Tag: متحدہ قومی موومنٹ

  • رحمان ملک کی الطاف حُسین کو اُن کی سالگرہ پر مبارکباد

    رحمان ملک کی الطاف حُسین کو اُن کی سالگرہ پر مبارکباد

    کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون کر کے انکی 61ویں سالگرہ کی دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی صحت وتندرستی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

    دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال ،سیلاب کی تباہ کاریوں، حکومت اور دھرنے دینے والی جماعتوں کے درمیان مذاکرات اور دیگر امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا، الطاف حسین نے رحمان ملک سے پی آئی اے کے جہاز میں پیش آنے والے واقعہ کی تفصیل بھی معلوم کی، رحمان ملک نے الطاف حسین کو بتایا کہ پی آئی اے فلا ئٹ کی تاخیر میں انہیں بلاوجہ ملوث کر کے بدنام کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب ایم کیوایم برطانیہ کے تحت لندن میں الطاف حسین کی 61 ویں سالگرہ انتہائی سادگی سے منائی گئی جس میں الطاف حسین نے خصوصی شرکت کی، تقریب میں ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اوران کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی الطاف حسین کی ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ آمد پر کارکنان اورہمدردوں نے فلک شگاف نعروں اور زبردست تالیوں کی گونج میں الطاف حسین کا خیرمقدم کیا ۔

  • اسٹیبلشمنٹ مدد کرےتوایم کیوایم بھی اقتدارمیں آسکتی ہے، الطاف حسین

    اسٹیبلشمنٹ مدد کرےتوایم کیوایم بھی اقتدارمیں آسکتی ہے، الطاف حسین

    کراچی: الطاف حسین نے کہا کہ جس جمہوریت لوکل باڈیزالیکشن نہ ہوں وہ جمہوریت نہیں آمریت ہے، جمہوریت میں خاندانی بادشاہت قائم ہوچکی ہے۔

    متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کا اپنی 61 ویں سالگرہ کے موقع پر جلسے میں کارکنان سے خطاب کرتےہوئے کہنا تھا کہ میں بالکل صحت یاب ہوں کارکنان پریشان نہ ہوں، میرے خلاف بات کرنے والے بہت ہیں تو میرے لئے دعاکرنے والے ان سے کہیں زیادہ ہیں، میں کئی روز سے پارٹی کی ری آرگنائزیشن میں لگا ہوں،آج مجھے بہت اہم باتیں کرنی ہیں، جو دل میں آتا ہے کہہ دیتا ہوں، اللہ بہتر کرے گا۔

    الطاف حسین نے کہا کہ کسی ذمہ دار یا کارکن سے بد تمیزی کی تو معافی چاہتا ہوں، کارکنان گردن سے سریا نکال کر خوش اسلوبی سے پیش آئیں۔ ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنے حلقے میں لوگوں سے جا کر ملیں ، عوام کی تکلیف کا باعث نہ بنیں، عوام سے  عزت سے پیش آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے اصل جمہوریت کیا ہے؟ جمہوریت کا مطلب عوام ہے۔ خاندانی سیاست یا وڈیرانہ نظام نہیں ہے،جس جمہوریت لوکل باڈیزالیکشن نہ ہوں وہ جمہوریت نہیں آمریت ہے، جمہوریت میں خاندانی بادشاہت قائم ہوچکی ہے، ہماری حکومت آئی تو اقلیت کا لفظ نہیں ہوگا،پاکستان میں جتنی مرتبہ بھی سول حکومتیں آئیں ان سول حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے، دنیا میں کو ئی ممبر پارلیمنٹ سڑکوں کی دیکھ بھال نہیں کرتا،یہ تمام کام لوکل باڈیزکی ذمہ داری ہوتے ہیں۔

    اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں اسٹیبلشمنٹ ایم کیو ایم سے کیوں ناراض ہے اگر اسٹیبلشمنٹ مدد کرے تو ایم کیو ایم بھی حکومت میں آسکتی ہیں، اگر ہمیں ایک سال کی حکومت ملی تو  قرضے معاف کروانے والوں کو جھگیوں میں ڈال دوں گا۔ ملکی دولت لوٹنے والوں کے محلات کو اسکول اورکالجوں میں تبدیل کریں گے، کرپشن سے پاک پاکستان چاہئیے۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نچلی سطح سے احتساب کا عمل شروع کرے صرف جنرل پرویز مشرف کو 12 اکتوبر کے کیس میں کیوں الزام ٹہرایا جاتا ہے ،اس وقت کے تمام جرنیلوں پر آرٹیکل 6 لگایا جائے اگر ایسا نہیں کرسکتے تو مشرف کو فی الفور رہا کرنے کا حکم جاری کیا جائے ورنہ مدد کرنے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے ۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر طرف سیلاب کا چرچا ہے سیلاب کے لئے اقدامات کیوں نہیں کئے جاتے؟ کالا باغ ڈیم پر سندھ کے کچھ لوگوں کے تحفطات ہیں ، صرف کالا باغ ڈیم کا مسئلہ کیوں ہے، چھوٹے ڈیم کیوں نہیں بناتے ؟؟ کس نے ہتھکڑیاں لگا رکھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پولیس کی سو سو گاڑیاں لے کر گھر سے نکلتے ہیں، اگر آپ کو وزارت کا شوق ہے تو ہمت اورجرات بھی پیدا کیجئے، وی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہونا چاہئے،نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ وی وی پی آئی کلچر کے خلاف اٹھ کھڑ ے ہوں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں وزیراعظم بغیرکسی سیکیورٹی کے ٹرین میں سفرکرتا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے مخاطب ہوکرانہوں نے کہا کہ بلاول تم چھوٹے ہو ،بڑی بڑی باتیں نہ کیا کرو۔ چھوٹے میاں کے والد نے اچھا طریقہ اپنایا ہےجو خود نہیں کہہ سکتے وہ بیٹے سے کہلواتے ہیں ۔انہوں بلاول بھٹو سے کہا کہ تم تو لندن میں پڑھے ہو کیا تمہیں نہیں پتا کہ لوکل باڈی سسٹم کیا ہوتا ہے، اگر پڑھ لکھ کر یہ حال ہے تو ملک کو آپ جیسے پڑھے لکھوں کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان کو ہم جیسے جاہلوں کے پاس رہنے دیں۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری سے بیشتر مطالبات درست ہیں انہیں مانا جائے، ہم نے سب سے پہلے صوبوں  سے متعلق قراداد پیش کیں تھیں، سرائیکی صوبہ بنے گا اور ہزارہ صوبہ بنے گا،ملکی بقاء کے لئے انتظامی یونیٹس بنانا ہوں گے ۔

  • ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی آج 61 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی آج 61 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے

    کراچی: 17 ستمبر 1953 کو کراچی کے متوسط گھرانے میں آنکھ کھولنے والے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، جنھوں نے ملک کے فرسودہ نظام کے خلاف مؤثر سیاسی تحریک کی بنیاد رکھی۔

    الطاف حسین کے محور کے گرد گھومنے والی سیاسی تحریک ایم کیو ایم ملک کی تیسری اور سندھ کی دوسری بڑی جماعت ہے،متوسط طبقے میں آنکھ کھولنے والے الطاف حسین، جنہوں نے وڈیروں، جاگیرداروں کے خلاف نعرہ بلند کیا، الطاف حسین کی ذات اتحاد بین المسلمین کا فروغ ہرعمل و بیان عوامی مسائل اورملکی استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔

    الطاف حسین نے انیس سو انہتر میں گورنمنٹ اسکول جیل روڈ سے میٹرک اورسٹی کالج کراچی سے انٹرسائنس کرنے کے بعد اسلامیہ کالج سے بی ایس سی کیا، انکا سیاسی سفر اتہتر میں شروع ہوا جب چوبیس سالہ الطاف حسین نے جامعہ کراچی میں طلبہ تنظیم اے پی ایم ایس او، اور پھر سن چوراسی میں متوسط طبقے کی عوامی جماعت مہاجر قومی موومنٹ کی بنیاد رکھی۔

    الطاف حسین نے چھیاسی میں نشتر پارک میں عوامی قوت کا مظاہرہ کیا اورپھربلدیاتی انتخابات اور اٹھاسی میں قومی انتخابات میں ایوانوں میں قدم رکھ کر سیاسی جماعتوں پراپنی برتری ثابت کردی، جہاں الطاف حسین کو ملک گیرشہرت ملی وہیں قید و بند کی صعوبتیں بھی انکو برداشت کرنا پڑیں،وہ تین مرتبہ جیل گئے، جبکہ ان پر دو مرتبہ قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا۔

    الطاف حسین 1991 میں گردوں کے علاج کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے اور یکم جنوری 1992 کو لندن میں جلا وطنی اختیار کی، جون 1992 کو متحدہ کے خلاف فوجی آپریشن میں متعدد کارکنان سمیت الطاف حسین کے بھائی اور بھتیجے بھی جاں بحق ہوئے۔

  • الطاف حسین کی پارٹی کے تمام ذمہ داران کواثاثوں کی تفصیلات جمع کانےکی ہدایت

    الطاف حسین کی پارٹی کے تمام ذمہ داران کواثاثوں کی تفصیلات جمع کانےکی ہدایت

    کراچی: الطاف حسین نے پارٹی کے تمام وزراء، سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز اور دیگر تنظیمی ذمہ داران سے شمولیت کے وقت سے لیکر آج تک کے اثاثوں کی تفصیل جمع کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے پارٹی میں اصلاح کے لیے اقدامات جاری ہیں، رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ایک مشترکہ اجلاس میں الطاف حسین نے رکن رابطہ کمیٹی کنور خالد یونس کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو پارٹی کے تمام وزراء، سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز اور دیگر تنظیمی ذمہ داران سے شمولیت کے وقت سے لیکر آج تک کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرکےالطاف حسین کو پیش کرے گی۔

    الطاف حسین نے تمام ایم این ایز، ایم پی ایز، وزراء اور عہدیداران کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کارکنان اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں انہیں اپنا نوکر، ہاری یا مزارع نہ سمجھیں، الطاف حسین نے ایک اور فیصلہ میں رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ ایم کیو ایم کا کوئی وزیر یا رابطہ کمیٹی کا رکن شادی وغیرہ کی تقریبات میں شریک نہیں ہوگا، سیکٹر، یونٹ، علاقے کا ایم این اے اور ایک ایم پی اے شرکت کرنے کے حقدار ہوں گے۔

  • ”دی رائٹ مین۔۔۔الطاف حسین“

    ”دی رائٹ مین۔۔۔الطاف حسین“

    تحریر :    راﺅ محمدخالد

    امریکی جریدے ”نیوزویک“ نے پاکستان کی پڑھی لکھی مڈل کلاس‘ خواتین اور اقلیتوں کی نمائندہ جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے بانی وقائد الطاف حسین کو ”دی رائٹ مین“ کا خطاب دیا ہے جو الطاف حسین کی سیاسی دانش مندی،بصیرت اور بے مثل جدوجہد کا اعتراف ہے اور الطاف حسین کی عالمی سطح پر پذیرائی نے پاکستان اور پاکستانیوں کو اقوام عالم میں سرخروکیا ہے۔

    پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن ایسی ہے کہ دنیا کے آئندہ100سال کا فیصلہ اسی خطہ میں ہونا ہے اور پاکستان کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے۔2014ءکا سال پاکستان کیلئے میک یا بریک کا سال ثابت ہو سکتا ہے۔

    newsOfTheWeekAH

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پاکستان کو ہر قسم کی مذہبی انتہا پسندی سے پاک کرنے کیلئے رواداری اور برداشت کا درس دیا ہے اور پوری جرات اور بہادری کے ساتھ بدنام زمانہ دہشت گردوں طالبان کو بے نقاب کیا ہے، طالبان نے ایم کیو ایم کے کارکنان اور منتخب نمائندوں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا ہے،گذشتہ دنوں پنجاب سے ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کو شہید کر دیا گیاپرظلم وجبر کا کوئی ہتھکنڈہ الطاف حسین کے پیغام حق پرستی کو پھیلنے سے نہیں روک سکتا۔

    الطاف حسین تمام پاکستانیوں کو برابر کا پاکستانی اور مساوی حقوق کا حقدار تسلیم کرانا چاہتے ہیں اور پاکستانی معاشرے میں خواتین کو فعال اور باوقار مقام دلوانا چاہتے ہیں،الطاف حسین کچلے ہوئے،محروم اور پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو بھی باعزت زندگی کا حق دلوانا چاہتے ہیں۔

    انسانیت اور اسلام کے دشمن طالبان عناصر پاکستان کے مختلف شہروں میں اپنی محفوظ پناہ گاہیں بنا رہے ہیں ، کراچی میں اربوں روپے کا بھتہ وصول کر رہے ہیں اور سنگین جرائم،چوری،ڈکیتی،قتل، اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث ہیں،طالبانائزیشن کو سپورٹ کرنے والے عناصر دراصل بانی پاکستان محمدعلی جناح کے پاکستان کو ایک ناکام اور دہشت گرد ریاست ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

    پاکستان آرمی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی بقاءکی جنگ آپریشن ضرب عضب میں مصروف عمل ہے،پوری قوم مسلح افواج کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے اور اپنے بہادربیٹوں پر فخر کرتی ہے جو ملک کی سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کر رہے، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ملکی دفاع کیلئے ایم کیو ایم کے لاکھوں کارکنان کو مسلح افوان کے شانہ بشانہ پیش کرنے کا اعلان کر کے کروڑوں محب وطن پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں، پنجاب میں لوگ الطاف حسین کی جذبہ حب الوطنی کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں ۔

    ایم کیو ایم کا شعبہ خدمت خلق فاﺅنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے،قومی سطح پر کے کے ایف کی خدمات نہایت اہمیت کی حامل ہیں،2005ءمیں آزادکشمیر،اسلام آباد ،خیبرپختونخواہ کے زلزلہ میں متاثرہ لوگوں کی کے کے ایف کے رضاکاروں نے دن رات خدمت کی شاندار مثال قائم کی ہے،2010ءکے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے خدمت خلق فاﺅنڈیشن کے رضاکاروں ،ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور ارکان اسمبلی نے دن رات بھرپور محنت کی اور جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے سیلاب زدگان تک امدادی سامان پہنچایا اور عید کے دن مصیبت زدہ لوگوں کے ساتھ گزار کر عصرحاضر کی تاریخ میں ایک نئی مثال رقم کی۔

    افغان جنگ کے بعد مسلح گروپس نے پاکستانی معاشرے کو یرغمال بنا کر عدم استحکام کا شکار کیا ہوا ہے اب پاکستان کے پالیسی میکرز نے طے کر لیا ہے کہ ان شرپسند عناصر کا خاتمہ کیے بغیر ریاست پاکستان کو انٹرنیشنل کمیونٹی میں موثر کردار نہیں دلوایا جا سکتا، اب پاکستان آرمی ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری جرات،بہادری اور صلاحیت کے ذریعے آپریشن ضرب عضب کر رہی ہیں،بدقسمتی سے ہمارے ملک کی سیاسی پارٹیاں طالبان عناصر کیلئے سافٹ کارنر رکھتی ہیں یہی وجہ ہے ایک سال تک ان دہشت گردوں سے ”مذاق رات “کا ڈرامہ چلتا رہا اس دوران طالبان عناصر نے اپنی پوزیشنیں تبدیل کر لیں اور نئی محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے۔

    آج ملک کی سیاسی صورتحال یہ ہے کہ بھاری مینڈیٹ کے دعویداروں کے غبارے میں ہوا نکل چکی ہے ،نواز حکومت ہر شعبہ زندگی میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہے،عام آدمی کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے،انڈسٹری تباہ ہے توانائی کا بدترین بحران ہے اور ”رائیونڈکے حکمران“ جنوبی پنجاب میں ٹارگٹڈ لوڈ شیڈنگ کر رہے ہیں۔

    فرسودہ نظام کی تبدیلی اور آزادری کے حصول کیلئے سخت حالات سے گزرنا پڑتا ہے، مشکلات برداشت کرنی پڑتی ہیں اور لازوال قربانیوں کی تاریخ رقم کرنا پڑتی ہے،آگ اور خون کے دریا عبور کرنے پڑتے ہیں لیکن ہمارے ملک میں ”تبدیلی کے علمبردار“ میوزیکل نائٹس کر کے آزادی مارچ کر رہے ہیں،اگر ناچ گانے سے آزادی ملتی تو ”اداکاروں،فنکاروں اور رقاصاﺅں “کا علیحدہ ملک ہوتا۔

    پاکستان کے سماج میں خرابی کی سب سے بڑی وجہ وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم اور فاضل دولت ہے، رزق کے سرچشموں پر دو فیصد جاگیردار ،وڈیرے ،سردار اور صنعتکار قابض ہیں،98فیصد عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں،تبدیلی کے آسمان سے فرشتے نہیں اُتریں گے بلکہ وسائل کی چکی میں پسنے والے عوام کو اپنے اندر سے قیادت نکالنا ہو گی۔

    الطاف حسین پاکستان اور کروڑوںپاکستانیوں کے نجات دہندہ ہیں،الطاف حسین کا جنم دن 17ستمبرحق پرستوں کیلئے ایک عالمی تہوار کی حیثیت رکھتا ہے،الطاف حسین کی انقلابی جدوجہد نیلسن منڈیلا کی طرز پر اور سماجی خدمات مدرٹریسا کی طرز پر ہیں، الطاف حسین کا مشن پاکستان کی بقائ، سلامتی ، استحکام اور خوشحالی ہے،تمام محب وطن قوتوں کو آگے بڑھ کر الطاف حسین کا ساتھ دینا چاہیے،الطاف حسین ہی سنگین مسائل میں گھرے ہوئے پاکستان کی کشتی کو کنارے لگا سکتے ہیں اور پاکستان کو نیا اورروشن مستقبل دے سکتے ہیں اور پاکستان کو ایک ایسا پاکستان بنا سکتے ہیںجو انٹرنیشنل کمیونٹی میں باوقار مقام کا حامل ہواوراقوام عالم پاکستان کو ایک ذمہ دار ،خوشحال اورترقی یافتہ ریاست تسلیم کر لیں،الطاف حسین سے محبت پاکستان سے محبت ہے۔
    ٭٭٭٭٭

  • الطاف حسین نے تحریک کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

    الطاف حسین نے تحریک کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

    کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنوں کے بے حد اصرار پرمتحدہ قومی موومنٹ کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا، الطاف حسین کی قیادت سےعلیحدگی کےاعلان کےبعد کارکنان بڑی تعداد میں نائن زیروپہنچ گئے تھے۔

    ان کا کہناتھا کہ آخری بارکارکنوں کی بات مان کر فیصلہ واپس لیا ہے،ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ ان کے باربارکہنے کے باوجودرابطہ کمیٹی نے اپنا طرزعمل تبدیل نہیں کیا۔

    اے آروائی نیوزسے خصوصی بات چیت میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ان میں بے وفائیاں اور دکھ سہنے کی سکت نہیں رہی، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ جب وہ لندن میں گرفتار ہوئےتو پارٹی کے کچھ رہنماؤں نے خوشیاں منائیں۔

    الطاف حسین نے کہا کہ وہ پارٹی کی تمام ذمےداریاں رابطہ کمیٹی کے سپردکرتے ہیں،رابطہ کمیٹی اب پارٹی کو ذمے داری ایمانداری اوراعلیٰ ظرفی سے چلائے ۔

    ایم کیو ایم کے قائد نے کہاکہ انہوں اپنےتمام رشتےدار،دوست احباب تحریک پرقربان کردیےتاہم جب تک زندہ ہیں سچ اورحق کی خاطرلڑتےرہیں گے۔

  • جگہ جگہ چھوٹے ڈیم بنتے تو تباہی سےمحفوظ رہتے،الطاف حسین

    جگہ جگہ چھوٹے ڈیم بنتے تو تباہی سےمحفوظ رہتے،الطاف حسین

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سیلاب سے بچاؤ کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے جگہ جگہ چھوٹے ڈیمز بنا کرسیلاب کی تباہ کاریوں کو روکا جا سکتا تھا۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک کے قیام کے چھیاسٹھ سال بعد بھی کسی حکومت نے سیلاب کی تباہ کاریوں کو روکنے کے لئے اقدامات نہیں کئے، جس کی وجہ سے ہرسال بڑے پیمانے پرقیمتی جانی ومالی نقصان کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ضد اورہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے جگہ جگہ چھوٹے ڈیم بنا کرسینکڑوں قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا تھا۔

    انہوں نے کہا ہے کہ ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف گھرسیلاب سے محفوظ رہتے بلکہ لاکھوں لوگوں کو روزگار ملتا، ان کا معیار زندگی بلند ہوتا اور زرعی پیداوار بڑھنے سے ملکی معیشت بہتر ہوتی۔

     الطاف حسین  نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی کو نقصان پہنچائے بغیربروقت ایسے فیصلے کئے جائیں، جن سے ملک ترقی کرسکے۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم پنجاب کے کارکنوں، ہمدرد عوام اور مخیرحضرات سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کریں۔

  • بابرانیس کی گرفتاری،رابطہ کمیٹی آج شام پریس کانفرنس کرے گی

    بابرانیس کی گرفتاری،رابطہ کمیٹی آج شام پریس کانفرنس کرے گی

    کراچی:متحدہ قومی موومنٹ لاپتہ کمیٹی کے انچارج بابر انیس کی گرفتاری پر رابطہ کمیٹی نے شدید احتجاج کیا اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں بابر انیس کو بھی لاپتہ نہ کردیا جائے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی آج شام پریس کانفرنس کرے گی۔

    ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ ان کی مسنگ پرسن کمیٹی کے انچارج بابر انیس کو انکے گھر پر سادہ لباس ملبوس اہلکاروں نے چھاپہ مارکر گرفتار کرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے بابرانیس کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ کہیں انہیں بھی لاپتہ نہ کردیا جائے۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ بابر انیس اور وصی احمد کو رینجرز نے فیڈرل بی ایریا میں انکے گھروں سے گرفتار کیا اوران کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جارہا کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، لیاری اوراسکیم تینتیس کے علاقوں سے ایم کیوایم کے تیرہ کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    رابطہ کمیٹٰی کا کہنا ہے کہ مسلح دہشت گرد متحدہ کے کارکنوں کو سرعام قتل کر رہے ہیں لیکن قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جارہا، رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے گرفتار کارکنوں کوفی الفور رہا اور چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کارکنان کی گرفتاری کے خلاف سہ پہر ساڑھے چار بجے اہم پریس کانفرنس کرے گی۔

  • الطاف حسین کا دھرنے دینے والوں سے احتجاج موخر کرنے کی تیسری مرتبہ اپیل

    الطاف حسین کا دھرنے دینے والوں سے احتجاج موخر کرنے کی تیسری مرتبہ اپیل

    کراچی: الطاف حسین نےسیلاب کے پیش نظر دھرنے دینے والوں سے احتجاج موخرکرنے کی اپیل کردی،کہتے ہیں دل سوز صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرین سیلاب کی مددکو ترجیح دی جائے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دھرنے دینے والی جماعتوں سے ایک بار پھر اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مشکلات کے پیش نظراحتجاجی دھرنے موٴخرکردیں۔

    انہوں نے کہا کہ دھر نے دینے والی سیاسی ومذہبی جماعتوں سے دوبارہ کہتا ہوں کہ خدارا سیلاب متاثرین کی بہن، بیٹیوں کو دیکھیں جو بے سہارا ہوگئیں ہیں ،وہ باعزت سہارے کی تلا ش میں ٹھوکریں کھا رہی ہیں ،معصوم بچے بھو ک سے بلبلا رہے ہیں،

    اُن کا کہنا تھا کہ عوام طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثرہورہے ہیں متاثرہ عوام کوفاقہ کشی کی صورتحال کا سامنا ہے،اُن کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کی امداد اولین ترجیح ہے ایسی صورتحال میں اگر وہ احتجاجی تحریک چلا رہے ہوتے تو احتجاج فوری ختم کر کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کردیتے۔

    دوسری جانب الطاف حسین نے دروغہ والا لاہور میں نماز ظہر کے دوران مسجد کا مینار چھت پر گرنے کے المناک حادثہ میں متعدد نمازیوں کے ملبے تلے دب کر شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے، انہوں نے شہید ہونے والے نمازیوں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔

  • الطاف حسین کی عمران خان اور طاہر القادری سے دھرنے موخر کرنے کی اپیل

    الطاف حسین کی عمران خان اور طاہر القادری سے دھرنے موخر کرنے کی اپیل

    کراچی: الطاف حسین نے عمران خان اور طاہرالقادری سے دھرنے مؤخر کرنے کی اپیل ہے، سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    الطاف حسین کا کہنا ہے کہ دھرنے مؤخر کرکے سیلاب زدگان کی مددکی جائے ،تحریک انصاف وعوامی تحریک اپنی ٹیمیں ریلیف کے کاموں کیلئے بھیجیں، الطاف حسین کا کہنا ہے کہ مطالبات کیلئے ناچ گانے اورتفریح کرنا ان کے ضمیر کیخلاف ہے،اس سے قبل رحمان ملک نے ٹیلی فون کرکے حق پرست اراکین اسمبلی کے استعفے واپس لینے پر الطاف حسین کا شکریہ کیا اور کہاکہ اگر یہ فیصلہ نہ ہوتا تو ملک میں سیاسی بحران مزید بڑھ سکتا تھا۔

    انہوں نے سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہا اور بات چیت کے جاری عمل میں ایم کیوایم کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات افہام وتفہیم اور بات چیت سے حل کیے جائیں، اس وقت مسلح افواج شمالی وزیرستان میں تاریخ کی مشکل ترین جنگ میں مصروف ہے ، سرحدوں پر کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے ، پنجاب میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے شدید جانی مالی نقصان ہوا ہے، الطاف حسین نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ صوبہ سندھ میں ممکنہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔