Tag: محمد الجدعان

  • کرونا وائرس بحران: سعودی وزیر خزانہ کا اہم بیان

    کرونا وائرس بحران: سعودی وزیر خزانہ کا اہم بیان

    ریاض: کرونا وائرس بحران کے تناظر میں سعودی وزیر خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت میں معاشی سرگرمیاں مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ کرونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں ہماری نئی منزل معاشی سرگرمیوں کی مرحلہ وار بحالی ہے۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا اسکیم کے تحت سماجی اور صحت سے متعلق صورت حال کو بہتر کرنے کے لیے نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کا فیصلہ وزارت صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کیا گیا ہے۔

    سعودی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی اسکیمیں جاری رہیں گی، ذرایع آمدنی میں تنوع پیدا کرنے کے لیے نجی اداروں کا کردار مضبوط بنایا جائے گا، ملکی پیداوار کو فروغ دینے کی پالیسی جاری رہے گی، حکومت چاہتی ہے کہ صحت کے تحفظ کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں میں توازن ہو۔

    محمد الجدعان کا کہنا تھا حکومت قومی بجٹ سے ترقیاتی منصوبوں کو فنڈ فراہم کرتی رہے گی، اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبے بڑے پیمانے پر نجی اداروں کو دیے جائیں گے، ترقیاتی فنڈ اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ شرح نمو کو بہتر بنانے میں اہم کردارادا کریں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ مارچ اور اپریل کے مہینوں میں مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے 150 ارب ریال استثنائی طور پر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کو دیے، یہ اقدام بہت سوچ سمجھ کر کیا گیا۔ الجدعان کا کہنا تھا کہ اقتصادی سرگرمیاں جلد بحال کرنے کے لیے عوام کو صحت سے متعلق حکومتی اقدامات کی زیادہ سے زیادہ پابندی کرنی چاہیے۔

  • کرونا وائرس بحران: سعودی وزیر خزانہ کا اہم اعلان

    کرونا وائرس بحران: سعودی وزیر خزانہ کا اہم اعلان

    ریاض: سعودی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مملکت کی جانب سے سخت اقدامات کیے جائیں گے جو تکلیف دہ ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کرونا اثرات سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کا عندیہ دے دیا ہے، انھوں نے کہا کہ کرونا بحران سے نمٹنے کے لیے مملکت کے سامنے تمام آپشنز کھلے ہیں، بجٹ اخراجات میں بھی کمی لانا ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب تک مملکت کی جانب سے جو اہم اقدامات کیے گئے ہیں ان میں نجی شعبے کو امداد کی فراہم بھی شامل ہے، کیوں کہ سعودی ملازمین کا روزگار جاری رکھنا حکومت کی ترجیح ہے، سعودی عرب میں اب تک 180 ارب ریال کی امداد دی جا چکی ہے۔

    ٹی وی العربیہ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا سعودی عرب کرونا وبا سے متاثرہ عوام کی مدد کرنے کے حوالے سے پُر عزم ہے، ہمارے سامنے نجی سیکٹر میں سعودیوں کے روزگار کو تحفظ دینا اور بنیادی ضرورتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا اہم ہدف تھا، جو اقدامات کیے گئے وہ مناسب اور بر وقت تھے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے عالمی منڈی سے بڑا قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم یہ کافی نہیں، حکومت کو بجٹ اخراجات کو بھی دیکھنا ہوگا، شہریوں کو کم سے کم نقصان ہونے کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ پہلی سہ ماہی میں بجٹ کے اعداد و شمار کے اثرات بڑی سطح پر ظاہر نہیں ہوئے، کرونا وائرس سے ہونے والے حقیقی اثرات دوسری سہ ماہی میں ظاہر ہوں گے، دنیا اور سعودی عرب میں اقتصادی و معاشی حالات اب اس طرح نہیں ہو سکتے جیسا کہ کرونا وبا سے پہلے تھے، آمدنی میں بڑی حد تک ڈرامائی انداز میں کمی آئی ہے، خواہ وہ تیل کی آمدن ہو یا دیگر وسائل۔

    محمد الجدعان نے انٹرویو میں بتایا کہ حکومت اب اس وبا سے نمٹنے کے لیے بڑے آپشنز پر غور کر رہی ہے، موجودہ صورت حال میں یہ ضروری ہے کہ بعض منصوبوں میں توسیع اور سفر کے اخراجات کو کم کیا جائے۔