Tag: محرم

  • ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں 9 محرم کے مرکزی جلوس اور مجالس

    ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں 9 محرم کے مرکزی جلوس اور مجالس

    کراچی: ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں آج 9 محرم کے مرکزی جلوس نکلیں گے اور مجالس کا انعقاد ہوگا۔

    کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے ایک بجے برآمد ہوگا، جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، لاہور میں نو محرم کا مرکزی جلوس اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا۔

    اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنا عشریٰ جی سکس ٹو سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا وہیں اختتام پذیر ہوگا۔

    اسلام آباد پولیس نے جی 6 میں مرکزی جلوس کے لیے سیکیورٹی انتظامات کر لیے، جلوس میں پیدل داخلے کے لیے 2 راستے مختص ہیں، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے مطابق مختص راستوں کے علاوہ داخلے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، داخلی راستوں پر اسکینرز بھی لگا دیے گئے ہیں، جب کہ 3 ہزار افسران و جوان جلوس کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

    9 محرم کے جلوس کے لیے ہمیشہ کی طرح سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور راستے سیل کیے جا چکے ہیں، جلوس کی گزر گاہوں پر موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔


    9 محرم الحرام: پنجاب میں‌ 1 لاکھ سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات


    آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ پشاور میں ڈرونز اور موبائل وینز کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جا رہی ہے، شہر میں 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، صوبے میں 14 اضلاع کو حساس اور 8 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، سیکیورٹی کے لیے آرمی اور ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں۔

    ملتان میں 9 محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بھر میں 166 مجالس اور 80 روایتی جلوس برآمد ہوں گے، ممتاز آباد مرکزی ماتمی جلوس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں محرم کے پرامن جلوس نکالے جا رہے ہیں، لیکن مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کہتی ہیں کہ بھارت مسلسل کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، بین الاقوامی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

  • 9 محرم الحرام: پنجاب میں‌ 1 لاکھ سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات

    9 محرم الحرام: پنجاب میں‌ 1 لاکھ سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات

    لاہور: آج 9 محرم الحرام کو پنجاب میں‌ 1 لاکھ سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 9 محرم الحرام کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آج 1689 عزاداری جلوس اور 3895 مجالس کا انعقاد ہو رہا ہے۔

    لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں، پولیس ترجمان کے مطابق لاہور میں 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔


    9 اور 10 محرم کو طوفانی بارشوں کی پیش گوئی


    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، 30 ہزار کمیونٹی رضا کار سیکیورٹی میں پولیس کی معاونت کر رہے ہیں، انھوں نے تمام مسالک سے اپیل کی ہے کہ امن، رواداری اور افہام و تفہیم کو فروغ دیں۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت جلوسوں کے روٹس، اوقات، اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر عمل لازم ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ ملک دشمن عناصر پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

  • محرم میں شکایات کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم

    محرم میں شکایات کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم

    کراچی: محرم الحرام میں کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس میں ایک مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سیل قائم کیا گیا ہے، جو یوم عاشور تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔

    یہ مانیٹرنگ سیل حکومتی و قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت بلدیاتی اداروں سے رابطے میں رہے گا، خصوصی سیل کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطے کرے گا۔


    پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا


    کنٹرول روم مجالس یا جلوس کے راستوں میں مسائل پر بلدیاتی اداروں سے بھی رابطے میں رہے گا، خصوصی سیل روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ گورنر سندھ کو بھیجے گا۔

    شکایتی سیل کا خصوصی ہیلپ لائن اور واٹس ایپ نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ شہری ہیلپ لائن نمبر 1366/02199204748 پر یا واٹس ایپ نمبر 03162971504 رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • محرم میں ہیٹ ویو کے امکانات، وزیر توانائی نے ڈسکوز کو اہم ہدایات پر مبنی خط لکھ دیا

    محرم میں ہیٹ ویو کے امکانات، وزیر توانائی نے ڈسکوز کو اہم ہدایات پر مبنی خط لکھ دیا

    اسلام آباد: محرم الحرام میں ہیٹ ویو کے پیش نظر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے سلسلے میں وزیر توانائی اویس لغاری نے ڈسکوز کے چیئرمین/ سی ای اوز کو ایک خط لکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ڈسکوز کو لکھے گئے خط میں محرم الحرام کے تناظر میں فوری اقدامات کرنے، اور مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر پیشگی مرمت کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    اویس لغاری نے کہا محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب آ رہا ہے، جس میں ملک بھر میں لاکھوں عزاداران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کریں گے، تاہم رواں سال محرم میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں اس لیے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ مذہبی تقریبات کے دوران عوام کو ہر قسم کی تکلیف سے بچایا جائے، تمام ڈسکوز میں خراب سامان کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے، اویس لغاری نے ڈسکوز کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دینے کے بھی احکامات دیے، اور کہا یوم عاشور پر ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر تعینات کیا جائے اور مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔


    کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان، موسمیات کی پیشگوئی


    انھوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، صارفین، خصوصاً امام بارگاہوں اور مساجد کو کسی بھی شیڈولڈ مرمت یا ممکنہ لوڈ مینجمنٹ کے بارے میں پیشگی آگاہ کریں، حساس مقامات پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

    اویس لغاری کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیر متوقع گرڈ مسئلے کی صورت میں بیک اپ بجلی فراہم کی جائے، محرم کے دوران تکنیکی اور آپریشنل عملے کی 24/7 دستیابی کو یقینی بنایا جائے، تمام سطحوں پر مخصوص کنٹرول سینٹرز قائم کیے جائیں، اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے۔

  • کراچی میں پیر سے کون سی سڑکیں ٹریفک کیلیے بند ہوں گی؟

    کراچی میں پیر سے کون سی سڑکیں ٹریفک کیلیے بند ہوں گی؟

    کراچی میں پیر سے بدھ یعنی 8، 9 اور 10 محرم الحرام کیلیے ٹریفک پولیس نے پلان جاری کر دیا۔

    پلان کے مطابق محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا اور اس دوران ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

    تمام ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ سولجر بازار کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ جلوس کیلیے اسٹیکر والی گاڑیاں شاہراہ قائدین سوسائٹی لائٹ سگنل سے داخلے ہو سکیں گی۔

    محرم میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند رہے گا۔ ناظم آباد سے آنے والے لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور گارڈن سے ہو کر منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔

    لیاقت آباد سے آنے والے تین ہٹی سے لسبیلہ چوک سے بائیں جانب سینٹرل جیل جا سکتے ہیں۔ حسن اسکوائر سے پیپلز چورنگی جانے والے کشمیر روڈ سے شاہراہ قائدین جا سکیں گے۔

    حسن اسکوائر سے آنے والے جیل فلائی اوور سے تین ہٹی سے نشتر روڈ جا سکتے ہیں۔ شارع فیصل سے شاہراہ قائدین اور نمائش جانے والے سوسائٹی لائٹ سگنل سے کشمیر روڈ جا سکتے ہیں۔

    جمشید روڈ سے گرومندر اور ایم اے جناح روڈ جانے والے گرومندر سے بہاردر یار جنگ روڈ سولجر بازار جا سکتے ہیں۔ گارڈن سے ایم اے جناح روڈ جانے والے انکل سریا سے گل پلازہ اور کوسٹ گارڈ کی جانب جا سکتے ہیں۔

  • محرم میں بجلی کا بریک ڈاؤن ناخوشگوار واقعات کا سبب بن سکتا ہے، محکمہ داخلہ سندھ

    محرم میں بجلی کا بریک ڈاؤن ناخوشگوار واقعات کا سبب بن سکتا ہے، محکمہ داخلہ سندھ

    کراچی: محکہ داخلہ سندھ نے ڈسکوز کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم میں بجلی کا بریک ڈاؤن ناخوشگوار واقعات کا سبب بن سکتا ہے۔

    محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ڈسکوز کو مراسلہ لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی کا بریک ڈاؤن سیکیورٹی رسک کے امکانات بڑھا سکتا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ محرم میں مجالس کا اہتمام کیا جاتا ہے جہاں بجلی کی فراہمی لازمی ہوتی ہے، محرم کو ہموار طریقے سے منانے کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    بجلی تقسیم کارکمپنیوں کی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے یکم تا 12 محرم مغرب سے فجر تک بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی ہداہت کی ہے۔

    علمائے کرام کے اجلاس میں وزیرتوانائی سندھ ناصرشاہ نے ہدایت کی کہ حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک رات میں لوڈشیڈنگ سے متعلق عوام کوآگاہ کرے، میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ کیاجائے۔

    ناصر حسین شاپ کا کہنا تھا کہ حیسکو، سیپکو اور کےالیکٹرک کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، رات 12 سے صبح 6 کے درمیان لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • محرم کے دوران انٹرنیٹ بند ہوگا یا نہیں؟ وزارت داخلہ کا اہم بیان آگیا

    محرم کے دوران انٹرنیٹ بند ہوگا یا نہیں؟ وزارت داخلہ کا اہم بیان آگیا

    اسلام آباد : محرم الحرام میں انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے وزرات داخلہ کا اہم بیان سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے دوران انٹرنیٹ کی بندش کے معاملے پر ترجمان وزرات داخلہ نے کہا ہے کہ محرم کے دوران انٹرنیٹ بند کرنے حوالے سے صوبوں کی درخواستوں پر وزارت داخلہ نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، انٹرنیٹ بند کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

    ترجمان وزرات داخلہ نے واضح کیا کہ ابھی کسی صوبےکی درخواست نہ منظور کی نہ ہی مسترد کی۔

    گذشتہ روز ذرائع نے کہا تھا کہ محرم الحرام میں سوشل میڈیا کی بندش کے حوالے سے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کردی گئی۔

    مزید پڑھیں : محرم الحرام میں سوشل میڈیا ایپس بند ہوں گی یا نہیں؟ حکومت نے فیصلہ کرلیا

    ذرائع نے بتایا تھا کہ فیس بک ،ٹک ٹاک ،واٹس اپ سمیت دیگرسوشل میڈیا ایپس بند نہیں ہوں گی اور محرم الحرام میں سیکیورٹی کو فل پروف بنایا جائے گا۔

    وزارت داخلہ نے ہدایت کی تھی سیکیورٹی کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے جبکہ موبائل سگنلز بھی ان جگہوں پر بند ہوں گے جہاں جلوس ،مجالس ہوں گی۔

    یاد رہے مختلف صوبوں کی طرف سے 6 ایپلی کیشنز کو 6 تا11 محرم بند رکھنے کا کہا گیا تھا، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کہا گیا تھا کہ محرم الحرم کی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ،سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم 6 تا 11 محرم تک بند رہیں گے۔

  • محرم کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کوئٹہ میں ہوگا

    محرم کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کوئٹہ میں ہوگا

    کوئٹہ: محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کوئٹہ میں ہوگا، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔

    ایک ہفتے میں 51 لاکھ زائرین کی مسجد نبویؐ آمد

    واضح رہے کہ اسلامی سال کا آغاز محرم الحرام کے مہینے سے ہوتا ہے، سال کا پہلا مہینہ ہونے کی وجہ سے محرم کے مہینے کی اسلام میں خاص اہمیت ہے۔

  • کسی کو یہ حق نہیں وہ کسی کو کافر قرار دے،  محرم کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    کسی کو یہ حق نہیں وہ کسی کو کافر قرار دے، محرم کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    اسلام آباد : اسلامی نظریاتی کونسل کےعلمائے کرام نےمحرم کیلئے 18 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ کسی کویہ حق نہیں وہ کسی کو کافر قرار دے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کےعلمائے کرام نے محرم کیلئے ضابطہ اخلاق کی منظوری دے دی، 18 نکاتی ضابطہ اخلاق پر تمام علمائے کرام کے دستخط موجود ہیں۔

    چیئرمین قبلہ ایاز نے کہا کہ تمام شہریوں کافرض ہےریاست کےساتھ وفاداری ،حلف کونبھائیں ، اسلام کے نام پرجبر بغاوت سمجھی جائے گی اور ریاست کی خلاف مسلح کارروائی ،تشدد اور انتشار بھی بغاوت سمجھی جائےگی۔

    قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ کسی کویہ حق نہیں وہ کسی کو کافر قرار دے، علما ،مشائخ اورعوام سیکیورٹی اداروں کی بھر پور حمایت کریں۔

    ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ فرقہ واریت تعصبات پرمبنی تحریکوں کاحصہ بننےسےگریز کیاجائے، ریاست ایسےگروہوں کیخلاف سخت کارروائی کرے گی۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ کوئی شخص کسی قسم کی دہشت گردی کو فروغ نہیں دے گا اور مساجد،منبرو محراب ،امام بارگاہوں سےنفرت انگیز تقاریر نہیں ہوں گی۔

  • کے الیکٹرک کی 9 اور 10 محرم کو بھی شیڈول کے مطابق شہر میں لوڈ شیڈنگ

    کے الیکٹرک کی 9 اور 10 محرم کو بھی شیڈول کے مطابق شہر میں لوڈ شیڈنگ

    کراچی: کے الیکٹرک کی من مانیاں جاری ہیں، وفاقی حکومت کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دیے، 9 اور 10 محرم کو بھی شیڈول کے مطابق شہر میں لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات کے اوقات میں 2 سے 3 گھنٹے کی کئی بار لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی غائب رہنا معمول بن گیا۔

    وفاقی حکومت کے احکامات کے برعکس کے الیکٹرک 9 اور 10 محرم کو بھی شیڈول کے مطابق شہر میں لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے، مستثنیٰ علاقوں میں بھی رات کوایک سے 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    نشریات کی بندش: اے آر وائی کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    ضلع وسطی اور ضلع شرقی میں سب سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، سر سید ٹاؤن، خواجہ اجمیر نگری، لیاقت آباد، گلبہار، خاموش کالونی، پہاڑ گنج، اور حسرت موہانی کالونی میں بجلی بند ہے۔

    ایف بی ایریا، موسیٰ کالونی، غریب آباد، کریم آباد، عزیز آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، پرانی سبزی منڈی، دھوراجی کالونی، کے ڈی اے اسکیم ون آفیسرز ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھی بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

    اسکاٹ کالونی، ریلوے سٹی کینٹ کالونی، اعظم بستی محمود آباد، کشمیر کالونی، اختر کالونی، عباس ٹاؤن، رضویہ سوسائٹی، انچولی، لانڈھی، کورنگی، اورنگی گلشن ظہور، بلدیہ اتحاد ٹاؤن، منگھو پیر، قصبہ، پاک کالونی، کیماڑی بھی شدید متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔

    مشرف کالونی، نصرت بھٹو کالونی، میٹروول سائٹ، گلشن حدید، گلشن معمار، احسن آباد، کوئٹہ ٹاؤن، صفورہ گوٹھ، بندھانی کالونی میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ایندھن کی خریداری میں دشواری اور ایندھن کی فراہمی میں کمی سے پیداواری صلاحیت متاثر ہورہی ہے، جس کے باعث کچھ علاقوں میں عارضی طور پرلوڈ مینجمنٹ کرنی پڑتی ہے۔ اس کے باوجود صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔بلوں کی عدم ادائیگی اور ٹیکنیکل وجوہ کی بنیاد پر بجلی کی بندش کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا درست نہیں۔ نیشنل پاور پالیسی اور بجلی چوری و نقصانات کی مناسبت سے لوڈشیدنگ کا دورانیہ متعین ہے، جب کہ نقصانات کی شرح میں کمی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی یا خاتمے کا سبب بنتی ہے۔

    شہر کو بجلی کی فراہمی فی الحال 30 جون 2022 کو اعلان کردہ شیڈول کے مطابق جاری ہے جو کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان نے مزید بارش کی پیش گوئی کے تناظر میں شہریوں سے درخواست کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہیں اور بجلی کی تمام تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔ بارش کے پانی میں رکھے ہوئے بجلی کے آلات جیسے کہ پانی کی موٹر وغیرہ کے استعمال سے اجتناب کریں۔
    صارفین کے الیکٹرک سے کسی بھی خطرے یا بجلی کی شکایت 24 گھنٹے کسی بھی وقت کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کے ای لائیو اَیپ، سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور کے الیکٹرک کے وائس اَیپ سیلف سروس پورٹل کے ذریعے کرسکتے ہیں۔