Tag: محمد الفائد

  • محمد الفائد نے برطانوی شاہی خاندان پر کس سازش کا الزام عائد کیا؟

    محمد الفائد نے برطانوی شاہی خاندان پر کس سازش کا الزام عائد کیا؟

    بدھ 30 اگست کو 94 برس کی عمر میں جہانی فانی سے کوچ کرنے والے مصری ارب پتی محمد الفائد 26 برس قبل اس وقت عالمی خبروں کی زینت بنے تھے، جب انھوں نے اپنے بیٹے دودی الفائد اور لیڈی ڈیانا کی موت کا ذمہ دار برٹش اسٹیبلشمنٹ کو قرار دیا تھا۔

    اپنے حسن، باغی خیالات اور شاہی خاندان کے ساتھ اختلافات کے باعث دنیا بھر کے میڈیا میں شہرت حاصل کرنے والی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا اور دودی الفائد کے افیئر کی خبریں عام ہو گئی تھیں، یہ 31 اگست 1997 کا دن تھا جب وہ دونوں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک انڈر پاس میں گزرتے ہوئے کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

    اس حادثے میں لیڈی ڈیانا کی ہلاکت پر پوری دنیا نے غم و اندوہ کا اظہار کیا، دوسری طرف دودی الفائد کو پہلی بار لوگوں نے پہچانا، اس حادثے نے ان کے والد محمد الفائد کے دل و دماغ پر اتنا شدید اثر مرتب کیا کہ وہ دنیا ہی سے کٹ گئے اور اپنی زندگی کا زیادہ تر وقت گھر والوں کے ساتھ ہی غم میں گزارنے لگے، وہ کہتے تھے کہ دودی کی موت ان کے لیے سوہان روح ثابت ہوئی ہے۔

    ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے دودی الفائد کے والد انتقال کر گئے

    اس کے بعد محمد الفائد نے اپنے متعدد انٹرویوز میں کہا کہ دودی اور ڈیانا کی موت دراصل برطانوی شاہی خاندان کی سازش کی وجہ سے ہوئی، وہ کھلے عام ان اموات کے لیے لیڈی ڈیانا کے سابق شوہر چارلس کو ذمہ دار قرار دیتے تھے۔

    موجودہ برطانوی بادشاہ چارلس نے 1981 میں لیڈی ڈیانا سے اس وقت شادی کی تھی، جب وہ شہزادے تھے، یہ شادی 1996 تک چلی۔ محمد الفائد نے یہ بھی کہا تھا کہ ڈیانا ان کے پوتے کی ماں بننے والی تھیں، تاہم وہ اپنے ان دعوؤں کو کبھی ثابت نہ کر سکے۔

    واضح رہے کہ ان کے بیٹے کی برسی 31 اگست کو ہوتی ہے، یوں اپنے بیٹے کی 26 ویں برسی سے ایک دن قبل ان کا انتقال ہوا ہے۔

  • ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے دودی الفائد کے والد انتقال کر گئے

    ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے دودی الفائد کے والد انتقال کر گئے

    لندن: مصری نژاد برطانوی تاجر محمد الفائد 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر میں پیدا ہونے والے ارب پتی تاجر محمد الفائد انتقال کر گئے، ان کے اہل خانہ نے تصدیق کر دی ہے۔ محمد الفائد کے بیٹے دودی الفائد برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے۔

    محمد الفائد لندن میں واقع معروف اسٹور ہیرڈز اور فٹبال کلب فلہام کے مالک بھی رہ چکے تھے، 1997 میں ڈیانا کے ساتھ پیرس میں کار حادثے میں بیٹے کی ناگہانی ہلاکت نے انھیں نڈھال کر دیا تھا۔

    انھوں نے بیٹے کی موت پر برسوں تک سوگ منایا، اور برطانوی اسٹیبلشمنٹ کو اپنے بیٹے کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف برسوں تک لڑتے رہے۔

    محمد الفائد کی موت کی خبر جمعہ کو فلہام فٹبال کلب کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری کیا گیا، جس میں ان کے اہل خانہ نے موت کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ بدھ 30 اگست کو انتقال کر گئے۔

    واضح رہے کہ محمد الفائد کو اس بات کا یقین تھا کہ دودی اور ڈیانا کو ملکہ الزبتھ دوم کے شوہر شہزادہ فلپ نے سازش کے تحت قتل کیا تھا۔