Tag: مجسمہ

  • ویڈیو: نیتن یاہو کا مجسمہ توڑ دیا گیا!

    ویڈیو: نیتن یاہو کا مجسمہ توڑ دیا گیا!

    اسرائیل کی جارحیت سے دنیا عاجز اور اس سے نفرت کا اظہار کرتی رہتی ہے ایک شخص نے اسرائیلی وزیراعظم کا مجسمہ توڑ ڈالا۔

    اسرائیل کی مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی جا رہی ہے اور اس کے جارحانہ اقدامات پر مختلف طبقات اپنی نفرت کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

    ایسا ہی ایک واقعہ میکسیکو میں پیش آیا ہے جہاں دارالحکومت میکسیکو سٹی کے ایک میوزیم میں رکھا گیا اسرائیلی وزیراعظم نیتین یاہو کا مجسمہ ایک شخص نے ہتھوڑی مار کر توڑ ڈالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نقاب پوش فلسطینی پرچم لیے میوزیم میں آتا ہے اور پہلے نیتن یاہو کے مجسمے پر سرخ رنگ پھینکتا ہے۔ اس کے بعد ہتھوڑی سے اس کے چہرے کو بگاڑتا ہے اور آخری میں اسے زمین بوس کر دیتا ہے۔

    مذکورہ شخص کیمرے کے سامنے فلسطین زندہ باد، سوڈان زندہ باد اور یمن زندہ باد کے نعرے لگاتا اور اس کے بعد وہاں سے چلا جاتا ہے۔

     

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی میکسیکو کی ایک غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک کارکن نے نیتن یاہو کے مجسمے کو توڑنے اور گرانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ میوزیم مجسمے کو 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کے خون سے نہیں چھپا سکا۔

    سوشل میڈیا پر اس وائرل ویڈیو پر دنیا بھر سے تبصرے جاری ہیں اور اکثر اسرائیلی اقدامات کی مذمت کر رہے ہیں۔

  • لوہے کے تاروں سے فن پارے بنانے والا انوکھا مصور

    لوہے کے تاروں سے فن پارے بنانے والا انوکھا مصور

    ویسے تو آپ نے کئی مصوروں کو اپنا فن دکھانے کیلئے کینوس پر رنگ بکھیرتے دیکھا ہوگا لیکن محمد علی حسن ایک ایسا مصور ہے جو لوہے کے تاروں سے ایسے فن پارے تخلیق کرتا ہے جسے دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔

    لوہے کے تاروں کی مدد سے دلکش پورٹریٹ تیار کرنے والے اسلام آباد کے نوجوان اور یونیک آرٹسٹ نے مصوری کا نیا اور انوکھا انداز متعارف کرا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں محمد علی حسن نے اپنے اس انوکھے اور نئے فن کے بارے میں ناظرین کو بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے وائر کے علاوہ آئل پینٹنگز کا بچپن سے شوق تھا، سب سے پہلے مجھے میرے ایک دوست نے وائر کا تحفہ دیا تھا جس سے میں نے پہلی بار ایک درخت بنایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید جدت پیدا کرتا گیا، اپنے ایک انسانی مجسمے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ جب وہ مجسمہ بنا تو لوگوں نے اسے ’’صنف آہن‘‘ کا نام دیا جو مجھے بھی بہت پسند آیا۔

    محمد علی حسن کا کہنا تھا کہ اس مجسمے کو بنانے میں 5 ماہ وقت لگ گیا کافی محنت طلب کام تھا اس لیے ہاتھ زخمی بھی ہوئے بلکہ آرام کرنے کا بھی ٹائم نہیں ملتا تھا۔

  • وانکھیڈے اسٹیڈیم میں نصب مجسمہ ٹنڈولکر کے بجائے اسمتھ سے مشابہ نکلا

    وانکھیڈے اسٹیڈیم میں نصب مجسمہ ٹنڈولکر کے بجائے اسمتھ سے مشابہ نکلا

    بھارتی منتظمین ورلڈکپ میں ایک کے بعد ایک گُل کھلا رہے ہیں، اس بار ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ٹنڈولکر کے مجسمے کو اسٹیون اسمتھ کے مشابہ بنا ڈالا۔

    سری لنکا اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل وانکھیڈے اسٹیڈیم میں لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی۔ تاہم منتظم کی لاپروائی کے باعث یہ مجسمہ بھارتی بیٹر سے زیادہ آسٹریلین بیٹر اسٹیون اسمتھ سے مشابہت رکھتا ہے۔

    اس مجسمے کو دیکھنے کے بعد عوام کا کافی مزاحیہ ردعمل سامنے آرہا ہے۔ مجسمے میں سچن کو سیدھی ڈرائیو کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ انکا بلا کاندھے سے اوپر موجود ہے۔ ایک نظر میں یہ مجسمہ ہوبہو اسمتھ کی شکل کا لگ رہا ہے۔

    مجسمے کی اسمتھ سے غیر معمولی مماثلت فوراً ہی سوشل میڈیا صارفین بھانپ گئے۔ اسٹیو اسمتھ کے نام سے کئی جعلی اکاؤنٹس بھی میدان میں آگئے اور اس مجسمے پر اپنی رائے دینے لگے۔

    کرکٹ کمیونٹی، شائقین، صحافی اور دیگر بہت سے لوگ بھی اس نئے نصب کیے گئے مجسمے کے کو دیکھ کر اپنی حیرانی کا اظہار کیے بنا نہ رہ سکے۔

    واضح رہے کہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) نے یکم نومبر کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی تھی جس میں سچن ٹنڈولکر کے ایک عظیم الشان مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی جو سچن ٹنڈولکر کے اسٹینڈ کے قریب واقع ہے۔

  • ویڈیو: آگ نے دیو بدھا کے مجسمے کو لپیٹ میں لے لیا

    ویڈیو: آگ نے دیو بدھا کے مجسمے کو لپیٹ میں لے لیا

    چین : صوبے گانسو میں آگ نے دیو بدھا کو لپیٹ میں لے لیا یہ مجسمہ 1998 میں ایک اصلی کی نقل کے طور پر بنایا گیا تھا۔

    چین کے شمال مغربی صوبے گینژو میں بدھا کا دیو ہیکل مجسمے کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دکھا جاسکتا ہے کہ شینڈن کاؤنٹی کے عظیم بدھ مندر میں مورتی شعلوں میں گھری ہوئی ہے۔

    آگ بھجنے کے بعد مجسمہ جزوی طور پر برقرار نظر آیا، لیکن مندر کے کئی حصوں کو نقصان پہنچاہے جبکہ انتظامیہ آگ لگنے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    یہ مجسمہ 1998 میں ایک اصلی کی نقل کے طور پر بنایا گیا تھا جو تقریباً 425 عیسوی کا ہے، اس پرانی تکرار کو چین کے ثقافتی انقلاب کے دوران نقصان پہنچا۔

  • مہاتما گاندھی کا مجسمہ توڑ دیا گیا

    مہاتما گاندھی کا مجسمہ توڑ دیا گیا

    کناڈا میں ایک بار پھر مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔

     میڈیا رپورٹس کے مطابق کناڈا کے برطانوی کولمبیا علاقے میں ایک یونیورسٹی کے احاطہ میں موجود مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے ساتھ توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔

    وینکوور میں واقع بھارت کے قونصلیٹ جنرل نے کہا کہ سائمن فریزر یونیورسٹی کے برنابی احاطہ واقع پیس اسکوائر پر لگائی گئی مہاتما گاندھی کی مورتی کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔

     قونصلیٹ جنرل نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہم امن کے سفیر مہاتما گاندھی جی کی مورتی کو نقصان پہنچانے کے جرم کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘‘

     قونصلیٹ جنرل نے بیان میں یہ بھی کہا کہ کناڈائی افسران اس معاملے کی فوری تحقیقات کرے اور قصورواروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل خالصتان حامیوں کے ذریعہ 23 مارچ کو کناڈا کے اونٹاریو واقع ہیملٹن شہر میں سٹی ہال کے پاس مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا گیا تھا اور اس پر اسپرے پینٹ کیا گیا تھا۔

    مجسمہ پر خالصتان کی حمایت میں اور ہندوستان کی مخالفت میں جملے بھی لکھے گئے تھے ہیملٹن کے اس واقعہ کو پولیس نے ’ہیٹ کرائم‘ قرار دیا تھا۔

  • آرٹ گیلری میں کروڑوں مالیت کا فن پارہ خاتون کے ہاتھ سے گر کر تباہ

    آرٹ گیلری میں کروڑوں مالیت کا فن پارہ خاتون کے ہاتھ سے گر کر تباہ

    امریکا میں ایک خاتون نے آرٹ کی نمائش کے دوران غلطی سے ایک مہنگا اور قیمتی فن پارہ گرا کر توڑ دیا، خوش قسمتی سے مجسمہ انشورڈ تھا اور انشورنس کی رقم سے نقصان کی تلافی ہو جائے گی۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں سجے آرٹ میلے میں اس وقت افراتفری پیدا ہوگئی جب ایک خاتون نے غلطی سے ایک ایسے نایاب فن پارے کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا جس کی قیمت 42 ہزار ڈالر (1 کروڑ 99 لاکھ پاکستانی روپے) تھی۔

    جو فن پارہ گرا وہ نیلے شیشے سے بنا ہوا ایک چھوٹے کتے کا مجسمہ تھا جو معروف آرٹسٹ جیف کونز کے ہاتھ کا بنا ہوا تھا، مجسمہ ایک ریک کے اوپر رکھا ہوا تھا جس پر آرٹسٹ کا سر نیم کونز بھی نمایاں بھی طور پر نظر آ رہا تھا۔

    واقعے کے بعد مصور سٹیفن گیمسن نے فاکس نیوز کو بتایا کہ میں نے ایک خاتون کو وہاں دیکھا جو فن پارے کو تھپتھپا کر دیکھ رہی تھیں اس کے بعد وہ ان کے ہاتھ سے گر کر ٹکڑوں میں تبدیل ہوتا چلا گیا۔

    گیمسن کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں خاتون اس لیے تھپتھپا کر دیکھ رہی تھیں کہ کیا یہ اصل غبارہ ہے۔

    واقعے کے وقت وہاں موجود ایک شخص نے ویڈیو بھی بنائی جس میں آرٹ گیلری کے ملازمین کو شیشے کے ٹکڑے اکٹھے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    آرٹسٹ بینی ڈکٹ کلاؤچ جنہوں نے کونز کے آرٹ ورک کو اسپانسر کیا تھا، نے میامی ہیرالڈ کو بتایا کہ وہ خاتون اس فن پارے کو توڑنا نہیں چاہتی تھیں جبکہ انشورنس کی رقم سے نقصان کی بھی تلافی ہو جائے گی۔

    مجسمہ بنانے والے آرٹسٹ جیف کونز امریکی مصور اور مجسمہ ساز ہیں جو عام زندگی کی اشیا سے متاثر ہو کر فن پارے بناتے ہیں جن میں جانوروں کے غبارہ نما مجسمے بھی شامل ہیں۔

    ان کا کام فنون لطیفہ کے حوالے سے نئے تصورات بھی سامنے لاتا ہے اور ان کا کچھ کام 91 ملین ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔

  • تالاب میں موجود مگر مچھ کا مجسمہ اچانک زندہ ہوگیا

    تالاب میں موجود مگر مچھ کا مجسمہ اچانک زندہ ہوگیا

    فلپائن میں ایک شہری پر اس وقت مگر مچھ نے حملہ کردیا جب وہ اسے مجسمہ سمجھ کر اس کے ساتھ تصویر کھینچ رہا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق 68 سالہ چپاڈا نامی شہری اپنے خاندان کے ساتھ اس تھیم پارک میں آئے تھے، انہیں تالاب میں ایک 12 فٹ طویل مگر مچھ دکھائی دیا جسے وہ مجسمہ سمجھے۔

    68 سالہ بزرگ اس کے ساتھ سیلفی بنانے کے لیے تالاب کے قریب چلے گئے اور اسی وقت مگر مچھ میں حرکت پیدا ہوئی، اس نے اچانک چپاڈا کا بازو اپنے جبڑوں میں دبوچا اور انہیں کھینچ کر تالاب میں لے گیا۔

    ویڈیو یہاں دیکھیں

    چپاڈا کے گھر والے اور وہاں موجود دیگر افراد خوف سے چلانے لگے۔

    خوش قسمتی سے چپاڈا اپنا ہاتھ چھڑا کر تیزی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے بازو سے خون ٹپک رہا ہے۔

    اہل خانہ نے فوراً انہیں اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی سرجری کی۔

    واقعے کے بعد چپاڈا کے اہل خانہ نے پارک انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کیا، انہوں نے کہا کہ تالاب کے قریب کسی قسم کے کوئی وارننگ سائنز نصب نہیں تھے۔ اگر وہاں وارننگ سائنز ہوتے تو وہ کبھی تالاب کے نزدیک نہ جاتے۔

    دوسری جانب پارک انتظامیہ نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخص خود اعتراف کرچکا ہے کہ وہ مگر مچھ کو مجسمہ سمجھے تھے اسی لیے اس کے قریب گئے۔

    انتظامیہ نے چپاڈا کے علاج کے اخراجات اٹھانے کی پیشکش بھی فراہم کی ہے۔

  • پہاڑی سے لٹکنے والی پراسرار خاتون کون تھی؟

    پہاڑی سے لٹکنے والی پراسرار خاتون کون تھی؟

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک شخص کی اس اطلاع پر کہ ایک خاتون پہاڑی کی چوٹی سے لٹک رہی ہے، فائر فائٹرز بھاگم بھاگ ساز و سامان کے ساتھ مذکورہ مقام پر پہنچے، تاہم وہاں پہنچ کر انہیں پتہ چلا کہ مذکورہ ’خاتون‘ دراصل ایک مجسمہ تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق 911 پر کال کی گئی اور بتایا گیا کہ ہوپ رینچ بیچ پر ایک پہاڑی کی چوٹی پر ایک خاتون بے یار و مددگار لٹک رہی ہیں اور گرنے والی ہیں۔

    اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز ٹرکوں، ڈرونز اور دیگر ساز و سامان کے ساتھ خاتون کو بچانے وہاں پہنچے، تاہم جلد ہی انہیں پتہ چلا کہ یہ دراصل ایک مجسمہ تھا جو ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے وہاں رکھا گیا تھا۔

    فائر فائٹرز نے 911 کو کال کرنے کو اچھا اقدام قرار دیا اور کہا کہ کال کرنے والے شہری نے اپنی ذمہ داری پوری کی۔

  • شاہی قلعے کے باہر نصب رنجیت سنگھ کا مجسمہ مسمار، ملزم گرفتار

    شاہی قلعے کے باہر نصب رنجیت سنگھ کا مجسمہ مسمار، ملزم گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہی قلعے کے باہر نصب سکھ سلطنت کے پہلے مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ گرا دیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہی قلعے کے باہر نصب رنجیت سنگھ کا مجسمہ گرا دیا گیا، مجسمے کو علی الصبح کچھ افراد نے گرایا جن میں سے ایک شخص کو بعد ازاں گرفتار کرلیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک باریش شخص گھوڑے پر سوار رنجیت سنگھ کے مجسمے کو گرا رہا ہے جبکہ اس موقع پر کچھ لوگوں نے اسے پکڑ کر روکنے کی بھی کوشش کی۔

    سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ملزم رضوان نے ہتھوڑے سے مجسمے کو نقصان پہنچایا، ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    سی سی پی او نے ایس پی سٹی کو فوری طور پر موقع پر جانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    خیال رہے اس سے قبل بہاولپور میں نصب کیے گئے اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چرائی گئی تھی جس کے ملزم کو بعد ازاں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اسٹک اور گیند چرانے والا ملزم 48 گھنٹے کے اندر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کیا اور اپنے کیے پر شرمندگی ظاہر کی تھی۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سمیع اللہ خان پاکستان کے ہیرو ہیں، سرکاری املاک اور یادگاروں کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

  • سمیع اللہ خان کے مجسمے کی ہاکی اور گیند چرانے والا ملزم گرفتار

    سمیع اللہ خان کے مجسمے کی ہاکی اور گیند چرانے والا ملزم گرفتار

    بہاولپور: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں نصب کیے گئے اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اسٹک اور گیند چرانے والا ملزم 48 گھنٹے کے اندر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان کہروڑ پکا کا رہائشی ہے، اس وقت بہاولپور میں رہتا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر معلومات لے کر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کیا اور اپنے کیے پر شرمندگی ظاہر کی۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سمیع اللہ خان پاکستان کے ہیرو ہیں، سرکاری املاک اور یادگاروں کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

    یاد رہے کہ اولمپیئن سمیع اللہ خان کا مجسمہ چند روز قبل ہی ان کے آبائی شہر کے ایک چوک پر نصب کیا گیا تھا جس کے کچھ دن بعد مجسمے کی ہاکی اسٹک اور گیند چوری ہوگئی تھی۔

    مقامی انتظامیہ نے مجسمے کے ساتھ دوسری ہاکی اسٹک اور گیند نصب کردی تھی تاہم ملزم کی تلاش بھی جاری تھی۔