برطانیہ کی جیلوں میں قیدیوں کیلیے جگہ کم پڑ گئی برطانوی حکومت اب مجرموں کو سزائیں دینے کے حوالے سے نئے منصوبے پر غور کر رہی ہے۔
برطانیہ کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے کی وجہ سے برطانیہ میں اب جیلوں میں مزید قیدی رکھنے کی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔ اس لیے برطانوی حکومت اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے نئے منصوبے پر غور کر رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت جیلوں میں قیدیوں کی مزید گنجائش نہ ہونے کے باعث اب مجرموں کو جیلوں سے باہر ہی سزا دینے کے منصوبے پر غور کر رہی ہے۔
برطانوی وزارت انصاف مجرموں کو جیل سے باہر سزائیں دینے سے قبل ان کے فرار ہونے کے امکانات کی روک تھام کرے گی۔ اس سلسلے میں سزا یافتہ مجرموں کو الیکٹرونک ٹیگ لگا کر ان کی نقل وحرکت پر پابندی لگائی جائے گی۔ ٹیگ کا استعمال جیلوں میں قیدیوں کا بوجھ کم کرے گا۔
برطانوی وزیر انصاف شبانہ محمود نے مجرموں سے سزا کے طور پر کمیونٹی سروسز کے کام کرانے اور کم خطرناک مجرموں سے ریلوے کی پٹری بچھانے کے کام لینے کی تجاویز دی ہیں۔
وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ مجرموں کو قلیل مدتی قید کے بجائے کمیونٹی سروس کی سزا زیادہ موثر ہوگی۔ یہ اقدام مجرموں کو نہ صرف دوبارہ جرم کرنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ انہیں دوبارہ روزگار دلانے میں بھی مدد دےگا۔
وزارت انصاف نے یہ تجاویز ماضی کے تجربات کی بنیاد پر دی ہیں جس میں بتایا گیا ہےکہ ماضی میں کمیونٹی سروس کی سزا پانے والے اکثر مجرموں نے دوبارہ جرم کا ارتکاب نہیں کیا۔
برطانوی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ جیل میں صرف خطرناک مجرموں کو ہی رکھا جائے گا۔