Tag: محمد بن سلمان

  • محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف وزارتِ داخلہ کا ایکشن

    محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف وزارتِ داخلہ کا ایکشن

    اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کے لیے وزارتِ داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور متعلقہ محکموں کو خط ارسال کردیا۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد، تمام صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کو خط ارسال کیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر چند تنظیمیں اور اُن سے وابستہ افراد ولی عہد کی آمد سے متعلق منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں، اب تک فیس بک کے 5 مختلف پیجز، 19 فیس بک اکاؤنٹس اور 20 ٹویٹر اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی جو بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔

    وزارتِ داخلہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم اور پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ مذکورہ اکاؤنٹس کو فوری بلاک کر کے ان کو چلانے والوں اور ایڈمنز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے، اس ضمن میں حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے جبکہ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔

    محمد بن سلمان کا طیارہ جیسے ہی پاکستان کی حدود میں داخل ہوگا انہیں پاک فضائیہ کا شیر دل اسکواڈ جے ایف 17 سے فضاء میں سلامی دے گا جبکہ 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی۔ حکومت نے شاہی مہمان کی آمد کے موقع پر شاہی انتظامات کیے، تین سو جدید گاڑیوں کی بکنگ جبکہ ہوٹلز کی بکنگ بھی کرلی جبکہ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان آمد پر وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے متبادل ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔

  • سعودی ولی عہد کی آمد، ٹریفک پلان جاری، ڈبل سواری بند رہے گی

    سعودی ولی عہد کی آمد، ٹریفک پلان جاری، ڈبل سواری بند رہے گی

    اسلام آباد: شہر اقتدار میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے موقع پر ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، دو دن تک کسی قسم کا ہیوی ٹریفک شہر میں داخل نہیں ہوسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کے متبادل راستوں کا پلان جاری کردیا گیا ہے، 16 فروری صبح دس بجے سے 17 فروری رات دس بجے تک یہ ٹریفک پلان نافذ العمل رہے گا۔

    ٹریفک کی بروقت اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لیےشہریوں کو چاہیے کہ اپنی گاڑیوں میں ٹریفک پولیس کا ریڈیو اسٹیشن ایف ایم 92.4 ٹیون کرکے رکھیں اور ان دو دنوں میں بلا مقصد سفر سے گریز کریں۔

    ٹریفک ذرائع کے مطابق روات ٹی کر اس سے ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا، کاک پل سے بجانب کرال چوک اسلام آباد ایکسپریس وے ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔

    اسی طرح 26 نمبر چنگی سے اسلام آباد کشمیر ہائی وے پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔ کٹاریاں پل اور نائنتھ ایونیو آئی جے پی روڈ سے بجانب فیض آباد ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔ سترہ میل ٹول پلازہ سے بجانب بجانب اسلام آباد مری روڈ اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔

    دوسری جانب اسلام آباد میں ان دو دنوں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کیے جانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے، پابندی کا اطلاق 16 سے 17 فروری تک ہوگا۔

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اسلام آباد آمد کے موقع پر استقبال کے بعد انہیں وزیراعظم ہاؤس لایا جائے گا، جہاں ولی عہد کوگارڈ آف آنر پیش کیاجائےگا۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرسعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کل دو روزہ دورے پاکستان آئیں گے، محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں آئل ریفائنری سمیت بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے استعمال کے لئے سامان اور لگژری گاڑیاں وزیر اعظم ہاؤس پہنچا دی گئیں ہیں ، اس کے علاوہ شاہی مہمانوں کی رہائش کیلئے آٹھ ہوٹلوں میں ساڑھے سات سو کمروں کی بکنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے میں40رکنی وفد اور شاہی گارڈ کا دستہ ہمراہ ہوگا۔

  • سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے، اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ دورے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے۔

    شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ وفد میں سعودی شاہی خاندان کے افراد، وزرا اور تاجر بھی شامل ہوں گے۔

    سعودی ولی عہد اپنے دورے کے دوران صدر ڈاکٹرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ سے ملاقات کریں گے۔

    سینیٹ کا وفد بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کرے گا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے مختلف طریقوں پرغور کیا جائے گا۔

    سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ، 6 رکنی اعلیٰ سطح سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا

    شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

    پاکستان اور سعودی عرب دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں موثر اور فوری پیشرفت یقینی بنانے کے مختلف طریقوں پر بھی بات چیت کریں گے۔

    دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں موثراور فوری پیشرفت یقینی بنانے کے مختلف طریقوں پر بھی بات چیت کریں گے۔

    واضح رہے کہ اپریل 2017 میں ولی عہد کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔

  • پاکستان اورسعودی عرب کے تاریخی تعلقات پرایک نظر

    پاکستان اورسعودی عرب کے تاریخی تعلقات پرایک نظر

    پاکستان اور سعوی عرب کے درمیان طویل عرصے سے برادرانہ مراسم قائم ہیں ، ملت اسلامیہ کے رشتے میں جڑے  پاکستان اور سعودی عرب میں دوستی کا پہلا معاہدہ شاہ ابن سعود کے زمانے میں 1951ء میں ہوا تھا۔

    سعودی عرب کا شماران چند ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت کی ہے بلکہ پاک بھارت جنگوں میں پاکستان کی باقاعدہ مدد بھی کی ہے۔

    [bs-quote quote=”پاکستان اور سعودی عرب ابتدا سے برادرانہ تعلقات کے رشتے میں بندھے ہیں” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    سعودی عرب کے مقبول ترین بادشاہ ، شاہ فیصل کے دور میں  پاک سعودی تعلقات کو بہت فروغ ملا۔  ستمبر1965ء کی پاک بھارت جنگ میں سعودی عرب نے پاکستان کی بڑے پیمانے پر مدد کی۔

     اپریل 1966ء میں شاہ فیصل نے پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا اور اس موقع پر اسلام آباد کی مرکزی جامع مسجد کے سارے اخراجات خود اٹھانے کا اعلان کیا۔ یہ مسجد آج شاہ فیصل مسجد کے نام سے دنیا بھر میں جانی جاتی ہے۔

     پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ایک بڑے شہر لائل پور کا نام انہی کے نام پر فیصل آباد رکھا گیا جبکہ کراچی کی سب سے بڑی شاہراہ انہی کے نام پر شاہراہ فیصل کہلاتی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک بہت بڑی آبادی شاہ فیصل کالونی کہلاتی ہے اور اسی کی نسبت سے کراچی کے ایک ٹاؤن کا نام شاہ فیصل ٹاؤن ہے۔

    سنہ 1967ء میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان میں فوجی تعاون کا معاہدہ ہوا، جس کے تحت سعودی عرب کی بری، بحری اور فضائی افواج کی تربیت کا کام پاکستان کو سونپ دیا گیا۔ اپریل 1968ء میں سعودی عرب سے تمام برطانوی ہوا بازوں اور فنی ماہرین کو رخصت کر دیا گیا اور ان کی جگہ پاکستانی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔

    شاہ فیصل کے دور حکومت میں سعودی عرب نے 1973ء کے سیلاب میں  پاکستان کی مالی امداد فراہم کی اور دسمبر 1975ء میں سوات کے زلزلہ زدگان کی تعمیر و ترقی کے لیے بھی ایک کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا، جبکہ 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب میں بھی سعودی  عرب کی جانب سے خطیر امداد بھجوائی گئی۔1971 ء میں مشرقی پاکستان کی پاکستان سے علیحدگی پر شاہ فیصل کو بہت رنج ہوا اور انہوں نے پاکستان کی جانب سے تسلیم کرنے کے بعد بھی بنگلہ دیش کو تسلیم نہ کیا۔

    سعودی عرب کی بھرپور حمایت اور کوشش سے پاکستان نے سنہ 1974 میں او آئی سی کے دوسرے اجلاس کی لاہور میں میزبانی کی۔

    سویت یونین  نے جب افغانستان میں جنگ چھیڑی تو پناہ گزینوں کا سیلاب پاکستان میں امڈ آیا۔ سعودی عرب نے ان پناہ گزینوں کی معاونت کے لیے بھرپور مالی امداد فراہم کی۔

     جب پاکستان نے نوے کی دہائی کے آخری سالوں میں ایٹمی دھماکے کیے تو اس وقت ساری مغربی دنیا پاکستان کی مخالف ہوگئی تھی لیکن  سعودی عرب سفارتی میدان میں پاکستان کے

    ساتھ کھڑا رہا، اور ساتھ ہی ساتھ مالی امداد بھی جاری رکھی۔ ایک سال تک 50 ہزار بیرل یومیہ تیل موخر ادائیگی کی بنیاد پر دیا گیا۔

    پاکستان کے لیے ترسیلات کے اعتبار سے سعودی عرب سب سے بڑا ملک ہے۔ سال 2017-18 میں پاکستانیوں نے 4.8 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجی تھیں ، جو کہ کل ترسیلاتِ زرکا 29 فیصد حصہ ہے۔

    اس وقت پاکستان میں سعودی عرب کی 25 کمپنیاں پاکستان میں کام کررہی ہیں۔ دوسری جانب 350 پاکستانی سرمایہ کار سعودی جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹر ہیں۔

    [bs-quote quote=”ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد پر پاکستان کے ساتھ 20 ارب کے معاہدے متوقع ہیں” style=”style-7″ align=”right”][/bs-quote]

    اس وقت 1680 پاکستانی فوجی سعودی عرب میں شاہی افواج کو تربیت فراہم کررہے ہیں جبکہ 1460 فوجی سعودی عرب کی جانب سےاجازت کےمنتطر ہیں۔ دریں اثناء سعودی عرب کے 77 ملٹری کیڈٹ ، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں ٹریننگ لے رہے ہیں۔

    سعودی حکومت کے پاکستان کی موجودہ سیاسی حکومت سے بے مثال تعلقات ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب گئے تو وہا ں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پرسعودی حکومت نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کو تین ارب ڈالر ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے کے لیے دیے۔ دوسری جانب تین  سال تک ہر سال تین ارب ڈالر مالیت کا تیل موخرادائیگی پر فراہم کرنےکا وعدہ بھی کیا ہے۔

    سعودی ولی عہد اس ہفتے پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور ولی عہد کا منصف سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سعودی عرب کے ولی عہد کے اس دورے پر سعودی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف بھی اسلا م آباد موجود ہیں۔

    سعودی عرب نے پاکستان کو دیامر بھاشا، مہمند ڈیم منصوبوں کے لئے فنڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے، دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 37 کروڑ 50 لاکھ سعودی ریال فراہم کئے جائیں گے جبکہ مہمند ڈیم کیلئے 30 کروڑ ریال ملیں گے، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔

    سعودی ولی عہد کے دورے میں بجلی کے 5 منصوبوں کیلئے ایک ارب 20کروڑ 75 لاکھ ریال کے ایم او یو پر دستخط ہوں گے، سعودی عرب کی جانب سے جامشورو پاور پراجیکٹ کیلئے 15 کروڑ 37 لاکھ ریال، جاگران ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 13 کروڑ 12 لاکھ ریال اور شونتر منصوبے کیلئے 24 کروڑ 75 لاکھ ریال فراہم کئے جائیں گے۔

     محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان  کے شہر گوادر میں آئل ریفائنری سمیت مجموعی طور پر  بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔

  • وزیراعظم کی کاوشوں سے  سعودی عرب پاکستان تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں: وزیر خارجہ

    وزیراعظم کی کاوشوں سے سعودی عرب پاکستان تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں: وزیر خارجہ

     اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی کاوشوں سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار  انھوں نے خصوصی پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر تجارت رزاق داؤد اور چیئرمین ورڈ آف انویسمنٹ ہارون شریف بھی موجود تھے.

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا بااعتماد اور قریبی دوست ہے، حکومت میں آئے، تو سعودی عرب سے تعلقات سردمہری کا شکار تھے، وزیراعظم کی ذاتی کاوشوں سے دوطرفہ تعلقات میں خوشگوار تبدیلی آئی۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ سعوی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کی کھل کر امداد کی ، سعودی عرب نے  پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی خطیر رقم دی، وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد ہفتہ سولہ فروری کو پاکستان آئیں گے، پندرہ سے بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں، سعودی عرب 3سال کے لئےمؤخر ادائیگیوں کے لئے تیل فراہم کررہا ہے، سعودی عرب کے ساتھ ایم اویوز پرعمل درآمد کے لئے نیا مکینزم بنا رہے ہیں.

    معاشی واقتصادی بحالی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے : شاہ محمود قریشی

    ان کا کہنا تھا کہ کل اہم دورے پر جرمنی جارہا ہوں، وہاں‌ اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، وزیراعظم عمران خان کو دورہ جرمنی سے متعلق اعتماد میں لیا ہے، کل میری افغان صدر اشرف غنی سے جرمنی میں ملاقات ہوگی، ہماری کوشش ہے علاقائی اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں.

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زلمے خلیل زاد نے حالیہ دورے کے بعد پاکستان سےمتعلق مثبت پیغام دیا، روس، جرمنی، ازبکستان، کینیڈا کے وزیرخارجہ سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن کے مثبت نتائج آئیں گے.

    انھوں نے کہا کہ یہاں اچھی چیز  ہو، تو اس پربھی شک کیاجاتا ہے کہیں سازش تو نہیں ، واضح کرتا ہوں کہ  کوئی سازش نہیں ہورہی، پاکستان یمن جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ لبنانی وزیراعظم کاشکوہ تھا کہ نوازشریف نے وعدے پورے نہیں کئے، لبنانی وزیراعظم نے کہا کہ دوبارہ کوئی ڈیل کی غلطی نہیں کریں گے۔

    سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زونز تشکیل دیےجارہے ہیں، تین زونز پر چین سے بات چیت مکمل ہوچکی ہے: شاہ محمود قریشی

    ان کا کہنا تھا کہ جنرل(ر) راحیل شریف کل پاکستان آئے اورمختلف نشستیں کیں، سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زونز تشکیل دیےجارہےہیں، تین اسپیشل اکنامک زونز پر چین سے بات چیت مکمل ہوچکی ہے ، دنیا کےتمام ممالک تین اسپیشل اکنامک زونز کا حصہ بن سکتے ہیں، گوادر کو دنیا کےلئے اقتصادی راہداری کا حب بنانا چاہتے ہیں، معاشی واقتصادی بحالی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کانفرنس پراپوزیشن جماعتوں نےحکومت کاساتھ دیا، بھارت نےبرطانوی پارلیمنٹیرنز پر کشمیر کانفرنس رکوانے کے لئے دباؤ ڈالا، کشمیریوں نے برطانیہ میں5 فروری کو پہلی باراتنی بڑی تعدادمیں احتجاج ریکارڈکرایا۔

    وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان کو پہلا فون کس نے کیا؟

    اس موقع پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو وزیر اعظم بننے کے بعد پہلا فون سعودی فرمان روا کا آیا تھا، عمران خان کو مبارک باد کا دوسرا ٹیلیفون سعودی ولی عہد کا موصول ہوا.

    وزیراطلاعات فواد چوہدری نئی حکومت کے بعد سعودی عرب سے شروع روابط کے بعد پیچھے نہیں دیکھا.

  • فلسطین کی آزادی، سعودی عرب فلسطینیوں کے شانہ بشانہ ہے، شاہ سلمان

    فلسطین کی آزادی، سعودی عرب فلسطینیوں کے شانہ بشانہ ہے، شاہ سلمان

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب فلسطین کی آزادی کے معاملے پر فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا اور فلسطین کے صدر محمود عباس کی ریاض میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر شاہ سلمان نے اپنی اورمملکت کی مکمل حمایت کا یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ’ہم فلسطین کی آزادی اور فلسطینیوں کے مطالبے کے ساتھ کھڑے ہیں، فلسطین کو آزاد اور علیحدہ ملک تسلیم کیا جانا چاہیے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’مشرقی یروشیلم مسلمانوں کا بیت المقدس اور فلسطین کا دارالحکومت ہے،  امریکا نے فوری طور پر اپنا سفارت خانہ بند کرے۔

    مزید پڑھیں: اسرائیلی فورسز کی نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ، دو نوجوان شہید

    یاد رہے کہ پولینڈ میں ہونے والی امن کانفرنس کے دوران امریکا کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اشارہ دیا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کی خاطر ہم اپنا سفارت خانہ منتقل کرلیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک میں ایران کا کردار تشویشناک حد تک بڑھتا جارہا ہے، تمام ممالک کے سفیر یہاں موجود ہیں انہیں چاہیے کہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سفارت خانے کی ممکنہ منتقلی کے حوالے سے خاموشی اختیار کی، عالمی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم 9 اپریل کو ہونے والے انتخابات کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ فلسطین میں‌ یہودی آباد کاری کو روکے، سعودی عرب

    یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکی صدر نے یروشیلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارت خانہ منتقل کردیا تھا جس پر اسرائیل نے مسرت کا اظہار بھی کیا تھا۔

  • سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی مسجد الحرام آمد، نوافل کی ادائیگی

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی مسجد الحرام آمد، نوافل کی ادائیگی

    ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مکہ مکرمہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مکہ مکرمہ کا دورہ کیا، انہوں نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور خانہ کعبہ کی چھت پر بھی گئے۔

    محمد بن سلمان نے نوافل کی ادائیگی کے بعد مسجد الحرام کا دورہ کرتے ہوئے وہاں نماز کی ادائیگی کے بعد حجر اسود کو بھی بوسہ دیا، اس کے بعد انہوں نے خانہ کعبہ دیگر جگہوں کا بھی دورہ کیا۔

    سعودی ولی عہد نے سعودی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے کعبہ کی اندر کی دیواریں بھی صاف کیں جنہیں عطر عود ملے آب زم زم میں ڈبو کر کپڑے سے صاف کیا جاتا ہے۔

    خانہ کعبہ کی صفائی کا کام عموماً دونوں مقدس ترین مساجد کے جنرل پریزیڈنسی کے حکام کرتے ہیں اور ماضی میں متعدد سعودی بادشاہ کعبہ کی صفائی کے عمل کا حصہ بن چکے ہیں۔

    اس موقع پر انہوں نے مسجد الحرام میں توسیع کے کام اور معتمرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ شاہی عدالت کے مشیر اور کونسل آف سینئر اسکالر کے رکن شیخ سعد بن ناصر الشتری بھی موجود تھے۔

    یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے اور ان کے دورے کی تیاری کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

  • سعودی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس، محمد بن سلمان نے اہم فیصلے لے لیے

    سعودی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس، محمد بن سلمان نے اہم فیصلے لے لیے

    جدہ : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ملک کی دفاعی کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس میں مقامی سطح پر ملٹری سازو سامان بنانے میں معاونت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس جمعرات کے روز ریاض میں منعقد ہوا ، جس میں وزارتِ دفاع کے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

    اجلاس کی صدارت شہزادہ محمد بن سلمان نے کی ، جو اس وقت مملکت میں انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اجلاس میں کونسل کے کردار اور اس کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ کونسل کے قیام کا مقصد وزارتِ دفاع کے اسٹریٹجک معاملات کی نگرانی اور ان میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

    اس میٹنگ میں وزارت کی بنیادی گورننس کونسلز کو فعال کیا گیا جن کے زیر اہتمام پراجیکٹ ریویو اور انویسٹ منٹ بورڈ، کونسل اور آف سروسز اینڈ بزنس، اپوائنٹمنٹ بورڈ اور مشترکہ ملٹری کونسل جیسے معاملات آتے ہیں۔

    نئی گورننس کونسلز کے قیام کا مقصد وزارت دفاع کے فیصلہ سازی کے میکنزم کو بہتربنانا، ادارہ جاتی اور انفرادی سطح پر کارکردگی میں بہتر لانا اور بہتر انداز میں پیسے خرچ کرنا ہے۔

    دفاعی کونسل کے قیام کا ایک اہم مقصد دفاعی ساز و سامان اور اسلحے کو اپ ڈیٹ کرنا اور مقامی سطح پر ملٹری ساز و سامان کی تیاری میں مدد فراہم کرنا بھی ہے۔

  • یمن میں‌ امن و استحکام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، محمد بن سلمان

    یمن میں‌ امن و استحکام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، محمد بن سلمان

    ریاض : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل یقین دہانی کرائی ہے کہ سعودی عرب یمن میں استحکام کیلئے ہر تمام وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے آمادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس سے علاقائی امور اور خانہ جنگی کا شکار ملک یمن کے امن و استحکام سے متعلق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے گفتگو کرتے ہوئے یمن میں امن و امان کے قیام کی کوششوں کیلئے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

    محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت یمنی عوام کے مفادات کا تحفظ چاہتا ہے اور یمن کے امن و استحکام کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران یمن میں متحرک حکومتی افواج اور حوثی جنگجوؤں کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج کے حصول کیلئے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفیتھس کی کوششوں سے حوثی جنگجؤوں اور عرب اتحادی افواج کے درمیان قیدیوں کے تبادلہ ہوا، حوثیوں کی قید سے رہائی پانے والا سعودی شہری موسیٰ العواجی نے ریڈ کراس کے خصوصی طیارے کے ذریعے ریاض پہنچ گیا۔

  • محمد بن سلمان خاشقجی قتل میں ملوث ہیں انہیں سزا ہونی چاہیے، لنڈسے گراہم

    محمد بن سلمان خاشقجی قتل میں ملوث ہیں انہیں سزا ہونی چاہیے، لنڈسے گراہم

    واشنگٹن : امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں محمد بن سلمان ملوث ہیں، ان کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تزشتہ برس ترکی کے دارالحکومت استنبول میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی سے متعلق امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کا کہنا ہے کہ خاشقجی کے قتل کی ذمہ داری محمد بن سلمان پر عائد ہوتی ہے۔

    سینیٹر لنڈسے گراہم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری لانی ہے تو اس کےلیے محمد بن سلمان سے نمٹنا ضروری ہے‘۔

    امریکی سینیٹر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافی کے قتل میں ملوث مشتبہ افراد پر پابندیاں لگانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی اخبار کےلیے کالم تحریر کرنے والے صحافی کے قتل میں ملوث 11 افراد کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع ہوئی ہے جبکہ اٹارنی جنرل نے پانچ ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ جمال خاشقجی کو گزشتہ برس اکتوبر میں ترک دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے گمشدگی کے بعد قتل کیا گیا تھا، ترک حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ خاشقجی کے قتل میں 15 افراد ملوث تھے۔

    مزید پڑھیں : جمال خاشقجی سے متعلق سعودی ٹرائل اقوام متحدہ نے ناکافی قرار دے دیا

    مزید پڑھیں : جمال خاشقجی کے قتل پر مزید شواہد درکار ہیں، امریکی وزیر دفاع

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کی لاش ابھی برآمد نہیں ہوئی ہے، ترک حکام نے دعویٰ کی تھا کہ جمال خاشقجی کو قتل کرنے کے بعد لاش کے ٹکرے کرکے تیزاب میں ڈال دئیے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا کی جانب خاشقجی کے قتل میں ملوث 20 افراد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔