Tag: محمد حفیظ

  • امام الحق نے محمد حفیظ کے بیان کی تصدیق کردی

    امام الحق نے محمد حفیظ کے بیان کی تصدیق کردی

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق نے سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کے بیان کی تصدیق کردی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران 4 سے 5 کھلاڑی ڈریسنگ روم میں سو رہے تھے۔

    اس بیان سے متعلق ایک اسپورٹس شو میں امام الحق سے سوال پوچھا گیا، امام الحق نے اس  واقعے کی تصدیق کرتی ہوئے کہا کہ یہ بات صحیح ہے۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ یہ بات صحیح ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں کچھ کھلاڑی سو رہے تھے مگر وہ ایک پریکٹس میچ تھا اور تھکے ہوئے کھلاڑی صرف سستا رہے تھے۔

    دورہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے چار سے پانچ کھلاڑی۔۔۔۔ محمد حفیظ نے کیا کہا؟

    امام الحق کا کہنا تھا کہ سونے والے کھلاڑیوں میں، میں شامل نہیں تھا مگر یہ پہلی بار نہیں ہوا تھا، اکثر ایسا ہوتا ہے کہ چائے کے وقفے کے دوران کچھ کھلاڑی 10 منٹ کی نیند لے لیتے ہیں۔

    امام الحق نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں فیملی جیسا ماحول ہوتا ہے، ہر کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ گھر کے فرد کی طرح پیش آتا ہے، محمد حفیظ اس وقت ٹیم کے ڈائریکٹر تھے، انہیں کھلاڑیوں کا یوں سونا پسند نہیں آیا تھا۔

    ’’انہوں نے کھلاڑیوں کو میچ کے دوران سونے سے منع کیا تھا اور کھلاڑیوں نے پھر ایسا نہیں کیا تھا، سونے والے کھلاڑیوں پر 500 ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا جس کے بعد یہ معاملہ ختم ہو گیا تھا‘‘۔

    یاد رہے کہ پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد حفیظ نومبر 2023 سے فروری 2024 تک ٹیم ڈائریکٹر اور عبوری ہیڈ کوچ رہے ہیں۔

  • دورہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے چار سے پانچ کھلاڑی۔۔۔۔ محمد حفیظ نے کیا کہا؟

    دورہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے چار سے پانچ کھلاڑی۔۔۔۔ محمد حفیظ نے کیا کہا؟

    سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ ڈریسنگ روم میں پلیئرز کے خراٹوں کی باتیں سامنے لے آئے۔

    سابق انگلش کرکٹ کپتان مائیکل وان اور ایڈم گلکرسٹ سے بات کرتے ہوئے سابق ٹیم ڈائریکٹر محمدحفیظ نے میچوں کے دوران ٹیم کے نظم و ضبط کی کمی کا انکشاف کیا۔

    سابق ٹیم ڈائریکٹر محمدحفیظ نے انکشاف کیا کہ دورہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے چار سے پانچ کھلاڑی ڈریسنگ روم میں سو رہے تھے، بطور ٹیم ڈائریکٹر میں کھلاڑیوں کو سونے کی اجازت کیسے دے سکتا تھا۔

    ہنسی مذاق کے ساتھ جواب دیتے ہوئے مائیکل وان نے کہا کیا وہ تھک گئے تھے؟ جس پر حفیظ نے سنجیدہ لہجے میں بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں واقعی میں نہیں جانتا۔

    محمد حفیظ نے کہا کہ اگر آپ فاسٹ بولر بھی ہیں تو بھی آرام کیسے کرسکتے ہیں؟ کھلاڑی کا دھیان ہر وقت گیم پر ہونا چاہیے، میچ کے بعد آپ کیا کرتے ہیں مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں لیکن جب تک مقابلہ جاری ہے اپ لوگوں کی پوری توجہ اسی پر ہونی چاہیے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ میری یہ بات میڈیا کو پسند نہیں آئی جس کی وجہ سے الٹا مجھے ہی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، یاد رہے کہ یہ واقعہ دورہ آسٹریلیا کے دوران پیش آیا تھا اس حوالے سے رپورٹ بھی شائع ہوئی تھی۔

  • اعظم خان کی فٹنس سے متعلق محمد حفیظ کا اہم انکشاف

    اعظم خان کی فٹنس سے متعلق محمد حفیظ کا اہم انکشاف

    قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ماضی میں اعظم خان کی فٹنس کے حوالے سے بورڈ اور ان کے ذاتی ٹرینر کو کام کرنے پر آمادہ کیا، لیکن اعظم خان کوئی تبدیلی نہ لاسکے۔

    قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر اور کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ جارح مزاج اعظم خان کے ساتھ بطور ڈائریکٹر کرکٹ ان کا تجربہ مایوس کن رہا۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ پوری ٹیم 2 کلومیٹر کا فاصلہ دس منٹ میں طے کرے تو یہی کام کرنے کے لیے اعظم خان 20 منٹ کا وقت لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اعظم خان خود بین الاقوامی کرکٹ کے لیے سنجیدہ سوچ کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اعظم خان بین انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ سابق کپتان محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے 392 بین الاقوامی میچ کھیلے، انہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کی۔

    دوسری جانب قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ قریب آکر ہار جائیں تو بہت دکھ ہوتا ہے۔

    نجی ٹی وی سے کرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ امریکا اور بھارت کے خلاف ہماری ٹیم نے توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی جس پر عوام کے ساتھ ساتھ ہم بھی دکھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ میچ کافی کلوز تھا ایک وقت ایسا تھا کہ ہم جیتنے کے قریب تھے۔

    ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 13رنز سے شکست دیدی

    نسیم شاہ نے کہا کہ ہارنے پر دکھ ہوتا ہے اور قریب آکر ہار جائیں تو بہت زیادہ دکھ ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر میں باؤنڈری نہیں مارتا تو کوئی اور مارتا یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں پہلے جاکر تو اسکور کرجاتا۔

  • میں کپتان ہوتا تو سپر اوور کس سے کرواتا؟ محمد حفیظ نے بتادیا

    میں کپتان ہوتا تو سپر اوور کس سے کرواتا؟ محمد حفیظ نے بتادیا

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شرمناک شکست پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک میچ نہیں ہارا بلکہ دو میچ ہارا ہے۔

    ٹاک شو میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ پہلے ہم نے 20 اوورز کا میچ ہارا، اس کے بعد ہم سپر اوور میں بھی ہارے ہیں، سابق کپتان نے کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ آپ سپر اوور میں بھی ٹیم کو نہیں جتوا سکے۔

    سابق کپتان کا پاکستان کی باؤلنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کونسا اچھا بالر ہے، آپ کو یہی نہیں پتہ؟ اس جگہ میں ہوتا تو میری پہلی آپشن ہوتی نسیم شاہ اور دوسری آپشن شاہین شاہ آفریدی ہوتی۔

    محمد عامر سے متعلق سابق کپتان نے کہا کہ عامر پاکستان کی کرکٹ سے چار سال سے باہر تھے، خدارا انٹرنیشنل لیگ کی کرکٹ کو انٹر نیشنل کرکٹ سے نہ ملائیں، میں یہ بات بار بار سمجھانے کی کوشش کررہا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان کے لئے 392 میچ کھیلے ہیں وہ میرا پرائیڈ ہے، میں نے دنیا کی لیگز کھیلی ہیں وہ میرا پرائیڈ نہیں ہے۔

    اس سے قبل قومی ٹیم سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے امریکا کیخلاف پاکستانی ٹیم کی شکست پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹ چلانے والوں کو اب بھی شرم نہ آئی تو اللہ ہی حافظ ہے۔

    سابق کرکٹر و سلیکشن کمیٹی کے رکن کامران اکمل نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اگر انگلینڈ سے فائٹ کرکے ہارتے تو دکھ نہیں ہوتا، مگر اس ٹیم سے شکست کھائی جس نے زیادہ انٹرنیشنل میچز ہی نہیں کھیلے ہوئے۔

    امریکا سے شرمناک شکست کیوں ہوئی؟ مصباح الحق نے وجہ بتادی

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ جب آپ من مانیاں کرکے ٹیم بنائیں گے تو ایسے ہی نتائج آئیں گے،کرکٹ چلانے والوں کو اب بھی شرم نہ آئی تو اللہ ہی حافظ ہے۔

  • محمد حفیظ کا جہاز میں قیمتی سامان چوری ۔۔

    محمد حفیظ کا جہاز میں قیمتی سامان چوری ۔۔

    قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر کپتان اور بہترین بلے باز محمد حفیظ کا امریکا سے وطن واپسی کے سفر کے دوران قیمتی سامان چوری ہوگیا۔

    سابق کپتان محمد حفیظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ امریکا سے لاہور کی اماراتی فلائٹ میں ان کا قیمتی سامان چوری ہوگیا، لاہور پہنچنے پر مجھے سامان دیا گیا تو میرا سامان اصل حالت میں نہیں تھا، سوٹ کیس کو نقصان پہنچا ہوا تھا۔

    قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میرے سوٹ کیس سے میرا قیمتی سامان اور تحائف چوری کرلئے گئے ہیں۔

    ’بابر اعظم ٹیم کے پسندیدہ کپتان نہیں‘

    سابق کھلاڑی نے اس حوالے سے کہا کہ میں نے لاہور ایئرپورٹ پر شکایت درج کرا دی ہے، اب تک مجھے میرے سامان کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

  • محمد حفیظ نے اعظم خان کو تین میچز کے بعد موقع نہ دینے کی وجہ بتادی

    محمد حفیظ نے اعظم خان کو تین میچز کے بعد موقع نہ دینے کی وجہ بتادی

    قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دورہ نیوزی لینڈ میں اعظم خان کو تین میچز کے بعد موقع نہ دینے کی وجہ بیان کردی۔

    اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان محمد حفیظ نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ نے اعظم خان کو بتادیا تھا کہ انہیں مستقل طور پر ڈراپ نہیں کیا جارہا ہے۔

    محمد حفیظ نے کہا کہ ذاتی طور پر میں اعظم خان کو مزید موقع دینا چاہتا تھا لیکن انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ وہ تین میچوں میں پرفارم نہیں کرسکے اور مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہے۔

    سابق کپتان نے کہا کہ ہمیں اعظم خان کا اعتماد بحال کرنا تھا تاکہ سوشل میڈیا پر لوگ ان پر تنقید نہ شروع کردیں۔

    قبل ازیں سابق کرکٹر نے فاسٹ بولر حارث رؤف کو فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ رؤف سمیت دیگر پاکستان پلئیرز ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلیں گے، اپنی بالنگ، بیٹنگ کی خامیوں پر قابو پانے میں ناکام رہیں گے۔

    واضح رہے کہ اعظم خان کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں 3 میچز میں پرفارم نہ کرنے کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا جبکہ پی ایس ایل میں وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔

  • نمبر تین کی پوزیشن پر کھیلنے کیلئے حفیظ نے بابر اعظم کو کس طرح منایا؟

    نمبر تین کی پوزیشن پر کھیلنے کیلئے حفیظ نے بابر اعظم کو کس طرح منایا؟

    پاکستان ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں بابر اعظم کو نمبر تین پوزیشن پر کھیلنے کیلئے رضامند کرنے میں دو ماہ لگے۔

    دورہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے ٹیم کے انتخاب پر اے اسپورٹس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے لیے 5 اور 6 نمبر کے اوپر آپشن نہیں تھا جس کی وجہ سے اسکواڈ میں 7 اوپنرز کو سلیکٹ کرنا پڑا۔

    انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی کے لیے جو سلیکشن ہوئی ہے اس میں چھ اوپنرز تھے۔ رضوان اور بابر ایسے دو اوپنرز ہیں جو تین سال سے کھیل رہے ہیں۔ فخر کو پہلے ہی نمبر تین پر لے آئے ہیں تو کیسے باقی تین اوپنرز کو ایڈجسٹ کرتے، یہ میرے لیے بہت مشکل ٹاسک تھا۔

    سابق کپتان نے انکشاف کیا کہ مجھے بابر اعظم کو اس بات رضامند کرنے میں کہ وہ نمبر تین کی پوزیشن پر بیٹنگ کریں دو ماہ لگے۔ میں نے انھیں کہا کہ آپ کو پاکستان کے لیے یہ کرنا ہوگا اور آپ پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جو ایسا کریں گے۔

    میں نے انھیں کہا کہ آپ بہت ہی بہترین پلیئر ہیں اور آپ بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن ہمیں پاکستان کی ٹیم بنانی ہے۔ آپ اور رضوان بہت اچھے ہیں لیکن آپ پوری ٹیم نہیں ہیں ہمیں ایک ٹیم بنانے کی ضرورت ہے اور اس لیے میں چاہتا ہوں کہ آپ نمبر تین کی پوزیشن پر بیٹنگ کریں۔

    محمد حفیظ نے بتیا کہ انھوں نے بابر سے کہا کہ آپ پچھلے چھ سالوں سے ون ڈے کرکٹ میں اس پوزیشن پر کھیل رہے ہیں، آپ کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، تکنیکی طور پر آپ بہت بہتر ہیں۔

    سابق ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ بابر نے اس بات کو قبول کیا اور پاکستان کے لیے نمبر تین کی پوزیشن پر کھیلے۔ تاہم اگر آپ کسی بھی فرنچائز کی بات کریں گے تو جو پرفارمر نظر آتے ہیں وہ اوپنر یا نمبر تین کے پلیئر ہیں کیوں کہ نمبر 5 اور 6 کے اوپر کوئی کھیلنا نہیں چاہتا

    انھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہاں نمبر 5 یا 6 کی بات نہیں ہورہی بلکہ مقصد یہ ہے کہ اس پوزیشن پر کھیلتے ہوئے کوئی پلیئر کتنا موثر ہوتا ہے۔

  • سینٹرل کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد محمد حفیظ کا حارث کو بڑا مشورہ

    سینٹرل کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد محمد حفیظ کا حارث کو بڑا مشورہ

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے سینٹرل کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد قومی فاسٹ بولر حارث رؤف کو بڑا مشورہ دیدیا۔

    سابق کپتان محمد حفیظ نے پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ حارث رؤف نہیں جنھیں ہم جانتے ہیں۔

    سابق ٹیم ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ حارث رؤف ٹی20 ورلڈکپ، دورہ نیوزی لینڈ کے دوران مشکلات کا شکار رہے جبکہ لاہور قلندرز کیلئے کھیلتے ہوئے بھی ان کی بولنگ لائن و لینتھ ویسی نظر نہیں آئی۔

    محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جب تک حارث رؤف سمیت دیگر کرکٹرز ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلیں گے، اپنی بولنگ اور بیٹنگ کی خامیوں پر قابو پانے میں ناکام رہیں گے۔ ٹیسٹ کرکٹ ہی اصل فاؤنڈیشن ہے جہاں سے بولرز اور بیٹرز نکھر کر سامنے آتے ہیں۔

    پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان افتتاحی میچ کل کھیلا گیا تھا، جہاں حارث رؤف نے 3 اوورز میں 12.66 کی اوسط سے 38 رنز دیے تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا گیا ہے۔

    کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق یہ فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے حارث کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

  • کینبرا میں میچ کے انتظامات دیکھ کر بہت حیرانی اور مایوسی ہوئی: محمد حفیظ

    کینبرا میں میچ کے انتظامات دیکھ کر بہت حیرانی اور مایوسی ہوئی: محمد حفیظ

    پرتھ:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ کینبرا میں 4 روزہ میچ کے انتظامات دیکھ کر بہت حیرانی اور مایوسی ہوئی۔

    محمد حفیظ نے پرتھ میں پاکستان ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کینبرا میں چار روزہ میچ کے انتظامات  دیکھ کر بہت حیرانی اور مایوسی ہوئی کیونکہ وہ پچ بہت سلو تھی جس پر ابتک ہم  آسٹریلیا میں کھیلے ہیں، ہوسکتا ہے کہ یہ ان کی حکمت عملی ہو تاہم وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ  پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کے لیے تیار ہے، ہم یہاں مقابلہ کرنے نہیں بلکہ آسٹریلیا کو ہرانے کی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ ٹیم اس ٹیسٹ فارمیٹ میں سیٹ ہوچکی ہے اور اس نے اپنے ملک کے لیے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے، ٹیم چیلنج قبول کرنے کے لیے پرجوش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ابرار احمد ان فٹ ہوگئے ہیں لیکن باقی لڑکے فٹ اور پوری طرح اس سیریز کے لیے تیار ہیں،  ابرار احمد پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، ان کا ری ہبلیٹیشن جاری ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ تک فٹ ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ چودہ دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔

  • ’’آسٹریلیا میں شکست کی ذمہ داری خود لوں گا، جیت کا کریڈٹ نہیں چاہیے‘‘

    ’’آسٹریلیا میں شکست کی ذمہ داری خود لوں گا، جیت کا کریڈٹ نہیں چاہیے‘‘

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں شکست کی ذمہ داری میں خود لوں گا اور جیت کا کریڈٹ میرے ذمے نہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جب ہارنے کے لیے کچھ نہ ہو تو ٹیمیں اچھا پرفارم کرتی ہیں۔ ٹیم کا مائنڈ سیٹ کلیئر ہے، ہم مل کر بہتر رزلٹ لانے کی کوشش کرینگے۔

    انھوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے حوالے سے کوئی ایک کھلاڑی ٹارگٹ پر نہیں۔ صرف نیتھن لیون کیخلاف ٹارگٹ سیٹ نہیں کیا بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم کیخلاف پلان کیا ہے۔ بد قسمتی سے ہمارے ملک میں اس وقت ساجد خان کے علاوہ کوئی آف سپنر نہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ میں یہاں نوکری کرنے نہیں آیا، میں خدمت کرنے آیا ہوں۔ مثبت تنقید کی جائے گی تو مزہ آئے گا، اس کا جواب بھی دوں گا۔

    محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم ڈائریکٹر کا رول پلان دینا ہوتا ہے۔ ہمارے پلان میں فی الحال ہیڈ کوچ کی جگہ نہیں۔ ڈومیسٹک کے پرفارمرز کا ٹیم میں آنا خوش آئند ہے۔ ذکااشرف نے بہترین تعیناتیاں کی ہیں۔

    ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ حقدار کو حق ملے تو نتیجہ اچھا ہوتا ہے۔ ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو عزت دیں گے تو اچھا ہو گا۔ سابق کرکٹرز کے خیالات کا احترام کرتا ہوں

    سابق کپتان نے بابر اعظم کے حوالے سے کہا کہ کرکٹر کی تمام ٹیم کے ساتھ بہت اچھی باؤنڈنگ ہے۔ شان مسعود اور بابر اعظم کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔ بابر کی بطور بلے باز خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ بابر اعظم کا اب کھیل مزید نکھرے گا۔

    محمد حفیظ نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے اس کے بعد کوئی دوسری چیز ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑی کی پہلی ترجیح پاکستان ہونی چاہیے

    انھوں نے کہا کہ ذکا اشرف نے کپتانی کے حوالے سے بہترین تعیناتیاں کیں۔ کوئی ایک کھلاڑی ٹرمپ کارڈ نہیں، سب ہی ہمارے ٹرمپ کارڈ ہیں۔