Tag: متعدد افراد زخمی

  • داتا دربار کے  باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    لاہور : داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے  کے نتیجے میں5 پولیس اہلکاروں سمیت10 افرادشہید اور  25   زخمی ہوئے، حکام کا کہنا ہے دھماکہ خودکش تھا جبکہ میئواورجنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر تعینات ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملہ ہوا جس کے بعد مذکورہ علاقے میں افراتفری مچ گئی، دھماکے کے نتیجے اب تک 5 پولیس اہلکاروں سمیت10 افرادشہید اور  25 افراد زخمی ہوئے۔

    دھماکے اتنا شدید تھا کہ ایلیٹ فورس کی گاڑی  مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی  نقصان پہنچا۔

    ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے  جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، ے خودکش حملہ آور کی لاش جائے وقوعہ پر ہی موجود  ہے ۔

    پولیس کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔

    دھماکے کے بعد لاہور کے میواورجنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق  دھماکے میں زخمی ہونے والے 19 میں سے سات  افراد کی حالت تشویش ناک ہے جنہیں سر میں شدید زخم آئیں ہیں۔

    سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کے بعد علاقے کی مکمل طور پر ناکہ بندی کردی  ہے اور  شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں ۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق خودکش حملے کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہوگئے جن میں دو ایلیٹ فورس کے جوان ہیں جن کی شناخت شاہد اور سلیم کے ہوئی ہے جبکہ ایک شہری کی شناخت رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔

    آج سے پہلے اس قدر شدید دھماکہ نہیں دیکھا،  عینی شاہد ٹریفک وارڈن


    داتادرباردھماکےکےعینی شاہد ٹریفک پولیس اہلکارنے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایادھماکہ اس قدر شدید تھا کہ کھڑےلوگ گر گئے،  دھماکہ خودکش تھا۔گن مین موقع پر شہید ہوگیاتھا۔ زخمیوں میں دس سے بارہ سال کےدوبچےاورچالیس سالہ دوشخص شامل ہیں۔ آج سے پہلے اس قدر شدید دھماکہ نہیں دیکھا۔

    دھماکاپونے9بجےہوا،3پولیس اہلکارشہید ہوئے ، ڈی آئی جی آپریشنز


    ،ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا  دھماکاپونے9بجےہوا،3پولیس اہلکارشہیدہوئے جبکہ 24افرادزخمی ہوئے، تحقیقات مکمل ہونے پر حقائق سےآگاہ کریں گے، پولیس اہلکارسیکیورٹی کے لیے گیٹ نمبر 2پر کھڑے تھے ، تمام ادارے سیکورٹی کے حوالے سے کام کر رہے ہیں ۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نےامن و امان پر اجلاس فوری طلب کر لیا


    داتا دربار دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نےامن و امان پر اجلاس فوری طلب کر لیا ہے ، اجلاس کچھ دیر بعدپنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہیڈ آفس میں ہوگا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھکر، سرگودھا اور شیخوپورہ کے دورے منسوخ کردیئے ہیں۔

      حملہ خودکش ہوسکتاہے، وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت


    وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا حملہ خودکش ہوسکتاہے، حساس مقامات پرسیکیورٹی مزیدبہتربنانےکےاقدامات کررہےہیں، دھماکےمیں2اہلکاروں سمیت شہریوں کی شہادت کابتایاجارہاہے۔

    راجہ بشارت کا کہنا تھا واقعہ انتہائی افسوسناک ہےجتنی مذمت کی جائےکم ہے، شہداسےمتعلق ابھی کچھ نہیں کہاجاسکتازخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، 2پولیس اہلکارشہیدہوئےحتمی تعدادنہیں بتاسکتا، رپورٹس ملنےکےبعدشہدااورزخمیوں کی حتمی تعدادبتاسکتاہوں۔

    پولیس ٹارگٹ تھی، دھماکےمیں 7 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، آئی جی پنجاب


    آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ایلیٹ فورس کی گاڑی پرحملہ آورنےخودکش حملہ کیا، دھماکےمیں8افرادشہیدہوئے5پولیس اہلکارشامل ہیں جبکہ 25 افرادزخمی ہوئےہیں۔

    ،آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا پولیس ٹارگٹ تھی،مزیدتحقیقات جاری ہیں، دھماکےمیں 7 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، تحقیقات جاری ہیں حتمی نتیجے سےپہلے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

    خیال رہے کہ لاہور کا مذکورہ علاقہ انتہائی گنجان آباد علاقہ ہے جہاں کئی دکانیں  اور قریب میں اردو بازار اور امام بارگاہ کربلا گامے شاہ بھی واقع ہے جہاں اس سے قبل چہلم امام حسین کے موقع پر خودکش دھماکا ہوا تھا۔

  • ہالینڈ میں ٹرام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، متعدد افراد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

    ہالینڈ میں ٹرام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، متعدد افراد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

    ایمسٹردیم : ہالینڈ کے شہر یوٹریکٹ میں نامعلوم فرد نے ٹرام پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کے شہری یوٹریکٹ میں چلنے والی ٹرام پر نامعلوم فرد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے متعدد افراد کو زخمی کردیا، سیکیورٹی فورسز نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ صبح 10 بج کر 45 منٹ کر پیش آیا، حکام نے تین ہیلی کاپٹروں کو بھی جائے وقوعہ پر تعینات کردیا ہے کہ تاکہ سیکیورٹی فورسز اور ایمرجنسی ٹیم کی معاونت کی جاسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سٹی سینٹر کے اسٹاپ پر پیش آیا، ملزمان نے ٹرام پر بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یوٹریکٹ شہر دارالحکومت ایمسٹرڈیم سے 25 میل دور ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورس نے ملزم نے تلاش شروع کردی ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    یوٹریکٹ پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور ہم معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ شاہراہ سے دور رہیں تاکہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے کو ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کے بعد گاڑی میں فرار ہوگئے، پولیس ملزمان کو تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

  • کابل : سیاسی اجتماع میں دھماکے اور فائرنگ، تین افراد ہلاک، 19 زخمی

    کابل : سیاسی اجتماع میں دھماکے اور فائرنگ، تین افراد ہلاک، 19 زخمی

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت میں منعقدہ اجتماع کے دوران دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ سیکیورٹی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی جبکہ تین افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حزب وحدت پارٹی کے سربراہ عبدالعلی مزاری کی 24 ویں برسی کی تقریب میں نامعلوم مسلح افراد نے مارٹر گولوں سے حملہ کردیا۔

    افغان خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اجتماع میں پارٹی کارکنان، عام شہریوں، افغانستان کے سی ای او عبداللہ عبداللہ، سابق افغان صدر حامد کرزئی سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے، مارٹر گولوں  اور فائرنگ کی زد میں آکر 19 افراد زخمی ہوگئے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برسی کی تقریب کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، پولیس نے مارٹر گولے فائر کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طبی امداد فراہم کرنے والے عملے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے تاہم ابھی تک کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں.

    مزید پڑھیں : افغانستان میں دھماکا، 6 افراد ہلاک، کئی زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 20 فروری کو افغانستان کے صوبہ لغمان میں دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا، دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے کی ذمہ داری کسی عسکریت پسند گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی البتہ اس قسم کے حملے طالبان کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : افغانستان میں فوجی اڈے کے قریب خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک

    جنوری میں ہی افغانستان کے صوبے لوگر کے گورنر اور این ڈی ایف کے صوبائی چیف کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں گورنر کی حفاظت پر تعینات 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ دوسری جانب طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکراتی دور کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ طالبان کا وفد افغان اپوزیشن رہنماؤں سے بھی ملاقات کرچکا ہے۔

  • افغانستان میں فوجی اڈے کے قریب خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک

    افغانستان میں فوجی اڈے کے قریب خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک

    کابل : افغانستان کے صوبے وردک میں فوجی اڈے کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خودکش دھمکا افغانستان کے صوبے وردک کے دارالحکومت میدان شہر میں واقع افغان اسپیشل فورسز کے بیس کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

    گورنر کے ترجمان رحمان مینگل کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ صبح 7 بجے بیس کے قریب ہوا جہاں افغان فورسز تعینات تھیں۔

    رحمان مینگل نے میڈیا کو بتایا کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی فوجی اڈے کے قریب لاکر دھماکے سے اڑا دی۔

    گورنر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم عسکری حکام کی جانب سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد سے متعلق معلومات جمع کی جارہی ہیں۔

    صوبائی وزارت صحت کی جانب سے  12 افراد کے ہلاک جبکہ 27 اہلکاروں کے زخمی ہونےکی تصدیق کی گئی ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق تحریک طالبان افغانستان نے فوجی اڈے پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ’طالبان کے ایک گروپ نے دھماکے کے بعد فوجی اڈے پر حملہ بھی کیا ہے‘ تاہم افغان حکام کی جانب سے فوجی اڈے پر گروپ حملے کی تردید کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : کابل : گورنر کے قافلے پر خودکش حملہ، 8 سیکیورٹی گارڈز ہلاک

    خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے صوبے لوگر کے گورنر اور این ڈی ایف کے صوبائی چیف کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں گورنر کی حفاظت پر تعینات 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے تھے۔

    افغان خبر رساں ادارے کے مطابق حملے میں صوبے کے گورنر سمیت صوبائی این ڈی ایف چیف محفوظ رہے تھے۔

  • پیرس: بیکری میں گیس دھماکا، چار افراد ہلاک

    پیرس: بیکری میں گیس دھماکا، چار افراد ہلاک

    پیرس : فرانسیسی دارالحکومت میں واقع عمارت میں زور دار دھماکے بعد آگ بھڑک اٹھی، واقعے میں چار افراد ہلاک، جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    پیرس کی بیکری میں گیس دھماکے نے چار افراد کی جان لے لی، زخمیوں کو تشویش ناک حالات میں اسپتال پہنچایا گیا، عمارت کے گراؤنڈ فلور پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    واقعہ پیرس کے وسطی علاقے میں پیش آیا ، دھماکے کے بعد عمارت کے گراؤنڈ فلور میں آگ بھڑک اٹھی، دھماکے اور آتشزدگی کے باعث عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

    واقعے کے فوری بعد ریسکیون ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    قبل ازیں فرانسیسی پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ پر کیے گئے ٹویٹ میں شہریوں نے جائے حادثہ سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ایمرجنسی ٹیم کی گاڑیوں کو ریسکیو آپریشن کے دوران کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

    فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا صبح 9 بجے ہوا تھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا بیکری میں گیس لیکیج کے باعث ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت متعدد شہروں میں گزشتہ دو ماہ سے ’یلو ویسٹ‘ تحریک کے تحت حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور  یلو ویسٹ تحریک کے تحت آج بھی ہفتہ وار احتجاجی مظاہرہ منعقد ہونا تھا۔

  • ایف سی ایریا میں دستی بم حملہ،ایک بچہ جاں بحق، 21 افراد زخمی

    ایف سی ایریا میں دستی بم حملہ،ایک بچہ جاں بحق، 21 افراد زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا لیاقت آباد میں‌ امام بارگاہ پر دستی بم حملے کے نتجے میں ایک بچہ ہلاک جب کہ 21 افراد زخمی ہوگئے جن میں 11  خواتین  بھی شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر شاہنواز شاہ کے مطابق لیاقت آباد چار نمبر ایف سی ایریا میں واقع امام بارگاہ میں مجلس جاری تھی کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔

    حملے کے نتیجے میں‌ ایک بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ 21 افراد زخمی ہوگئے جنہیں‌امدادی اداروں‌ نے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں‌ طبی امداد دی جارہی ہے۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں‌ میں‌ دوسے تین افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، زخمیوں‌ میں‌ گیارہ خواتین بھی شامل ہیں۔

    گورنر سندھ کا نوٹس، تحقیقات اور زخمیوں کے علاج کا حکم

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے دستی بم حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    ہدایت ملنے کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کو جائے وقوع پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔

    جائے وقوع پہنچنے کے بعد مشتاق مہر نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں اگر پولیس کی کوتاہی ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔

    آصف زرداری کا نوٹس

    سابق صدر آصف زرداری نے بھی حملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملوث مجرموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

  • سوئٹزرلینڈ کے شہر سینٹ گیلن میں ٹرین مسافروں پر چاقوسے حملہ

    سوئٹزرلینڈ کے شہر سینٹ گیلن میں ٹرین مسافروں پر چاقوسے حملہ

    برن :مشرقی سوئٹزرلینڈ میں ریل گاڑی کے مسافروں پرحملہ آور نے چاقو کے وارکرکے متعدد مسافروں کوزخمی کردیا جس کے بعد ٹرین میں آگ لگادی.

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ سوئٹزرلینڈ کے شہر سینٹ گیلن کینٹن کے علاقے سالیز میں پیش آیا جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.

    مشتبہ حملہ آور کی عمر 27 برس بتائی گئی ہے اور اسے بھی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم حملے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی.

    گرینج کے مقامی وقت کے مطابق یہ واقعہ دوپہر ساڑھے 12 بجے اس وقت پیش آیا جب ریل گاڑی سالیز اسٹیشن کے قریب پہنچی.یہ اسٹیشن پچز اور سینوالڈ کے دیہات کے درمیان واقع ہے.

    ٹرین حملےکے زخمیوں میں ایک بچے کے علاوہ ایک لڑکی، لڑکا جن کی عمریں 17 برس بتائی گئی ہیں، 34 اور 43 سال کی دو خواتین اور ایک 50 سالہ شخض شامل ہیں.

    خیال رہے کہ اس قسم کے حملوں سے خبردار رہنے کے لیے یورپی ریاستوں میں پہلے ہی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے جس کی وجہ حالیہ عرصے میں کسی اکیلے مسلح شخص کی جانب سے کیے جانے والے متعدد حملے ہیں.

    *برلن :جرمنی کے شہر ورزبرگ میں ایک شخص کا ٹرین میں کلہاڑی سے حملہ

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ایک افغان پناہ گزین نے جنوبی جرمنی میں کلہاڑی کے وار کر کے چار افراد کو زخمی کیا تھا.

    واضح رہے کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے ایک ویڈیو کے ذریعے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی.

  • اکبر بگٹی ایکسپریس کے قریب دھماکہ، متعدد افراد زخمی

    اکبر بگٹی ایکسپریس کے قریب دھماکہ، متعدد افراد زخمی

    دشت/کوئٹہ: اکبر بگٹی ایکسپریس کے قریب بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ان میں سوار متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

    کوئٹہ کے قریب دشت میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہواہے۔ جس کے نیتجےمیں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، ابتدائی تفصیلات کے مطابق اکبر بگٹی ایکسپریس لاہور سے کوئٹہ آرہی تھی۔ تاہم ریلوے ٹریک پر دھماکے سے ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیاگیا۔