Tag: متحدہ قومی موومنٹ

  • متحدہ قومی مومنٹ کا کل یوم سیاہ منانے کا اعلان

    متحدہ قومی مومنٹ کا کل یوم سیاہ منانے کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ خورشید شاہ نے مہاجر لفظ کو گالی قرار دے کر توہین رسالت کی ہے۔

    ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر عامر خان اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسب کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کے خلاف مفتیان کرام کے فتوے عدالت میں جمع کروا دیئے ہیں، اپنے بیان سے خورشید شاہ شریعت اور قوم کے مجرم قرار پاتے ہیں۔

    عبدالحسیب نے مزید کہا کہ خورشید شاہ نے مہاجروں کے خلاف ہرزا سرائی کی، 17اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے کیونکہ اس دن خورشید شاہ نے 4مرتبہ لفظ ’’مہاجر‘‘ کو گالی قرار دیا۔جبکہ قرآن پاک میں مہاجر کی فضیلت کا ذکر آٹھ مرتبہ آیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اس پر احتجاج کرتے ہوئے کل یوم سیاہ منائے گی جبکہ علمائے کرام سے فتووں کی کاپی لے کر عدالت میں جمع کروا دی ہے تاکہ خورشید شاہ کے خلاف قانونی کاروائی کی جا سکے، یوم سیاہ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے بھی درخواست کی کہ وہ بھی اس کا حصہ بنیں اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام کریں تاکہ احتجاج ریکارڈ کروایا جا سکے۔

  • الطاف حسین کی کوئٹہ خود کش حملے کی شدید مذمت

    الطاف حسین کی کوئٹہ خود کش حملے کی شدید مذمت

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسہ عام کے موقع پرجے یوآئی کے امیرمولانافضل الرحمن کی گاڑی پر ہونیوالے خودکش حملے کی شدیدمذمت کی ہے اوراس دھماکے کے نتیجے میں جے یوآئی کے کئی کارکنوں کے شہیدوزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے.

    الطاف حسین نے خودکش حملے میں مولانافضل الرحمن کے محفوظ رہنے پر اللہ تعالیٰ کاشکراداکیاہے۔اپنے بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ دہشت گرد عناصر نے خودکش حملوں،بم دھماکوں اورتخریبی کارروائیوں کی شکل میں پاکستان پر ایک غیراعلانیہ جنگ مسلط کررکھی ہے جس کے دوران سیاسی قائدین، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اوردیگراکابرین کو چن چن کرشہیدکیاجارہاہے۔

    پولیس، رینجرز، ایف سی اورمسلح افواج اوران کے مراکزکونشانہ بنایا جارہا ہے۔آج صبح بھی کوئٹہ کی ہزارہ برادری کے افرادکی بس اورایف سی پر بھی سفاکانہ فائرنگ کی گئی جس سے کئی معصوم وبے گناہ افرادشہیدہوگئے ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ بڑے پیمانے پر ہونیوالی دہشت گردی اس امرکاتقاضہ کرتی ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحدہوجائے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف مسلح افواج کی ہرطرح سے حمایت کرے۔

    الطاف حسین نے کہاکہ کوئٹہ میں ہونے والے واقعہ پر ہم مولانافضل الرحمن اورانکے تمام عقیدت مندوں،جے یوآئی کے تمام قائدین اورکارکنوں سے مکمل یکجہتی اورہمدردی کااظہارکرتے ہیں ۔

    انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کوشہادت کادرجہ عطاکرے ، ان کے لواحقین کوصبرجمیل عطاکرے اورزخمیوں کوجلدصحت یاب کرے۔

    انہوں نے وفاقی وصوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیاکہ دہشت گردی کے ذریعے معصوم شہریوں کوخون میں نہلانے والے سفاک عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اوردہشت گردی کے اس بڑھتے ہوئے عفریت پر قابوپانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں۔

  • ایم کیو ایم کا آزاد کشمیرحکومت سےعلیحدگی کا اعلان

    ایم کیو ایم کا آزاد کشمیرحکومت سےعلیحدگی کا اعلان

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئرڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے آزاد کشمیر کی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو اراکین کے استعفے جلد بھجوادیئے جائیں گے،

    بھٹو کا وارث زرداری نہیں ہوسکتا،پی پی کے دیگر رہنماء اگر اپنے ذاتی مفادات کی خاطر یہ سب برداشت کرر ہے ہیں تو یہ ان کا مسئلہ ہے،

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان حتمی ہے اور واپسی کی کوئی صورت ممکن نہیں۔

    اب کسی صورت پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی،انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر بلاول زرداری کا بیان ناقابل برداشت ہے، بلاول زرداری نے عمر کا بھی لحاظ نہیں کیا اور نہ بعد میں کسی قسم کی معذرت یا شرمندگی کا اظہار نہیں کیا گیا،

    آصف علی زرداری الگ اور ان کے صاحبزادے بلاول زرداری جارحانہ اندازرکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسی غیر سیاسی رویے کے باعث صرف ایک صوبے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے،

    ہم نے ہم آہنگی کی خاطر پیپلز پارٹی کاہر غیر جمہوری رویہ برداشت کیا،انکا کہنا تھا کہ اب پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے صبر و برداشت کی حد ہو گئی تھی،

    انہوں نے کہا کہ پی پی کے جلسے میں بلاول زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں کیخلاف ایک محاذ کھول لیا، جو سندھ کی اکائیوں کو ساتھ لیکر نہیں چل سکتا وہ پورے پاکستان کو کیا ساتھ لیکر چلے گا؟

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے، اب ون وے ٹریفک نہیں چلے گا،کوٹہ سسٹم پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے،

  • حکومت سندھ کی بے حسی کی مذمت کرتے ہیں، الطاف حسین

    حکومت سندھ کی بے حسی کی مذمت کرتے ہیں، الطاف حسین

    کراچی: ایم کیوایم کے قائد الطا ف حسین نے تھر میں قحط سالی کے باعث اموات پر گہری تشویش کا اظہا رکیا ہے۔

    متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حکومت سندھ کی بے حسی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے،ان کا کہنا تھا کہ تھر میں برسوں سے قحط سالی کے باعث اموات کے سیکڑوں واقعات ہوئے لیکن حکومت سندھ نے غذائی قلت ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے۔ تھر کے لوگوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

    الطاف حسین نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ تھر میں قحط سالی کے باعث اموات کے افسوسناک واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔

  • نائن زیرو کے قریب سے مشکوک شخص پکڑا گیا

    نائن زیرو کے قریب سے مشکوک شخص پکڑا گیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو کے قریب سے پکڑا گیا مشکوک شخص میڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا، دہشت گردی کیلئے جاسوسی کرنیوالا شخص افغانستان کا شہری سیف اللہ ہے۔

    ایم کیو ایم رہنماء افتخار عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان شہری نے چھوڑنے کیلئے ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش کی۔ ایم کیو ایم کے رہنما افتخار عالم کا کہنا ہے کہ ملزم سے افغانستان کی جامعات کے کارڈز ، موبائل فون، بیٹریز، سمیں ،ریلوے ٹکٹ اور کالعدم تحریک طالبان کا لٹریچر سمیت حکیم اللہ محسود اور طالبان کمانڈر کی تصاویر بھی ملی ہیں ۔

    نورستان سے تعلق رکھنے والا شخص نائن زیرو کے قریب دہشت گردی کیلئے جاسوسی کررہا تھا، سیف اللہ پشاور سے آج ہی کراچی پہنچا تھا اور نائن زیرو اوراطراف کی ویڈیو بنا رہا تھا، ملزم کو مسجد کے قریب سے پکڑا گیا۔

    ذرائع کے مطابق مشکوک شخص مسجد جانے کے بہانے نائن زیرو جانے والی گلی میں پہنچا جہاں رینجرز کو دیکھ کر وہ گھبرا گیا اور اس نے جناح گراونڈ کی جانب سے بھاگنے کی کوشش کی۔

    اس دوران نائن زیرو کی انتظامیہ نے اسے پکڑا۔ مشتبہ شخص کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا، ذرائع کے مطابق مشکوک شخص سے 25سے 30ہزار روپے نقد ی بھی برآمد ہوئی ہے۔

  • الطاف حسین کاپیمرا کےفیصلےکیخلاف شدید اظہار مذمت

    الطاف حسین کاپیمرا کےفیصلےکیخلاف شدید اظہار مذمت

    کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پیمرا کی جانب سے اے آروائی نیوز کے لائسنس معطل کرنے کے فیصلے کو غیر منصفانہ اور آمرانہ سوچ کی عکاسی قرار دیا ہے۔۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اے آروائی کے لائسنس معطل کیے جانے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے پیمرا فی الفور اپنے فیصلے کو واپس لیکر اے آروائی نیوز کے لائسنس کو بحال کرے ، الطاف حسین نے کہا کہ اے آروائی نیوز نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز کو اٹھایا ہے ایسے آمرانہ اقدام سے اے آروائی اور آزادی اظہار رائے کا گلا نہیں گھونٹا جاسکتا ، الطاف حسین کاکہنا تھا کہ پیمرا کے اس اقدام کے خلاف ایم کیو ایم اے آروائی کی انتظامیہ اور اے آروائی کے ایک ایک کارکن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

  • مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل بند کرایاجائے،حق پرست اراکین

    مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل بند کرایاجائے،حق پرست اراکین

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے صوبہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب برتنے اور انہیں بنیادی حق سے محروم رکھنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں سندھ میں محکمہ پولیس ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر محکمہ جات میں بڑی تعداد میں نوکریاں دی جارہی ہیں لیکن ان نوکریوں کے حصول میں مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل مسلسل بڑھتا جارہا ہے ۔

    جس کے باعث مہاجروں میں احساس محرومی کی شدت میں نہ صرف اضافہ ہورہا ہے بلکہ ان کے خاندان کے خاندان مالی مشکلات اور داشوریوں کا شکار ہوتے چلے جارہے ہیں ۔

    انہوں نے کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کو نظر انداز کرنا انہیں دیوار سے لگانے کا متعصبانہ عمل ہے اورمہاجروں کے کھلے معاشی قتل کے مترادف ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب برتنے اور انہیں نظر انداز کرنے کے عمل کے پیچھے کارفرما قوتیں سندھ کے مستقل باشندوں کے درمیان دوریاں پیدا کررہی ہیں اور تعصب اور عصبیت کے عمل کے نتائج کسی طرح بھی ملک و قوم کے مفاد میں ہرگز نہیں نکل سکتے ۔

    انہوں نے کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں انصاف اور میرٹ سے کام لینا حکومت سندھ کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن اس سلسلے میں حکومت سندھ کا رویہ اور عمل انتہائی مجرمانہ اور تعصب پر مبنی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

    انہوں نے مزید کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں سے محروم رکھنے پر مہاجر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے اور وہ اپنے جائز اور بنیادی حق کیلئے ہر پرامن قانونی، آئینی ، عدالتی اورجمہوری راستہ اختیار کریں گے اورہر پلیٹ فارم پر اس ظلم و انصافی اور معاشی قتل عام کے خلاف بھر پورآواز بلند کرکے مہاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور تعصب کو اجاگر کریں گے۔

    حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں مہاجروں کے ساتھ سرکاری ملازمتوں میں تعصب اور عصبیت کا عمل فی الفور بند کرایاجائے اور میرٹ اور اہلیت کے مطابق مہاجروں کو سرکاری ملازمتیں فی الفور دی جائیں اور اس میں رکاوٹ بننے والی تعصب پسند قوتوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • انتظامی یونٹس کاقیام وقت کی اہم ضرورت ہے،الطاف حسین

    انتظامی یونٹس کاقیام وقت کی اہم ضرورت ہے،الطاف حسین

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کاقیام وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے اب انکارنہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے یہ بات آج ڈیفنس اینڈ کلفٹن ریزیڈینٹس کمیٹی کے زیراہتمام منعقد کئے جانے والے سیمینار سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    سیمینار کاموضوع ” نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت “ تھا۔  سیمینارمیں ملک کے ممتاز دانشوروں،ادیبوں ، سینئرصحافیوں ، کالم نگاروں، سابق بیورکریٹس اورزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کامعاملہ کوئی زبانی ،کلامی اورہوائی بات نہیں بلکہ یہ معاملہ حقائق کوسننے ، سنانے ، سمجھنے اورسمجھانے کاہے تاکہ اس معاملے کونفرت اورتعصب کی عینک سے دیکھنے کے بجائے حقائق کی نظرسے دیکھاجائے اور حقاق کی روشنی میں اسے حل کیاجائے۔

    انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اس معاملے کوسمجھنے سے گریز کیاجارہاہے اور اسے سمجھنے کے بجائے نفرت کانشانہ بنایاجارہاہے۔ الطاف حسین نے سیمینار میں دانشوروں اورسینئرصحافیوں کی جانب سے کی جانے والی تقاریر کوسراہااورکہاکہ نئے انتظامی یونٹس کے موضوع پر کی جانے والی تقاریرمیں علم اورمعلومات کاذخیرہ ہے

    لہٰذا ان کو کتابچے کی شکل میں مرتب کیاجائے تاکہ اسے عوام خصوصاً نوجوانوں میں تقسیم کیاجائے اورانہیں اس معاملے سے آگاہی حاصل ہوسکے اوروہ نعروں اورحقائق میں تمیزکرسکیں۔

    انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ” صوبے کیوں ضروری ہیں“ کے عنوان سے نہایت شاندارکتاب مرتب کرنے پر ممتاز دانشور اور کالم نگار خلیل نینی تال والا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

  • لیاقت علی خان کے قتل کی تحقیقات عوام کے سامنے لائی جائیں، الطاف حسین

    لیاقت علی خان کے قتل کی تحقیقات عوام کے سامنے لائی جائیں، الطاف حسین

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے یان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید لیاقت علی خان کے قتل کی تحقیقات کرکے حقائق سے عوام کو آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔

    شہید ملت خان لیاقت علی خان کی 63ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید ملت خان لیاقت علی خان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، انہوں نے کہا کہ خان لیاقت علی خان وفا اور خلوص کا پیکر تھے ، ملک و قوم کی بد قسمتی یہ رہی کہ لیاقت علی خان کے قتل کے اصل اسباب آج بھی پس پردہ ڈال دیئے گئے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے خان لیاقت خان نے محنت و لگن ، خلوص نیت اور دلجمعی سے کام کیا اور اپنی تمام دولت اور جان بھی ملک و قو م کیلئے قربان کردی، الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ خان لیاقت خان شہید کے قتل کے اسباب اور اس کی تحقیقات عوام کے سامنے لائی جائیں ۔

  • کارکنان پیپلزپارٹی کے جلسے کیلئے ہرممکن تعاون کریں،الطاف حسین

    کارکنان پیپلزپارٹی کے جلسے کیلئے ہرممکن تعاون کریں،الطاف حسین

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے ذمہ داران پیپلز پارٹی کے جلسے کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت سے رابطہ رکھیں۔

    کراچی اور لندن کی رابطہ کمیٹی کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے ملکی صورتحال کا جائزہ لیا، جس میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ بھی سرفہرست تھا۔

    اس موقع پر الطاف حسین نے اراکین رابطہ کمیٹی ، تمام سیکٹرز اور تمام یونٹوں کو ہدایت کی کہ وہ اٹھارہ اکتوبر کے جلسے کے حوالے  سے پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماؤں سے رابطہ رکھیں ۔

    جہاں جہاں انہیں ایم کیو ایم کے تعاون کی ضرورت ہو انہیں غیر مشروط طور پر مدد و معاونت فراہم کریں۔ الطاف حسین نے پیپلزپارٹی کے جلسے کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔