Tag: متحدہ قومی موومنٹ

  • متحدہ قومی موومنٹ‌ نے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کی مخالفت کردی

    متحدہ قومی موومنٹ‌ نے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کی مخالفت کردی

    کراچی: ایم کیوایم ارکان قومی اسمبلی نے ملک بھرکے شہریوں کےشناختی کارڈزکی دوبارہ تصدیق کے فیصلے کی مذمت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدی نثار نادرا میں موجود کالی بھیٹروں کو بچانے کے لیے ملک کی عوام کو مشکل میں ڈال رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے فیصلے اور اس اعلان سے ملک بھر کے عوام کو سخت ذہنی اذیت پہنچی ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم پاکستان، آرمی چیف آف پاکستان جنرل راحیل شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی سے مطالبہ کیا ہے کہ  قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے عملدرآمد سے روکا جائے اور نادرا میں موجود کرپٹ کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔

    قبل ازیں  وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے اسلام آباد میں ناردا حکام کے ساتھ منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ناردا ملک بھر میں جاری ہونے والے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کرنے کے حوالے سے اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں وزارتِ داخلہ کو لائحہ عمل بنا کرکے دے تا کہ قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے عمل کو جلد از جلد شروع کیا جاسکے۔

     

  • پیپلزپارٹی سندھ اسمبلی کو اوطاق کی طرح چلارہی ہے، وسیم اختر

    پیپلزپارٹی سندھ اسمبلی کو اوطاق کی طرح چلارہی ہے، وسیم اختر

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء اور نامزد میئرکراچی وسیم اختر نے سندھ حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ اسمبلی کو اوطاق کی طرح چلارہی ہے، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات سے محروم رکھنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد میئرکراچی اور ڈپٹی میئر نے شہر کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو منتخب ہوئے سات ماہ کا عرصہ ہوچکا مگر تاحال اختیارات نہیں دیے گئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے مئیر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کے طریقہ کار کو تین مرتبہ تبدیل کیا، اس کے علاوہ مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخابات پر بھی تاخیر کی گئی۔

    الیکشن کا شیڈول جاری ہونے کے باوجود حکومت سندھ نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ٹرانسفر اور تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھا، عدالت کے حکم امتناعی کے باجود میئر کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کے رہنماء نے فریال تالپور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’حالیہ دنوں پی پی کی خاتون رہنماء کے دورہِ سوک سینٹر سے نہ صرف عوام کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اُس روز کے بعد سے کے ایم سی کا کام ٹھپ ہوگیا ہے، بلدیاتی اداروں کے کسی بھی شعبے میں غیر متعلقہ شخصیات کی مداخلت پر عدالت سے رجوع کریں گے‘‘۔

    اس موقع پر نامزد مئیر وسیم اختر سمیت تمام  بلدیاتی نمائندوں نے عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے میئر، ڈپٹی میئر کے چناؤ اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے فیصلہ جاری کریں تاکہ شہر میں موجود مسائل کو جلد از جلد حل کر کے عوام کو ذہنی اذیت سے نجات دلواتے ہوئے شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

  • حیدر آباد میں رینجرز کے علی الصبح چھاپے، ایم کیو ایم زونل کمیٹی کے ممبران گرفتار

    حیدر آباد میں رینجرز کے علی الصبح چھاپے، ایم کیو ایم زونل کمیٹی کے ممبران گرفتار

    حیدرآباد: رینجرز نے آج صبح حیدر آباد میں کاروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کی زونل کمیٹی کے تین ممبران اور اے پی ایم ایس او کے سیکٹر آرگنائزر کی غیر موجودگی میں اُن کے والد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے آج صبح سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے زونل کمیٹی کے تین اراکین سہیل مشہدی،رفیق اجمیری اور راحیل فہیم کو اُن کے گھروں سے گرفتار کر لیا،رینجرز نے ایم کیو ایم کے طلبا ونگ ’’اے پی ایم ایس او‘‘ کے سیکٹر آرگنائزر علی رضا وکیل کے گھر پر بھی چھاپہ مارا،تاہم اُن کی غیر موجودگی پر علی رضا کے والد محمد وکیل کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

    rangers-arrest

    رینجرزنے مذید کاروائی کرتے ہوئے گرونگرکے علاقے میں ’’اے پی ایم ایس او‘‘ کے سابق سیکٹرممبر عامرخانزادہ کے گھرپر بھی چھاپہ مارا،اُن کے نہ ملنے پررینجرز نے ان کے بھائی کے گھرپربھی چھاپہ مارا۔ بعد ازاں رینجرزنے حالی روڈکے علاقے میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے نعیم چھیپا اورشبیرگدی کے گھروں پربھی چھاپے مارے۔

    ذرائع کے مطابق زونل ممبرز سہیل مشہدی کو صدیق پلازہ یونٹ نمبرآٹھ لطیف آباد، رفیق اجمیری کوحیدرآبادکے علاقے ریشم بازار اورراحیل فہیم کولطیف آبادنمبر9میں ان کے گھروں سے گرفتارکیاگیا جب کہ رینجرز نے چیتل چاڑی کے علاقے میں اے پی ایم ایس او کے سیکٹرانچارج علی رضا وکیل کے گھرپر بھی چھاپہ مارا تاہم ان کے نہ ملنے پر ان کے والد محمدوکیل کو حراست میں لے لیا۔


     

     

    حیدرآباد:متحدہ اور پاک سرزمین پارٹی کے درمیان تصادم 10 افرادزخمی


    ایم کیوایم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چھاپے بغیر کسی وارنٹ مارے گئے،رینجرز کو حیدرآباد میں کاروائی کا کوئی اختیار نہیں۔

    یاد رہے دو روز پیشتر ہی متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سر زمین پارٹی کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں ایک خاتون سمیت دس افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ ایک جماعت کے یونٹ آفس کو بھی جلا دیا گیا تھا اور کل ہی ڈی رینجرز نے تین سیاسی جماعتوں جماعتوں کے وفد سے بھی ملاقات کی تھی جس میں متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی بھی شامل تھی

  • ایم کیو ایم کے تین رکنی وفد کی کور کمانڈر کراچی سے ملاقات

    ایم کیو ایم کے تین رکنی وفد کی کور کمانڈر کراچی سے ملاقات

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے تین رکنی وفد نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کی اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ کے رہنماو ں فاروق ستار ،کنورنوید اور نسرین جلیل نے کور کمانڈر کراچی سے ملاقات کی ،اس موقع پر فاروق ستار نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو آفتاب احمد کی دوران حراست ہلاکت سے متعلق آگاہ کیا ۔

    ایم کیوایم کے وفد نے لاپتہ اور ماورائے عدالت قتل کئے گئے کارکنوں کی تفصیل بھی بتائی وفد نے اپیل کی کہ آفتاب سمیت ماورائے عدالت قتل کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں۔

    کور ہیڈ کوارٹرز کراچی میں ہونے والی اس ملاقات میں ڈی جی رینجرز بلا ل اکبر بھی شریک تھے۔

    یاد رہے کہ آفتاب احمد ایم کیو ایم کے کارکن اور ڈاکٹر فاروق ستار کے کو آرڈینیٹر تھے، جنہیں چار روز قبل رینجرز نے ان کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔پیر کی رات تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے گئےجہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگئے تھے۔

    رینجرز کا کہنا تھا کہ ان کی موت ہسپتال میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار نے واقعہ کا عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ’’آفتاب احمد کا ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ان کےجسم پر تشدد کےواضع نشانات موجود تھے‘‘۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا ہے۔

     

  • آفاق احمد نے متحدہ قومی موومنٹ کو دوریاں مٹانے کی پیشکش کردی

    آفاق احمد نے متحدہ قومی موومنٹ کو دوریاں مٹانے کی پیشکش کردی

    کراچی: مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دے دی،ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے لئے نائن زیرو بھی جانے کے لیے تیار ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ مہاجروں کے تصادم سے نوجوانوں کا نقصان ہورہا ہے اسے روکا جائے، اس کیلئے رابطہ کمیٹی کا وفد ہمارے پاس آجا ئے.

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    آفاق احمد کا کہنا تھا کہ میں مہاجروں کو تصادم سے بچانا چاہتا ہوں، مہاجرقوم کی بقا کے لیے اپنی ”انا“کو دفن کردیا ہے.

    انہوں نے کہا کہ اگر انا کا مسئلہ ہے تو میں خود نائن زیرو جانے کیلئے تیار ہوں، لڑائی کی سیاست سے بہتر دلائل کی سیاست ہے۔ تاہم میں کسی بھی صورت مہاجروں کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گا۔

     

  • سرکاری ملازمین کو ضمیرفروشوں کی پارٹی میں شمولیت کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، ندیم نصرت

    سرکاری ملازمین کو ضمیرفروشوں کی پارٹی میں شمولیت کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، ندیم نصرت

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے ضمیرفروشوں کی پارٹی جوائن کرنے کیلئے سرکاری ملازمین کودی جانے والی دھمکیوں اوران پر دباوٴ کے ہتھکنڈوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ بعض طاقتور عناصر کی جانب سے اہم اداروں کے سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ وہ ضمیرفروشوں کی پارٹی کوجوائن کرلیں، اس مقصد کیلئے سرکاری اداروں کو سرکاری افسران اور ملازمین کی فہرست فراہم کرکے ان کی تنخواہیں روک لی گئی ہیں اور دباوٴ ڈالاجارہا ہے کہ اگر وہ ضمیرفروشوں کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں گے تو ان کی تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔

    انہوں نے کہاکہ حق پرست عوام پر مصنوعی قیادت مسلط کرنے کیلئے سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ ایک جانب سرکاری ملازمین کو گرفتارکرکے ان کی گرفتاری کی خبریں جاری کی جارہی ہیں اوردوسری جانب ان پر دباوٴ ڈال کرضمیرفروشوں کی پارٹی میں شامل کرایاجارہا ہے جو اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ غیرقانونی چھاپوں اورگرفتاریوں کا مقصد کراچی میں امن وامان کا قیام نہیں بلکہ جبروتشدد کے ہتھکنڈے استعمال کرکے ضمیرفروش عناصر کو سیاسی حیثیت دلانا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

    ندیم نصرت نے کہاکہ گزشتہ دنوں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ایم کیوایم شاہ فیصل کالونی ٹاوٴن کے دو عہدیداروں کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر غیرقانونی چھاپے مارکرانکے بھائیوں کو گرفتارکرلیا ۔گرفتارشدگان کے اہل خانہ کو پیغام دیا گیا کہ اگرایم کیوایم کے مذکورہ ذمہ داران نے ضمیرفروشوں کی پارٹی میں شمولیت اختیارنہ کی تو پھر وہ زندگی بھر اپنے بھائیوں کی شکل دیکھنے کو ترس جائیں گے جس کی وجہ سے انہیں مجبوراً ضمیرفروش عناصر کی پارٹی میں شمولیت اختیارکرنی پڑی ۔

    ندیم نصرت نے کہاکہ ایک طرف دھونس ، دھمکیوں اوردباوٴ ڈال کر سرکاری ملازمین کو ضمیرفروشوں کی جماعت میں شمولیت اختیارکرنے پر مجبورکیاجارہا ہے جبکہ دوسری طرف شہرکے بلڈرز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ ضمیرفروشوں کو فنڈز دیئے جائیں اور ان کے ساتھ بھرپورمالی تعاون کریں ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ ایم کیوایم ایک جمہوری جماعت ہے جسے عوام کی بھرپورحمایت حاصل ہے۔

    سندھ کے شہری علاقے بالخصوص کراچی کے عوام ہرانتخابات میں ووٹ دیکر ایم کیوایم کو اپنی نمائندگی کا حق دیتے چلے آرہے ہیں اور ایم کیوایم جیسی عوامی جماعت کو ریاستی ہتھکنڈوں سے ختم نہیں کیاجاسکتا۔

    اس قسم کے ہتھکنڈوں سے حق پرست عوام کے دلوں سے ایم کیوایم کی محبت ختم نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی ایم کیوایم کوختم کیاجاسکتا ہے ۔

    ندیم نصرت نے ارباب اختیار اور اقتدار سے مطالبہ کیاکہ ضمیرفروشوں کی جماعت میں شمولیت کیلئے سرکاری ملازمین اور ایم کیوایم کے ذمہ داران کو دی جانے والی دھمکیوں کا فوری نوٹس لیاجائے اور اس عمل میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

     

  • ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی دھرنا

    ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی دھرنا

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کی گرفتاری، شہداء کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف ایم کیو ایم نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انصاف فراہم نہ کیا گیا تو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر کارکنان کی گرفتاریوں اور لاپتہ و اسیر کارکنان کی بازیابی اور رہائی کیلئے ایم کیو ایم نے علامتی دھرنا دیا ۔

    دھرنے میں گرفتار، لاپتہ کارکنان اور شہداء کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھائے گرفتار شدگان کی رہائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

    کنورنوید جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ایک سو پینسٹھ افراد کو گرفتار اور اکہتر کو لاپتہ کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ ہمیں انصاف دلائیں، واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے اتوار کے روز بھی پریس کلب کے سامنے علامتی دھرنا دینے اور مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

     

  • متحدہ قومی موومنٹ کا پی ایس پی کو ضمنی انتخاب لڑنے کا چیلنج

    متحدہ قومی موومنٹ کا پی ایس پی کو ضمنی انتخاب لڑنے کا چیلنج

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ نے پاک سرزمین پارٹی کوضمنی انتخاب لڑنے کا چیلنج دے دیا،رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ غداروں کو ان کے گھر والے بھی ووٹ نہیں دیتے ۔

    تفصیلات کے مطابق رابطہ کمیٹی نے پاک سر زمین کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے الزامات مسترد کردیئے، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد حسین اور خواجہ اظہار الحسن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کو ووٹ را کی ایجنٹی کیلئےنہیں ملے۔

    محمد حسین نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کو ان کے پڑوسی اور ڈاکٹرصغیر کو ان کے گھروالے تک ووٹ نہیں دیتے۔ ڈاکٹر صغیر کونسلر بھی نہیں بن سکتے لیکن پارٹی نے انہیں ایم پی اے بنایا۔

    رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی کو چیلنج کرتے ہیں کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ اور میرپور خاص میں جہاں چاہے انتخابی حلقہ منتخب کرکے وہاں الیکشن لڑ لیں۔

    محمد حسین کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اینڈ کمپنی کی اوقات کونسلر بننے کی بھی نہیں ۔ اس تحریک کے ووٹرز نے انہیں عہدے دلوائے۔

    خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا انہیں ووٹ را کی ایجنٹ بننے کیلئے نہیں قوم کی خدمت کیلئے ملتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ضمیرفروشوں کیخلاف کارروائی کی بجائے کروڑوں روپے کے بنگلے میں بٹھایاگیا، عوام کو جواب دیں کہ ڈیفنس کا 12 کروڑ روپے کا بنگلہ کہاں سے آیا؟۔

    ان ضمیرفروشوں کے نام پرقتل،بھتہ خوری اورچائنہ کٹنگ کے الزامات ہیں جبکہ ان کے نام جے آئی ٹیزمیں بھی شامل ہے۔

     

  • ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کی ریلی کے دوران متحدہ اور حقیقی کے کارکنوں میں تصادم

    ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کی ریلی کے دوران متحدہ اور حقیقی کے کارکنوں میں تصادم

    کراچی: لائنز ایریا میں متحدہ قومی موومنٹ کی ریلی کے دوران ایم کیو ایم اور حقیقی کے کارکن آمنے سامنے آگئے، پتھراؤ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔

    کراچی کے حلقے پی ایس ایک سو پندرہ پر سات اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب سے پہلے ہی حلقے میں حالات کشیدہ ہو گئے، انتخابی مہم کے حوالے سے متحدہ نے ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں ریلی نکالی، لیکن حالات اس وقت قابو میں نہ رہے جب متحدہ قومی موومنٹ اور مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی، ڈنڈوں سے حملے اور پتھرائو کیا ۔

    مشتعل افراد نے ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کو آگ لگانے کی کوشش اور ہوائی فائرنگ بھی کی جس سے تین افراد زخمی ہوئے ۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ لائنز ایریا میں حقیقی دہشت گردوں نے ان پر حملہ کیا، رینجرز اور پولیس دہشت گردی کا نوٹس لیں، ان کا مزید کہنا ہے کہ رکاوٹوں کے باوجود ٹی 20 انتخابی میچ جیت لیں گے۔

    حلقے میں بڑھنے والی کشیدگی کے باعث ایم کیو ایم کے آفسسز کے باہر پولیس کی نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

  • متحدہ قومی موومنٹ کا کل پیمرا کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان

    متحدہ قومی موومنٹ کا کل پیمرا کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام 03 اپریل بروز اتوارکو”پیمرا“کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔یہ احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر دوپہر 2:00 بجے منعقد ہوگا ۔

    احتجاجی مظاہرے میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر زڈپٹی کنوینر ز، ڈپٹی کنوینرز،اراکین رابطہ کمیٹی ،حق پرست سینیٹرز ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ،نامزد میئر کراچی وسیم اختر ، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا ، یوسی چیئر مینز ، وائس چیئر مینز ،یوسی کونسلرز، ٹاوٴن آفسیز کے ذمہ داران ، کا رکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام شرکت کریں گے ۔

    MQM-Post

    دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کارکنان و عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پیمرا کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں ۔