Tag: مجاہد انور خان

  • اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں: سربراہ پاک فضائیہ

    اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں: سربراہ پاک فضائیہ

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق اورحب الوطنی کے جذبوں کوفروغ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ایئر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا۔ اس سلسلے میں ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، افسران اور ایئر مین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔

    مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطر شہدا کا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں اور لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ سوچ سے بالا تر ہو کر ملک کی اقتصادی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

    اس دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے ایک دستے نے ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ایئر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ایئر کمانڈ کی سرکردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    یوم شہدا کے موقع پر ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہدا کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

  • پاکستان کی خوشحالی کا دارومدار بلوچستان کی ترقی پر ہے، ایئرچیف مجاہد انور خان

    پاکستان کی خوشحالی کا دارومدار بلوچستان کی ترقی پر ہے، ایئرچیف مجاہد انور خان

    اسلام آباد: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی کا دارومدار بلوچستان کی ترقی پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کے شرکا نے ایئر ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، وفد میں مختلف شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات شامل تھیں۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے وفد کے شرکا سے گفتگو کی۔

    ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کا دارومدار بلوچستان کی ترقی پر ہے، بلوچ نوجوانوں کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کے لیے اقدام کررہے ہیں۔

    ایئر چیف مارشل نے کہا کہ فضائیہ دیگر اداروں سے مل کر اس ضمن میں ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں: دشمن کیخلاف آپریشن سوفٹ ریٹارٹ ہمیشہ یادرکھا جائے گا، ایئر چیف

    دوسری جانب روسی بری افواج کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کی جس میں ایئر اچیف نے پاک فضائیہ کے ملکی سطح پر جاری مختلف منصوبہ جات پر روشنی ڈالی۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    معزز مہمان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔

  • مستقبل کے نقطہ نظر سے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان

    مستقبل کے نقطہ نظر سے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان

    کراچی : پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ مستقبل کے نقطہ نظر سے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے جو جدید خیالات اور رجحانات سے سیکھنے کے لئے ہمہ وقت تیاررہتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلنس میں کمبیٹ کمانڈرز اسکول کے51ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے، گریجویٹ ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ اس تربیت کے بعد آپ کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے آپ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں میں اضافے کے لئے مثبت کردار ادا کرسکیں گے۔

    انہوں نے گریجویٹ ہونے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اس شاندار ادارے سے حاصل کردہ تجربے اور تربیت کو نوجوان افسران تک منتقل کریں جو پاک فضائیہ کی آپریشنل استعداد کار کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم دورِ حاضر کے تقاضوں اور جدید تصورات سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کی صورت میں ہی پاک فضائیہ کی کمبیٹ ٹریننگ کو بلند معیار پر قائم رکھ سکتے ہیں۔

    انہوں نے اس موقع پر گریجویٹ ہونے والے افسران میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ بہترین کمبیٹ کمانڈر کی چیف آف دی ائیر اسٹاف ٹرافی اسکواڈرن لیڈر احمد سمیع نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی اسکواڈرن لیڈر آصف گلزار کو عطا کی گئی۔

    قبل ازیں ائیر چیف کی آمد پر بیس کمانڈر پی اے ایف بیس مصحف ،ائیرکموڈور فواد حاتمی نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔

     

  • ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان کی چین میں منعقدہ ژوہائی ائیر شو میں شرکت

    ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان کی چین میں منعقدہ ژوہائی ائیر شو میں شرکت

    پاک فضائیہ کے سربراہ نے ژوہائی ائیر شو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، ائیر چیف نے اعلیٰ افسران اور دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ فخر پاکستان جے ایف17تھنڈر طیارے کا مسحور کن فضائی مظاہرہ بھی دیکھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ژوہائی ایئر شو چین کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ کئی ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان اور اعلیٰ سطح وفود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    ائیر چیف نے پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کی جانب سے قائم کردہ اسٹال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے دستہ سے ملاقات بھی کی۔

    انہوں نے شو میں شریک پاک فضائیہ کے افراد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی اس ائیر شو میں شرکت پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہے۔ ائیر چیف نے وہاں پر اسٹیٹک ڈسپلے پر موجود جے۔ایف 17 تھنڈر کا معائنہ بھی کیا اور پائلٹ اور گراؤنڈ کریو سے ملاقات کے دوران ان کی شو میں عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا۔

    اس موقع کی مناسبت سے ائیر چیف نے دنیا بھر سے شرکت کنندہ فضائی افواج کے سربراہان سے ملاقات کی اور ان سے پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ ائیر چیف نے اپنے ہم منصب پیپلز لبریشن آرمی (ائیر فورس) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لی آنگ سے بھی ملاقات کی۔

    دونوں معزز شخصیات نے اپنے ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تربیت اور صلاحیت کو بڑھانے کے پروگرامز میں مزید تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، بعدازاں انہوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں پر موجود کئی ممالک کی ائیرفور سزکے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔

  • پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کی سعودی نائب وزیردفاع سے ملاقات

    پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کی سعودی نائب وزیردفاع سے ملاقات

    ریاض : پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران آج وزارت دفاع کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ائیر چیف نے سعودی عرب کے نائب وزیرِ دفاع محمد بن عبداللہ العیش سے ملاقات کی۔ ائیر چیف نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام دیتے ہوئے سعودی قیادت کا پاکستان اور اُس کی دفاعی افواج کی اعانت پر شکریہ ادا کیا۔

    دونوں معزز شخصیات نے دفاعی اور سیکورٹی تعاون، علاقائی استحکام اور دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے درمیان بالخصوص تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقہ کار پر گفتگو کی۔

    مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کے سربراہ کی رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات

    قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ نے جنرل (اسٹاف )فیاد بن حامد بن رغاد الروالی چیف آف جنرل اسٹاف، سعودی عرب آرمڈ فورسز کے دفتر میں ان سے بھی ملاقات کی۔

    علاوہ ازیں گزشتہ روز پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے رائل سعودی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں کمانڈر رائل سعودی فضائیہ نے دونوں ممالک کے باہمی تعاون پر اظہارِ اطمینان کیا اور دونوں معزز شخصیات نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

  • پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انورخان کا آپریشنل بیس کا دورہ

    پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انورخان کا آپریشنل بیس کا دورہ

    کراچی : ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آپریشنل بیس کا دورہ کیا، انہوں نے ایکسرسائز ٹریننگ مشن میں حصہ لے کر فائٹر طیارہ بھی اڑایا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فائٹر طیارہ اڑا کر ایکسرسائز ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔

    بعد ازاں ائیرچیف نے کومبیٹ کریو سے ملاقات کی اور ان کے جذبے اور پیشہ وا رانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

  • پاک فضائیہ کے سربراہ کا رائل عمان فضائیہ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    پاک فضائیہ کے سربراہ کا رائل عمان فضائیہ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    مسقط : پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے اپنے عمان کے دورے کے دوران آج مسقط میں رائل عمان فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

    ان کی ہیڈ کوارٹرز آمد پر رائل عمان فضائیہ کے کمانڈ ر ائیر وائس مارشل متار علی متار العبیدنی نے پاک فضائیہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔ رائل عمان فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

    ائیر چیف نے کمانڈر رائل عمان فضائیہ کے سربراہ سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    رائل عمان فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی، پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں دونوں عظیم ممالک اور اس کی فضائی افواج کے مابین برادرانہ تعلقات پر فخرہے ۔

    انہوں نے  اس بات کا اعادہ کیاکہ دو نوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

  • وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان

    وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان

    کراچی: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، ہم قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے.

    ان خیالات کا اظہار ایئر چیف نے پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان میں گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے.

    انھوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ پاک فضائیہ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے اپنی بھرپور قوت کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے. جے ایف سیونٹین کی ملکی سطح پر تیاری خود انحصاری کی بہترین مثال ہے.

    پاک فضائیہ کے سربراہ نے گریجویٹس سے کہا کہ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے حاصل کردہ تربیت اور علم آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے کا باعث بنے گا، آپ کو اپنے پیشہ ورانہ امور اور ذاتی زندگی میں دوسروں کے لئے بہترین مثال بننا ہوگا.

    ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے اپنی آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کیے ہیں، ہماری خود انحصاری کی کاوشیں سودمند ثابت ہو رہی ہیں، پاک فضائیہ کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے اور ملکی اور علاقائی امن کو بحال کرنے کی کاوشوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

    پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں 120 ویں کمبیٹ سپورٹ کورس اور 40 ویں بی ایل پی سی کورس کی گریجویشن اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے 10 کیڈ ٹس کی کمیشنگ کی  اس تقریب میں‌ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست بھی موجود تھے۔

    اس تقریب میں 9 خواتین کیڈٹس سمیت 47 کیڈٹس گریجویٹ ہوئے، مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس میں برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔


    نئےایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

     

  • پاک فضائیہ کے سربراہ کی یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر فلائی پاسٹ کی قیادت

    پاک فضائیہ کے سربراہ کی یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر فلائی پاسٹ کی قیادت

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر فلائی پاسٹ کی قیادت کی اور پرجوش حاضرین کے دلوں کو گرمایا۔

    تفصیلات کے مطابق ائیر چیف جنہوں نے 19 مارچ 2018 کو پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی جو اپنی پیشہ وارانہ فراست اور شوقِ پرواز کی وجہ سے مشہور ہیں، اپنے پیشروؤں کی روایت کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہوں نے F-16 بلاک 52 طیارے میں محو پرواز ہوکر پریڈ اسکوائر کے اوپر ایک شاندار ورٹیکل رول کا مظاہرہ کیا۔

    یوم پاکستان:‌ واہگہ بارڈر پرپرچم اتارنے کی پروقار تقریب

    جہاز سے ریڈیو کمیونیکیشن کے ذریعے پا کستانی قوم کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ” میں پاکستان کی عظیم قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد”۔

    محو حیرت اور پر جوش حاضرین ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کے جہاز کو آسمان کی بلندیوں میں غائب ہوتا دیکھتے رہ گئے اور انہوں نے بھر پور تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

    یوم پاکستان پرپریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

    قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ یوم پاکستان پریڈ میں شریک پاک فضائیہ کی فارمیشن کی قیادت کے لیے پی اے ایف بیس مصحف پہنچے، انہوں نے بیس پر موجود فضائی اور  زمینی عملے سے ملاقات کی اور ان کے غیر معمولی عزم اورجذبے کو سراہا۔

    ائیر چیف کے بعد، ائیر وائس مارشل عامر مسعود، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ائیر کمانڈ کی زیرِکمان، F-16 طیاروں کی فور شپ باکس فارمیشن سلامی کے چبوترے کے پاس سے گزری، F-1st کے فوراٗ بعد، F-17 ٹھنڈر طیاروں کی فارمیشن گزری جس کی کمان ونگ کمانڈر اسد کے پاس تھی جو قومی پرچم کے رنگوں میں رنگے ہوئے JF-17 ٹھنڈر طیارے میں محوِ پرواز تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔