قومی پیسر شاہین آفریدی اور حارث رؤف پی ایس ایل میں مشکلات کا شکار کیوں نظر آرہے ہیں؟ اس حوالے سے محمد حفیظ نے اہم انکشاف کیا ہے۔
اے اسپورٹس کے پروگرام میں میزبان فخرعالم نے ان سے سوال کیا کہ لاہور قلندرز کے دونوں اہم بولرز حارث اور شاہین جدوجہد کا شکار نظر آرہے ہیں جس کے جواب میں سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ یہ لفظ تھوڑا سخت ہوجائے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ شاہیں صحیح بولنگ کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شاہین نئے بال سے آؤٹ نہیں کرسکے، ان کی گیند پر ایک دو کیچز بھی چھوٹ گئے لیکن وہ نیا بال ٹھیک کررہے ہیں۔ شاہین کا سب سے زیادہ مسئلہ یہ ہے کہ آخری دو اوورز میں ان کی وہ اکانومی نہیں رہتی۔ وہاں وہ رنز دیتے ہیں جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر نے بتایا کہ حارث اس وقت جدوجہد شکار نظر آرہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ وہ حارث رؤف نہیں ہے جسے ہم جانتے تھے۔ وہ بال کو صحیح ایریا میں ہٹ نہیں کرپا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پیسر کی لگاتار اچھی پرفارمنس نہیں آرہی جبکہ وجہ یہی ہے کہ سب سے زیادہ آپ کو جو پریشانی ہوتی ہے وہ جسم سے نہیں دماغ سے ہوتی ہے۔ آف دی فیلڈ ایسی چیزیں ہوئی ہیں جو شاید اس کے لیے نقصاندہ ثابت ہورہی ہیں۔
وہ لاہور قلندر کے اہم پلیئر ہیں مگر ذہنی طور پر تکلیف میں ہیں۔ اگر حارث کو تھوڑا آرام دیا جائے اور ان کی جگہ کسی دوسرے بہتر پلیئر کو کھلایا جائے تو یہ لاہور قلندرز کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔