آدھے سر کے درد یعنی مائیگرین کی شدت میں کمی لانے کیلئے ادرک کا استعمال نہایت اہمیت کا حامل ہے، اس کے علاوہ متلی اور قے جیسے مسائل سے بھی نجات ملتی ہے۔
سپر فوڈ میں شمار کی جانے والی جڑی بوٹی، ادرک کے استعمال سے صحت پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جن سے بیشتر افراد نا واقف ہیں۔
ادرک سے متعلق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ادرک میں بڑی تعداد میں فائبر، وٹامنز اور قدرتی اینٹی بائیوٹک خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
اس کے استعمال سے اوسٹیو آرتھرائیٹس (جوڑوں کا درد)، نظام ہاضمہ، دمہ، بخار، اپھارا، مائیگرین، ذیابطیس، ہائی کولیسٹرول اور شوگر لیول سمیت بلڈ پریشر کی شکایت میں بھی آرام ملتا ہے۔
خیال رہے کہ آدھے سر کے درد کے شکار افراد کو اکثر قے اور متلی کی شکایت بھی ہوتی ہے جس کیلئے ادرک اپنی مثال آپ ہے۔
اس کے علاوہ موسم کی شدت سے بچنے اور سانس کی تکلیف سے نجات میں ادرک کی چائے مددگار ثابت ہوتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ادرک کی چائے مختلف بیماریوں میں قوت مدافعت بڑھانے میں نہایت مفید ہے جبکہ سانس کی تکلیف میں مبتلا افراد کو بھی ادرک کی چائے پینے سے بیماری سے نجات ملتی ہے۔
ادرک کی چائے کے استعمال سے خون کی روانی میں بہتری آتی ہے جس سے مائیگرین میں بھی افاقہ ہوتا ہے۔