Tag: متحدہ عرب امارات

  • وزیرِ اعظم عمران خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    وزیرِ اعظم عمران خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    دبئی: وزیرِ اعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، دبئی ائیر پورٹ پر ولیٔ عہد شہزادہ شیخ محمد بن زائد النہیان نے استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے پہلے دو روزہ غیر ملکی سرکاری دورے کے دوسرے مرحلے پر یو اے ای پہنچ چکے ہیں، امارات کے ولیٔ عہد نے ان سے ملاقات کی۔

    دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا اور تعلقات کی موجودہ سطح پر باہمی تعاون پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے انھیں مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان اور ولیٔ عہد شیخ محمد بن زائد النہیان نے ملاقات میں باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ باہمی اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب مکمل، جدہ سے روانہ


    ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا، رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھائی جاسکتی ہے۔

    دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر یکساں مؤقف رکھنے پر اظہارِ اطمینان کیا، دوسری طرف خطے کے موجودہ مسائل پر بھی تبادلہٗ خیال کیا گیا۔

    عمران خان کے ساتھ ملاقات میں یو اے ای کے ولیٔ عہد کے ساتھ امارات کے نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ، وزیرِ خارجہ، نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اور وزیر برائے صدارتی امور بھی موجود تھے۔

  • ایشیا کپ 2018:  پاکستان اورہانگ کانگ آج ٹکرائیں گے

    ایشیا کپ 2018: پاکستان اورہانگ کانگ آج ٹکرائیں گے

    دبئی : ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں اپنا پہلا میچ آج ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں پاکستان کا پہلا میچ آج کوالیفائر ہانگ کانگ سے ہوگا، شاہینوں نے پہلے میچ کے لیے حکمت عملی تیار کر لی۔

    پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

    ایشیا کپ کو گروپ ’اے‘ اور ’بی‘ میں تقسیم کیا گیا ہے، ایونٹ کے گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت ، پاکستان اور ایک کوالیفائرٹیم ہانگ کانگ شام ہے جبکہ گروپ بی سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پرمشتمل ہے۔

    بنگلا دیش کا ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 137 رنزسے شرمناک شکست دی تھی۔

    ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو جیت کے لیے 262 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم سری لنکا کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 124 رنزبنا کرآؤٹ ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔

  • کیا آپ دبئی ایکسپو2020 میں بطور رضاکارکام کرنا چاہتے ہیں؟

    کیا آپ دبئی ایکسپو2020 میں بطور رضاکارکام کرنا چاہتے ہیں؟

    دبئی: سنہ 2020 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی ایکسپو کے لیے دبئی میں ’ہاؤس آف والنٹیرز‘ قائم کردیا گیا، اس کے قیام کا مقصد ہزاروں کی تعداد میں رضاکار ہائر کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزیر برائے بیان الاقوامی تعاون اور دبئی ایکسپو 2020 بیورو کی ڈائریکٹر جنرل ریم بنتِ ابراہم الہاشمی نے ایکسپو کے مقام پر اس منصوبے کا افتتاح کیا ۔

    اس موقع پر انہوں نے رجسٹریشن کرانے والے 7 ہزار سے زائد رضاکاروں کو اس عظیم الشان منصوبے میں خوش آمدید بھی کہا ، اس ادارے نے کم ازکم 30 ہزار رضاکار بھرتی کرنے ہیں اور اس کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور یہاں رہنے والے تمام لوگوں کو خوش آمدید کہا جارہا ہے۔

    ہاؤس آف والنٹیرز کے افتتاح کے موقع پرریم بنتِ ابراہم الہاشمی کا کہنا ہےکہ یہ لوگ انسانی تاریخ کے اس سب سے بڑے ایونٹ کا چہرہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کی اہمیت لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے ، یہ لوگ پوری دنیا کو متحدہ عرب امارات میں خوش آمدید کہیں گے، یہ ایک ایسے ایونٹ کا حصہ ہوں گے جس میں دنیا بھر سے لاکھوں لوگ ایک انتہائی منفرد اور خوش گوار تجربے کے لیے یہاں تشریف لائیں گے۔

    خیال رہے کہ ہاؤس آف والنٹیرز اس پراجیکٹ کا مرکز ہوگا جہاں رضاکاروں کے انٹرویو لیئے جائیں گے ، انہیں تربیت دی جائے گی اور آپس میں مل کر کام کرنا سکھایا جائے گا، اور اسی مرکز سے انہیں ایونٹ کے موقع پر آپریٹ بھی کیا جائے گا۔

    یہ رضاکار دبئی ایکسپو 2020 میں آنے والے تاجروں ِ خریداروں ، مبصروں اور سیاحوں کی مدد کے لیے ایک نیٹ ورک کی طرح کام کریں گے جس کا مقصد دنیا بھر سے آئے مہمانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہوگا۔

    ایکسپو میں بطور رضاکار رجسٹریشن کے لیے آپ کو متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہونا ضروری ہے ، کم از کم عمر 18 برس ہونی چاہیے ، رجسٹریشن کے لیے ایکسپو کی ویب سائٹ پر جانا ہوگا اور وہاں سے رجسٹریشن کرانا ضروری ہے۔

  • ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی

    ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں دبئی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 623 سے دبئی پہنچ گئی ، قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف 16 ستمبر کو کھیلے گی۔

    ایشیا کپ 15 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 19 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

    ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم میں سرفراز احمد، فخرزمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، حارث سہیل، محمد نواز، جنید خان، شاہین آفریدی اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں اور ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر 19 ستمبرکو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے، چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں فتح ماضی کا قصہ بن چکی ہے، نئے میچ میں نیا چیلنج ہوگا۔

  • اماراتی شہری نے 95 برس میں تیسری شادی کرلی

    اماراتی شہری نے 95 برس میں تیسری شادی کرلی

    ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے 95 سالہ بزرگ شہری نے کم عمر خاتون سے تیسری شادی کرلی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر متحدہ عرب امارات کے ایک ضعیف العمر شخص تیسری شادی کی وائرل ہونے والی ویڈیو نے ہلچل مچادی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے رہائشی 95 سالہ سعید علی الشحی کو ویڈیو میں مکمل صحت مند اور خوش و خرم نظر آرہے ہیں، مذکورہ شخص کی تیسری زوجہ کی عمر 30 سے چالیس سال ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ 95 سالہ اماراتی شہری کی شادی میں سعید الشحی کے دوست و احباب سمیت تمام بیٹوں اور بیٹیوں نے بھی شرکت کی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب عربی روایت کے مطابق دلہا کے گھر میں منعقد ہوئی، سعید الشحی کے بیٹے نے میڈیا کو بتایا کہ شادی میں دیگر علاقوں کے مہمانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کرکے والد کو تیسری شادی پر مبارک باد پیش کی، جو حیران کن بات ہے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعید علی الشحی کے پہلی اور دوسری اہلیہ سے 15 اولادیں ہیں جن میں سے 10 بیٹے اور 5 بیٹیاں ہیں، 95 سالہ دولہا کے بڑے بیٹے کی عمر 50 برس جبکہ سب سے چھوٹے بچہ ڈیڑھ سال کا ہے۔

    واضح رہے کہ 95 سالہ دولہا سعید الشحی عرب کی روایتی تلواریں اور خنجر بنانے میں مہارت رکھتے ہیں۔

  • فجیرہ: گھر میں ہولناک آتشزدگی، باپ ہلاک، والدہ زخمی

    فجیرہ: گھر میں ہولناک آتشزدگی، باپ ہلاک، والدہ زخمی

    فجیرہ میں واقع بنگلے میں بھڑکنے والی خوفناک آگ کی لپیٹ میں آکر باپ جھلس کر ہلاک جبکہ ماں زخمی ہوگئی، والدہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے علاقے الفیصل میں واقع گھر میں جمعرات کے روز   اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی، آتش زدگی کا سب الیکٹرک مصنوعات میں شاٹ سرکٹ بتایا گیا ہے۔

    مقامی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے واقعے  میں ایک شخص ہلاک جبکہ ملازموں سمیت گھر کے دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

    فجیرہ سول ڈیفینس کے ڈائریکٹر بریگیڈئر علی التوناجی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سہ پہر 3 بجے کے قریب کنٹرول روم کو گھر میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ہنگامی خدمات انجام دینے والا عملہ، پولیس اہلکار اور ایمبولینسوں سمیت جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو  پایا۔

    بریگیڈئر علی التوناجی کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے امدامی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے ماں اور بچوں سمیت خاندان کے 9 افراد کو بچالیا تھا تاہم والد آگ کی لپیٹ میں آکر بری طرح جھلس گئے اور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    سول ڈیفینس کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں ماں کو شدید زخم آئے تھے جس کے باعث انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    بریگیڈئر علی التوناجی کا کہنا تھا کہ شہری اپنے گھروں میں آگ کی اطلاع دینے والے آلات نصب کریں تاکہ آتشزدگی کے حادثات سے بچا جاسکے۔

  • عجمان :‌رقم ڈبل کرنے کے بہانے عوام کو لوٹنے والے گروہ گرفتار

    عجمان :‌رقم ڈبل کرنے کے بہانے عوام کو لوٹنے والے گروہ گرفتار

    عجمان : پولیس نے سادہ لوح شہریوں کو کالے جادو کی مدد سے رقم ڈبل کرنے کا لالچ دے کر لوٹنے والے دو گروہوں کو گرفتار کرکے لاکھوں جعلی نوٹ ضبط کرلیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کی پولیس کے کرمنل انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے ایک روز قبل کارروائی کرتے ہوئے کہ شہریوں کو دھوکا دہی سے لوٹنے والے دو گروہوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کہ حراست میں لیے گئے ملزمان عوام کو دھوکا دینے کے لیے دعویٰ کرتے تھے کہ وہ کالے جادو کی مدد سے پیسے ڈبل کردیں گے۔

    عجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے گینگ سمیت دو افریقی سیاح فام شہریوں کو بھی گرفتار کرکے جعلی نوٹ ضبط کرلیے ہیں۔

    سی آئی ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر میجر محمد یافور الغافلی کا کہنا ہے کہ ملزمان سادہ لوح افراد کو کالے جادو کے ذریعے پیسے ڈبل کرنے کا جھانسہ دے کر لوٹتے تھے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ پولیس کو ملزمان کی غیر قانونی سرگرمیوں کے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھی جس کے بعد س آئی ڈی نے اپنے ایجنٹ کو ملزمان کے پاس عام شہری کے روپ میں بھیجا تاکہ گروہ کے باری معلومات حاصل کی جاسکیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گینگ کے افراد شہریوں کو رقم ڈبل کرنے کے بہانے جعلی نوٹ تھما رہے تھے۔ پولیس نے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے لاکھوں جعلی نوٹ برآمد کرلیے۔

    اماراتی حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

    میجر محمد یافور الغافلی نے کہا ہے کہ عوام ایسے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہے اور ایسی کوئی بھی غیر قانونی سرگرمی کے متعلق فوری پولیس کو اطلاع دیں۔

  • متحدہ عرب امارات: سڑکوں پر ایک جیسی حد رفتار مقرر کرنے کی تجویز زیر غور

    متحدہ عرب امارات: سڑکوں پر ایک جیسی حد رفتار مقرر کرنے کی تجویز زیر غور

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں میں گاڑیوں کی حد رفتار یکساں طور پر مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے، رواں سال ٹریفک حادثات میں 8 فیصد کمی نوٹ کی گئی ہے۔

    فیڈرل ٹریفک کونسل کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد سیف نے کہا ہے کہ تمام ریاستوں کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹس کے ڈائریکٹرز اور متعلق دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام تجویز کو قابل عمل بنانے کے لیے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق اس حوالے سے غور کیا جارہا ہے کہ یکساں حد رفتار کرنا کس حد تک ممکن ہے اور یہ کہ مملکت کی تمام ریاستوں پر سے اسپیڈ مارجن کی رعایت موجود ہونی چاہئے یا پھر اسے مکمل طور پر ختم کردیا جائے۔

    دوسری جانب موجودہ اعدادوشمار کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ حد رفتار میں کمی لانے سے ٹریفک حادثات میں کمی لائی جاسکتی ہے یا نہیں، دبئی میں تمام سڑکوں پر مقرر کردہ حد رفتار سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کرنے کی رعایت موجود ہے۔

    ابوظہبی میں یہ رعایت گزشتہ ماہ ختم کردی گئی تھی جس کے باعث جو حد رفتار مخصوص ہے اس سے ایک کلو میٹر تجاوز کرنے پر بھی جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    ٹریفک کونسل کے ممبران کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2018 سے 26 اگست 2018 تک کے اعدادو شمار کے مطابق ٹریفک حادثات میں ماضی کی نسبت 8 فیصد کمی آئی ہے، اس کا بڑا سبب عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور اجاگر کرنے کے لیے شروع کی گئی مہم ہیں۔

  • دبئی : بھارتی لڑکیوں نے کپ کیک فروخت کرکے رقم کیرالہ فنڈ میں جمع کردی

    دبئی : بھارتی لڑکیوں نے کپ کیک فروخت کرکے رقم کیرالہ فنڈ میں جمع کردی

    دبئی : متحدہ عرب امارات کی رہائشی دو  بھارتی لڑکیوں نے سات روز تک کپ کیک فروخت کرکے رقم کیرالہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں مقیم دو بھارتی نژاد کم عمر بہنوں نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ جنوب بھارتی ریاست کیرالہ میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک ہفتہ کپ کیک فروخت کرکے رقم عطیہ کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں بھارتی لڑکیوں کو دیکھ کر دبئی میں مقیم متعدد طالب علموں اور اساتذہ کی جانب سے کیرالہ کے سیلاب متاثرین کے لیے چندہ جمع کیا جارہا ہے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دبئی کے صفا کمیونٹی اسکول کے گریڈ 5 میں زیر تعلیم ’9 سالہ کرشنا اور 7 سالہ میرایا راجہ گوپالن‘ نے اپنے طریقے سے سیلاب متاثرین کی معاونت کے لیے رقم جمع کی اور اپنے والدین کے ذریعے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں بھیج دی۔

     

    بھارتی بہنوں کی والدہ کا کہنا ہے کہ ’میری دونوں بیٹیاں کیرالہ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے ہزاروں افراد کی امداد کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی، پھر انہوں نے امدادی رقم کی جمع آوری کے لیے کپ کیک بناکر فروخت کرنا شروع کردیئے۔

    بھارتی لڑکیوں کی والدہ میگا کپور نے میڈیا کو بتایا کہ ’میری بیٹیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 175 کپ کیک تیار کیے اور اپنی گرمی کی چھٹیوں کے سات روز سیکڑوں گھروں پر جاکر کیک فروخت کرنے میں گزار دیئے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا تھا کہ سات روز تک گھر گھر جاکر کیک فروخت کرکے  جمع ہونے والی 3 ہزار درہم (58 ہزار بھارتی روہے) کی رقم کیرالہ کے سیلاب متاثرین کے لیے بھیج دی۔

  • ابوظہبی میں دھند، کیا موسمِ سرما آرہا ہے؟

    ابوظہبی میں دھند، کیا موسمِ سرما آرہا ہے؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے متعدد علاقوں میں آج دھند چھائی رہی اور مطلع کہر آلود رہا، شہریوں کو لگتا ہے کہ امارات میں موسمِ سرما کی شروعات ابھی سے ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کی صبح ابو ظہبی سمیت کئی اماراتی شہر وں میں دھند چھائی رہی جس کے سبب محکمہ موسمیات نے حدِ نظر کم ہونے کی وارننگ جاری کردی تھی۔

    امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق ابو ظہبی کے مغربی علاقے الغیاتی میں دھند کا زور شدید رہا جس کے سبب ڈرائیورز کو پریشانی پیش آنے کا امکان تھا تاہم کسی حادثے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    ابوظہبی کے دیگر علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں رہے جن میں الدھافرا، الرویس، بینوا اور السلہ شامل ہیں۔ حدِ نگاہ کم ہوجانے سےصبح پانچ بجے کے قریب کا ر سواروں کے لیے پہلے پیلی اور پھر سرخ وارننگ جاری کی گئی۔

    ملک میں کم سے کم درجہ حرارت صبح 6 بج کر 15 منٹ پر کوہِ جائیس کے مقام پر23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے یو اے ای میں درجہ حرارت پچا س ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا گیا تھا اور ابھی بھی اماراتی شہریوں کو گرم موسم برداشت کرنا ہے ، آج بھی درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانےکا امکان ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دھند جو کہ عموماً موسم سرما میں ہوتی ہے اس کی آمد کا کوئی امکان نہیں تاہم ہوا میں نمی میں اضافے کے سبب آج شام اور آئندہ صبح بھی دھند متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔