Tag: محسن حسن خان

  • پی سی بی کرکٹ کمیٹی اجلاس، اظہر علی ٹیسٹ کپتان بننے کے مضبوط امیدوار

    پی سی بی کرکٹ کمیٹی اجلاس، اظہر علی ٹیسٹ کپتان بننے کے مضبوط امیدوار

    لاہور: پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی اجلاس میں تجاویز اور سفارشات مرتب کرلی گئیں جس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کا کپتان بننے کے لیے اظہرعلی مضبوط امیدوار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی اجلاس میں زیادہ تر ارکان نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو توسیع دینے کی مخالفت کردی، سفارشات اور تجاویز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوادی گئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے کپتان بننے کے لیے اظہر علی مضبوط امیدوار ہیں، سرفراز احمد کی تینوں فارمیٹ میں کپتانی پر بھی اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔

    چیف سلیکٹر کے لیے کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے نام زیر غور آئے ہیں، محسن خان چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

    اجلاس کے دوران تمام اراکین نے بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کے لیے قومی ٹیم کا نائب کپتان بنانے اور مستقبل میں قیادت کے لیے تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے کریں گے۔

    مزید پڑھیں: ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے شاداب خان کا نام ٹی ٹوینٹی کپتان کیلئے تجویز کردیا

    واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے محدود اوورز کی کپتانی کے لیے شاداب خان کا نام تجویز کیا تھا۔

    ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق کرکٹ کمیٹی کے ارکان نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے سخت سوالات کیے تھے، جس پرمکی آرتھر جوابات سے مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    کمیٹی نے سوال کیا تھا کہ چیمپئنزٹرافی جیتنے والی ٹیم کی کارکردگی نیچے کیوں گئی ؟جس پر ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کارکردگی گرنے کی کئی وجوہات ہیں جن میں فیلڈنگ اہم ہے۔

  • محسن حسن خان پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے مستعفی

    محسن حسن خان پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے مستعفی

    لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان نے پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے مستعفی ہوگئے، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے محسن حسن خان کا استعفیٰ قبول کرلیا۔

    چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ محسن حسن خان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ان کی خدمات پر شکر گزار ہیں۔

    واضح رہے کہ محسن حسن خان کے استعفیٰ کے بعد ایم ڈی پی سی بی خان وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

    سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے مستقبل میں کرکٹ کے لیے میری خدمات حاضر ہوں گی۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کے بعد سب کا احتساب ہوگا، پی سی بی گورننگ باڈی اجلاس میں فیصلہ

    یاد رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ سال اکتوبر میں چار کمیٹی کرکٹ کمیٹی تشکیل دی تھی جس کا چیئرمین محسن حسن خان کو بنایا گیا تھا، کمیٹی کے دیگر ارکان میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور ویمن ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کی تینوں فارمیٹ میں گزشتہ تین برس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے اختیارات ایم ڈی وسیم خان کو منتقل کردئیے گئے تھے جس کی منظوری لاہور میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔

    کپتان کی تقرری، سلیکشن کمیٹی کی تعیناتی کا اختیار بھی ایم ڈی وسیم خان کے سپرد کردیا گیا، ٹیم انتظامیہ کی تعیناتی بھی اب وسیم خان کریں گے۔

  • پی سی بی کی چار رکنی کرکٹ کمیٹی، محسن حسن خان سربراہ مقرر

    پی سی بی کی چار رکنی کرکٹ کمیٹی، محسن حسن خان سربراہ مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کردی، سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے.

    تفصیلات کے مطابق آج پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے کمیٹی ارکان کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کی، جس میں‌ کمیٹی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی گئی.

    اس چار رکنی کمیٹی میں مایہ ناز فاسٹ بالر وسیم اکرم، پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور ویمن ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز شامل ہیں.

    اس موقع پر کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان نے کہا کہ ٹیم میں فیورٹ ازم نہیں ہوگا،صرف میرٹ پرکام کریں گے، ہم مقدارنہیں معیار پرفوکس ہوگا۔

    مزید پڑھیں: متنازعہ ٹی 10 لیگ پر پی سی بی کے تحفظات برقرار، سخت شرائط عائد

    پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ مدثر نذر  بھی اس کمیٹی کی مشاورتی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    یہ کرکٹ کمیٹی کرکٹ اور کرکٹرز کے معاملات کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی پالیسی فیصلوں سے قبل چیئرمین سے مشاورت کرے گی۔

    اس موقع پر عروج ممتاز، وسیم اکرم اور مصباح الحق نے اظہار خیال اور امید ظاہر کی کہ یہ کمیٹی کرکٹ کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرے گی۔