Tag: متنازعہ قانون

  • پاکستان موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں: وزیر خارجہ

    پاکستان موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت میں موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان اس کے ساتھ بیٹھنے کو ذہنی طور پر تیار نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 ماہ ہو گئے کشمیر میں کرفیو کا نفاذ ہے، مسجدوں پر تالے ہیں، سیکڑوں سال پرانی مسجد کو شہید کر کے رام مندرکی تعمیرجاری ہے، متنازع قانون کے خلاف پورے بھارت میں احتجاج جاری ہے، 25 سے زائد اموات ہو چکیں، ہزاروں لوگ سڑکوں پر ہیں، ایسے میں پاکستان بھارت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں ہے۔

    انھوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، آسام، ویسٹ بنگال، مدھیہ پردیش میں جو کچھ ہوا وہ آپ کے سامنے ہے، اس وقت بھارت بالکل تقسیم دکھائی دے رہا ہے، جوکچھ پہلے ہوتا رہا، اس ایکٹ کی شکل میں لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو کر سامنے آیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق ایل او سی پر 5 جگہوں سے باڑ کو کاٹا گیا ہے، ایل او سی پر میزائل بھی نصب کیے گئے ہیں، بھارت کے جارحانہ اقدامات دنیا کو دکھائی دے رہے ہیں، بھارت انسانی حقوق کی پامالی، بچوں کو ہراساں کر رہا ہے، مریضوں کو سہولت نہیں دے رہا، آج کے زمانے میں جو انسانی حقوق کے علم بردار ہیں ان کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور اس قسم کے کالے قانون کا نوٹس لینا چاہیے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ میں نے ساتواں خط اقوام متحدہ کو بھیجا، چین نے میرے خط کو بنیاد بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یو این ملٹری آبزرور صورت حال پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دیں، ہم اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں، سفارتی اور سیاسی محاذ پر جو کیا جا سکتا ہے وہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت میں جو کشمیر کا رد عمل سامنے آیا یہ ان کی توقع کے برعکس ہے، اس وقت کوئی قابل احترام لیڈر ایسا نہیں جو ان کے مؤقف کا ساتھ دے رہا ہو، پاکستان ان حالات میں انڈیا کے ساتھ بیٹھنے کو ذہنی طور پر تیار نہیں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر بھرپور آواز اٹھائی، سعودی وزیر خارجہ تشریف لائے تھے ان سے بھی ذکر کیا کہ او آئی سی فورم پر بھرپور طریقے سے اس کے لیے آواز اٹھنی چاہیے، سعودی وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ مؤثر طریقے سے آواز اٹھے گی۔

  • وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی

    وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی

    نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی متنازع قانون کے خلاف مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ملک گیر مظاہرے جاری ہیں، بھارتی میڈیا نے خبر دی ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی اپنی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی۔

    اس سے قبل ممتا بینر جی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کولکتہ میں بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے کے پاس غیر آئینی شہریت کے بل کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی جا رہی ہے، سماج کے ہر طبقے سے اس میں شرکت کی دعوت ہے۔

    تازہ ترین:  مودی سرکار بزدل ہے: پریانکا گاندھی کا بیان

    ریلی میں ممتا بینر جی کی پارٹی کے سیکڑوں رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی، بھارتی میڈیا اسے بہت بڑی ریلی قرار دے رہا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال سمیت 5 بھارتی ریاستیں متنازع قانون سے انکار کر چکی ہیں۔

    ادھر راہول گاندھی نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریت کا متنازع قانون بھارت کے 2 حصوں میں تقسیم کی سازش ہے، اظہار یک جہتی کے لیے قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔

    خیال رہے بھارت کے تیس کے قریب شہروں میں مسلم مخالف بل کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران مودی سرکار کی جانب سے بد ترین تشدد کے تناظر میں کانگریسی خاتون رہنما پریانکا گاندھی نے بیان دیا ہے کہ مودی سرکار بزدلی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔