کراچی (21 اگست 2025): نیشنل بینک آف پاکستان نے خواتین کے لیے ملک کا پہلا پے پاک ڈیبٹ کارڈ متعارف کرا دیا ہے جس سے متعدد فوائد حاصل ہوں گے۔
نیشنل بینک نے پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی اور این بی پی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر خواتین کے لیے ملک کا پہلا پے پاک پنک ڈیبٹ کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔ یہ خواتین کو مالی شمولیت اور با اختیار بنانے کی جانب این بی پی کی جانب سے اہم قدم ہے۔
پے پبنک کارڈ کے اجرا کے موقع پر تقریب ہوئی جس سے این بی پی کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی، ایس ای وی پی اور گروپ چیف اسلامی بینکاری فواد فرخ، ایس ای وی پی اور چیف ڈیجیٹل آفیسر عدنان ناصر ودیگرنے خطاب کرتے ہوئے پے پنک ڈیبٹ کارڈ کی خصوصیات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پے پنک ڈیبٹ کارڈ کی رونمائی کی گئی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ یہ پنک کارڈ خاص طور پر اعتماد اسلامک امیرہ اکاؤنٹ کی حامل خواتین کے لیے بنایا گیا ہے۔ صرف خواتین امیرہ اکاؤنٹ ہولڈرز کیلیے دستیاب ہے اور اس کارڈ کے ذریعہ کئی فوائد فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منفرد کارڈ خواتین کو سہولت، تحفظ اور مالی خودمختاری فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رعایت اور خصوصی تکافل پروٹیکشن کے ساتھ دیگر فوائد بھی فراہم کرتا ہے۔ جس میں ملک بھر کے 158 شہروں میں 30 ہزار سے زائد ریسٹورنٹس، بیوٹی سیلونز اور ریٹیل اسٹورز پر خصوصی رعایتیں حاصل ہوں گی، جبکہ گلوٹلو اَیپ کی گولڈ سبسکرپشن بھی بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔
کارڈ ہولڈرز کو ہر ٹرانزیکشن پر ریوارڈ پوائنٹس ملتے ہیں، Off-Us ATM ٹرانزیکشنز پر 1 روپے، POS ٹرانزیکشنز پر 2 روپے اور ای کامرس خریداری پر 3 روپے مالیت کے گولڈ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ کارڈ جامع تکافل تحفظ فراہم کرتا ہے، جس میں 1 لاکھ روپے کی لائف انشورنس کوریج، 2 لاکھ روپے کی حادثاتی موت کی کوریج اور سنگین بیماریوں، ڈیلی ہیلتھ کیش، آئی سی یو بینیفٹس اور فراڈ پروٹیکشن جیسی اضافی سہولتیں بھی شامل ہیں۔