارات اپنا سفارت خانہ آج سے دوبارہ کھولنے جارہا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں متحدہ عرب امارات آج سے دوبارہ اپنا سفارت خانہ کھول رہا ہے، یو اے ای کا سفارت خانہ 2011 کے اوائل میں شامی صدر بشار الاسد کے خلاف عوامی احتجاجی تحریک کے آغاز کے بعد بند کردیا گیا تھا۔

    شام کی وزارت اطلاعات نے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کو دوبارہ کھولے جانے کی تصدیق کردی ہے، اماراتی سفارت خانہ ایک بار پھر سے کھولنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق شامی صدر بشار الاسد نے حالیہ برسوں کے دوران میں روس اور ایران کی عسکری مدد سے اپنے خلاف مسلح بغاوت برپا کرنے والے بیشتر گروپوں پر قابو پالیا ہے۔

    مزید پڑھیں: شام سے امریکی افواج کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا: وائٹ ہاؤس کا اعلان

    شامی صدر بشار الاسد کے ملک میں خانہ جنگی سے سرخرو ہوکر نکلنے کے بعد اب عرب ممالک نے آہستہ آہستہ ان سے دوبارہ سلسلہ جوڑنا شروع کیا ہے اور رواں ماہ کے اوائل میں سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر نے دمشق کا دورہ کیا تھا، وہ شام میں آٹھ سال قبل خانہ جنگی کے آغاز کے بعد شام کا دورہ کرنے والے پہلے عرب سربراہ ریاست ہیں۔

    واضح رہے کہ بائیس عرب ممالک پر مشتمل عرب لیگ نے 2011 میں شام کی رکنیت معطل کردی تھی۔

    عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے رواں سال اپریل میں کہا تھا کہ شام کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ عجلت میں کیا گیا تھا جبکہ مصر کے سرکاری میڈیا نے بھی حال ہی میں شام کی رکنیت کی بحالی کے حق میں تحریریں شائع کی تھیں۔

  • سعودی سیاح کو لوٹنے اور تشدد کرنے کے الزام میں‌ مصری جوڑا گرفتار

    سعودی سیاح کو لوٹنے اور تشدد کرنے کے الزام میں‌ مصری جوڑا گرفتار

    دبئی : اماراتی پولیس نے سعودی سیاح پر تشدد کرنے اور اس کے موبائل فونز چوری کرنے کے الزام میں مصری خاتون کو اس کے ساتھی کے ہمراہ گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ایک کاروباری خاتون نے اپنے مصری ساتھی کے ہمراہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے سیاح کو دوبارہ فلیٹ میں داخل ہونے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے قیمتی موبائل بھی چوری کر لیے۔

    متاثرہ سعودی شہری نے بتایا کہ اس نے نومبر میں دبئی کے علاقے حور العین میں واقع ایک فلیٹ میں ماہانہ 1 ہزار درہم پر ایک بیڈ کرائے پر لیا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک دن متاثرہ شہری فلیٹ سے باہر گیا اور کچھ دیر بعد واپس آیا تھا تو مصری خاتون نے سعودی شہری کو گھر سے نکال دیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خاتون کے ساتھ ایک مصری شخص بھی فلیٹ میں موجود تھا جس نے سیاح سے کہا کہ خاتون سے اپنے معاملات حل کرلوں ورنہ تمھارا سیکیورٹی ڈیپازٹ(ایڈوانس) واپس نہیں ہوگا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ متاثرہ سیاح فلیٹ میں داخل ہوا تو 40 سالہ مصری شخص نے فلیٹ کا دروازہ بند کردیا اور خاتون کے ہمراہ سعودی شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دو آئی فونز بھی چھین لیے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق ملزمان نے سعودی سیاح کو پولیس میں شکایت درج کروانے پر بھی دھمکیاں بھی دیں تھیں تاہم پولیس نے مصری جوڑے کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پراسیکیوٹر مصری جوڑے کے خلاف سعودی سیاح پر تشدد کرنے اور موبائل فونز لوٹنے کی کا مقدمہ درج کیا تھا۔

  • متحدہ عرب امارات میں ٹریفک حادثہ، پاکستانی شہری جاں بحق

    متحدہ عرب امارات میں ٹریفک حادثہ، پاکستانی شہری جاں بحق

    ابوظبی : اماراتی ریاست راس الخیمہ میں اندوہناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک روز قبل سڑک پر اندوہناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 35 سالہ محمد عرفان جان کی بازی ہار گیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس اور ریسکیوں عملے نے فوری طور پر متاثرہ شخص کو شدید زخمی حالت میں سخر اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے محمد عرفان کو بچانے کی بہت کی لیکن گہرے زخموں اور پورے جسم کی ہڈیاں ٹوٹنے کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ محمد عرفان کی موت سر کی ہڈی ٹوٹنے اور بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ہوئی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ رواں ماہ راس الخیمہ میں ہی 26 سالہ اماراتی شہری کی تیز کار کی ٹکر سے 57 سالہ ایشیائی شہری ہلاک ہوا تھا۔

    اماراتی پولیس نے وارننگ جاری کی ہے کہ کار سوار افراد متحدہ عرب امارات کے قانون کے آرٹیکل 43 کے تحت پیدل سفر کرنے افراد کو ترجیج دیں گے، خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیور جو 500 درہم جرمانہ اور چھ بلیک پوائنٹ دئیے جائیں گے۔

  • ابوظبی میں 27 سالہ بھارتی شہری لاپتا

    ابوظبی میں 27 سالہ بھارتی شہری لاپتا

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی میں بھارتی شہری لاپتا ہوگیا، بھائی نے پولیس میں رپورٹ درج کرادی۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی میں بھارتی شہری 27 سالہ حارث لاپتا ہوگیا، رپورٹ کے مطابق حارث اس وقت لاپتا ہوا جب وہ کیرالا واپس جانے کی تیاریوں میں مصروف تھا۔

    حارث کے بھائی سہیل کے مطابق 8 ستمبر کو بھائی سے الشمخ کے علاقے میں ملاقات ہوئی تھی، لاپتا بھارتی شہری ایک سال سے ایک ریسٹورنٹ میں بطور ڈرائیور نوکری کرتا تھا۔

    سہیل کے مطابق بھائی کے لاپتا ہونے کی شکایات درج کرادی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی صارفین سے تلاش کے حوالے سے مدد طلب کرلی۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں لاپتہ ہونے والی دبئی کی شہزادی بازیاب

    سہیل کا کہنا تھا کہ ہم بھائی کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، والدہ کو جب سے حارث کے لاپتا ہونے علم ہوا ہے انہوں نے کھانا پینا چھوڑ دیا ہے اور بہت پریشان ہیں۔

    بھارتی شہری کے والد کا 6 ماہ قبل انتقال ہوا ہے جبکہ حارث 11 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا ہے اور والد کے انتقال کے بعد گھر کی ذمہ داری اس کے کاندھوں پر ہے۔

    سہیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھارتی سفارت خانے میں بھی شکایت درج کرانے گیا تھا، انہوں نے بھائی کی تلاش میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے بھائی جہاں بھی ہوگا خیریت سے ہوگا۔

  • دبئی: منگیتر کو ’ایڈیٹ‘ کہنے پر نوجوان کو 2 ماہ قید کی سزا

    دبئی: منگیتر کو ’ایڈیٹ‘ کہنے پر نوجوان کو 2 ماہ قید کی سزا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایک نوجوان کو اپنی منگیتر کو مذاق میں واٹس ایپ پر بے وقوف (ایڈیٹ) کہنا مہنگا پڑگیا، عدالت نے دو ماہ قید اور 20 ہزار درہم جرمانے کی سزا سنادی۔

    عرب میڈیا کے مطابق اماراتی شخص نے اپنی ہونے والی شریک حیات کو واٹس ایپ پر ’ایڈیٹ‘ کا پیغام بھیجا جس پر لڑکی نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت لڑکے کے مقدمہ درج کروادیا۔

    ملزم نے عدالت میں موقف اپنایا کہ میں نے مذاق میں اسے بے وقوف کہا تاہم لڑکی نے اسے اپنی توہین سمجھ لیا، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 20 ہزار درہم جرمانہ اور دو ماہ کے جیل بھیج دیا۔

    مزید پڑھیں: عرب خاتون نے محبوب کی مدد سے شوہر کے لاکھوں درہم چرالیے

    واضح رہے کہ اماراتی قوانین میں سوشل میڈیا پر کوئی بھی ایسا مواد جو جارحیت پر مبنی ہو جس سے کسی کی توہین ہو اسے شیئر کرنا سائبر کرائم ایکٹ کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

    سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ملزم کو جیل اور ڈھائی لاکھ درہم جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ دبئی میں اس طرح کی سزا کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے رواں سال جنوری میں بھی برطانوی شہری کو جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی جب اس نے کار ڈیلر کو غصے میں آکر مغلظات بکیں تھیں۔

  • متحدہ عرب امارات آج اپنا 47 واں قومی دن منارہا ہے

    متحدہ عرب امارات آج اپنا 47 واں قومی دن منارہا ہے

    متحدہ عرب امارات میں آج 47 واں قومی دن منایا جارہا ہے ، اس موقع پر دو دن کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل ہفتہ وار تعطیل کے سبب چار روز کی چھٹی منار ہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یہ دن متحدہ عرب امارات کی سات ریاستوں کے اتحاد کے دن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے، اس سے قبل یہ ریاستیں ساحلِ متصالح کی ریاستیں کہلاتی ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کل سات ریاستوں کا مجموعہ ہے جن میں ابو ظہبی ، عجمان، دبئی، فجیرہ، راس الخیمہ، شارجہ اور ام القوین شامل ہیں۔ ان ریاستوں نے 2 دسمبر 1971 کو برطانیہ سے آزادی حاصل کرتے ہوئے ایک مشترکہ ریاست تشکیل دی تھی جسے آئینی ملوکیت کے نظام کے تحت چلایا جارہا ہے، ابو ظہبی اس ریاست کا دارالحکومت ہے۔

    یہ ملک تیل اورقدرتی گیس کی دولت سے مالامال ہے اور، سنہ 1970 میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی مدد سے یہاں سے تیل کی پیداوار شرو ع ہوئی ، جس کی بدولت متحدہ عرب امارات کا شمارجلد ہی نہایت امیر ریاستوں میں ہونے لگا۔متحدہ عرب امارات کی سرحدیں سلطنت عُمان اور سعودی عرب سے ملتی ہیں اور یہ تینوں ہی تیل کی دولت سے مالا مال ممالک ہیں۔

    متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں سیاحت کا بہت بڑا مرکز ہے اوراب وہاں کے حکمران اسے تیل پر مبنی معیشت سے ہٹا کر سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں مہارت کی حامل ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انسانی فلاح و بہبود کے جدول میں ایشیا کے بہت بہتر ملکوں میں سے ایک ہے ، عالمی رینکنگ میں ا سکا نمبر 39 واں ہے۔

    یو اے ای کے عالمی دن کے موقع پر یہاں کی عوام کی جانب سے جوش و خروش کے ساتھ جشن کا اہتمام کیا جاتا ہے اور اس موقع پر دنیا بھر سے سیاح بھی اس ایونٹ میں شرکت کے لیے آتے ہیں۔ ریاست کی جانب سے اس موقع پر دو دن کی چھٹی دی جاتی ہے جبکہ اس بار یہ ایونٹ ویک اینڈ کے ساتھ آیا ہے تو عوام چار دن کی یکمشت چھٹیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

    آج کی رات چار مرکزی مقامات پر عظیم الشان آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا جن میں لا میر،ساحلِ سمندر، دبئی فیسٹیول سٹی مال اور السیف شامل ہیں۔ شہری مختلف اوقات کار یہاں فائر ورکس کے نظارے کرسکیں گے۔

  • 47 سال میں یواے ای ترقی اور بہتر طرزحکمرانی کی مثال ہے‘ وزیراعظم

    47 سال میں یواے ای ترقی اور بہتر طرزحکمرانی کی مثال ہے‘ وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کے47 ویں قومی دن پر اپنے پیغام میں متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر کہا کہ 47 سال میں یواے ای ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کی مثال ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دو طرفہ تعلقات اسٹرٹیجک معاشی شراکت داری میں بدل چکے ہیں۔

    عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کی خوشحالی دوراندیش قیادت کا نتیجہ ہے، وزیراعظم نے یواے ای کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    متحدہ عرب امارات آج اپنا 47 واں قومی دن منارہا ہے


    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں آج 47 واں قومی دن منایا جارہا ہے ، اس موقع پر دو دن کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل ہفتہ وار تعطیل کے سبب چار روز کی چھٹی منار ہے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات، 60 فیصد خصوصی رعایت پر خریداری کرنے کا نادر موقع

    متحدہ عرب امارات، 60 فیصد خصوصی رعایت پر خریداری کرنے کا نادر موقع

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے 47ویں جشن آزادی کی خوشی میں تمام ریٹیلرز نے 60فیصد خصوصی رعایت دینے کا اعلان کردیا، جس کے تحت 5کروڑ 50 لاکھ درہم مالیت کی 25 ہزار سے زائد اشیاء کم قیمت پر فروخت کی جائیں گی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تمام ہی شاپنگ مالز میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے لگائی جانے والی خصوصی سیل کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے بھی خوردہ فروشوں نے اشیاء کم قیمت پر فروخت کرنے کا اعلان کیا۔

    یونین کوپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد الفالاسی کا کہنا تھا کہ ’دکانداروں کی جانب سے اس اقدام کا مقصد قومی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، تمام دکانوں اور خریداری کے مراکز  پر جشن آزادی سے متعلق بینرز بھی آویزاں کیے جائیں گے‘۔

    مزید پڑھیں: دبئی، 90 فیصد رعایت کی سپر سیل

    انہوں نے بتایا کہ ’ملک بھر میں 5 کروڑ 50 لاکھ درہم مالیت کی 25 ہزار اشیاء پر خصوصی رعایت دی جائے گی، یہ سیل صرف مقامیوں کے لیے نہیں بلکہ غیر ملکی بھی استفادہ کرسکتے ہیں، ریٹیلرز روزمرہ کے استعمال سمیت دیگر اشیاء 50 سے 60 فیصد تک کی رعایت پر فروخت کریں گے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’اس اسکیم کا آغاز 27 نومبر سے ہوگا جو 12 جنوری 2019 تک جاری رہے گی، اس دوران تین روز تک خریدار اپنی مرضی کی چیزیں بغیر ٹیکس ادا کیے خرید سکیں گے‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’29 تا 31 دسمبر تک فروخت ہونے والی چیزوں پر ٹیکس بالکل معاف ہوگا یا پھر اسے دکاندار خود ہی ادا کرے گا، اس وجہ سے اشیاء کی قیمت بھی کم ہوجائے گی‘۔

    انہوں نے وعدہ کیا کہ ’قیمتی انعامات، الیکٹرانکس کی اشیاء جن کی قیمت ہزاروں درہم میں ہیں وہ بھی خصوصی رعایت کے ساتھ فروخت کی جائیں گی‘۔

    خریداری کے اوقات کار بتاتے ہوئے خالد الفالاسی کا کہنا تھا کہ ’یونین کوپ کی ملک بھر میں موجود 14 برانچز سے روزانہ صبح 6 بجے سے رات ایک بجے تک خریداری کی جاسکے گی‘۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’امِ سقویم، الصفہ اور ال ٹاور کی تمام برانچز 24 گھنٹے کھلی رہیں گی جہاں سے صارف کسی بھی وقت خصوصی رعایت پر خریداری کرسکے گا‘۔

  • محمد بن سلمان متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظہبی پر پہنچ گئے

    محمد بن سلمان متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظہبی پر پہنچ گئے

    ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید نے کہا ہے کہ ’یو اے ای ہمیشہ سعودی عرب کا حامی رہے گا‘۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان عرب ملکوں کے دورے پر پہلے مرحلے میں اتحادی ملک متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا استقبال اماراتی افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے کیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید محمد بن سلمان کا استقبال کرتے ہوئے ٹویٹر پر پیغام دیا کہ ’امارات ہمیشہ سعودی عرب کا معاون و مددگار رہے گا اور ہمیں ان تعلقات پر فخر ہے‘۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد نے بھی پُر جوش استقبال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے مابین قائم تعلقات دونوں ممالک کے لیے مفید اور مفاد میں ہیں‘۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد نے استقبال کے لیے آئے ہوئے اماراتی شیوخ، وزراء اور اعلیٰ حکام جبکہ اماراتی ڈپٹی افواج کے سپریم کمانڈر نے دورے پر آئے وفد سے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔

    واضح رہے کہ محمد بن سلمان سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر مختلف عرب ممالک کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں جس کا مقصد سعودی عرب کے دیگر ممالک کے ساتھ روابط و تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔

  • دورۂ متحدہ عرب امارات، وائٹ کالر کرائم اور منی لانڈرنگ کی روک تھام پر اتفاق

    دورۂ متحدہ عرب امارات، وائٹ کالر کرائم اور منی لانڈرنگ کی روک تھام پر اتفاق

    دبئی: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ متحدہ عرب امارات کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگیا جس میں دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو طویل المدتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا  جبکہ وائٹ کالرکرائم کے خلاف اقدامات اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ولی عہد شیخ محمد زید بن سلطان النہیان کی دعوت پر اپنے وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے، اس موقع پر اُن کے ہمراہ آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور، وزیر برائے توانائی اور مشیر تجارت جبکہ یو اے ای میں پہلے سے موجود وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود بھی شامل تھے۔

    وزیراعظم عمران خان کادورہ یو اے ای مکمل ہوگیا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے طویل المدتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پراتفاق کیا اور تاریخی تعلقات کے لیے فوری اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

    مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے آپسی تجارت،سرمایہ کاری کو فوری طور پر بڑھانے پر اتفاق اور درمیان میں آنے والی رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

    مزید پڑھیں: عمران خان کا ایک روزہ دورہِ متحدہ عرب امارات

    اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وفد نے بھی دورے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارتی سطح پر سرمایہ بڑھانے پر اتفاق کیا، علاوہ ازیں دونوں ممالک نے تجارت،توانائی، زراعت، انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کےدرمیان مشترکہ وزرائےخارجہ کا کمیشن قائم کیا جائے گا، جس کا اجلاس آئندہ برس فروری میں دبئی میں ہی منعقد ہوگا، یہ بھی طے کیا گیا کہ کمیشن کی مشترکہ صدارت پاکستان اور متحدہ عرب امارات وزرائے خارجہ ہی کریں گے۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے جاری معاہدوں کو فوری طور پر  مکمل کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دو طرفہ عسکری تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے دفاعی پیداوار، فوجی مشقیں بڑھانے کا اعلان کیا۔

    متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں‘۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں مملک نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہنگامی اقدامات شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ کالرکرائم پرقابوپانےکابھی معاہدہ طے پایا علاوہ ازیں ڈرگ،انسانی سمگلنگ،منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئےہنگامی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔