Tag: متحدہ قومی موومنٹ

  • کے پی کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے، الطاف حسین

    کے پی کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران متعدد علاقوں میں خواتین کو ووٹنگ سے روکا گیا ہے اور جبروتشدد اوربندوق کے زورپرعوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالاگیا ہے۔

    لہٰذا صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے اوروہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنوانتخابات کروائے جائیں ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ملک کی بیشتر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف بہتان تراشی کی گئی اور ہرواقعہ میں ایم کیوایم کو ملوث کرکے اس کامیڈیا ٹرائل کیاگیا لیکن آج صوبہ خیبرپختونخوا میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اورکارکنوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی کی گئی۔

    عوام کے سامنے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے گئے ، جدید ترین اسلحہ کی آزادانہ نمائش واستعمال کیا گیا،پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کئے گئے ،مخالف امیدواروں اورسیاسی کارکنوں کو ہلاک وزخمی کیا گیااوریہ مناظر پاکستان کے تقریباً تمام ٹی وی چینلز نے نمایاں انداز میں نشر کئے ہیں ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ ذرائع ابلاغ اور حقوق نسواں کی تنظیموں کی جانب سے مسلسل اس بات کی نشاندہی کی جارہی ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ(ن) اور اے این پی نے خواتین کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے باقاعدہ اتفاق رائے سے معاہدہ کیا ہے اور اسی وجہ سے لوئردیر کے بعد اب پختونخوا کے متعدد علاقوں میں بلدیاتی الیکشن میں بھی خواتین کو ووٹ کے حق سے روکاگیا ہے ۔

    الطاف حسین نے خواتین کوووٹ دینے سے روکے جانے پر شدیداحتجاج کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں خواتین کوووٹنگ سے روکے جانے اور وسیع پیمانے پر دھاندلی کی شکایات کی بنیاد پر ان بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قراردیکر وہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بدنظمی، بدانتظامی، بدامنی اور کھلی دھاندلی کے بدترین واقعات سے ثابت ہوگیا ہے کہ جعلی مینڈیٹ رکھنے والی کون کون سی جماعتیں اسلحہ کی سیاست ،دہشت گردی، قتل وغارتگری، بیلٹ پیپرز پرٹھپے لگاکر عوام کے جمہوری حق پرڈاکہ ڈالنے اور خواتین کوووٹ کے حق سے محروم رکھنے میں ملوث ہیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران آج آئین ، قانون اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیردی گئیں۔

    پورے صوبے میں خوف ودہشت کا ماحول گرم کردیا گیااور متعدد افراد کو ہلاک وزخمی کردیا گیا لیکن ان المناک واقعات میں ملوث کسی ایک بھی جماعت کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی گئی ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے غیرجمہوری ، غیرآئینی اور غیراخلاقی طرزعمل نے صوبہ خیبرپختونخوا کے پورے بلدیاتی انتخابات پر سوالیہ نشان کھڑادیا ہے اوراب بندوق کے زورپر حاصل کیے جانے والے نتائج اپنی اہمیت وافادیت کھوچکے ہیں۔

    الطاف حسین نے صدرپاکستان ممنون حسین، وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف ، چیف جسٹس آف پاکستان اورچیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی، بدامنی، دہشت گردی اور قتل وغارتگری کا فوری نوٹس لیاجائے اور صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے۔

  • کے پی کے انتخابات : ایم کیوایم کے دس امیدوار بلامقابلہ منتخب

    کے پی کے انتخابات : ایم کیوایم کے دس امیدوار بلامقابلہ منتخب

    پشاور : خیبرپختونخواہ میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے دس امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم کے نامزد دس امیدوارکابلامقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔

    ضلع ہری پور، ہزارہ یونین کونسل شمالی ہری پور کی جنرل کونسلرکی نشست پرایم کیوایم کے نامزدامیدوارجنید اعوان ،ضلع ہری پورہزارہ یونین کونسل سینٹرل ہری پورکی جنرل نشست پرایم کیوایم کے نامزدامیدواررحمت دین، ضلع صوابی کی یونین کونسل چھوٹالاہورشرقی کی خاتون کونسلرکی نشست ایم کیوایم نامزدامیدوارعتیقہ بلامقابلہ منتخب ہوئیں۔

    اسی طرح ضلع صوابی یونین کونسل ٹوپی ون سے خاتون کونسلر کی نشست پرایم کیوایم کی امیدوارواحدہ اورضلع چترال یونین کونسل کریم آبادکی جرنل کونسلرکی نشست پرایم کیوایم کی امیدواربی بی ریحانہ کامیب قرار پائیں۔

    ضلع چترال یونین کونسل آئیون کی جنرل کونسلرکی نشست پرایم کیوایم کی نامزدامیدواربی بی گلشن ، ضلع چترال یونین کونسل جنرل کونسلرکی نشست پرایم کیوایم کی نامزد امیدوار آمنہ بی بی  نے کامیابی حاصل کی ہے

    جبکہ ضلع بنوں کی یونین کونسل شیراحمدخیلون کی جنرل نشست پرعبدالرحمن،یونین کونسل سکیٹری ون کی جنرل نشست پرغلام فرید اوریونین کونسل شیر احمد خیلون کی کسان کونسلر کی نشست پرارشدبلا مقابلہ منتخب قرارپائے ۔

    اس طرح ضلع ہری پورہزارہ سے دو،ضلع صوابی سے دو،ضلع چترال اورضلع بنوں سے تین تین امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔

  • سانحہ 12 مئی ایم کیو ایم کی مقبولیت کو ختم کرنے کی سازش تھی،  فاروق ستار

    سانحہ 12 مئی ایم کیو ایم کی مقبولیت کو ختم کرنے کی سازش تھی، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا ہے کہ سانحہ بارہ مئی ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈہ، ایم کیو ایم کی مقبولیت کو ختم کرنے اور قومی پرواز کو روکنے کی سازش تھا۔

     نائن زیرو پر سانحہ بارہ مئی کے شہداء کے ایصال ثواب اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا ، دعائیہ اجتماع میں سانحہ بارہ مئی کے حوالے سے ایم کیو ایم کی جانب سے تیار کردہ ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

     میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا تھا کہ سانحہ بارہ قومی سانحہ اور ملک کیلئے ناقابل تلافی نقصان ثابت ہوا، بارہ مئی میں سب سے ذیادہ متاثرہ جماعت ایم کیو ایم ہے، ان کاکہنا تھا کہ سانحہ کے روز ایم کیو ایم کے 14 کارکنان شہید ہوئے لیکن بارہ مئی پر واویلا کرنے والی دوسری جماعتیں اپنے شہداء کے نام آج تک جاری نہیں کرسکی ہیں۔

     ذوالفقار مرزا کے بیان پر ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو بارہ مئی کا ذمہ دار ٹھہرانے والا ذوالفقار مرزا کابیان غیر ذمہ دارانہ ہے ، آخر کار کیوں بارہ مئی جڈیشل انکوائری کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جاتی ، انہوں نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ بدین کے فارم ہاؤس میں ریاست کے اندر ریاست جو قائم ہے اس کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیا جاتا ۔

  • الطاف حسین نےعسکری قیادت پرکوئی تنقید نہیں کی، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    الطاف حسین نےعسکری قیادت پرکوئی تنقید نہیں کی، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے وضاحت کی ہے کہ الطاف حسین نےعسکری قیادت پرکوئی تنقید نہیں کی بلکہ جنرل راحیل شریف کی تعریف کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فوج کےسخت ردعمل کے بعد ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نےاپنےقائد کی تقریرپروضاحتی بیان جاری کیاہے۔

    رابطہ کمیٹی کا کہناہے کہ الطاف حسین نےپاک آرمی پرتنقید نہیں کی بلکہ سپہ سالارپراعتماد کا اظہار کرتےہوئےان سےمداخلت کی اپیل کی ہے۔

    رابطہ کمیٹی کے مطابق الطاف حسین نےآرمی چیف جنرل راحیل شریف کومخاطب کر تےہوئےکہا تھا کہ وہ ایم کیو ایم کے ساتھ انصاف کریں اور آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے کے ساتھ ملکی دولت لوٹنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کریں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ اپنےخطابات میں پاک فوج کےکردارکوسراہاہے۔رابطہ کمیٹی نےکہاکہ ایم کیو ایم نے پاک فوج کی حمایت میں نہ صرف ملین مارچ کیابلکہ اپنےلاکھوں کارکنان کو فوج کےلئےوقف کرنےکا اعلان بھی کیا۔جوعوام میں فوج کا مورال بڑھانےکا سبب توہو سکتا ہےنفرت پھیلانےکا نہیں۔

  • بابر چغتائی کی گرفتاری قابل مذمت ہے، رہا کیا جائے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    بابر چغتائی کی گرفتاری قابل مذمت ہے، رہا کیا جائے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے ایسوسی ایشن آف بلڈراینڈڈیویلپرز( آباد ) کے سابق چیئرمین اورممتاز بزنس مین بابرچغتائی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے اوراسے کھلی انتقامی کارروائی قراردیاہے۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بابرچغتائی ایک بڑے بزنس مین اور بلڈر ہیں جنہوں نے” آباد“ کے چیئرمین کی حیثیت سے کراچی کی تعمیروترقی میں اہم کرداراداکیاہے لیکن انہیں محض اس بنیادپر گرفتار کیا گیاہے کہ انہوں نے ایم کیوایم کوچندہ کیوں دیا؟

    رابطہ کمیٹی نے سوال کیاکہ کیا کسی بھی بزنس مین کاکسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت یااس کے فلاحی ادارے کو چندہ دینا کوئی جرم ہے ؟

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کاکونسا ایساتاجر، صنعتکار یا بینکارہے کہ جوالیکشن یاجلسہ جلوس یاکسی ایونٹ کے موقع پرکسی سیاسی یا مذہبی جماعت کو چندہ نہ دیتا ہو؟

    اسی طرح اگرکسی بزنس مین نے ایم کیوایم یااس کے فلاحی ادارے کوچندہ دیاہوتوکیایہ ایساخلاف قانون عمل یاسنگین جرم ہے کہ اس کی پاداش میں اس بزنس مین کو گرفتار کرکے عادی مجرموں جیسا سلوک کیاجائے؟

    رابطہ کمیٹی نے بابرچغتائی کی گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل کرکے کراچی سے تعلق رکھنے والے تمام تاجروں،صنعتکاروں اوربزنس مینوں کویہ پیغام دیاگیاہے کہ وہ ایم کیوایم سے کسی بھی قسم کی ہمدردی یا تعلق نہ رکھیں اوراگروہ ایساکریں گے توان کواسی قسم کے سلوک کاسامنا کرنا پڑے گاجو سلوک بابرچغتائی کے ساتھ کیا گیاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے صدرممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اوروزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے سوال کیاکہ کراچی میں آپریشن دہشت گردی اورجرائم کے خاتمے کیلئے ہے یاشہر کی نمائندہ سیاسی جماعت ایم کیوایم کوکچلنے اور اس سے ہمدردی رکھنے والے شہریوں کے خلاف کیاجارہاہے خواہ وہ شہرکی تعمیروترقی میں حصہ لینے والے تاجر اور صنعتکارہی کیوں نہ ہوں ۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ بابرچغتائی کوفی الفوررہاکیاجائے اورایم کیوایم اوراسکے ہمدردوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کاسلسلہ بندکیاجائے۔

  • این اے 246: جعفریہ الائنس نے ایم کیو ایم کی حمایت کردی

    این اے 246: جعفریہ الائنس نے ایم کیو ایم کی حمایت کردی

    کراچی :جعفریہ الائنس نے کنور نویدجمیل کی حمایت کا اعلان کر دیا، رفصیلات کے مطابق جعفریہ الائنس نے این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل کی حمایت کر دی ۔

    جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری سلمان مجتبیٰ نے یہ اعلان گزشتہ روز ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن عارف خان ایڈووکیٹ اور این اے دو سو چھیالیس سے امیدوار کنو رنوید جمیل سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات میں کیا۔

    انہوں نےکنور نوید جمیل کو ضمنی الیکشن میں کامیابی پر پیشگی مبارکبادپیش کی ۔ عارف خان ایڈووکیٹ اور کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ نے الطاف حسین کے نامزد امیدوار کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کی این اے دو سو چھیالیس کی نشست پر تیئس اپریل کو ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ ہوگی مذکورہ حلقے میں ایم کیو ایم ، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور دیگر امیدوار مد مقابل ہیں۔

  • کنورنوید جمیل کی گاڑی پرحملہ سوچی سمجھی سازش ہے، رابطہ کمیٹی

    کنورنوید جمیل کی گاڑی پرحملہ سوچی سمجھی سازش ہے، رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عائشہ منزل کے قریب جماعت اسلامی کے کارکنوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی گاڑی پر حملے اور ایم کیو یم کے کارکنان پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کریم آباد دہلی اسکول کے قریب کارنر میٹنگ میں شرکت کیلئے جارہے تھے کے عائشہ منزل کے قریب جماعت اسلامی کی ریلی میں شریک شرپسند عناصر نے کنور نوید کی گاڑی پر حملہ کیا ۔

    شرپسندوں نے گاڑی کے شیشے توڑ دیئے گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ایم کیو ایم کے ہمدردوں و کارکنان پر پتھراؤ شروع کردیااور اشتعال انگیز نعرے لگائے جس کی بناء پر ناخوشگوار واقعہ رونماء ہوا ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت این اے 246کے ضمنی انتخاب کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کے ہدایت کے مطابق ایم کیو ایم ضمنی انتخاب کے سلسلے میں تمام سیاسی سرگرمیاں قطعی طورپر امن انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو پابند کریں کہ وہ کسی دوسری سیاسی جماعت اور اس کے رہنماؤں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے بازے سے گریز کریں ۔

    نامزد حق پرست امیدوار برائے این اے 246 کنور نوید جمیل اور رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی جانب سے کے جماعت اسلامی اور تمام جماعتوں کو مکمل تعاون کی پیش کش کررہی ہے آئے اس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار اداکریںاور اپنے اپنے کارکنان کو پابند کریں کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز کاروائی سے گریز کریں۔

    رابطہ کمیٹی نے جماعت اسلامی ، کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ ضمنی انتخاب کے حلقہ این اے 246میں الیکشن پرامن طریقے ہونے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

    رابطہ کمیٹی نے عوام اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ صبرتحمل سے کام لیں اور ہر قیمت پر امن رہیں اگر کسی بھی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے اشتعال انگیز نعرے بازی بھی کی جائے تو آپ ہرگز مشتعل نہ ہوں اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں ۔

    رابطہ کمیٹی نے حکومت اورپولیس وانتظامیہ سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ انتخابی مہم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے اورصورتحال کوقابومیں رکھنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائیںاور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔

  • کسی کارکن کے ہاتھ میں ڈنڈا تھا نہ انڈا، فاروق ستار

    کسی کارکن کے ہاتھ میں ڈنڈا تھا نہ انڈا، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہےکہ  عمران خان اور ریحام خان کا بھرپور استقبال کیا ، کھانا بھی کھلاتے تحائف بھی دیتے لیکن پتانہیں کیابات ہوئی کہ عمران خان وہاں سےچلےگئے۔

    پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہےعمران خان نے یادگار شہدا سے مہم شروع کی،عمران خان اور بھابھی کے لیے پر تکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا، نائن زیروآمد پر بھابھی ریحام خان کو تحفےتحائف بھی دیتے،پتا نہیں کیا بات ہوئی کہ عمران خان وہاں سےچلےگئے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نےتھوڑی سی غیرذمےداری کامظاہرہ کیاہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کوسیاسی پختگی، بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایسےعناصرپرنظررکھنےکی ضرورت ہےجوکشیدگی چاہتے ہیں یہ تاثردرست نہیں کہ عمران خان کی واپسی کسی واقعےکےباعث ہوئی۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی کارکن کےپاس ڈنڈا تو کیا انڈا یا ٹماٹر بھی نہیں تھا۔

  • ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

    ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

    کراچی : ایم کیو ایم کی درخواست پرپی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دی جانے والی درخواست کے بعد عزیز آباد تھانے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ نمبر 97/2015 درج کر لیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں  این اے دو سو چھیالیس کے لئےپی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل، عزیزا للہ آفریدی اور دیگر کارکنان کیخلاف ایم کیو ایم کارکنان کو زدوکوب کرنے اور قائد تحریک الطاف حسین کی تصاویر اور پوسٹر پھاڑنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لوگ  یادگار شہداء کی بےحرمتی کرنے پر مشتعل ہوئے،  پی ٹی آئی رہنماؤں پر دفعہ 427 ۔506 اور دھمکیاں دینے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالحسیب ودیگر موجودتھے۔

  • عمران خان الطاف فوبیا میں مبتلا ہیں، رابطہ کمیٹی

    عمران خان الطاف فوبیا میں مبتلا ہیں، رابطہ کمیٹی

    کراچی: ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے عمران خان الطاف فوبیا میں مبتلا ہیں کراچی کے بارے میں بات کرنے سے پہلے عمران خان خیبرپختونخوا کو طالبان سے آزاد کرائیں۔

    ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے بارے میں بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے عمران خان الطاف فوبیا میں مبتلا ہیں ۔ عمران خان کو معلوم ہے کہ کراچی کے حلقہ دوسوچھیالیس میں ضمنی انتخاب نہیں جیت سکیں گے اسی لیے وہ اوچھے ہتکنڈوں پر اتر آئے ہیں

     رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے الطاف حسین پر تنقید کرنے والے عمران خان کا اصل چہرہ تو لوگوں نےاسلام آباد میں دھرنے کے دوران دیکھ لیا جہاں وہ جمہوریت کے خاتمے کے لیے کسی امپائر کی انگلی کا انتظار کرتے رہے ۔

     رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے عمران خان کراچی پر قبضے کا جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ کبھی پورا نہیں ہوگا، کراچی کے باشعور عوام ماضی کی طرح اس بار بھی اپنے اتحاد سے سازشی ہتھکنڈوں کو ناکام بنادیں گے ۔