Tag: متحدہ قومی موومنٹ

  • ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے نئے کارکنان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے فیصل سبزواری، میئرکراچی وسیم اختر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ایم کیو ایم کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ایم کیو ایم ماضی کی طاقت سے بڑھ کر اور مزید مضبوط ہوکر سامنے آئی ہے کیونکہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم غریب اور متوسط طبقے کو ایوانوں میں لے کر آئے گی، خالد مقبول صدیقی  نے مطالبہ کیا کہ ہمارے لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

    استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ دھونس اور دھمکیوں سے جانے والے کارکنان ایم کیو ایم میں واپس آگئے ہیں۔

    ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ جبر اور طاقت کا زور ختم ہوگا تو کارکنان پارٹی میں واپس آ ئیں گے اور آج ہم سب نے دیکھا کہ سیکڑوں کارکنان نام نہاد جماعت پی ایس پی سے واپس آگئے ہیں۔

    فیصل سبزواری نے بتایا کہ ان کارکنان کو تشدد، گرفتاریوں اور مارنے کی دھمکیاں دے کر پارٹی چھڑائی گئی تھی، کراچی کے نوجوانوں کے لئے بھی عام معافی کا اعلان کیا جائے۔

    استقبالیہ سے مئیر کراچی وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پر شب خون مارنے والے آج کہیں نظرنہیں آرہے، آج بھی ایم کیو ایم ایک منظم اور متحد جماعت ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی مہاجر قوم پتنگ کے انتخابی نشان کے پیچھے کھڑی ہے، پارٹی میں واپس آنے والے تمام کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

  • علی رضا عابدی کو منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے، فاروق ستار

    علی رضا عابدی کو منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی ہمارا اثاثہ ہیں، انھیں منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع ان کے مزار پر حاضری دی، اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان نے علی رضا عابدی کے حوالے سے بات چیت کی۔

    فاروق ستار نے کہا ’علی رضا عابدی ہمارا اثاثہ ہیں، ضمنی ٹکٹ ان کا حق تھا، رابطہ کمیٹی میں مجھے بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے مگر میں دل بر داشتہ نہیں ہوا ہوں۔‘

    انھوں نے عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کی مناسبت سے کہا کہ سندھ کی دھرتی پیار اور امن کی دھرتی ہے، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے درخت لگانے کی ضرورت ہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا ’ماڑی پور میں لگایا گیا ٹریٹمنٹ پلانٹ بند پڑا ہوا ہے، ٹریٹمنٹ پلانٹ بند ہونے کی ذمہ داری حکومتِ سندھ پر ہے۔‘


    کراچی: ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار، 6 افراد کے قتل کا اعتراف


    مزار پر حاضری دینے کے لیے آنے والے ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ وہ علی رضا عابدی سے بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔

    عامر خان نے کہا ’علی رضا عابدی کا استعفیٰ ہمیں نہیں ملا ہے، تاہم انھیں اگر کسی قسم کے تحفظات تھے تو پارٹی سے بات کر لیتے۔‘

    رہنما ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی ہماری ٹیم کا حصہ تھے اور رہیں گے۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے مزار پر پھول چڑھائے اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

  • پی ٹی آئی وفد کی ایم کیو ایم بہادر آباد دفتر آمد

    پی ٹی آئی وفد کی ایم کیو ایم بہادر آباد دفتر آمد

    کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے وفد نے سندھ میں اپوزیشن الائنس بنانے کے سلسلے میں ایم کیو ایم بہادر آباد دفتر کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ اور جمال صدیقی پر مشتمل پی ٹی آئی وفد نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کنور نوید، خواجہ اظہار الحسن اور محمد حسین سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں سندھ میں مشترکہ اپوزیشن بنانے کے سلسلے میں بات چیت کی گئی، سندھ میں وزیرِ اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے بھی امیدوار لانے پر بات کی گئی۔

    دوسری طرف تحریکِ انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا ہوگا۔

    پی ٹی آئی کراچی میں‌ ڈبل ڈیکر بس چلائے گی

    عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، خیال رہے کہ عمران اسماعیل کو گورنر سندھ کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی اور خوش حالی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، سب کے ساتھ مل کر چلیں گے۔

  • پی ٹی آئی سے وفاق کی سطح پرمشروط مفاہمت ہوئی ہے، خواجہ اظہار الحسن

    پی ٹی آئی سے وفاق کی سطح پرمشروط مفاہمت ہوئی ہے، خواجہ اظہار الحسن

    لاہور: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ وفاق کی سطح پرمشروط مفاہمت ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں کر رہے تھے، خواجہ اظہار نے کہا ’پی ٹی آئی سے کراچی کی ترقی کے سوا کوئی بات نہیں ہوئی۔‘

    ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ میں مضبوط اپوزیشن کے لیے ایم کیو ایم کی رائے اہم ہے، اپوزیشن لیڈر تنیوں جماعتوں کے لیے قابل قبول ہونا چاہیے۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا ’پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی کو شاید ہم تسلیم نہ کر پائیں، تاہم ایم کیو ایم نے بھی تلواریں نیام میں رکھ کرمفاہمت کی ہے۔

    خواجہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس ایم کیو ایم کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے، ہم عوامی ایشوز پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    پی ٹی آئی کراچی میں‌ ڈبل ڈیکر بس چلائے گی

    رہنما ایم کیو ایم نے اپوزیشن لیڈر کے اپنے تجربے کے بارے میں کہا کہ ’مجھے اپوزیشن لیڈر ہونے کا اچھا تجربہ ہے، میں پہلے ہی دن پبلسٹی دے دوں گا۔‘

    خواجہ اظہار نے کہا کہ ماضی میں بھی اپوزیشن کے لیے پی ٹی آئی سے ہمارا اچھا معاملہ رہا، جس پارٹی کے نمبرز پورے ہیں وہ اپنا اپوزیشن لیڈر لاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ فردوس شمیم نقوی کے ایم کیو ایم کے ساتھ اختلافات کے سلسلے میں گزشتہ روز انھیں عمران خان کی طرف سے ہدایت ملی تھی کہ وہ اپنی تلوار نیام میں رکھیں۔

  • ن لیگ کی ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں بٹھانے کیلیے کوششیں تیز، اے پی سی کی دعوت

    ن لیگ کی ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں بٹھانے کیلیے کوششیں تیز، اے پی سی کی دعوت

    کراچی : نواز لیگ نے متحدہ قومی موومنٹ کو ایک بار پھر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دے دی، ایم کیو ایم رہنما رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ اور ایم کیوایم کے درمیان ایک بار پھر رابطہ ہوا ہے، ن لیگ نے ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں بٹھانے کے لیے کوششیں تیز کردیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں مستعفی ہونے والے گورنر سندھ محمد زبیر نے ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کو فون کیا ہے۔

    محمد زبیرنے ایم کیوایم کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں کہ مرکز میں گرینڈ اپوزیشن بنائیں، ایم کیو ایم ہمارا ساتھ دے۔

    ذرائع کے مطابق محمد زبیر نے ایم کیوایم کو لیگی قیادت کا اہم پیغام بھی پہنچایا، دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ اے پی سی میں شرکت سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

    مزید پڑھیں: الیکشن کے طریقہ کار پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، محمد زبیر/فیصل سبزواری

    رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ سیاسی صورتحال روز بدل رہی ہے، صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، سوچ سمجھ کر متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہم نے پی ٹی آئی سے وزارتوں کا کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے: خواجہ اظہارالحسن

    ہم نے پی ٹی آئی سے وزارتوں کا کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے: خواجہ اظہارالحسن

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی سے وزارتوں کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، ہم نے جہانگیرترین سے واضح گفتگو کی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا، خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز ہماری پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات ہوئی،ایم کیو ایم نے اپنے تحفظات پی ٹی آئی کے سامنے رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 8 حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا، اور جہانگیرترین کراچی کے آٹھ حلقے کھولنے پر رضامند ہوگئے، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی وفد سے واضح گفتگو کی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مسل لیگ (ن) نے اظہار کیا ہے کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی کے ساتھ نہ بیٹھے، جو بھی ہو فیصلے پارٹی قیادت کرے گی اور عوام کے سامنے ہوں گے۔


    ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھ دیے


    خیال رہے کہ صوبے اور وفاق میں حمایت حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف نے ایم کیو ایم پاکستان سے گذشتہ روز مذاکرات کیے، جس کے بعد متحدہ پاکستان نے پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کے وعدے پر جہانگیرترین کے سامنے شرائط اور مطالبات رکھے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے کارکنوں کی بازیابی، ٹارگٹڈآپریشن بند کرنے پر زور، کراچی کے بارہ حلقے کھولنے جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام اور کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے مطالبے پر زور دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کے نتائج پر تحفظات ہیں، دھرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، فیصل سبزواری

    الیکشن کے نتائج پر تحفظات ہیں، دھرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، فیصل سبزواری

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں انتخابات کے نتائج پر تحفظات ہیں۔

    فیصل سبز واری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی بہ جائے سادہ کاغذ پر نتیجہ لکھ کر دیا جا رہا ہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ چار پانچ حلقوں کے ہمارے پولنگ ایجنٹس نے ووٹوں کی گنتی کے عمل میں بھی بے قاعدگی کی شکایات کی ہیں۔

    فیصل سبزواری نے کہا ’ہمیں کہا جا رہا ہے کہ تصدیق شدہ نتائج نہیں دے سکتے.‘ ہمارا مطالبہ ہے کہ نتائج سادہ کاغذ پر نہیں بلکہ فارم 45 پر دیے جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ ہمیں آفیشل نتائج فارم 45 پر نہیں دے گا وہاں ہم دھرنا دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ انھیں این اے 243 اور این اے 249 سے اطلاعات ملی ہیں کہ ان کے پولنگ ایجنٹوں کو متعدد پولنگ اسٹیشنز سے انتخابی عملے نے باہر نکالا۔

    الیکشن 2018: غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کا سلسلہ جاری


    رہنما ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان واقعات کا نوٹس لیں، کیا یہی وہ شفاف انتخابات ہیں، انھوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں میں بھی پری پول دھاندلی کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور پریزائڈنگ افسران الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قواعد کے مطابق این اے 253، 256، 226، 227 اور 239 کے نتائج فارم 45 پر دیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کےشہری علاقوں کامینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں بلکہ نکھر رہی ہے، انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد دفتر کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، فیصل سبز واری اور دیگر بھی موجود تھے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کل سے ملک بھر میں انتخابی مہم کا آغازکررہی ہے، ہمارےپاس انتخابی دفاترموجودنہیں ہیں، گھر گھر جاکر مہم چلائیں گے، پرامن جدوجہد سے ہی اپنے مقاصد حاصل کریں گے، ایم کیوایم بکھرنہیں رہی بلکہ نکھررہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کاووٹ ایم کیوایم کو ہی ملےگا، ان علاقوں کا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، انہوں نے بتایا کہ کئی سیاسی جماعتوں کے سربراہ کراچی سے الیکشن لڑرہے ہیں، سازشوں کے باوجود ایم کیوایم متحد ہوکر انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے، عدم تصادم اورعدم تشدد کی سیاست کے قائل ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کوٹہ سسٹم کے خلاف عدالتوں تک گئی، اس کیس کا فیصلہ بھی آگیا ہےاب اس پر عمل درآمد ہونا باقی ہے، ہم سے زیادہ اس شہر کے درد کو کون سمجھ سکتا ہے، کراچی کو اس کا حق دیاجائے۔

    قبل ازیں خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس بہادرآباد آفس میں ہوا، اجلاس میں عامرخان، فاروق ستار، فیصل سبزواری سمیت اراکین اور امیدواربھی شریک تھے۔

    اجلاس میں انتخابی مہم، حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم یکم جولائی سے سندھ بھرمیں اپنی انتخابی مہم شروع کرے گی۔

    مزید پڑھیں : آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ایم کیو ایم الیکشن میں اتر رہی ہے، خواجہ اظہار

    رابطہ کمیٹی اراکین، امیدواروں کو گھرگھر جاکر انتخابی مہم چلانےاور گلی گلی کارنرمیٹنگز کی ہدایت کی گئی، رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ انتخابات میں کسی سےسیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے البتہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں جاری رہیں گی، ذرائع ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ یاحمایت کا آپشن کھلا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ایم کیو ایم کی موجودہ صورتحال سے عوام اور کارکنان مایوس ہیں، شبیرقائم خانی

    ایم کیو ایم کی موجودہ صورتحال سے عوام اور کارکنان مایوس ہیں، شبیرقائم خانی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے منحرف رہنما شبیرقائم خانی نے کہا ہے کہ پارٹی کی موجودہ صورتحال سے صرف ہم ہی نہیں کارکنان اور قوم بھی مایوس ہیں، لاکھ کوشش کے باوجود معاملات حل نہیں ہورہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں شبیرقائمخانی کا کہنا تھا کہ ایسی نوبت آگئی تھی کہ پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہوا۔

    مجھ سے کئی لوگ رابطے میں ہیں کہ ہم بھی پی ایس پی میں جانا چاہتے ہیں، دونوں گروپوں کی جانب سے ہونے والی محاذ آرائی سے صرف ہم ہی نہیں ہزاروں کارکنان اور قوم بھی مایوس ہیں، مسائل کو حل کرنے کیلئے جوڑنے کی کوشش کی گئی لیکن معاملات حل نہیں ہورہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پارٹی کے معاملات حل نہیں کر پارہے تھے لوگوں کے مسائل کیا حل کرتے، ایم کیو ایم کو سوچنا چاہیئے کہ ان کا قریبی ساتھی اور دیگر لوگ کیوں چھوڑ کر جارہے ہیں؟

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری بھی ایک وجہ ہوں گے لیکن اور بھی کئی وجوہات ہیں، اس جھگڑے کو دو ماہ گزر گئے لیکن اب تک کچھ نہیں ہوا، بڑے سے بڑےمسئلے بھی حل ہوسکتے ہیں تو یہ کیوں نہیں؟

    شبیرقائمخانی کا مزید کہنا تھا کہ فاروق ستار سے میں نے کہا کہ اس مسئلے کو حل کریں تو ان کا کہنا تھا کہ   میں نے پوری کوشش کی،  مل بیٹھ کرمسئلہ حل کرنا چاہئے, لیکن مجھے وہ بے بس نظر آئے۔

    مزید پڑھیں: ایم کیوایم پاکستان کے ناراض رہنماشبیرقائم خانی آج پی ایس پی میں شامل 

    پیپلز پارٹی میں شامل نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے شہروں کیلئے کچھ نہیں کیا، پیپلزپارٹی نے آبائی علاقوں کو بھی کھنڈر بنا دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اپوزیشن جماعتوں نے وعدہ کرکے بھی ایم کیو ایم کوووٹ نہیں دیا، فیصل سبزواری

    اپوزیشن جماعتوں نے وعدہ کرکے بھی ایم کیو ایم کوووٹ نہیں دیا، فیصل سبزواری

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ متحدہ کی5 خواتین ارکان نے فروغ نسیم کو ووٹ نہیں دیا، اپوزیشن جماعتوں نے بھی زبان دینے کے باوجود ایم کیو ایم کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیئے۔

    یہ بات انہوں نے سینیٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ 20 ارکان اسمبلی نے کامران ٹیسوری اور 18نےفروغ نسیم کو ووٹ ڈالنے تھے، ایم کیوایم کی5خواتین ارکان نے فروغ نسیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا، قوی امکان ہے کہ پانچوں ارکان نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیئے۔

    اس طرح فروغ نسیم کو ووٹ دینے والوں کی تعداد13رہ گئی تھی، فیصل سبزواری نے کہا کہ بیرسٹر فروغ نسیم کیلئے ن لیگ، فنکشنل لیگ کے دوستوں سے درخواست کی تھی لیکن زبان دینے کے باوجود انہوں نے ایم کیو ایم کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیئے۔

    رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ کامران ٹیسوری کو ووٹ دینے والے ایم پی ایز کی تعداد 20 تھی، ان کی فہرست کے ایک ساتھی نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، فیصل سبزواری نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ صورتحال جلد بہتر ہو، تنظیم متحد اور مضبوط رہے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔