Tag: محرم

  • محرم: تین دن نکالے جانے والے مرکزی ماتمی جلوسوں پر ٹریفک پلان

    محرم: تین دن نکالے جانے والے مرکزی ماتمی جلوسوں پر ٹریفک پلان

    کراچی: 8،9 اور 10 محرم کو نکالے جانے والے مرکزی ماتمی جلوسوں پر ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس نے محرم کے تین دنوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، تینوں جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر کھارادر حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوں گے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق 8 محرم الحرام کا جلوس دوپہر ڈیڑھ بجے برآمد ہوگا، یہ جلوس نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، اور پھر دوبارہ ایم اے جناح روڈ پر آئے گا، پھر یہ جلوس بابائے اردو روڈ سے بارہ امام، پھر ایم اے جناح روڈ سے حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔

    9 محرم کو مارٹن روڈ کی جامع مسجد و امام بارگاہ شاہ نجف سے صبح 9 بجے جلوس برآمد ہوگا، 9 محرم کا جلوس نشتر پارک پہنچے گا، دن 12 بجے کل مرکزی مجلس منعقد ہوگی، جس کے بعد ماتمی جلوس برآمد ہوگا۔

    یہ جلوس نشتر پارک سے نمائش، ایم اے جناح روڈ سے صدر، ریگل سے دوبارہ ایم اے جناح روڈ بولٹن مارکیٹ سے کھارادر پہنچے گا۔

    یوم عاشور کو صبح 8 بجے مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوگی، جس کے بعد ماتمی جلوس برآمد ہوگا، جلوس نمائش ایم اے جناح روڈ سے صدر، ریگل سے ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتا م پذیر ہوگا۔

    8،9 اور 10 محرم کو جلوس کی گزرگاہوں پر عام ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا، شہری متبادل راستہ اختیار کریں، عوام کی رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ڈائیورژن پر موجود ہوگی۔

  • محرم الحرام: مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے ایس او پیز جاری

    محرم الحرام: مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے ایس او پیز جاری

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے ایس او پیز اور ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام کے سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق مجالس اور جلوسوں میں کرونا ایس ایس او پیز کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے، مجالس میں شرکا ماسک لازمی پہنیں گے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق مجالس میں شرکت کے لیے زاکرین کو کرونا وائرس کی ایک ڈووز لازمی لگوانا ہوگی، اور مجالس میں بچوں اور بزرگ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ زاکرین ٹی وی پر مجالس کے دوران بھی کرونا کے باعث لوگوں کو گھروں پر رہنے کی تلقین کریں۔

    ضابطہ اخلاق کے مطابق مجالس کی جگہیں کھلی اور کشادہ ہوں، مجالس میں کرونا ایس او پیز کے تحت 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا، یکم محرم الحرام سے مجالس کی جگہوں پر شرکا کی کرونا ویکسینیشن شروع کی جائے۔

    مجلس میں محکمہ صحت کی ہیلپ ڈیسک قائم کر کے نزلہ زکام سمیت بخار کی علامات کی صورت میں ایسے شہریوں کا داخلہ روکا جائے گا۔

  • پنجاب میں محرم کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات مکمل

    پنجاب میں محرم کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات مکمل

    لاہور : پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے محرم کے حوالے سےسیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے ہیں ، 24گھنٹے 600سے زائد کیمروں سے جلوسوں کے راستوں کی نگرانی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے محرم کے حوالے سےسیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے، جلوسوں کے راستوں پر 600 سے زائد کیمروں سے   24گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    اتھارٹی نے لاہور پولیس کے ساتھ جلوسوں کے راستوں کا سروے بھی مکمل کرلیا ہے، اتھارٹی مزید 26پوائنٹس پر پورٹ ایبل کیمرے بھی نصب کرے گی جبکہ جلوس کے راستوں پر اتھارٹی کی موبائل کمانڈ وہیکل سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    سینٹر  سے 3شفٹوں میں 230سے زائدپولیس کمیونیکیشن افسران ڈیوٹی انجام دیں گے۔

    یاد رہے محکمہ داخلہ پنجاب نے 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع لاہور سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل پر ڈبل سوار پر پابندی عائد کردی ہے۔

    پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج اور رینجرز کو طلب کر لیا ہے اور پاک فوج اور رینجرز کی نفری کے لئے ریکوزیشن وفاق کو بھجوا دی ہے، جس کے مطابق پاک فوج کی تریسٹھ اور رینجرز کی تنتالیس کمپنیاں مانگی گئی ہیں۔

  • این سی او سی کی محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    این سی او سی کی محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے صوبوں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی، جب کہ صوبائی حکام نے ویڈیو لنک پر کرونا صورت حال سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی، اور این سی او سی کو ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

    این سی او سی نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں میں حفاظتی خطوط یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، اور اس سلسلے میں مذہبی فرقوں، علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

    اجلاس میں اسد عمر نے کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور میں ایس او پیز پر سختی سے پابندی کو سراہا، انھوں نے محرم کی مجالس اور جلوسوں میں عوام کے حفاظتی طرز عمل کی تعریف کی، اور صوبوں کو ہدایت کی کہ محرم میں ایس او پیز کی سختی سے نگرانی کی جائے۔

    محرم الحرام ، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں الرٹ جاری، عملے کی چھٹیاں منسوخ

    اسد عمر نے کہا وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے صحت کے رہنما اصولوں کو یقینی بنایا جائے، مجالس کے داخلی راستوں پر ماسک، سینی ٹائزر اور اسکینرز لازم کیے گئے ہیں، ایس او پیز کے ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال برقرار رکھنا بھی اہم ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں کرونا صورت حال بگڑ سکتی ہے، عوام کے تعاون سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    دریں اثنا، صوبائی چیف سکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے این سی او سی کو اقدامات سے آگاہ کیا اور بریفنگ میں کہا کہ صوبائی انتظامیہ کی مرکزی توجہ محرم کے حوالے سے انتظامات پر مرکوز ہے۔

  • محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے: عثمان بزدار

    محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے جبکہ فرقہ واریت کے سدباب کے لیے بھی ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ محرم میں ضابطہ اخلاق پر عمل 200 فیصد یقینی بنایا جائے، جلوسوں اور مجالس میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ کرونا وائرس پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے، ایس او پیزکی خلاف ورزی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے، جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ محرم میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، فرقہ واریت کے سدباب کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے ایس او پیز جاری کیے ہیں جن میں دوران مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام اور سینی ٹائزر ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔

    ایس او پیز کے مطابق شرکا کسی بھی چیز بالخصوص سبیلوں میں استعمال ہونے والے برتن، ٹرالی، دروازوں اور دیگر اشیا کو چھونے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں اور دوران مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام، سینی ٹائزر، ٹشو اور کوڑے دان کا ہونا لازم ہے۔

    پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سیکریٹری کا کہنا ہے کہ جس ہال میں مجلس کا اہتمام کیا گیا ہو وہاں کوڑا بشمول ماسک کے تدارک کے لیے ڈھکن والے کوڑے دان لازمی ہوں، بلا ضرورت کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے پرہیز کیا جائے۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجالس، جلوس اور دیگر سرگرمیوں کے دوران شرکا کے پاس ہر وقت سینی ٹائزر ہونا لازم ہے، محرم الحرام کے جلوس اور ریلیوں میں تمام شرکا اور عزاداران کا ماسک پہننا لازمی ہے جبکہ مجالس میں صرف ان ذاکرین کو بیان کی اجازت ہوگی جن کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی ہو۔

  • وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا: مشترکہ اعلامیہ

    وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا: مشترکہ اعلامیہ

    اسلام آباد: وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت علما کرام اور دیگر محکموں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے اجتماعات میں احتیاطی تدابیر اور مسلکی رواداری کے فروغ پر زور دیا گیا۔

    محرم الحرام کے تناظر میں ہونے والے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام مکاتب فکر محبت، رواداری، افہام و تفہیم قائم رکھنے کی خلوص دل سے کو شش کریں گے، اور مسلکی تنازعات باہم مشاورت اور سنجیدہ مکالمے کے ذریعے طے کیے جائیں گے۔

    مشترکہ اعلامیے کے مطابق عوامی پلیٹ فارمز سے مخالفین کے خلاف طعن و تشنیع سے اجتناب کیا جائے گا، وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

    اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ علما واقعہ کربلا کے تناظر میں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو بھی دنیا تک پہنچائیں، ملک دشمن عناصر مسلکی تعصب کو ہوا دے کر انتشار پھیلاتے ہیں، اکابر اور علما ان انتشار پھیلانے والوں سے لاتعلقی کا اظہار کریں۔

    پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کسی سوچ اور فکر کو اپنانا غلط نہیں، بلکہ دوسروں پر اسے مسلط کرنا غلط ہے۔

    انھوں نے وبا کے حوالے سے کہا کہ کرونا وبا کی صورت حال بہتر ہے لیکن لاپرواہی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے مسلکی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ہم آہنگی کو عام کیا جائے۔

  • وزارت مذہبی امور کا  محرم میں صحت عامہ کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کا فیصلہ

    وزارت مذہبی امور کا محرم میں صحت عامہ کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کا فیصلہ

    کا اسلام آباد : وزارت مذ ہبی امور نے محرم میں صحت عامہ کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کا فیصلہ کرلیا اور کہا محرم الحرام کے دوران علما سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے محرم میں صحت عامہ کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کا فیصلہ کرلیا ، وفاقی وزیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے علمائےکرام سے رابطے میں ہوں، محرم الحرام کے دوران علما سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔

    وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ علمائے کرام سے ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی درخواست کی ہے، محرم ضابطہ اخلاق کی تیاری کیلئے علماسے مشاورت جاری ہے ، محرم کے جلوسوں کی گائیڈ لائنز کیلئے علما سے تعاون طلب کیا ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ محرم کے ضابطہ اخلاق، گائیڈ لائنز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، محرم ضابطہ اخلاق اور گائیڈلائنز پر عمل نہ کرنے پر کورونا کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ مختلف شعبہ جات سےمنسلک افرادکی ٹیسٹنگ وٹریکنگ کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 539 مریضوں کے ٹیسٹس مثبت آئے جبکہ 15 افراد جاں بحق ہوئے ، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 660 اور اموات کی تعداد 6 ہزار 97 ہوگئی۔

  • کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    بغداد: عراقی شہر کربلا میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے.

    تفصیلات کے مطابق عاشورہ کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    عراقی حکومت کے مطابق جلوس کی گزر گاہ کا ایک حصہ منہدم ہونے سے یہ ہول ناک حادثہ پیش آیا، اس واقعے سے بھگدڑ  مچ گئی اور کئی افراد اس کی لپیٹ میں‌ آگئے.

    عراقی وزرات صحت نے تصدیق کی ہے کہ عاشورہ کے جلوس میں ریلے تلے کچلے جانے سے 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ 31 افراد جہان فانی سے کوچ کر گئے.

    عراقی حکام نے اس ضمن میں جلد مزید تفصیلات اور فہرست جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے.

    خیال رہے کہ آج کے روز لاکھوں زائرین کربلا میں اکٹھے ہو کر نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کا غم مناتے ہیں.

    یاد رہے کہ  شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مجالس اور جلوس  کا اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں عزادار نوحہ خوانی اور ماتم  شہدا سے  اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • سعودی خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی

    سعودی خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی

    ریاض: سعودی عرب میں حکومت نے خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی، اس سے قبل سعودی خواتین کو بیرون ملک جانے، شادی کرنے، اپنا پاسپورٹ بنوانے یا اس کی تجدید کروانے کے لیے محرم کی اجازت درکار تھی۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکومت نے گارجین شپ (سرپرست) قانون میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے 21 سال سے زائد عمر کی خواتین کو بیرونِ ملک سفر کے لیے محرم کی موجودگی یا اس کی اجازت کو غیر ضروری قرار دے دیا۔

    رپورٹ کے مطابق 18 سال سے کم عمر خواتین بھائی، والد و دیگر رشتے دار کے ساتھ ہی بیرون ملک جانے کی مجاز ہوں گی جبکہ شناختی کارڈ کی حامل خواتین کو مردوں کی رضامندی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سرپرست قانون میں ترمیم کر کے اسے منظوری کے لیے فرمانروا کو بھیجا گیا تھا اور ان کی منظوری کے بعد گزشتہ روز سے یہ قانون نافذ کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے امریکا میں تعینات سعودی سفیر ریما بنت بندر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ ریما سعودی عرب کی جانب سے مقرر کی جانے والی پہلی خاتون سفیر ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب وژن 2030 کے تحت روشن خیالی کی طرف تیزی سے گامزن ہے، اس ضمن میں گزشتہ برس نہ صرف خواتین کو گاڑیاں ڈرائیو کرنے کی اجازت دی گئی بلکہ انہیں اب اسٹیڈیم میں بغیر محرم کے فٹبال میچ دیکھنے کی بھی اجازت ہے اور مختلف شعبوں میں ملازمتیں بھی دی جارہی ہیں۔

  • سعودی حکومت نے بھارتی خواتین کےلیے حج قوانین میں نرمی کردی

    سعودی حکومت نے بھارتی خواتین کےلیے حج قوانین میں نرمی کردی

    نئی دہلی : سعودی حکومت نے بھارتی شہریوں کے لیے حج قوانین میں نرمی کرکے خواتین کو بغیر محرم کے حج کرنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج کے لیے سخت قوانین نافذ ہیں جس کے تحت خاتون اپنے محرم کے بغیر حج کےلیے نہیں جاسکتی لیکن سعودی حکومت نے بھارتی حکومت کی درخواست پر حج قوانین میں نرمی کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی تجویز قبول کرتے ہوئے سعودی عرب نے 45 برس یا اس سے زائد عمر کی خواتین کو بغیر محرم کے آنے کی اجازت دے دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے بغیر محرم کے آنے والی خواتین کے لیے ایک شرط رکھی ہے جس کے تحت خواتین کو 4 حاجیوں کے گروپ میں سعودی عرب جانا ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کی وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے سنہ 2014 میں سعودی عرب سے 45 برس یا اس سے زائد عمر کی خواتین پر محرم کے ساتھ آنے کی پابندی اٹھانے کی درخواست دی گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جن خواتین کو استثنیٰ دیا گیا ہے وہ چار حاجیوں کے گروپ میں بغیر محرم کے حج کے لیے سعودی عرب جاسکتی ہیں لیکن انہیں اپنے اپنے مکتب فکر سے بھی اجازت لینی ہوگی۔