Tag: متحدہ قومی موومنٹ

  • انیس قائم خانی طبعیت بگڑنے کے باعث جیل سے اسپتال منتقل

    انیس قائم خانی طبعیت بگڑنے کے باعث جیل سے اسپتال منتقل

    کراچی : سینٹرل جیل میں ڈاکتر عاصم کیس میں قید پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کو طبعیت بگڑنے پر جیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم کیس میں دہشت گردوں کے علاج کروانے میں معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کی جیل میں طبعیت بگڑ گئی ہے، کمر اور کندھے میں شدید درد کی شکایت کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،ڈائریکٹر حادثات جناح اسپتال کے مطابق انیس قائم خانی کو اسپتال کے اسپیشل وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔

    مزید جانیے : وسیم اختر،انیس قائم خانی، اورروف صدیقی کو سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا

    انیس قائم خانی کے اہل خانہ اطلاع ملنے پر فوری طور پر اسپتال پہنچ گئے ہیں،میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انیس قائم خانی گردوں کے عارضے میں مبتلا ہیں جب کہ انہیں گردن کے درد کی شکایت بھی رہتی تھی۔

    یہ خبر بھی پڑھیں : ڈاکٹرعاصم کیس،انیس قائمخانی کی عبوری ضمانت منظور

    واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم کیس میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کو احاطہ عدالت میں گرفتار کر لیا گیاتھا،اُن کے ساتھ گرفتار ہونے والے دیگر دو رہنماؤں میں رؤف صدیقی اور نامزد میئر کراچی وسیم اختر کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے تھا جب کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے عبدالقادر پٹیل عدالت سے بناء گرفتاری دیے واپس چلے گئے تھے۔

     

  • سوشل میڈیا پر چلنے والاوسیم اختر کا اعترافی بیان جھوٹ کا پلندہ ہے.کنور نوید جمیل

    سوشل میڈیا پر چلنے والاوسیم اختر کا اعترافی بیان جھوٹ کا پلندہ ہے.کنور نوید جمیل

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے ہیڈ کوارٹر نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ وسیم اختر نے کوئی اعترافی بیان نہیں دیا ہے اُن پر من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں تمام تر الزامات کے باوجود ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر ہی رہیں گے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کنور نوید جمیل نےاس بات کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر ہی رہیں گے ،وسیم اختر کے حوالے سوشل میڈیا پر چلنے والے اعترافی بیان جھوٹ کا پلندہ ہے یہ من گھڑت،جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ہیں جن کی کوئی آئینی حثیت نہیں کیوں کہ جے آئی ٹی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

    نامزد میئر وسیم اختر نے سانحہ 12کے حوالے سے منسوب جھوٹی خبروں کی تردید اور مذمت اپنے وکلاء کے پینل سے کراچی سینٹرل جیل میں ملاقات کے موقع پر اپنے ہاتھ سے لکھے گئے خط میں کی جو متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے بدھ کے روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے پیش کیا اور اسے پڑھ کر سنایا ۔ پریس کانفرنس ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کی جبکہ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عارف خان ایڈووکیٹ اور ساتھی اسحاق بھی موجود تھے۔

    wasim akhtar-letter (Copy)

    انہوں نےبتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد حق پرست میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا پر سانحہ12مئی کے اپنے سے منسوب جھوٹے اعترافی بیان کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میڈیا پر اس حوالے سے چلنے والی ساری خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں اور میں نے سانحہ 12مئی کے حوالے سے کوئی اعترافی بیان دیا ہے نہ ہی 12مئی کے حوالے سے کوئی نئے انکشافات کئے ہیں بلکہ میں اپنے پچھلے بیانات کا اعادہ کرتا ہوں کہ اس سانحہ کی اعلیٰ عدلیہ سے اوپن انکوائری کروائی جائے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہاکہ ٍ ٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍ12مئی کا واقعہ وقوع پذیر ہونے کے بعد سب سے پہلے ایم کیوایم نے ہی اس کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا تھا اس کی وجہ یہ تھی کہ اس میں ایم کیوایم کے 14بے گناہ کارکنان شہید ہوئے تھے ، ویسے اس میں بہت ساری سیاسی جماعتوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے کارکنان بھی شہید ہوئے ہیں لیکن باقی سب جماعتوں کے بیانات بیانات تک ہی محدود رہے ۔انہوں نے کہاکہ ہائی کورٹ کے سیٹنگ ججز پر مشتمل ایک کمیشن 12مئی کے حوالے سے تشکیل دیا گیا تھا اور انہوں نے اس پورے سانحہ کی تفصیل سے سماعت کی اور اس کی رپورٹ بھی آئی جس میں ایم کیوایم سے وابستہ کسی رکن کو یا کسی رہنما پر کوئی الزام نہیں لگایا گیا نہ ہی کسی کو نامزد کیا گیا اور کراچی بدامنی کیس میں بھی مسلسل اس کا ذکر رہا اور اس میں بھی کسی ایم کیوایم کے رہنما یا کارکن کو ملوث نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کراچی کے لوگوں میں یہ احساس مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جارہا ہے کہ کراچی کو ایک کالونی کی طرح سے ڈیل کیاجارہا ہے اور کراچی کے لوگوں کو کسی کالونی کے باشندے ، محکوم لوگوں کی طرح سے ٹریٹ کیاجارہاہے ۔ جب آپریشن کی بات ہوتی ہے تو صرف کراچی میں آپریشن کی ہوتی ہے ،کراچی سے باہر آپریشن ہوگا تو صوبائی حکومت تیار نہیں ہوگی اور کہیں رینجرز پہنچ جائے گی تو انہیں گرفتار کرکے حوالات کی سزا دلائی جائے گی ۔

    آخر میں کنور نوید جمیل نے اس بات کا اعادہ کیا کراچی کے میئر کے لیے ایم کیوایم کے امیدوار وسیم اختر ہی رہیں گے اور انشاء اللہ پر جھوٹے مقدمات اور اعترافی بیانات کی قلعی جلدکھل گئی ہے اور وہ بھی ان مقدمات سے سرخرو ہو باعزت بری ہوں گے۔

  • متحدہ قومی موومنٹ کا وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

    متحدہ قومی موومنٹ کا وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

    واشنگٹن : متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے زیرا ہتمام واشنگٹن ڈی سی میں پنسلوانیا اسٹریٹ، وہائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرے کے شرکاء نے کراچی میں جاری آپریشن کے دوران غیر قانونی چھاپوں، گرفتاریوں، سرکاری عقوبت خانوں میں وحشیانہ تشدد، سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی کے لئے دباؤ اورایم کیو ایم کے خلاف جاری مجرمانہ متعصبانہ آپریشن کے خلاف اپناپرامن اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ۔

    MQM1

    مظاہرے میں ایم کیو ایم کے کنوینر ندیم نصرت، ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر متین یوسف، اراکین سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی شمیم صدیقی، عارف صدیقی، کامران حیدر محفوط حیدری، جنید فہمی، گل محمد، عدنان نقوی اور فرحین رضوی، کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سیل سمیت امریکہ کی بیس سے زائدریاستوں کے مختلف شہروں سے کارکنان وذمہ داران سمیت واشنگٹن کے قرب وجوار کی ریاستوں سے ہمدردوں بشمول بزرگ، خواتین اور بچوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ٓ

    MQM4

    مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز تھامے ہوئے تھے جس پر ماورائے عدالت ہلاکتوں، مہاجر کارکنان کی جبری گمشدگیوں، ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر و بیانات پر پابندی کے خلاف نعرے درج تھے۔

    MQM3

    مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ندیم نصرت نے کہا کہ جب جب ایم کیو ایم پر برا وقت آیا کارکنان نے ہی تحریکی جدوجہد کو جاری رکھا ہے اور اپنی جانیں بھی قربان کردیں ہیں۔

    انہوں نے کہاکہ وائٹ ہاؤس کے سامنے عظیم الشان مظاہرے نے ثابت کردیا ہے کہ قوم نے اپنا واضح فیصلہ کرلیا ہے اور وہ حق پرستانہ جدوجہد کی راہ میں آنے والی ہر مشکل سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

    MQM5

    مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینٹرل آرگنائزر متین یوسف نے کہا کہ پاکستان اور اسکے وسائل پر قابض قوتوں نے اپنی ذاتی منفعت کیلئے پاکستان کے مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی مخصوص پالیسیوں سے پاکستان کو تباہ و برباد کردیا ہے۔

    MQM6

    انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی واحد حقیقی سیکولر، لبرل اور ترقی پسند جماعت ہے جو پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کا حقیقی پاکستان بنانا چاہتی ہے۔

     

  • نامزد میئر کراچی وسیم اختر سے تحقیقات کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

    نامزد میئر کراچی وسیم اختر سے تحقیقات کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

    کراچی : نامزد میئر کراچی وسیم اختر سے تفتیش کے لیے ایس ایس پی انوسٹی گیشن ملیر ملک الطاف کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد میئرکراچی وسیم اختر کے خلاف درج مقدمات میں تفتیش کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اس کمیٹی میں ڈی ایس پی، ایس ایچ او، ایس آئی یو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر راؤ انور نے بتایا کہ کمیٹی کی سربراہی ملک الطاف کے سپرد کی گئی ہے، کمیٹی وسیم اختر سے 5 مختلف جرائم کے علاوہ شہر میں جرائم اور دہشت گردوں کو فنڈنگ کے حوالے سے بھی تفتیش کی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی تحقیقات کر کے رپورٹ جمع کروائے گی جبکہ اس سے قبل ڈی ایس پی ائیرپورٹ کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو تحلیل کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد نامزد میئرکراچی سمیت ، رکن اسمبلی روف صدیقی، رہنماء پی ایس پی انیس قائم خانی اور پی پی کراچی ڈویژن کے سابق صدر عبدالقادر پٹیل کے جیل بھیجنے کے احکامات موصول ہونے کے بعد چاروں ملزمان کو سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

    پڑھیں :  وسیم اختر،انیس قائم خانی، اورروف صدیقی کو سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا

    بعدازاں ملزمان کی جانب سے ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر اعترضات لگا کر عدالت کے ملزمان کے وکلاء کو آگاہ کردیا تھا کہ ضمانت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا جائے تاہم وسیم اختر کے خلاف درج اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر مقدموں میں ضمانت نہ ہونے کے سبب ایس ایس پی ملیر کی جانب سے عدالت میں ملزم کو تحقیقات کے لیے حراست میں لینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    اس خبر کو پرھیں : نامزد میئر کراچی وسیم اختر 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    ایس ایس پی ملیر کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ کرتے ہوئے نامزد میئر کراچی وسیم اخترم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملیر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے 25 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم کی جانب سے وسیم اختر کو راؤ انوار کی تحویل میں دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، ایم کیو ایم کے رہنماء کنور نوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’راؤ انوار کی تحویل میں دینے سے وسیم کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں : وسیم اختر کی پولیس تحویل پر جمعہ کو پریس کلب پر احتجاج کیا جائے گا.رابطہ کمیٹی

    علاوہ ازیں ایم کیو ایم کی جانب سے 22 جولائی کو پریس کلب کے باہر نامز میئر کراچی اور روف صدیقی کی رہائی کے لیے مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔

  • متحدہ قومی موومنٹ آج وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریگی

    متحدہ قومی موومنٹ آج وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریگی

    واشنگٹن : کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف آج امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں وہائٹ ہاؤس کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے کارکنان کی گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر و بیانات پرپابندی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آج امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں وہائٹ ہاؤس کے سامنے ایم کیو ایم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

    مظاہرے سے ایم کیوایم کے دیگررہنماوٴں کے علاوہ قائد ایم کیوایم بھی لندن سے بذریعہ ٹیلیفون خطاب کریں گے۔

    احتجاجی مظاہرہ امریکہ کے ایسٹرن ٹائم کے مطابق دوپہربارہ بجے اور پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے ہوگا۔ احتجاجی مظاہرے میں واشنگٹن کے علاوہ امریکہ کی دیگرریاستوں اورشہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکنان بھی شرکت کریں گے۔

    واضح رہے کہ واشنگٹن میں ایم کیوایم امریکہ کاتین روزہ سالانہ کنونشن جاری ہے اورآج کنونشن کادوسرا روز ہے۔

    ذرائع کے مطابق قائد ایم کیوایم ستمبر میں امریکا کا دورہ بھی کریں گے، واضح رہے کہ واشنگٹن میں ایم کیوایم امریکہ کاتین روزہ سالانہ کنونشن جاری ہے اورآج کنونشن کادوسرا روز ہے۔

     

  • ایم کیوایم کے سینئررہنماعامرخان‘ ڈپٹی کنوینیئرکےعہدے سے سبکدوش

    ایم کیوایم کے سینئررہنماعامرخان‘ ڈپٹی کنوینیئرکےعہدے سے سبکدوش

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینیئرعامر خان کو اُن کے عہدے سے سبکدوش کردیا گیا ہے، قائد ایم کیو ایم نے فیصلے کی توثیق کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر رافع حسین کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما اور ڈپٹی کنوینیئر عامر خان کو رابطہ کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں اُن کے عہدے سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔

    عامر خان کی عہدے سے سبکدوشی کا فیصلہ قائد ایم کیو ایم کی سربراہی میں جاری اجلاس میں کیا گیا جس میں رابطہ کمیٹی نے عامر خان کے حوالے سے موصول شکایات سے ایم کیو ایم کے سربراہ کو آگاہ کیا، جس پرانہوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے پرعامر خان ڈپٹی کنوینیئرکے عہدے سے سبکدوش کردیا۔

    تا ہم عامر خان بطور کارکن اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے، یاد رہے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان عمرے کی ادائیگی کے بعد ابھی سعودی عرب میں ہی مقیم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں چھ نئے ارکان کو بھی شامل کیا جارہا ہے، جن کے نام فی الحال سامنے نہیں آئے ہیں۔

    واضح رہے عامر خان نے 1992 میں ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرکے آفاق احمد اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایم کیو ایم (حقیقی) کے نام سے نئی جماعت بنا ئی تھی بعد ازاں حقیقی کے چیئرمین آفاق احمد سے اختلافات کے بعد عامر خان ایم کیو ایم حقیقی (عامر خان) گروپ کی سربراہی کرتے رہے۔

    بعد ازاں عامر خان چار سال قبل اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دوبارہ متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کرلی تھی جس کے بعد وہ بطور کارکن 2 سال تک کام کرتے رہے اور 2013 میں انہیں رابطہ کمیٹی میں شامل کیا گیا اور حال ہی میں انہیں ڈپٹی کنوینیئر مقرر کیا گیا تھا۔

  • رینجرزکے احکامات مہاجروں کے سیاسی و معاشی قتل کے مترادف ہیں، ایم کیوایم

    رینجرزکے احکامات مہاجروں کے سیاسی و معاشی قتل کے مترادف ہیں، ایم کیوایم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرزکی جانب سے سرکاری ونیم سرکاری محکموں سے ایم کیوایم اوراس کی حمایت یافتہ یونینوں کے دفاتر ختم کرنے اور ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کے ظالمانہ احکامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اوران احکامات کوایم کیوایم اور مہاجروں کے سیاسی و معاشی قتل کے احکامات قراردیا ہے۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پہلے علاقوں میں ایم کیوایم کے دفاترپرمسلسل چھاپے مار کر اور بڑے پیمانے پرکارکنوں کی گرفتاریاں کرکے ایم کیوایم کے علاقائی دفاتربند کرائے گئے اور اب تمام سرکاری ونیم سرکاری اداروں میں ایم کیوایم اوراس کی حمایت یافتہ ورکرز یونینوں کے دفاتربند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کے حکام کوحکم دیا گیا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کوملازمتوں سے برطرف کردیا جائے۔ ساتھ ساتھ جوکارکنان ماورائے عدالت قتل اورگرفتاریوں سے بچنے کیلئے ملازمتوں پر جانے سے قاصرہیں انہیں بھی گھوسٹ ملازم کہہ کرملازمتوں سے نکالاجارہاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کو کچلنے کیلئے اب مہاجروں کے سیاسی اور جسمانی قتل عام کے بعد اب معاشی قتل عام کاسلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قوم کو بتایا گیا تھا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے آپریشن کیاجارہا ہے لیکن رینجرزکے ان تازہ ظالمانہ احکامات نے ایک بارپھر ثابت کردیاہے کہ اس آپریشن کااصل مقصد کراچی میں قیام امن نہیں بلکہ صرف اور صرف ایم کیوایم کو سیاسی طورپرختم کرنا اور مہاجروں کوسیاسی، معاشی اورمعاشرتی طورپرکچلنا ہے ،انہیں ان کے سیاسی، جمہوری ، آئینی قانونی حق سے محروم کرنا اوران کے سیاسی ومعاشی حق پر ڈاکہ ڈالنا ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رینجرز کے یہ اقدامات مہاجروں کا کھلا معاشی قتل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم محمد نواز شریف ،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی سے مطالبہ کیاکہ رینجرز کی جانب سے سرکاری ونیم سرکاری محکموں سے ایم کیوایم اوراس کی حامی یونینوں کے دفاتر ختم کرنے اورایم کیوایم کے کارکنوں کوملازمتوں سے برطرف کرنے کے ظالمانہ احکامات کا فوری نوٹس لیاجائے اور مہاجروں کے معاشی قتل عام کا سلسلہ فی الفور بند کرایا جائے۔

    رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ ان غیرقانونی، غیرآئینی اورظالمانہ احکامات کے خلاف آوازبلند کریں۔

     

  • کے کے ایف کے لئے زکوۃ فطرہ جمع کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم

    کے کے ایف کے لئے زکوۃ فطرہ جمع کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم

    کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ممبر شبیر قائم خانی نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ خیراتی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کو زکوۃ فطرہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ کالعدم مذہبی جماعتیں شہر میں کھلے عام فنڈ جمع کرنے میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبیر قائم خانی کا کہنا تھا کہ ’’کراچی کو اوون کرنے کے باوجود ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیا جارہا ہے، خدمت خلق فاؤنڈیشن باقاعدہ رجسٹرڈ ہے مگر اس کے لیے صدقہ خیرات جمع کرنے پر پابندی ہے اور اس کے رضا کاروں کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

    کے کے ایف کے لیے لوگ رضاکارانہ طور پر کام کرتے ہیں اور ادارے کی جانب سے ہونے والی سرگرمیوں میں خود بڑھ چڑ کر حصہ لیتے ہیں، مگر گزشتہ تین سال سے رضا کاروں کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ اس کے برعکس شہر میں کالعدم مذہبی جماعتیں اور جہادی تنظیمیں کھلے عام زکوۃ فطرہ جمع کرنے میں مصروف ہیں جن کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔

    شبیر قائم خانی نے مزید کہا کہ پنجاب، بلوچستان میں بھی ہمارے کارکنان کو ڈرایا جارہا ہے، کے کے ایف کو روک کر ہمیں کمزور کرنے کی سازش بنائی گئی ہے جو ناکام ثابت ہوگی، رکن رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں سے 8 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے جو قابل مذمت ہے، ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

    دوسری جانب رینجرز نے شاہ فیصل میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے دو کارکنان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، رینجرز ذرائع نے مبینہ طور پر گرفتار کیے جانے والے ملزمان کے بارے میں دعویٰ کیا ہے کہ دوران تفتیش دونوں نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

    رینجز ذرائع کے مطابق ملزم ناصر نے رکشہ ڈرائیور سمیت 4 افراد کے قتل جبکہ ملزم عدنان نے 3 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، دونوں افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے رمضان المبارک میں بھتے کی مد میں 2 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد رقم وصول کی ہے۔

     

  • زبردستی دکانیں کھلوائی جارہی ہیں کاروبارکھول لیاجائے، رابطہ کمیٹی

    زبردستی دکانیں کھلوائی جارہی ہیں کاروبارکھول لیاجائے، رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرزکی جانب سے کراچی میں بازاروں، مارکیٹوں ، دکانوں اورپیٹرول پمپوں کوزبردستی کھلوانے اوردکانیں کھولنے سے انکارکرنے والے دکانداروں اورتاجروں کوڈرانے دھمکانے کی شدیدمذمت کی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ منگل کی رات کوایم کیوایم کے سینئررہنمااورسینئرڈپٹی کنوینرڈاکٹرفاروق ستارکے گھرکاجس طرح محاصرہ کیاگیااورجس طرح ان کے اہل خانہ اورعلاقہ مکینوں کوہراساں کیاگیااس پر پرامن احتجاج کرناہماراآئینی وقانونی اورجمہوری حق ہے اوراسی حق کواستعمال کرتے ہوئے ایم کیوایم نے اس ظلم کے خلاف آج پرامن احتجاج کااعلان کیاتھا لیکن ایم کیوایم کے احتجاج کوطاقت سے دبانے کیلئے رینجرزکی جانب سے شہرکے مختلف علاقوں میں دکانداروں، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور شہریوں کو جس طرح ڈرایادھمکایاگیا۔

    انہوں نے کہا کہ کہا ہے کہ تاجروں اوردکانداروں کے ساتھ جس طرح زور زبردستی کی جارہی ہے اس کے پیش نظر ہم دکانداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی دکانیں اورکاروبارکھول لیں۔

    دکانداروں کوگھروں سے بلوا بلواکرزبردستی ان کی دکانیں اورکاروبارکھلوایاگیا لیکن پھربھی مختلف علاقوں میں دکانداروں نے اپنی دکانیں کھولنے سے انکارکیاتوسادہ لباس میں ملبوس اہلکاران کے گھروں پر جاکردھمکارہے ہیں اورانہیں فون پر بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں جوانتہائی شرمناک ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اپنا کاروبارکھلوانے کیلئے دکانداروں پرجس طرح کادباوٴڈالاجارہا ہے اس کے پیش نظرہم خود دکانداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا کاروبار اور دکانیں کھول لیں، رابطہ کمیٹی نے تمام ترریاستی جبروستم اور دباوٴ کے باوجود ایم کیوایم کی اپیل پرساتھ دینے پر تاجروں، دکانداروں اورٹرانسپورٹرزکا شکریہ اداکیا۔

    دوسری جانب کراچی میں زبردستی دکانیں بند کرانے کے الزام پر پرگلبرگ سے ایم کیوایم کا یونٹ انچارج رضوان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • سکھر : کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کا احتجاجی کیمپ نصب

    سکھر : کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کا احتجاجی کیمپ نصب

    سکھر : ایم کیو ایم کی جانب سے کارکنوں کی گمشدگی اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ نصب کر دیا گیا۔

    اس موقع پر رُکن رابطہ کمیٹی و صوبائی اسمبلی کے ممبر عبدالحسیب نے ایم اپی اے ناہید اختر کے ہمراہ پریس کلب پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ متحدہ قومی مومنٹ کے گمشدہ کارکنان کو فوری طور پر بازیاب کروا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’حیدرآباد کے سابق زونل انچارج ندیم قاضی کو اُن کے دفتر سے سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے، جبکہ وہ دہشت گرد نہیں بلکہ سرکاری ملازم ہیں‘‘۔

    رابطہ کمیٹی کے ممبر نے آرمی چیف آف اسٹاف سے التماس کی کہ وہ کارکنوں کی گمشدگی کے حوالے سے نوٹس لیں اور لاپتہ کارکنان کو بازیاب کروانے میں اپنا کردار ادا کریں، ہم محب وطن ہیں ہمارے کارکنان کو بازیاب کروایا جائے تاکہ اُن کے اہل خانہ کی بے چینی ختم ہوسکے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرنا فضول ہے، کیونکہ وہ خود کہیں اور سے مشورہ لینے کے بعد حکومتی معاملات چلاتے ہیں۔

    واضح رہے دو روز قبل متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے کارکنوں کی کمشدگی اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف سندھ کے مختلف علاقوں حیدرآباد، میرپورخاص، ٹھٹہ، سکھر سمیت اندورنِ سندھ کے مختلف علاقوں میں پریس کلب کے باہر 6 روز تک احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا۔