Tag: مجالس عزا

  • امام حسین کا چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت سے منایا جارہا ہے، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات

    امام حسین کا چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت سے منایا جارہا ہے، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات

    اسلام آباد: امام حسین کا چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ ماتمی جلوس اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ملک کے کئی شہروں میں ڈبل سواری بھی بند ہے۔

    چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ عزادار خانوادہ رسول کی عظیم قُربانی کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔

    کراچی میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ دو سو سے زائد عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات جبکہ جلوس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی جلوسوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔

    پنجاب میں آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ صوبے میں جلوس اور مجالس کی سکیورٹی لئے پچاس ہزار سے زائد اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔ آرمی کی تینتیس اور رینجرز کی بارہ کمپنیاں بھی اسٹینڈ بائی رہیں گی۔ لاہور میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں اور میٹل ڈیٹیکٹرز کی مدد بھی لی جائے گی۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز ہائی الرٹ ہے۔ پشاور اور کوئٹہ میں بھی جلوسوں کے راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سات اضلاع میں موبائل فون بندرہیں گے۔

  • آج کربلا کے شیر خوارعلی اصغر کے جھولے برآمد ہونگے

    آج کربلا کے شیر خوارعلی اصغر کے جھولے برآمد ہونگے

    کراچی :ملک بھر میں مجالسِ عزا کا سلسلہ سخت سیکیورٹی میں جاری ہے، آج چھوٹے بڑے شہروں میں چھ محرم کی مناسبت سے جلوس نکالے جائیں گے۔

    آج کربلا کے تپتے صحرا امام حسین کے ششماہے لال حضرت علی اصغر کی پیاسِ عالم کو یاد دلانے کے لئے تیار ہیں، اسلام کی سربلندی اور عظمت کی خاطر جہاں کربلا کے ریگزار میں آل محمد کے گھرانوں کے خون شامل ہیں وہیں چھ ماہ کے علی اصغرایسے شیر خوار کی قربانی نے سوکھے گلے پر تیر کھا کر اپنی قربانی سے نینوا میں وہ انقلاب برپا کیا۔

    جس نے دنیا میں شیر خواروں کی عظمت کو بلند کیا ۔

    چھ ماہ کے معصوم اصغر نے نبی کے گھرانے کی سیرت پر چلتے ہوئے ابن زیاد کے لشکر کو اپنے کردار سے ہلا ڈالا، ملک بھر میں برپا ہونے والی مجالس عزا میں علماء و ذاکرین شہادت حضرت علی اصغر کا ذکر کررہے ہیں، وہیں ان کے قربانی سے منسوب جھولے، تعزیئے اور جلوس بھی نکالے جارہے ہیں۔

  • چہلم امام حسین، ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری

    چہلم امام حسین، ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری

    شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر شہر شہر ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے، جلوس کے شرکاء نواسہ رسول کی یاد میں نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے ہیں۔

    نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں جلوس اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جارہا ہے، کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس شاہ خراساں سے بر آمد ہوا، جو روایتی گزرگاہوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہ اختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس کے شرکاء امام عالی مقام کی یاد میں نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے ہیں، حیدر آباد سمیت اندرون سندھ بھی نواسہ رسول کی یاد میں جلوسوں کی برآمدگی اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے، شہدائے کربلا کی یاد میں تعزیے علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جارہے ہیں، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔

    پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی جلوس نکالے جارہے ہیں اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا بھی برپا کی جارہی ہیں، لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے الف شاہ حویلی سے بر آمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

    فیصل آباد میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس سہ پہر تین بجے امام بارگاہ عزاخانہ شبیر سے برآمد ہوگا، جو اپنے روایتی گزرگاہوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو جائے گا، راولپنڈی میں چہلم کا مرکزی جلوس عاشق حسین کمیٹی چوک سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

    کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا ہے، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا، پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں بھی چہلم امام حسین کے موقع پر ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔